Tag: بارش

  • محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، موسم تبدیل ہونا شروع

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، موسم تبدیل ہونا شروع

    کراچی: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد سندھ میں موسم تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے، ہوا کا کم دباؤ مشرقی سندھ میں اثر انداز ہونے کا آغاز ہو گیا۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مشرقی سندھ میں ہوا کا کم دباؤ اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے، تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔

    انھوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں آج شام سے بارش کا آغاز ہوگا، شہر میں بارش سے قبل گرد آلود آندھی چلے گی، آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

    سردار سرفراز نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ پرسوں صبح تک جاری رہے گا، کراچی میں 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، تاہم گرمی کی شدت میں کمی بدھ کی شام سے ہوگی، بدھ کی شام کو ہوا کا کم دباؤ ختم ہونے سے سمندری ہوائیں بحال ہو جائیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ شام سے شہر قائد میں آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، مون سون سسٹم نے مضبوطی حاصل کر لی ہے، موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، گزشتہ شام شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بوندا باندی بھی ہوئی۔

    کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے تاہم دوسری طرف حکومتی انتظامات ناکافی نظر آ رہے ہیں، رین ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے باوجود شہر میں بیش تر نالوں کی صفائی نہ ہو سکی، کراچی میں گجرنالہ، لیاری ندی، تین ہٹی ندی سے متصل آبادی تاحال موجود ہے۔

    شہر میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شام میں مون سون سسٹم سے آندھی اور بارش کا امکان ہے، سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ سے سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مغربی ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آج درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

  • آج کے موسم سے متعلق اہم پیش گوئی

    آج کے موسم سے متعلق اہم پیش گوئی

    کراچی: شہر قائد میں آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، مون سون سسٹم نے مضبوطی حاصل کر لی ہے، شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 8 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، گزشتہ شام سے شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

    شہر میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شام میں مون سون سسٹم سے آندھی اور بارش کا امکان ہے، سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ سے سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مغربی ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آج درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

    کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے تاہم دوسری طرف حکومتی انتظامات ناکافی نظر آ رہے ہیں، رین ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے باوجود شہر میں بیش تر نالوں کی صفائی نہ ہو سکی، کراچی میں گجرنالہ، لیاری ندی، تین ہٹی ندی سے متصل آبادی تاحال موجود ہے۔

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق گزشتہ شام سے سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، حیدر آباد، سانگھڑ اور دادو میں گرد کا طوفان اور موسلا دھار بارش ہوئی، جیکب آباد اور دادو میں گرج چمک کے ساتھ لیکن ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا، سکھر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

    بارش اور آندھی کے باعث سیپکو کے 70 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، سکھر کے بیش تر اور ارگرد کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، متاثرہ علاقوں میں سکھر، روہڑی، نوشہروفیروز، دادو، شکارپور شامل تھے، بجلی کی بحالی کے لیے سیپکو کا عملہ مستعد رہا۔

    سانگھڑ اور گرد و نواح میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، گھروں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا، بارش سے قبل آندھی اور مٹی کا طوفان بھی آیا۔

  • گرمی کے ستائے کراچی والوں کے لیے خوش خبری

    گرمی کے ستائے کراچی والوں کے لیے خوش خبری

    کراچی: محکمہ موسمیات نے شہرقائد میں بارشوں کے حوالے سے پیشگوئی کردی۔ شہر میں اگلے ہفتے سے مون سون بارشوں کا آغاز ہوگا اور معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی ہے، ڈائریکٹرمیٹ میٹ نے کہا ہے اگلے ہفتے سے شہر میں مون سون بارشیں متوقع ہے، 6جولائی کی شام یا رات کو درمیانی درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

    ڈائریکٹر میٹ کا کہنا ہے کہ رواں سال کراچی میں معمول سے 10فیصد زائد بارشیں متوقع ہیں، بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی ہونے کا امکان ہے، معمول سے زائد بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال کا بھی خدشہ ہے۔

    ادھر شہر میں گرمی اور اوپر سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

    جبکہ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مون سون کے باعث کراچی میں مزید لوڈشیڈنگ ہوگی، اس طرح بارش کی خوشیاں کے الیکٹرک برباد کردے گا، حکومت کا چاہیے کہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر غور کرے۔

  • دبئی کا وہ مقام جہاں ہر وقت بارش ہوگی

    دبئی کا وہ مقام جہاں ہر وقت بارش ہوگی

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایسا مقام بنایا جارہا ہے جہاں ہر وقت بارش ہوتی رہے گی، اس مقامی کی تعمیر دبئی میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے کا حصہ ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں سخت موسم گرما کے دوران شہر کی آب و ہوا میں توازن پیدا کرنے کے لیے ایک ایسی گلی بنائی جا رہی ہے جہاں اس وقت بارش شروع ہوجائے گی جب درجہ حرارت 27 ڈگری سے تجاوز کر جائے گا۔

    یہ گلی دا ہارٹ آف یورپ میں قائم کی جائے گی جو کہ دبئی میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے کا حصہ ہے۔ دا ہارٹ آف یورپ کا پروجیکٹ دبئی کے ساحل سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر دا ورلڈ آئی لینڈز نام کی جزیرہ نما جگہ میں ہوگا۔

    یہ گلی ایک کلو میٹر لمبی ہوگی اور اس میں یورپی طرز پر ریستوران اور دیگر دکانیں ہوں گی، جہاں چلتے ہوئے لوگوں پر ہلکی ہلکی بارش ہوتی رہے گی۔

    اس پروجیکٹ پر کام کرنے والے کلائن ڈینسٹ گروپ کا کہنا ہے کہ ریننگ اسٹریٹ سالوں کی تحقیق اور تجربے کے بعد بنائی جا رہی ہے جو کہ توقع ہے کہ اس سال تک مکمل ہو جائے گی۔

    کلائن ڈینسٹ گروپ کے مطابق جیسے ہی درجہ حرارت 27 ڈگری سے تجاوز کرے گا، گلی میں موجود عمارتوں میں سے چھپے ہوئے پائپز کے ذریعے بارش کی صورت میں ٹھنڈا پانی برسنے لگے گا۔

    یہ پروجیکٹ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ نہیں ہے۔ یہ آسٹرین آرکیٹیکٹ کیمیلو سیتے کے کام سے متاثر ہو کر شروع کیا جا رہا ہے۔

  • وہ علاقہ جہاں 20 لاکھ سال سے بارشیں نہیں ہوئیں

    وہ علاقہ جہاں 20 لاکھ سال سے بارشیں نہیں ہوئیں

    اگر آپ سے پوچھا جائے کہ زمین پر خشک ترین مقام کون سا ہے تو ہوسکتا ہے آپ جواب میں کسی صحرا کا نام لیں، ہوسکتا ہے آپ کا جواب ہو افریقہ کا صحرائے صحارا یا پھر چین کا صحرائے گوبی، لیکن آپ کا جواب غلط ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کا سب سے خشک علاقہ برفانی خطے انٹارکٹیکا میں موجود ہے جسے مک مورڈو ڈرائی ویلیز کہا جاتا ہے۔

    سلسلہ وار وادیوں پر مشتمل یہ علاقہ برف سے عاری ہے اور یہاں فضا میں نمی نہ ہونے کے برابر ہے، یہ پورا علاقہ پہاڑوں سے گھرا ہے، اور یہ پہاڑ بقیہ انٹارکٹیکا کی برف کو یہاں پھسلنے سے روک دیتے ہیں۔

    اس علاقے میں نمی نہ ہونے کی وجہ سے کوئی جاندار یہاں پر زندہ نہیں رہ پاتا سوائے ایک بیکٹریا کے جو اس علاقے کے گرد موجود پہاڑوں میں پایا جاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں گزشتہ 20 لاکھ سال سے کبھی بارشیں نہیں ہوئیں۔ ناسا کی جانب سے کیے گئے ایک ٹیسٹ کے مطابق اس علاقے کے جغرافیائی حالات اور ماحول مریخ سے ملتے جلتے ہیں۔

    کیا انٹارکٹیکا بھی ایک صحرا ہے؟

    صحرا عام طور پر ایک ایسے مقام کو سمجھا جاتا ہے جہاں میلوں دور تک ریت پھیلی ہو، تیز گرم دھوپ جسم کو جھلسا رہی ہو، چاروں طرف کیکر کے پودے ہوں، اونٹ ہوں اور دور کسی نظر کے دھوکے جیسا نخلستان ہو جہاں پانی اور کھجور کے درخت ہوتے ہیں۔

    تاہم ماہرین کے نزدیک صحرا کی تعریف کچھ اور ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صحرا ایک ایسا علاقہ ہے جو خشک ہو، جہاں پانی، درخت، پھول پودے نہ ہوں اور وہاں بارشیں نہ ہوتی ہوں۔

    اس لحاظ سے زمین کا سب سے بڑا صحرا قطب شمالی یعنی انٹارکٹیکا ہے۔

    ماہرین کے مطابق انٹارکٹیکا کے 98 فیصد حصے پر برف کی مستقل تہہ جمی ہوئی ہے، صرف 2 فیصد علاقہ اس برف سے عاری ہے اور یہیں تمام برفانی حیات موجود ہے.

    بقیہ 98 فیصد حصے پر کسی قسم کی زندگی موجود نہیں جبکہ یہاں بارشیں بھی بہت کم نہ ہونے کے برابر ہیں۔ یہ تمام جغرافیائی حالات اسے ایک صحرا بنا دیتے ہیں اور اگر اس کا رقبہ دیکھا جائے تو یہ زمین کا سب سے بڑا صحرا ہے۔

  • محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیشگوئی کر دی

    محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیشگوئی کر دی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج شام یا رات میں بوندا باندی کی پیشگوئی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں مطلع ابرآلود رہےگا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت34 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج شام یا رات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں برسات کا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے جو پانچ دن تک رہے گا اور اسی دوران پنجاب،خیبرپختونخوا، بلوچستان میں بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا بھی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی بارش کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

  • بارشوں کے بعد ٹڈی دل حملوں میں تیزی آسکتی ہے،ایف اے او

    بارشوں کے بعد ٹڈی دل حملوں میں تیزی آسکتی ہے،ایف اے او

    نیویارک: فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرکنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں بارشوں کے بعد ٹڈی دل حملوں میں تیزی آسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرکنائزیشن کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد ٹڈی دل حملوں میں تیزی آسکتی ہے کیونکہ تیز بارش ٹڈیوں کی افزائش کے لیے سازگار ہوتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نرم زمین پر ٹڈیاں ایک اسکوائر میٹرمیں ہزار انڈے دے سکتی ہیں، اور ایک ٹڈا یومیہ دوگرام خوراک کھا سکتا ہے۔

    فوڈ اینڈ ایگری کلچر آرکنائزیشن کے مطابق درمیانے درجےکا ایک غول 33 ہزار افراد کی خوراک کھا سکتا ہے اور کروڑوں ٹڈیوں کا غول ہوا کے رخ پر یومیہ 150 کلو میٹر سفر طے کرسکتا ہے۔

    یو این فوڈ اینڈایگری کلچرآرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ مون سون میں کنٹرول نہ کیاگیا تو ٹڈیوں کو فیلڈ میں کنٹرول کرنا مشکل ہوگا۔ایف اے او نے پاکستان پر زور دیا کہ موسلادھار بارش کے بعد سروے اور ایکشن پلان پر فوری عمل کریں۔

  • محکمہ موسمیات کی کراچی میں بارش کی پیشگوئی

    محکمہ موسمیات کی کراچی میں بارش کی پیشگوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں بدھ اور جمعرات کو بارش کی پیشگوئی کر دی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بروز بدھ 13 مئی کی رات اور 14 مئی کی صبح بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 12 مئی سے 16 مئی کے دوران ایران کے راستے 2 مغربی سسٹم ملک میں داخل ہوں گے۔

    محکمہ موسمیات نے کہا کہ صوبہ بلوچستان اور بالائی سندھ میں بارش کے امکانات ہیں،سکھر،لاڑکانہ،نواب شاہ،جیکب آباد اورگوادر میں بھی بادل برسیں گے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ نچلی سطح کے بادلوں کے سبب کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ کراچی میں فی الحال ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے محکمہ موسمیات نے کراچی میں 5 سے 8 مئی تک ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی تھی اور پارہ 43 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی تھی۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ مئی اور جون گرم اور مرطوب مہینے ہیں ان میں ہیٹ ویو کے امکانات رہتے ہیں۔

  • عارف والا: گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    عارف والا: گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    عارف والا: پنجاب کے ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق عارف والا کے ایک نواحی گاؤں میں بارش کے باعث ایک محنت کش کے گھر کی بوسیدہ چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر گھر کے چار افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔

    اسپتال ذرایع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں باپ، 2 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ محنت کش ارشاد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں سویا ہوا تھا کہ سانحہ پیش آیا۔

    ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، فیصل آباد، گجرات، اوکاڑہ میں بارش سے موسم خوش گوار ہو چکا ہے، ڈسکہ، پھول نگر، کوٹ رادھا کشن، پنڈی بھٹیاں، شاہ کوٹ میں بھی بارش ہوئی۔

    گوجرانوالہ میں گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

    لاہور میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے درجہ حرارت میں کمی ہو گئی ہے اور موسم خوش گوار ہو گیا ہے، شہر میں اب تک 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ اور اطراف میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آیندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    موسمیات کے مطابق لاہور میں آج دن بھر مطلع ابر آلود رہے گا، لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 85 فی صد، رفتار 7 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج صبح بھی کراچی میں ہلکی بارش ہوئی، شہر قائد کے علاقں صدر، کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی، کورنگی اور نارتھ کراچی میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا ہے۔

    نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، بلدیہ ٹاؤن میں بھی ہلکی بارش ہوئی، بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    آج شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 77 فی صد، اور رفتار 16 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کراچی میں کل بھی بارش کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا ہے، کل بھی صدر، ایم جناح روڈ کے اطراف کے علاقوں، گلشن اقبال، حسن اسکوائر کے اطراف، سپر ہائی وے، عائشہ منزل اور واٹر پمپ کے اطراف بھی بارش ہوئی تھی۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے بیان جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کی صورت میں احتیاط کریں، غیر قانونی ذرایع سے بجلی کا حصول جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔