Tag: بارش

  • پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، لاہور میں تیز آندھی، 10 افراد جاں بحق

    پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشیں، لاہور میں تیز آندھی، 10 افراد جاں بحق

    لاہور: کراچی کے بعد پنجاب میں بھی موسم کے تیور بگڑ گئے، مختلف شہروں میں تیز آندھی نے تباہی مچا دی، مکانوں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 10 افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق تیز آندھی کے باعث لاہور کے علاقے شاد باغ عامر روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق، جب کہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو ذرائع نے کہا ہے کہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں مکان کی چھت گر گئی جس میں 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، منصورہ میں چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

    لاہور، خانیوال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میاں چنوں، چستیاں اور جلال پور بھٹیاں میں تیز بارش ہوئی، پنجاب میں پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔

    ادھر گوجرانوالہ شہر اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے، گیپکو کے 25 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

    لاہور شہر میں تیز آندھی کے باعث بجلی کا نظام معطل ہو گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں 150 فیڈر ٹرپ کر گئے، متاثرہ علاقوں میں ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، کیمپس، ٹھوکر نیاز بیگ شامل ہیں، جب کہ فیڈرز ٹرپ ہونے سے بند روڈ، ملتان روڈ اور ساندہ کے علاقوں میں بجلی بند ہو گئی ہے۔

    باغبان پورہ، ہربنس پورہ، باٹا پور، جلو، جی ٹی روڈ، تاج پورہ میں بھی بجلی معطل ہو گئی ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو نے بتایا کہ بجلی کی بحالی کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: مختلف علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں

    بہاول نگر اور گرد و نواح میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، طوفانی بارش سے متعدد جگہوں پر بوسیدہ چھتیں اور دیواریں گر گئیں۔

    نارووال شہر اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی چلنا شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جہانیاں، تلمبہ، حویلی لکھا میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، تلمبہ میں تیز آندھی سے کئی درخت گر گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

    سکھیکی، پنڈی بھٹیاں اور گرد و نواح میں بھی تیز ہوا کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، چاغی شہر اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا آغاز ہو گیا ہے۔

    اوکاڑہ میں مصنوعی جنگل پیپلی پہاڑ پر آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

  • ملک کےمختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

    ملک کےمختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا

    لاہور: ملک کےمختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، پنجاب ،بلوچستان کےمختلف شہروں میں، آندھی کے ساتھ موسلادھار  بارشیں ہوئیں، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ،ژوب اورقلات میں آج مزید بارشیں متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کےمختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی سے بے حال شہری خوشی سےنہال ہوگئے، گزشتہ چوبیس گھنٹےکےدوران اسلام آباد، بہاولپور، پاکپتن، منچن آباد، ساہیوال میں موسلادھاربارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ ساہیوال اورمضافات میں ٹھنڈی ہواؤں کےساتھ بارش نے شہر کا موسم خوشگوار کردیا۔

    پشاور، بنوں اوربونیر سمیت خیبر پختونخوا کےمتعدد شہروں میں بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا، لوچستان کے بھی کئی شہروں میں بادل برس پڑے، مستونگ میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب اور قلات میں آج مزید بارشیں متوقع ہیں جبکہ لاہورمیں صبح سےبونداباندی کاسلسلہ جاری ہے،محکمہ موسمیات نےپیشگوئی کی ہے کہ راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں پر تیزہواوٗں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں: ہوا کا کم دباؤ، محکمہ موسمیات نے مختلف شہروں میں ہلکی بارش کی نوید سنادی

    محکمہ موسمیات نے آئندہ پانچ روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ ،کشمیراورگلگت بلتستان میں بارش کی نوید سنادی جبکہ ہوا کےکم دباؤ کےباعث کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    دوسری جانب آج ملک کےدیگرعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بلوچستان، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیراورگلگت میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی سمیت سندھ بھرمیں شدید گرمی برقرار رہے گی جبکہ کوئٹہ، ژوب، قلات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، مالاکنڈ، پشاور، بنوں، ڈی آئی خان، کشمیراور گلگت میں تیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔

    گزشتہ روزسب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی میں تینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

    کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مختلف علاقوں میں نہایت مختصر وقت کے لیے تیز بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقوں صفورہ، ملیر، ایئر پورٹ، ماڈل کالونی، شارع فیصل، اسٹار گیٹ اور نارتھ ناظم آباد میں تیز بارش ہوئی۔ بارش رکنے کے بعد ٹھنڈی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ تاحال برقرار ہے۔

    دوسری جانب شہر کے ضلع جنوبی میں موسم معمول کے مطابق ہے، مطلع صاف اور تیز دھوپ نکلی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ بارش کورنگی اور ملیرمیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش بنانے والا سسٹم اب بھی شہر میں موجود ہے، وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

    یاد رہے کہ شہر کراچی میں گزشتہ ہفتے سے تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارشیں ہوتی رہیں۔

    کراچی کے علاوہ بھی ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے اور سرحدی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔

  • ُُپنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

    ُُپنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    سرگودھا، جھنگ، ٹبہ سلطان پور، ڈسکہ، شاہ کوٹ، پنڈی بھٹیاں ،محسن وال، ملتان ، لاہور، جہانیاں، راولپنڈی اور احمد پور شرقیہ میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں آج وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔

    ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پرجگہ جگہ بارش کے باعث پھسلن ہونے کے باعث دوران ڈرائیونگ تیزرفتاری سے گریزکیا جائے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخواہ، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش‘ موسم خوشگوار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تھا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش‘ موسم خوشگوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش‘ موسم خوشگوار

    کراچی : شہرقائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم سہانا ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

    کراچی کے جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں صدر، ناظم آباد، شادمان ٹاؤن، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اورسائٹ ایریا شامل ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے اور سرحدی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چمن، شیلا باغ، قلعہ عبداللہ، برشور، بوستام اور گردو نواح میں موسلادھار بارش ہورہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3، قلات میں 2 سبی میں 14 گوادر اور ژوب میں 16 زیارت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجگور میں 4 اور ماڑہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر بادل برس پڑے، پہاڑوں پر برفباری

    ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر بادل برس پڑے، پہاڑوں پر برفباری

    کوئٹہ / قلات/  کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر بادل برس پڑے، کئی علاقوں میں بارش نے جاتی سردی کو روک لیا، ہفتے اور اتوار کو کراچی کا موسم ابرآلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بلوچستان میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، مارچ میں بارش اور برفباری کا مارچ پاسٹ جاری ہے، جاتی سردی کو بریک لگ گیا، بالائی علاقوں میں روئی کے گالوں کی برسات کی وجہ سے مری اور مالم جبہ میں دو انچ تک برف پڑی۔

    پہاڑوں پر برفباری سے نظارے دلفریب ہوگئے، موسم بھی ٹھنڈا ٹھار ہوگیا۔ رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر شہروں میں گرجتے بادل خوب برسے، جس سے جاتی ہوئی سردی واپس لوٹ آئی.

    دنیا پور میں سرمئی گھٹاؤں کا راج رہا، چوک اعظم میں ٹپ ٹپ برستی بوندوں سے موسم سہانا کردیا، لیاقت پور میں بھی برکھا برسی تو جل تھل ایک ہوگیا۔ بلوچستان میں بادل خوب گرج کر برسے۔

    کوئٹہ قلات سمیت مختلف شہروں میں گہرے بادلوں کے ڈیرے رہے، موسم کا حال بتانے والوں نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ہفتے اور اتوار کو کراچی کا موسم ابرآلود رہے گا۔

  • بارشوں سے 23 افراد جاں بحق، 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں: این ڈی ایم اے

    بارشوں سے 23 افراد جاں بحق، 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث 23 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 68 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث سب سے زیادہ نقصان فاٹا میں ہوا، فاٹا میں 9 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے۔ بلوچستان میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے پختونخواہ میں 3 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد جان سے گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق کوٹلی، ٹانک اور چارسدہ سے ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مختلف علاقوں میں 26 سو سے زائد مکانات اور دکانیں گریں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہیوی مشینری کام میں مصروف ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین تک ٹینٹ، کمبل اور کھانے پینے کے 10 ہزار پیکٹ پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ مزید امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند دونوں میں موسم سرما کی آخری بارشوں نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں تباہی مچا دی ہے، تباہ کن بارشوں سے مکران، مند، تمپ اور کیچ کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

    بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، مکران ڈویژن میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    مکران اور لسبیلہ میں ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ لسبیلہ اور قلعہ عبداللہ میں 1500 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

  • کراچی میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں‘ محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں‘ محکمہ موسمیات

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑگیا، آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں موسم سرد اور ابر آلود رہے گا اور درجہ حرارت 26 سے 28 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار

    یاد رہے کہ چار روز قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے بادلوں کا سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے ملک بھر میں بارشیں ہوں گی۔

  • پنجاب میں موسلادھار بارش، گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    پنجاب میں موسلادھار بارش، گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ حادثے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نارووال، ملتان اور لاہور میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    ملتان میں بارش کے باعث بدھلہ روڈ پر گھر کی چھت گر گئی، اس حادثے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک لڑکی زخمی ہوگئی، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    دوسری جانب لاہور اور گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث علامہ اقبال ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہے، ساڑھے 4 بجے لاہور سے بنکاک جانے والی پرواز منسوخ کردی گئی۔

    آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی

    5بجے لاہور سے کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز بھی منسوخ کردی گئی، لاہور سے ریاض جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوگئی۔جبکہ نارووال میں موسلادھاربارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

    خیال رہے کہ آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

  • آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی

    آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے آج کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں ہونے والی بارش سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔

    دوسری جانب لاہور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ ژوب، مکران، قلات، بارکھان اور تربت میں آج رم جھم ہوگی۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر شہروں میں بھی بادل برسیں گے، کوئٹہ، مری، دیر، چترال، گلگت، اسکردو اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت کالام، اسکردو اور استور میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں گذشتہ رات ہلکی بارش ہوئی تھی جس کے باعث خنکی میں اضافہ ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے بادلوں کا سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے ملک بھر میں بارشیں ہوں گی۔