Tag: بارش

  • بابوسر تھک میں 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سیاحتی وادی میں خاموشی

    بابوسر تھک میں 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سیاحتی وادی میں خاموشی

    چلاس: دیامر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے آنے والا سیلابی ریلا تباہی کی داستان چھوڑ گیا ہے، بابوسر تھک میں تباہی کا 100 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اور اس سیاحتی وادی میں خاموشی طاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بابوسر تھک میں بارشوں کے بعد سیلابی ریلے میں قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں، گاڑیاں، مکانات اور فصلیں تباہ ہو گئیں، سڑکیں، بجلی اور پانی کا نظام درہم برہم ہو گیا، او اب لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    سیلاب زدہ علاقوں کے مناظر ہر طرف المناک داستان بن گئے ہیں، بارش اور سیلاب متاثرین فلاحی اداروں سے امدادی کارروائیوں کی اپیل کر رہے ہیں۔

    سیلابی ریلے سے بابوسر تھک میں شاہراہ کا 9 کلو میٹر نقشہ بدل گیا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس کی بحالی کا کام جاری ہے، علاقے میں بابوسرتھک، نیاٹ، کھنر، بٹوگاہ، تھور اور تانگیر سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جہاں سیکڑوں مکانات، واٹر چینلز، رابطہ پل، فصلیں، اور مویشی خانے تباہ ہوئے، انتظامیہ نے بابوسر تھک میں ملبہ ہٹانے کے لیے فضائی جائزہ بھی لے لیا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب میں بہہ جانے والے افراد کا سراغ نہیں مل سکا ہے، تاہم ریسکیو آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے، نیاٹ ویلی میں شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جہاں کئی مقامات زمینی نقشے سے مٹ گئے ہیں، تھور منیار میں لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم بند ہو گئی ہے، جہاں مسافر اور سیاح پھنس گئے تھے، جنھیں ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شاہراہ قراقرم کو سیلابی ریلا گزرنے کے بعد بحال کیا جائے گا، تھور میں گزشتہ روز کے سیلابی ریلے میں لاپتا ہونے والے 2 افراد تاحال نہیں مل سکے ہیں، تھور کے مقامی صحافی رپورٹنگ کے دوران ریلے سے بال بال بچے، تھور ویلی میں مکانات، فصلیں اور رابطہ پل سیلاب کی نذر ہو گئے ہیں۔

    موسمیات کی جانب سے موسمی الرٹ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 27 سے 31 جولائی تک شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، آندھی، ژالہ باری، لینڈسلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، اس لیے عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں ار ندی نالوں، پہاڑی علاقوں سے دور رہیں۔

  • پیر سے مزید بارش کی پیشگوئی، پانچویں اسپیل کا الرٹ جاری

    پیر سے مزید بارش کی پیشگوئی، پانچویں اسپیل کا الرٹ جاری

    لاہور(26 لاہور 2025): پنجاب میں پیر سے پھر بارش کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے پانچواں اسپیل الرٹ جاری کر دیا۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کےمطابق بیشتر اضلاع میں بارش 28 سے 31 جولائی کے درمیان جاری رہی سکتی ہے، مون سون ہواؤں کے باعث اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاوالدین، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی ہے۔

    لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اور اوکاڑہ میں بارش ہوسکتی ہے۔

    29 جولائی سے ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، خانیوال، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    صوبہ بھر کے کمشنراور ڈپٹی کمشنروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہیں، لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور حبس برقرار رہنے کی توقع ہے۔ چند ایک مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور سمیت بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا، چترال ،دیر، سوات،کشمیراورگلگت بلتستان میں گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان ہے۔

  • وائرل ویڈیو: بارش میں بچپن لوٹ آیا! بابر اعظم اور نسیم شاہ کی موج مستیاں دیکھ کر مسکرائیں

    وائرل ویڈیو: بارش میں بچپن لوٹ آیا! بابر اعظم اور نسیم شاہ کی موج مستیاں دیکھ کر مسکرائیں

    لاہور (25 جولائی 2025) بارش کس کو اچھی نہیں لگتی اس سہانے موسم میں قومی ٹیم کے کھلاڑی بھی خود کو موج مستی سے نہ روک سکے۔

    پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر نسیم شاہ ان دنوں قومی ٹیم سے دور ہیں۔ تاہم انہیں دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

    بابر اعظم، نسیم شاہ سمیت دیگر کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ میں مصروف ہیں۔ اس وقت لاہور سمیت پنجاب میں موسم انتہائی خوشگوار اور روز آسمان سے برستی ابر رحمت لوگوں کو موسم سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی فراہم کر رہی ہے۔

    بابر اعظم، نسیم شاہ سمیت قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑی جو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ میں مصروف تھے۔ جب بارش نے انٹری دی تو انہوں نے بیٹ بال رکھے ایک طرف اور بچپن کی طرف لوٹتے ہوئے بارش میں موج مستی شروع کر دی۔

    یوں تو کئی کھلاڑیوں نے بارش سے انجوائے کیا۔ لیکن بابر اعظم اور نسیم شاہ ان میں سب سے نمایاں تھے، جنہوں نے تیز بارش کے دوران گراؤنڈ میں جمع ہونے والے پانی میں خوب سلائیڈ ماریں۔

    ویڈیو میں دونوں کھلاڑی بارش سے پچ کو محفوظ رکھنے کے لیے بچھائی گئی چادر پر پھسلنے کا مقابلہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    اس موقع پر دونوں کھلاڑیوں کے چہروں پر جوش اور خوشی کے تاثر نمایاں تھے۔

     

    صارفین اس ویڈیو کو خوب سراہ رہے ہیں اور اکثر صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش ایسا موسم ہے کہ بڑے سے بڑا شخص بھی بچپن کی طرف لوٹ جاتا ہے۔

  • شدید بارشوں کا انتباہ جاری

    شدید بارشوں کا انتباہ جاری

    اسلام آباد( 24 جولائی 2025): ملک کے بلائی علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر عوام کے لئے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی شدید بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، چارسدہ، صوابی اور مردان میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور نوشہرہ میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے باعث این ڈی ایم اے نے بھی ایڈوائزری جاری کر دی۔

    این ڈی ایم اے کےمطابق حساس مقامات پر ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نائٹ شفٹ میں ہائی الرٹ رہے گی، دریائے سوات کے کنارے ریسکیو اہلکاروں اور مقامی غوطہ خوروں کی پیٹرولنگ جاری رہے گی، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے رابطے میں رہیں گے۔

  • لاہور میں طوفانی بارش برس گئی، جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار جھڑی

    لاہور میں طوفانی بارش برس گئی، جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار جھڑی

    لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں طوفانی بارش برس گئی ہے، جس پر ریسکیو پنجاب ہائی الرٹ ہو گیا ہے، دوسری طرف جڑواں شہروں میں بھی موسلادھار بارش جاری ہے۔

    ترجمان ریسکیو پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور میں بارش کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کو ہنگامی الرٹ پر رکھا گیا ہے، عوام نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں، اور الیکٹرک پولز، کھلے بورڈز اور سوئچز کو ہاتھ نہ لگائیں، بارش کے باعث پھسلن سے حادثات کا خدشہ ہے اس لیے شہری احتیاط کریں، اور کسی بھی ایمرجنسی میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔

    ترجمان موٹر وے پولیس نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ سینٹرل ریجن کے مختلف مقامات پر موسلا دھار بارش جاری ہے، موٹر وے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک بارش ہوئی، لاہور سیالکوٹ موٹر وے، موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے سمندری تک بارش ہوئی۔

    ترجمان سید عمران احمد نے کہا موٹر وے پولیس سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ہر وقت موجود ہے، بارش کے دوران محتاط ڈرائیونگ کریں، رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، وائیپر، لائٹس اور بریکس کو چیک کریں، اور سفر سے قبل گاڑی کی مکمل جانچ کریں، نیز غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں، خاص طور پر شدید بارش میں، اور معلومات یا مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔


    25 جولائی تک مون سون بارشوں سے کیا ممکنہ خطرات ہیں؟ نشان دہی کر دی گئی


    لاہور شہر میں موسلادھار بارش کے بعد نکاسی آب کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کمشنر زید بن مقصود نے تمام اداروں واسا، ایل ڈی اے، سی بی ڈی، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو فوری فیلڈ میں متحرک ہونے کی ہدایت کی ہے، انھوں نے کہا نکاسئ آب پر مامور ایمرجنسی ٹیمیں سورنگ پوائنٹس پر فوری ردعمل دیں، اور شہر کے تمام نشیبی علاقوں اور مین روڈز پر نکاسی آب یقینی بنائی جائے۔

    دوسری طرف راولپنڈی اسلام آباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں اب تک مجموعی طور پر 46 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور میں 49، گولڑہ 71، بوکڑہ میں 33 ملی میٹر، پی ایم ڈی گیجنگ اسٹیشن پر 18، شمس آباد 14، کچہری 54، پیر ودھائی 49، گوالمنڈی 32، کٹاریاں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • 25 جولائی تک مون سون بارشوں سے کیا ممکنہ خطرات ہیں؟ نشان دہی کر دی گئی

    25 جولائی تک مون سون بارشوں سے کیا ممکنہ خطرات ہیں؟ نشان دہی کر دی گئی

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 جولائی تک مون سون بارشوں سے ممکنہ خطرات کی نشان دہی کر دی ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 25 جولائی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ خطرات سے خبردار کیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کے باعث سیلابی صورت حال کا خطرہ ہے، اس حوالے سے حساس علاقوں میں ریشون، بریپ، بونی، سردار گول، ٹھلو ون اور ٹو، ہنارچی، ہندور، درکوٹ، بدسوات، اشکومن اور ارکاری شامل ہیں۔

    بارشوں کے نتیجے میں دریائے سندھ، جہلم، چناب اور کابل میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر نچلے سے درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے، دریائے جہلم میں منگلا کے بالائی علاقوں اور دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ بڑھ سکتا ہے، جب کہ دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگا۔


    ملک بھر میں مون سون بارشوں سے مزید 5افراد جاں بحق، تعداد 221 ہوگئی


    خیبرپختونخوا میں دریائے سوات، پنجکوڑہ اور ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان کے دریائے ہنزہ، شگر اور دیگر ندی نالوں جیسے ہسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو میں اچانک سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے، بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی کے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔

    شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم اور بابوسر ٹاپ دونوں طرف سے مکمل بند ہو چکے ہیں، سیاحوں سے گزارش ہے کہ 25 جولائی تک پہاڑی علاقوں کا سفر نہ کریں اور سڑکوں کی صورت حال جاننے کے لیے ریڈیو یا مقامی انتظامیہ سے مصدقہ اطلاعات لیں، جب کہ غیر تصدیق شدہ متبادل راستوں سے گریز کیا جائے، کیوں کہ یہ خطرناک ہو سکتے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تیز بہاؤ والے ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں، جب کہ مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ نکاسئ آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں، اور عوام موسم اور ممکنہ خطرات سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار

    کراچی(20 جولائی 2025): شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونیوالے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بادلوں کا راج ہے، رات گئے ملیر کینٹ، صفورا گوٹھ، گلستان جوہر، اسکیم 33، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، نارتھ کراچی سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    شہرمیں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ طارق روڈ، بہادر آباد، اسٹیڈیم روڈ، بلوچ کالونی اور اطراف بھی ہلکی بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح سویرے بھی کراچی میں کہیں رم جھم تو کہیں ہلکی بارش ہوئی ہے جبکہ آج بھی دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا اس وقت مطلع ابر آلود ہے اور سمندری ہوائیں جزوی بحال ہیں ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے موسم مرطوب رہے گا اور آج پارہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

  • راولپنڈی میں  18 گھنٹوں سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا

    راولپنڈی میں 18 گھنٹوں سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا

    راولپنڈی : راولپنڈی میں اٹھارہ گھنٹوں سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا، جڑواں شہروں میں 240 ملی میٹر سے زائد ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سوبارشوں نے تباہی مچادی، راولپنڈی اٹھارہ گھنٹوں سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا، بارش رکنے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہوگئی ہے۔

    ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر کے نالوں سے پانی نکاسی بروقت ممکن بنائی گئی، ہنگامی صورت حال کے باعث تمام اداروں کا بروقت رسپانس نوٹ کیا گیا۔

    شہرکی بڑی شاہراہیں اور ملحقہ علاقے کلیر کر دیے ہیں اور نشیبی علاقوں میں ٹیمیں تاحال تعینات ہیں۔

    مزید پڑھیں : راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد ہنگامی حالت کا اعلان

    جڑواں شہروں میں 240 ملی میٹر سے زائد ریکارڈ کی گئی، شہر کی مجموعی صورت حال اب کنٹرول میں ہے، نشیبی علاقوں سے شہریوں کے انخلاء کی ضرورت نہیں۔

    کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر نے گفتگو میں کہا کہ ادارےہنگامی صورتحال سےنمٹنے کیلئےالرٹ ہیں، ٹرپل ون بریگیڈ کا دستہ بھی نالہ لئی پہنچ چکا ہے۔

    انجینئر عامر نے شہریوں سے اپیل کی کہ نالہ لئی اور دیگرنالوں کے قریب نہ جائیں، واسا کا عملہ ہیوی مشینری سےپانی کی نکاسی میں مصروف ہے۔

  • کراچی میں کل سے مون سون کا تیسرا اسپیل، کتنی بارش ہوگی؟

    کراچی میں کل سے مون سون کا تیسرا اسپیل، کتنی بارش ہوگی؟

    کراچی: موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کل سے مون سون کا تیسرا اسپیل شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون کے تیسرے اسپیل کے زیر اثر کراچی میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی مطلع ابر آلود جب کہ موسم مرطوب رہے گا، رات کے اوقات میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فی صد ہے، جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 11 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

    ادھر پنجاب شدید بارشوں کی زد پر ہے، روالپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل چوبیس گھنٹوں سے بارش برس رہی ہے، جس کے باعث فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، راولپنڈی نالہ لئی میں طغیانی آنے پر خطرے کے سائرن بجائے گئے، اور شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔


    رات سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، خطرے کے سائرن بج گئے


    راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف نشیبی علاقے زیر اب آ گئے ہیں جس پر امدادی ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں، شہر کے مختلف مقامات پر امدادی کاروائیوں کے لیے اسٹینڈ بائی ٹیمیں پہنچ گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    دوسری طرف پنجاب میں بارش کے دوران حادثات میں اموات کی تعداد بھی بڑھ کر 36 ہو گئی ہے، رات گئے لاہور کے اکبری دروازے میں عمارت گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

  • پنجاب میں بارش کے دوران حادثات میں اموات کی تعداد 36 ہو گئی

    پنجاب میں بارش کے دوران حادثات میں اموات کی تعداد 36 ہو گئی

    لاہور: پنجاب میں بارش کے دوران حادثات میں اموات کی تعداد 36 ہو گئی ہے، رات گئے لاہور کے اکبری دروازے میں عمارت گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    راولپنڈی میں رات بھر بارش برستی رہی، جس کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جہلم کے نالہ گھان میں طغیانی آئی ہوئی ہے اور پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا ہے۔

    اکبری گیٹ کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے واقعہ بارش کے باعث پیش آیا ہے، کرایہ دار ذوالفقار نے بتایا کہ چھت گرنے سے پہلے مالک مکان اور حکام کو آگاہ کیا تھا، جاں بحق افراد میں ذوالفقار کی بیوی، 22 سالہ بیٹا احسن اور 5 سالہ نواسا شامل ہیں۔

    ذوالفقار کا کہنا تھا کہ بارش سے چھت گرنے کا خدشہ اس نے پہلے ہی ظاہر کیا تھا لیکن متبادل رہائش نہ ہونے پر مکان نہیں چھوڑ سکا تھا، انھوں نے کہا ہمارے پاس کھانے کو کچھ نہ تھا، 2500 روپے کرایہ دیتا تھا۔


    رات سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، خطرے کے سائرن بج گئے


    ڈھوک بدر اور خلاصپور میں شہری پھنس گئے ہیں، پاک فوج کو طلب کر لیا گیا ہے، خیبر پختونخوا میں 7 افراد جان سے گئے، بونیر میں رابطہ سڑکیں متاثر ہو گئیں، گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر،سوات اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے باعث فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، بارش کا سلسلہ رات سے مسلسل جاری ہے، راولپنڈی نالہ لئی میں طغیانی آنے پر خطرے کے سائرن بجائے گئے، اور شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف نشیبی علاقے زیر اب آ گئے ہیں جس پر امدادی ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں، شہر کے مختلف مقامات پر امدادی کاروائیوں کے لیے اسٹینڈ بائی ٹیمیں پہنچ گئیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔