Tag: بارش

  • وہ سیارہ جہاں دھاتیں پگھل کر ہوا میں اڑ جاتی ہیں

    وہ سیارہ جہاں دھاتیں پگھل کر ہوا میں اڑ جاتی ہیں

    سوئٹزرلینڈ کے ماہرین نے ایسا سیارہ دریافت کرلیا ہے جہاں پر لوہے کے قطروں کی بارش ہوتی ہے اور اس کا درجہ حرارت4 ہزار 400 فارن ہائیٹ ہے۔

    حال ہی میں دریافت کیا گیا یہ سیارہ زمین سے 640 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کا نام واسپ ۔ 76 بی رکھا گیا ہے۔

    اس سیارے کو سوئٹزرلینڈ کی جنیوا یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا ہے جنہوں نے چلی میں نصب یورپی سدرن اوبزرویٹری کی ٹیلی اسکوپ کے ذریعے اس کا مشاہدہ کیا۔

    جنیوا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ کے مطابق دن میں اس سیارے کا درجہ حرارت 4 ہزار 400 فارن ہائیٹ (2 ہزار 426 سینٹی گریڈ) رہتا ہے جبکہ شام کے وقت یہاں بارش ہونے لگتی ہے، یہ الگ بات ہے کہ وہ بارش دھاتی ہوتی ہے۔

    تصوراتی خاکہ

    سیارہ دن اور رات میں انتہائی موسموں کا حامل ہے۔ یہ سیارہ اس رخ پر گردش کرتا رہتا ہے کہ اس کا ایک حصہ مستقل طور پر اپنے سورج کے سامنے رہتا ہے  نتیجتاً اس حصے پر قیامت خیز گرمی ہوتی ہے جو دھاتوں کو پگھلا دیتی ہے۔

    اس کے بعد ان پگھلی ہوئی دھاتوں کے قطرے اڑ کر سیارے کے دیگر نسبتاً ٹھنڈے حصوں پر گرتے ہیں۔

    دن کے وقت دھاتوں کے بخارات کی طرح اڑ جانے کے بعد شام کے وقت گرمی کم ہونے پر ان کے بادل بن جاتے ہیں اور پھر اس میں سے دھاتوں کے قطروں کی بارش ہونے لگتی ہے۔

    یہاں چلنے والی ہوا کی رفتار 11 ہزار 784 میل فی گھنٹہ ہے۔ رات کے وقت یہاں کا درجہ حرارت 18 سو فارن ہائیٹ (982 سینٹی گریڈ) ہوجاتا ہے۔

    سائنسدانوں کے مطابق یہاں دن اور رات کا صرف موسم ہی الگ نہیں بلکہ کیمسٹری بھی الگ ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کے سیاروں کی دریافت سے ہمیں اپنی کائنات میں پائے جانے والے مختلف موسموں کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔

  • کے پی میں بارشوں سے 5 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    کے پی میں بارشوں سے 5 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی میں حالیہ بارشوں سے متعلق پی ڈی ایم اے نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں سے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 3 مکانات کو نقصان پہنچا۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی کاروائیاں کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، آج آندھی اور طوفان کے سبب شانگلہ اور تورغر کے مابین رابطہ پل ٹوٹ گیا ہے، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ پل ٹوٹنے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی ہے۔ خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے، مسلسل بارش کے باعث مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

    مردان تخت بھائی میں ایک اور مکان کی چھت گر گئی، جس کے باعث ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جب کہ چھت گرنے سے ایک خاتون اور 2 بچے زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، کوئٹہ میں بارش کے ساتھ ہلکی برف باری کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے، کوہ چلتن، کوہ زرغون پر ہلکی برف باری ہو رہی ہے، پنجگور اور گرد و نواح میں طوفانی ہوائیں چلیں جس سے بجلی کا نظام اور معمولات زندگی متاثر ہو گئے، چمن شہر اور گرد و نواح میں بارش جب کہ کوژک ٹاپ، خواجہ عمران اور دوبندی کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، قلعہ عبداللہ میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ میرپور آزاد کشمیر اور گرد و نواح میں بھی بارش کے بعد موسم سرد ہو گیا، محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی رم جھم کی پیش گوئی کر دی ہے، مغربی نظام کے زیر اثر کراچی کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں بوندا باندی متوقع ہے، جب کہ آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔

  • میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں ٹکٹ ریفنڈ ہوگا: پی سی بی کا اعلان

    میچ بارش سے متاثر ہونے کی صورت میں ٹکٹ ریفنڈ ہوگا: پی سی بی کا اعلان

    راولپنڈی: پنڈی میں بارش کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کا میچ متاثر ہونے کی صورت میں پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ میچ کے ٹکٹ ریفنڈ کر دیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج دن کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل آئیں گے، تاہم بارش کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    شائقین کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے خوش خبری دی ہے کہ اگر راولپنڈی میں بارش سے میچ نہ ہو سکا تو ٹکٹ سو فی صد ریفنڈ ہوگا، 5 اوورز سے کم کا کھیل کھیلا گیا تو 75 فی صد ٹکٹ ریفنڈ ہوگا۔

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    پی سی بی کے مطابق پانچ اوورز سے زیادہ اور دس اوورز سے کم میچ ہوا تو 50 فی صد جب کہ دس یا اس سے زائد اوورز کا کھیل کھیلا گیا تو ٹکٹ ریفنڈ نہیں ہوگا۔

    ادھر پی ایس ایل کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز کے شیر ملتان میں دھاڑنے کو تیار ہو چکے ہیں، آج کراچی کنگز اور ملتان سلطان کا مقابلہ ہوگا، کپتان عماد وسیم جیت کے لیے پُر عزم ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا پہلا ہدف پلے آف میں جانا ہے۔

    خیال رہے کہ راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے کرکٹ اسٹیڈیم میں پانی کھڑا ہو گیا ہے، پچ کو بچانے کے لیے ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ میدان اور پچ کی کنڈیشن دیکھ کر آج کے میچ کھیلے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سارا دن بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی دوسری بارش

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی دوسری بارش

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی دوسری بارش کے بعد شہر میں سردی میں تھوڑا اضافہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی ہے، ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مغربی سسٹم کے اثرات بارش کی صورت میں نظر آنے لگے ہیں۔

    جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں گلشن اقبال، ناظم آباد، سائٹ، اورنگی، منگھوپیر، بفر زون، گلستان جوہر، کلفٹن شامل ہیں، بارش کہیں ہلکی ہوئی کہیں تیز، بارش کی وجہ سے ہوا سرد ہو گئی، تاہم حبس بھی پیدا ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 3.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، کراچی ائیر پورٹ پر محکمہ موسمیات کے سینٹر پر 2.6 ملی میٹر، صدر کے علاقے میں 2.5، شاہ فیصل اور مسرور بیس پر 1.5، سرجانی ٹاؤن میں 1.2، نارتھ کراچی اور کیماڑی میں 0.5، جناح ائیر پورٹ پر 0.6، جب کہ گلستان جوہر میں 0.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سلسلہ 2 سے 3 گھنٹے میں شہر سے نکل جائے گا اور مطلع بالکل صاف ہو جائے گا۔

    کل رات کوئٹہ، زیارت، چاغی، دالبندین، نوکنڈی، سبی، ژوب اور گرد و نواح میں بارش ہوئی تھی، جب کہ چمن میں کوژک، خواجہ عمران اور دوبندی کے پہاڑی سلسلے پر برف باری ہوئی، چمن شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش بھی ہوئی۔

    کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی، ڈپٹی کمشنر بشیر بڑیچ کا کہنا تھا کہ لیویز شاہراہ سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔

  • پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا ٹی ٹوینٹی میچ بارش کے باعث منسوخ

    پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا ٹی ٹوینٹی میچ بارش کے باعث منسوخ

    لاہور: پاکستان اور مہمان ٹیم بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز کا آخری میچ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا تاہم بارش کے باعث میچ کا آغاز نہ ہوگا جس کے بعد میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔ پاکستان نے ٹی ٹوینٹی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔

    میچ منسوخی کی وجہ سے پاکستان کی رینکنگ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، پاکستان آئی سی سی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر ہے۔

    پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

    قومی کرکٹ ٹیم نے 25 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے محمد حفیظ اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 17ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کیا تھا۔ محمد حفیظ 67 اور کپتان بابر اعظم 66 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

    یاد رہے کہ ٹی ٹوینٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

  • بارشوں اور برفباری سے 100 افراد جاں بحق، متاثرین کو خیمے اور کمبل فراہم

    بارشوں اور برفباری سے 100 افراد جاں بحق، متاثرین کو خیمے اور کمبل فراہم

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی، متاثرین تک خیمے اور کمبل پہنچا دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں برفباری اور بارش سے نقصانات میں اضافہ ہوگیا، جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہوگئی۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں برفباری سے 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 76 ہوگئی۔ آزاد کشمیر کے سورنگن گاؤں میں برفانی تودہ گرنے سے 19 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ میں 2، 2 افراد جاں بحق ہوئے، مجموعی طور پر برفباری سے 90 افراد زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ برفباری سے 213 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ متاثرین تک 2 ہزار خیمے، ساڑھے 12 سو کمبل اور ساڑھے 22 سو کی تعداد میں دیگر اشیا پہنچا دی گئی ہیں۔

  • ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق: این ڈی ایم اے

    ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے جبکہ مختلف مقامات پر 35 گھر تباہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بارش اور برفباری سے نقصانات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کردی۔ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 35 گھر تباہ ہوئے، 72 گھنٹے میں صرف بلوچستان میں 20 اموات اور 23 افراد زخمی ہوئے۔ خیبر پختونخواہ میں 3 افراد زخمی اور 5 گھر تباہ ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے 55 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔ سورنگن گاؤں میں 19 افراد برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے 10 افراد تاحال لا پتہ ہیں جبکہ 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق زخمی افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ برف میں پھنسے افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر نکالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ آزاد کشمیر میں برفباری سے 30 گھر بھی تباہ ہوئے۔

    اسی طرح گلگت بلتستان میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کوئٹہ سے خانوزئی جانے والے 300 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، چاغی اور مند میں پھنسے لوگوں کو 2 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا گیا۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ چکوٹی کے مقام پر 49.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

  • شدید سردی میں کراچی میں بوندا باندی، پنجاب میں بھی بارش کی پیش گوئی

    شدید سردی میں کراچی میں بوندا باندی، پنجاب میں بھی بارش کی پیش گوئی

    کراچی: ملک میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی شروع ہو گئی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے بوندا باندی سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جن علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے ان میں سائٹ، بلدیہ، صدر، ہاکس بے، اورنگی ٹاؤن، ایف بی ایریا اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں دن بھر مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہے گا، آج کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، ہوائیں 34 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 41 فی صد ہے، کوئٹہ کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں سے سردی بڑھ گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سیالکوٹ، راولپنڈی اور سرگودھا کے اضلاع میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ لاہور شہر میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    ادھر کوئٹہ شہر اور گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہو گئی ہے، صبح 5 بجے سے ہلکی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ: ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم

    راولپنڈی ٹیسٹ: ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم

    راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میں ایک بھی گیند ہوئے بغیر چوتھے دن کا کھیل ختم کر دیا گیا، 3 دن میں ایک اننگز بھی مکمل نہ ہو سکی، جس کے باعث میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔

    پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 19 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔

    خیال رہے کہ سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کی آمد سے پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی ہے، تاہم پہلا ٹیسٹ میچ ہی بارش اور خراب موسم کے سبب شدید متاثر ہو چکا ہے، آج سری لنکا کو 282 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کرنی تھی تاہم بارش کی وجہ سے کھیل شروع نہ کیا جا سکا۔

    پہلے دن سری لنکن ٹیم نے اننگز اوپن کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے، کپتان کرونا رتنے نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ 96 رنز پر گری جب کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، فرنینڈو کو 40 رنز پر نسیم شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔ مینڈس 10 رنز بنا کر عثمان شنواری کا نشانہ بنے، اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے، ڈنیش چندی مل 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ نسیم شاہ نے دو وکٹیں لیں۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز خراب موسم کے باعث صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا۔ بارش کے وقفے کے بعد دوسرے سیشن میں شاہین آفریدی نے نیروشن ڈک ویلا کو 33 رنز پر پویلین روانہ کیا۔ میچ جلد ختم ہوا تو سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنالیے تھے، ڈی سلوا 72 اور پریرا 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

    تیسرے روز کا کھیل بھی خراب آؤٹ فیلڈ کی نذر ہوا، دوسرے سیشن میں امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ روک دیا اور پھر کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ تیسرے دن صرف 5.2 اوورز کا کھل ہی ممکن ہو سکا، جس کے اختتام پر سری لنکا کے رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 تھے، دھنن جیا ڈی سلوا 87 اور دلروان پریرا 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

  • کراچی میں بارش: ’ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں‘

    کراچی میں بارش: ’ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں‘

    کراچی: ایران سے بارش برسانے والا سسٹم کراچی میں داخل ہونے کے بعد شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، کے الیکٹرک نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ بارش کی صورت میں احتیاط کی جائے، غیر قانونی ذرایع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کیا جائے، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش کی صورت میں بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور احتیاط برتیں، برقی آلات ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیپرا نے کے الیکٹرک پر 50 ملین روپے جرمانہ عائد کر دیا

    ترجمان نے بتایا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف میٹرلوجسٹ نے کہا تھا کہ ایران سے بارش برسانے والا سسٹم کراچی میں داخل ہو چکا ہے، سسٹم بلوچستان سے کراچی میں داخل ہوا، سسٹم کے تحت آج دن بھر شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔

    چیف میٹرلوجسٹ کے مطابق سسٹم سے تیز بارش کی کوئی توقع نہیں ہے، بارش برسانے والاسسٹم سندھ سے پنجاب، پھر شمالی علاقہ جات جائے گا، بوندا باندی کی وجہ سے آج دن خصوصاً رات میں ٹھنڈ ہوگی۔