Tag: بارش

  • آج سے 31 مئی تک موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان

    آج سے 31 مئی تک موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان

    محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں رواں ہفتے تیز آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب کہ آج سے 31 مئی تک ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

    موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق رواں ہفتے اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، اس لیے تیز آندھی، جھکڑ کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے کچھ بالائی، جنوب مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہداد کوٹ، تھر، مٹھی، اسلام کوٹ میں بارش ہو سکتی ہے۔

    دادو، جوہی، سیہون، نوابشاہ قاضی احمد، ہالہ، مٹیاری، حیدرآباد، جامشورو میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر قائد میں دن کے وقت درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی تک رہنے کا امکان ہے، جو 50 ڈگری محسوس کیا جا سکے گا۔

  • کراچی میں گرمی کی لہر، بارش ہوگی یا نہیں، اہم پیش گوئی کردی گئی

    کراچی میں گرمی کی لہر، بارش ہوگی یا نہیں، اہم پیش گوئی کردی گئی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر آج بھی گرمی کی لپیٹ میں رہے گا، پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گرمی کی شدت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا سکتی ہے، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہے گا۔

    بیان کے مطابق مغربی سمت سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، شہر میں فی الحال بارش کا بھی کوئی امکان نہیں۔

    یاد رہے کہ موسم گرما اپنی آب و تاب سے جاری ہے اس موسم میں صحتمند رہنے کیلئے 6 سبزیوں کو اپنی غذا میں ضرور شامل کریں۔

    لوکی: ہلکی پھلکی اور زود ہضم سبزی ہے۔ لوکی وزن کم کرنے میں مددگار ہے۔یہ دل اور جگر کی صحت کیلئے مفید ہے۔ لوکی سے جلد کو قدرتی چمک ملتی ہے۔لوکی دماغ اور جسم کو سکون دیتی ہے۔

    کریلا: خون صاف کرنے میں مدد دیتا ہے۔ شوگر لیول کنٹرول کرتا ہے۔ریلا قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔کینسر سے بچاو? میں مددگار ہوتا ہے۔بالوں اور جلد کی صحت کیلئے مفید ہے۔

    ٹماٹر (Tomato)ٹماٹر: وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے۔اس کا استعمال جسم کو ٹھنڈک دیتا ہے.ٹماٹر دھوپ سے ہونے والے نقصان اور بیماریوں سے بچاتا ہے۔ٹماٹر مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔

    پالک: آئرن، کیلشیم اور وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے۔توانائی بخشتا ہے اور تھکن کم کرتا ہے۔پالک کا استعمال بینائی کیلئے مفید ہے۔پالک کھانا دل کی صحت کیلئے اچھا ہوتا ہے۔ پالک بے وقت کھانے سے روکتی ہے۔

    گرمی کے موسم میں دانوں کی مشکل کیسے دور ہو؟

    شلجم: شلجم جسم کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔معدے کی جلن کو کم کرتا ہے۔یہ مدافعتی نظام کو بہتر بناتا ہے۔ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے یہ بہترین سبزی ہے۔شلجم خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے۔

  • دہلی میں اتوار کی صبح تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، ایئرپورٹ کو نقصان

    دہلی میں اتوار کی صبح تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، ایئرپورٹ کو نقصان

    دہلی: بھارت کے دارالحکومت دہلی میں اتوار کی صبح تیز آندھی، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی میں گرج چمک کے ساتھ دھواں دھار بارش کافی نقصان کا سبب بن گیا ہے، دہلی ایئر پورٹ کی چھت کو بھی نقصان پہنچا۔

    رپورٹس کے مطابق اس طوفانی موسم کے اثرات سے ہمیشہ مصروف رہنے والے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل-ون کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، ایئرپورٹ کی چھت سے اچانک پانی ٹپکنے اور ایک حصے کے متاثر ہونے کے مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں۔

    رات بھر ہونے والی شدید بارش کے سبب 17 بین الاقوامی پروازوں سمیت کل 49 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، 180 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی اور شمال مغربی دہلی کے بڑے حصوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔

    دہلی میں مون سون کے موسلا دھار اسپیل میں 82 کلو میٹری فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں میں 81 ملی میٹر بارش نے بھارتی دارالحکومت کو ڈبو دیا ہے، نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث انڈر پاسز میں پانی بھرنے سے گاڑیاں تباہ ہو گئیں، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے۔

    دہلی کے علاقے انکور وہار میں اے سی پی کے آفس میں غازی آباد پولیس کے سب انسپکٹر وریندر مشرا کی اس وقت موت واقع ہو گئی جب تیز بارش کی وجہ سے دفتر کی چھت اچانک ڈھ گئی، جس کے نیچے وہ سو رہے تھے۔

    دی نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی میں مئی کی اب تک کی سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، اس سال 25 مئی تک 186.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

    گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

    گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی شام سے بدھ تک اسلام آباد سمیت گرد ونواح کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر سمیت بالائی پنجاب میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    شدید گرمی سے متاثرہ پاکستان کے جنوبی علاقوں کے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کہ اسی مدت کے دوران شمالی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

    پیر سے بدھ کے دوران جنوب مشرقی سندھ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

    دریں اثنا ڈی جی محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ 29 سے 31 مئی تک بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا اور اس دوران طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوگی۔

    ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال پری مون سون بارشیں بھی زیادہ ہوں گی جب کہ مون سون بارشیں زیادہ خطرناک ہوں گی۔

  • پنجاب میں تیز آندھی سے مالی و جانی نقصانات میں اضافہ

    پنجاب میں تیز آندھی سے مالی و جانی نقصانات میں اضافہ

    لاہور: پنجاب میں تیز آندھی سے مالی و جانی نقصانات میں اضافہ ہو گیا ہے، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو ایمرجنسی سروس پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں طوفان سے ہونے والے نقصانات سے متعلق ابتدائی رپورٹس جاری کر دی گئی ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب بھر میں آندھی و طوفان کے باعث 13 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہوئے ہیں، جب کہ ریسکیو ایمرجنسی سروس پنجاب کے مطابق گزشتہ روز آندھی، طوفان اور موسلا دھار بارشوں کے باعث راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں 12 افراد جاں بحق جب کہ 219 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ریسکیو پنجاب ایمرجنسی سروس نے صوبے کے مختلف اضلاع کے حادثات میں زخمیوں اور ہلاکتوں کے اعداد و شمار جمع کیے ہیں، حافظ آباد اور جھنگ میں ایک ایک فرد جاں بحق ہوا، جب کہ لاہور میں 2، لیہ میں ایک، میانوالی اور ملتان میں بھی ایک ایک شہری جاں بحق ہوا۔

    راولپنڈی اور راجن پور میں بھی بارش اور طوفان سے ایک ایک شہری کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، شیخوپورہ میں ایک جب کہ سیالکوٹ میں 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔


    پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارہ آندھی کی زد سے نکالا، اسد عمر


    ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور میں آندھی و طوفان کے باعث 3 شہری جاں بحق ہوئے ہیں، راولپنڈی 1، جہلم 3، شیخوپورہ 1، ننکانہ صاحب1، سیالکوٹ1 اور میانوالی میں بھی 1 شہری جاں بحق ہوا۔

    شہریوں کی موت اور زخمی ہونے کی وجہ دیواریں، چھتیں، درخت اور آسمانی بجلی گرنا بتایا گیا ہے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفان کے باعث متعدد کچے اور بوسیدہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے، لاہور میں درختوں کے گرنے اور شمسی پینلز کو نقصانات کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ڈی ا یم اے کی جانب سے صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنر اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، اور شہریوں کو خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے بچنے اور بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

  • تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

    اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ میدانی علاقے اگلے 2 سے 3 دن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے تاہم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے۔

    کراچی میں گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے ، محکمہ موسمیات کی جناب سے کہا گیا کہ دن میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہےگا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ نمی کےباعث گرمی کا احساس 40 ڈگری تک ہوسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے میدانی علاقے اگلے 2 سے 3 دن شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، وسطی و جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 6 ڈگری زائد رہنے کی امکان ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں شام کے وقت آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری دیگر علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے۔

    سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی، بعداز دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنےاور بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں شدید گرمی، تیز ہواؤں متوقع ہے۔

    کشمیر و گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

    گذشتہ روز اسلام آباداورراولپنڈی میں تیزہواؤں کےساتھ موسلادھاربارش ہوئی تھی ، جس سے موسم خوشگوارہوگیا تھا۔

    پشاورمیں بھی طوفانی ہوائیں چلیں، ہلکی بارش ہوئی تاہم آندھی کےدوران مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرگئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا ایک بچہ جاں بحق پانچ افراد زخمی ہوئے۔

  • لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہراکر آخری 4 ٹیموں میں جگہ بنالی

    لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہراکر آخری 4 ٹیموں میں جگہ بنالی

    راولپنڈی: لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو ہراکر آخری 4 ٹیموں میں جگہ بنالی، پشاور زلمی پہلی بار پی ایس ایل کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہوگیا۔

    پاکستان سپرلیگ 10 کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 26 رنز سے شکست دے دی، پشاور زلمی کی ٹیم بابر اعظم کی کپتانی میں پہلی بار لیگ کے اگلے رائونڈ میں نہ جاسکی، پشاور کی ٹیم 150 رنز کے تعاقب میں 123 رنز بناسکی۔

    ڈینئل سیمز 26، دانیال 24، عبدالصمد 17 اور کپتان بابر اعظم نے 16 رنز اسکور کیے، لاہور کے سلمان مرزا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 31 رنز دیکر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

    اس سے قبل پاکستان سپر لیگ 10 کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاورزلمی کو جیت کیلئے 150 رنز کا ہدف دیا ہے۔

    لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز اسکور کیے، بارش کی وجہ سے میچ کو 13 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا ہے، لاہور کی جانب سے فخر زمان نے 36 گیندوں پر 60 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔

    محمد نعیم نے 22، آصف علی نے 18 جبکہ کوشال پریرا نے 17 رنز اسکور کیے، پشاور کی طرف سے احمد دانیال، علی رضا اور ڈینیل سیمز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

    پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش کے باعث پشاور اور لاہور کے درمیان میچ کا ٹاس تاخیر سے ہوا، میچ کو بھی 13، 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

    پشاور کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پلان کے مطابق پرفارم کریں گے۔ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈینیل سیمز، محمد علی اور عبدالصمد کو شامل کیا گیا۔

    واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز اور کراچی کنگز نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، پشاور کو اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے آج کے میچ میں لازمی فتح درکار تھی۔

    لاہور قلندرز آج کا میچ جیت کر پی ایس ایل کے کوالیفائرز میں پہنچ گئی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گئی اور پشاور ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی

    خواجہ نافع کی دھواں اننگز ملتان کیخلاف 26 بالز پر ففٹی جڑدی

     

    https://urdu.arynews.tv/psl-10-quetta-gladiators-defeat-multan-sultans/

  • محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    محکمہ موسمیات نے بارش کی نوید سنادی

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال، شانگلہ، دیر، سوات، ملاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ میں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے جبکہ مری، گلیات، گجرات میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد اور گردونواح میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا مکان ہے، سندھ، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان، کشمیر میں گرج چمک کیساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان موجود ہے۔

    واضح رہے کہ موسم گرما میں جلد کی دیکھ بھال میں کوتاہی کئی جلدی امراض کا باعث بن سکتی ہے۔ درحقیقت اس موسم میں سورج کی روشنی، پسینے کا آنا، ہوا میں نمی کی کمی اور ماحول میں گردو غبار کی زیادتی جلد کے لیے کئی مسائل پیدا کرتے ہیں۔

    ان ایام میں عام طور پر جلدی امراض میں سن الرجی، کھجلی، جلد کا خشک ہونا گرمی دانوں کا نکلنا عام ہے ان مسائل سے خود کو محفوظ کیسے رکھا جائے؟ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈاکٹر کاشف نے ناظرین کو مفید اور کارآمد مشورے دیے۔

    انہوں نے بتایا کہ مرد ہوں یا خواتین گرمی کے موسم میں کالے رنگ کے لباس پہننے سے لازمی اجتناب کریں ہلکے رنگ کے کپڑے زیب تن کریں اور خصوصاً خواتین کالے عبائے یا برقعے نہ پہنیں۔ کیونکہ اس سے پسینہ زیادہ آتا ہے اور اسی سے بیماریوں اور صحت کے دیگر مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گرمی کی غذاؤں میں روزانہ کی بنیادوں پر پیاز کے ساتھ ساتھ کھیرا ضرور شامل کریں اور پھلوں میں تربوز بہت اہمت کا حامل ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آج کل اسپتالوں میں ایکنی کے مریض بہت زیادہ تعداد میں آرہے ہیں اس کیلیے تلی ہوئی اشیاء کھانا بالکل چھوڑ دیں۔ اس کے علاوہ سر میں آنے والے پسینے سے بھی خارش اور دانوں کی شکایات بھی عام ہورہی ہیں۔

    ڈاکٹر کاشف نے بتایا کہ گرمی کی شدت سے بچنے کیلیے لیموں پانی بہت بہترین چیز ہے اور اگر جیب میں پیاز ساتھ رکھنے والا ٹوٹکا بھی کریں تو کوئی اس میں کوئی مضائقہ نہیں، کولڈ ڈرنک اور گرین ٹی کم سے کم پئیں کیونکہ یہ جسم میں پامی کی مقدار کو کم کرتے ہیں۔

    دوسری چیز ہے ستّو، یہ ایک بہترین چیز ہے، اس سے توانائی ملتی ہے، ڈی ہائیڈریشن ختم ہوگی، چہرے پر کیل مہاسے بن جاتے ہیں، اس کے علاوہ خارش اور فنگل انفیکشن کا بھی ستّو سے علاج ہو جاتا ہے۔

    آندھی اور موسلادھار بارش کی پیش گوئی ، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    گرمی میں جِلدی امراض سے بچاؤ کے لیے انہوں نے مزید بتایا کہ مرد ہو یا خواتین، اپنے پاس عرق گلاب کا اسپرے رکھیں اور بار بار چہرے پر اسپرے کرتے رہیں۔ مرد جب باہر نکلیں تو کیپ پہنیں، خواتین دوپٹے سے چہرے پر سایہ کریں۔

  • سعودی عرب کے کونسے علاقے اتوار تک بارش کی زد میں رہیں گے؟

    سعودی عرب کے کونسے علاقے اتوار تک بارش کی زد میں رہیں گے؟

    سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں اتوار تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری، سیلاب اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے طائف، الخرمہ، میسان، المویہ، تربہ اور رانیہ کے علاقے متاثر ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق ریاض ریجن میں بھی ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش، سیلاب، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں، جس سے عفیف، الدوامی، القویعہ اور شقرا سمیت کئی علاقے زد میں رہیں گے۔

    نجران اور قصیم ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہیں گے جبکہ جازان، عسیر، الباحہ اور مدینہ منورہ ریجن کے علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

    محکمہ شہری دفاع نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ نے بیرونی ممالک کے لیے بعد از حج عمرہ پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ رواں برس حج ختم ہوتے ہی بیرونی عمرہ زائرین کے لیے 14 ذوالحجہ بمطابق 11 جون 2025 سے عمرہ ویزوں کو بحال کردیا جائے گا۔

    وزارت حج کے مطابق عمرہ ویزے رمضان المبارک کے اختتام تک جاری کرائے جاسکتے ہیں، یکم شوال سے عمرہ ویزوں کا اجرا بند ہونے کے بعد صرف جاری شدہ ویزوں کے حامل عمرہ زائرین 15 شوال 1447 ہجری تک مملکت آسکتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق عمرہ ویزوں پر مملکت آنے والے زائرین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ آئندہ برس حج سیزن سے قبل یعنی 15 ذوالقعدہ 1447 ہجری تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔

    سعودی فرماں روا کا شاہی فرمان جاری، اہم حکومتی تبدیلیاں

    خیال رہے عمرہ ویزوں کے اجرا پر عارضی پابندی کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں غیرضروری ازدحام نہ ہواور حجاج کرام بغیر کسی پریشانی کے حج کرسکیں۔

  • کراچی  میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

    کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی تاہم موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں آج موسم گرم اورمرطوب رہے گا اور مضافاتی علاقوں میں آج شام و رات سے بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37ڈگری تک جانے کا امکان ہے، مشرقی سمت سے 8 سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے۔

    دوسری جانب آئندہ 12 تا 48 گھنٹے کیلئے موسم صورتحال کی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے، جس میں بتایا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

    پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے چند اضلاع میں بارش اور ژالہ باری جبکہ لاہور، راولپنڈی، اٹک، جہلم ، گجرات، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ نارووال، وزیر آباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ ، چترال،دیر،سوات،شانگلہ ،بونیر اور مانسہرہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

    بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اورژالہ باری متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔