Tag: بارش

  • کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، شہر کا موسم خوش گوار

    کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، شہر کا موسم خوش گوار

    کراچی: شہر قائد میں موسم سرما کی پہلی بارش کے باعث شہر کا موسم نہایت خوش گوار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں علی الصبح مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے باعث موسم سرد اور خوش گوار ہو گیا، محکمہ موسمیات نے آج موسم خشک اور مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

    آج صبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی، کراچی کے علاقوں لانڈھی، کورنگی، ملیر اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی جب کہ ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، ڈیفنس اور کلفٹن میں بوندا باندی ہوئی، جس کی وجہ سے موسم مزید خوش گوار ہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، ہوا 20 کلو میٹر کی رفتار سے چل رہی ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 35 فی صد ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آیندہ چوبیس گھںٹوں میں بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ اسکردو میں آج پارہ منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔

    ادھر لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک موٹر وے شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے، قومی شاہراہ پر لاہور، چوہنگ، موہلنوال، مراکہ کے علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے، مانگا منڈی، دینہ ناتھ، پھول نگر، جمبر، پتوکی اور حبیب آباد میں بھی دھند کا راج ہے، ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر تک ہے۔

  • مختلف شہروں میں بارشیں اور برفباری، معمولات زندگی معطل

    مختلف شہروں میں بارشیں اور برفباری، معمولات زندگی معطل

    اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم مزید سرد اور معمولات زندگی معطل ہوگئے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ مردان، نوشہرہ، سوات، مالا کنڈ، لکی مروت اور ڈیر اسمعٰیل خان میں موسلا دھار بارش ہوئی۔

    مالا کنڈ میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ کوہاٹ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارشوں سے معمولات زندگی سخت متاثر ہیں جبکہ بجلی کا نظام بھی معطل ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب بٹو گاہ ٹاپ، بابوسر ٹاپ اور دیگر علاقوں میں برفباری جاری ہے، 2 فٹ سے زائد برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔

    پاک افغان سرحدی علاقے دیر بالا میں 30 انچ تک برف باری ہوئی، بٹگرام میں تین دن سے بارش اور برفباری جاری ہے۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ندی اور نالوں میں پانی کی سطح 24 گھنٹے مانیٹر کی جائے۔ برفباری والے علاقوں میں ذرائع آمد و رفت کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    ادھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بارش کا سلسلہ ختم ہوگیا تاہم بارش کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں، کوئٹہ میں درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ صوبے کے شمال مشرقی کچھ اضلاع میں بارش کا امکان بھی ہے۔

    فی الوقت زیارت میں درجہ حرارت 0، قلات میں 5 اور دالبندین میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    صوبہ پنجاب کے شہروں راولپنڈی اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش اور اوکاڑہ، عارف والا اور پتوکی میں بوندا باندی ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔

    شہر میں ہوا کی رفتار 14 کلو میٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش

    ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش

    کراچی: صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت مختلف شہروں میں ہلکی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گولیمار، سائٹ ایریا، شارع فیصل اور بلوچ کالونی میں بارش ہوئی۔

    علی الصبح دادو، نوشہرو فیروز اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    نوابشاہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ سکھر میں تیز بارش کے بعد بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم ابر آلود ہے اور مزید ہلکی بارش کا امکان ہے۔ تھر پارکر، سکھر اور بلوچستان میں کل تیز بارش ریکارڈ ہوئی۔ ایران سے داخل ہونے والا سسٹم بارش کی وجہ بنا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے ایک سسٹم نے شدت پیدا کی ہے، کل صبح کے بعد سسٹم سندھ اور بلوچستان سے نکل جائے گا۔

    دوسری طرف صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی بوندا باندی ہوئی جس سے موسم سرد ہوگیا۔

    ادھر بالائی علاقوں میں بھی بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بٹگرام، دیر بالا اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی۔

    وادی کمراٹ میں موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوگئی، برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا میں اکثر مقامات پر جبکہ پنجاب، زیریں خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، سندھ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بالائی خیبر پختونخوا میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

  • کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہونے کو ہے

    کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہونے کو ہے

    اسلام آباد: موسم سرما کی آمد کے بعد ملک بھر میں درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد شہر قائد میں بھی بارش کی نوید سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، بابو سر ٹاپ میں درجہ حرارت منفی 8 اور فیئری میڈوز میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

    استور میں منفی 4، گوپس میں منفی 3 اور ہنزہ میں منفی 2 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں علی الصبح شہر کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کا مطلع آج جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ شہر میں آج رات یا کل صبح سے ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

    گلگت بلتستان اور کراچی کے علاوہ بھی محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود جبکہ سندھ کے بعض اضلاع، شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخواہ میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کی پیشنگوئی کی ہے۔

  • بحیرہ عرب میں بننے والا ماہا طوفان کمزور پڑ رہا ہے، محکمہ موسمیات

    بحیرہ عرب میں بننے والا ماہا طوفان کمزور پڑ رہا ہے، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا ماہا طوفان کمزور پڑ رہا ہے، سائیکلون کمزور ہونے کے بعد بھارتی گجرات کی جانب بڑھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان ماہا مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، ماہا طوفان کراچی سے 557 کلومیٹر دور ہے، ماہا طوفان کمزور پڑ رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سائیکلون آج شام مزید کمزور پڑجائے گا، سائیکلون کمزور ہونے کے بعد بھارتی گجرات کی جانب بڑھے گا۔طوفان ماہا 6 اور 7 نومبر کے درمیان بھارتی گجرات سے ٹکرائے گا۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو 6 نومبرتک کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے کے حواسے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    طوفان سے کراچی کے ساحل کو کوئی خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات

    یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان ماہا کے باعث کراچی کی ساحلی پٹی پر ہلکی بارش کا امکان ہے، طوفان سے کراچی کے ساحل کو کوئی خطرہ نہیں ہے، البتہ اس کے اثرات بلند لہروں یا بارش کی شکل میں نمودار ہوسکتے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نئے بننے والے سمندری طوفان ’’ماہا‘‘ کا رخ عمان کی جانب ہے، آنے والے دنوں میں طوفان مزید شدت اختیار کرے گا۔

  • لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا، شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے فردوس مارکیٹ، گلبرک ، والٹن روڈ، پیرکالونی، ہربنس پورہ، ڈیوس روڈ اور ماڈل ٹاؤن میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق حاصل پور، حافظ آباد، شیخوپورہ ، فیصل آباد، پنڈی بھٹیاں، فیروز والا، شکر گڑھ اور سمندری میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم گرم اور خشک جبکہ مطلع صاف رہے گا، شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوگا، ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہے۔

    کراچی میں سردی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    یاد رہے کہ دو روز قبل محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اورنومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شمال مغرب کی جانب ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے اور ہوا کا زیادہ دباؤ یعنی پریشر گریڈینٹ اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے، پریشر گریڈینٹ شمالی بلوچستان میں موجود ہے۔

  • کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج موسم جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمال مشرق سے ہوا 18 ناٹیکل مائل کی رفتارسے چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سسٹم کراچی سے رخصت ہوگیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جس سے کچھ مقامات پر پانی جمع ہوگیا، بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی معطل رہی۔

    گلستان جوہر اور اطراف کے علاقوں میں تیز جبکہ ملیر کینٹ اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ ہوئی۔

  • کراچی والے ہوشیار! شہر میں اگلے 3 دن تک پھر بارشوں کا امکان

    کراچی والے ہوشیار! شہر میں اگلے 3 دن تک پھر بارشوں کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج سہ پہر کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں اگلے 3 روز تک ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر محمکہ موسمیات نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ایران کے راستے صوبہ بلوچستان میں داخل ہوا۔

    اس کے باعث پہلے گوادر میں بارش ہوئی، اس کے بعد سینٹرل بلوچستان، مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ کے کچھ علاقوں لاڑکانہ، جیکب آباد اور موہنجو دڑو میں ہلکی بارش ہوئی۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی رات گئے بارش ہوئی، سب سے زیادہ 10ملی میٹر بارش مسرور بیس میں ریکارڈ کی گئی۔

    ان کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سسٹم 2 سے 3 روز تک ان علاقوں میں فعال رہے گا، اس دوران کراچی سمیت بالائی اور زیریں سندھ اور مشرقی بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارش کہیں ہلکی، کہیں ذرا سی تیز، اور کہیں پر گرج چمک کے ساتھ ہوگی، تیز ہونے والی بارش کا دورانیہ مختصر وقت کے لیے ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے 3 روز یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار تک جاری رہے گا۔

  • کراچی: آج اور کل بارش ہوگی، سڑکیں پھر تالاب بنیں گی

    کراچی: آج اور کل بارش ہوگی، سڑکیں پھر تالاب بنیں گی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے شہر قائد میں آج اور کل پھر تیز بارش ہوگی، شہر میں جگہ جگہ پچھلی بارش کے آثار اب تک موجود ہیں، سڑکیں ایک بار پھر تالاب بنیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج اور کل کراچی کے شہری ایک بار پھر بارش اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال کی زد پر ہوں گے۔

    بارش کی وجہ سے سڑکیں ایک بار پھر تالاب بنیں گی، گٹر اور نالے ابل پڑیں گے، شہری ابھی سے سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں، دوسری طرف سندھ سرکار نے کوئی تیاری نہیں کی، نہ کراچی انتظامیہ نظر آئی۔

    ادھر وادی مہران پر بادل مہربان ہو گئے ہیں، حیدر آباد میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، نواب شاہ، سکھر، چھاچھرو، نوکوٹ میں بھی بادلوں نے زور دکھایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں بارشیں، پی ڈی ایم اے نے ہلاکتیں نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا

    لاہور میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی رم جھم ہوئی، خیبر پختوان خوا کے کئی اضلاع میں بادل برس پڑے، کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ہلکی برسات سے موسم دل کش ہو گیا۔

    واضح رہے کہ بارشوں میں کرنٹ سے اموات کے واقعات بھی رو نما ہو رہے ہیں، حالیہ بارشوں میں کراچی میں کرنٹ لگنے سے اب تک 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کراچی میں جولائی سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زاید افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ، ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد، رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، سمندری ہواؤں کے بحال ہونے سے درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 6 اکتوبر کے درمیان درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق ملک میں عام طور پر مون سون کے بعد موسم خشک رہتا ہے اور دسمبر میں مغربی ہوائیں سندھ اور بلوچستان پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم ملک کے شمالی حصوں سمیت سندھ میں بارش برسائے گا۔