Tag: بارودی سرنگ

  • غزہ : اسرائیلی فوج کا کرنل بارودی سرنگ حملے میں ہلاک

    غزہ : اسرائیلی فوج کا کرنل بارودی سرنگ حملے میں ہلاک

    غزہ : اسرائیلی فوج کی 401 ویں بکتر بند بریگیڈ کا کمانڈر کرنل احسان دقسا شمالی غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں سے لڑائی کے دوران مارا گیا۔

    اس بات کی تصدیق اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے ایک جاری بیان میں کی، دی ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق 41 سالہ کرنل احسان دقسا اسرائیلی فوج کے ان سینئر ترین افسران میں شامل ہے جو غزہ میں جاری لڑائی میں ہلاک ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق کرنل احسان دقسا سمیت اب تک کل 6 آئی ڈی ایف کرنل ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں سے چار 7 اکتوبر کے حملے کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔

    آئی ڈی ایف کے مطابق کرنل احسان دقسا جابلیہ میں اپنے ٹینک سے دیگر افسران کے ساتھ باہر نکلا اور چند میٹر پیدل چلتے ہوئے ایک مقام پر پہنچا جہاں ایک بارودی سرنگ کا نشانہ بنا۔ جس کے نتیجے میں دقسا موقع پر ہی ہلاک ہو گیا دھماکے میں ایک بٹالین کمانڈر اور اور دیگر دو افسران شدید زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

    کرنل احسان دقسا نے جون میں 401 ویں بٹالین کی کمان سنبھالی تھی، 7 اکتوبر کو اگرچہ وہ ڈیوٹی پر نہیں تھا لیکن وہ حماس سے مقابلے کیلئے جنوبی اسرائیل گیا تھا۔

    کرنل احسان دقسا کو 2006 میں دوسری لبنان جنگ کے دوران آئیتا الشعب کی لڑائی میں زخمی پیرا ٹروپرز کو بچانے پر شمالی کمان کے سربراہ کی طرف سے ایک اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

  • یمن: سعودی عرب کی معاونت سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام جاری

    یمن: سعودی عرب کی معاونت سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام جاری

    صنعا: یمن میں سعودی عرب کی معاونت سے مزید 1 ہزار سے زائد بارودی سرنگیں صاف کردی گئیں، پروگرام کے آغاز سے اب تک 3 لاکھ 84 ہزار 220 بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کے سعودی پروجیکٹ مسام نے جنوری کے چوتھے ہفتے میں حوثیوں کی بچھائی ہوئی مزید ایک ہزار 81 بارودی سرنگیں صاف کی ہیں۔

    شاہ سلمان مرکز برائے امدادو انسانی خدمات کی نگرانی میں خصوصی ٹیموں نے یمن میں سینکڑوں اینٹی پرسنل، اینٹی ٹینک، بغیر دھماکے والی اور دیگر دھماکہ خیز آلات کو تباہ کر دیا۔

    شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مسام کے نام سے حوثیوں کی بچھائی ہوئی باروی سرنگیں صاف کرنے کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے، شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر مسام پروجیکٹ یمن کے عوام کے دکھوں کو کم کرنے میں مدد کے لیے متعدد اقدامات میں سے ایک ہے۔

    مسام منصوبے کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔

    مسام کی زیر نگرانی یمن کے مختلف علاقوں مارب، عدن، صنعا، الجوف، لحج، الحدیدۃ، شبوہ،البیضا، الضالع، صعدہ اور تعز میں حوثی باغیوں کی جانب سے بچھائی گئی ان بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا گیا۔

    پروگرام کے آغاز سے اب تک 3 لاکھ 84 ہزار 220 بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں۔

    واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سینکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔

    مسام کے پاس اس کام کے لیے 32 ٹیمیں ہیں اور اس کا مقصد یمن میں بارودی سرنگوں کو ختم کرنا ہے تاکہ عام شہریوں کی حفاظت کی جا سکے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ فوری طور پر انسانی ہمدردی کی فراہمی کو بحفاظت فراہم کیا جائے۔

    مسام مقامی مائننگ انجینیئروں کو تربیت دیتا، انہیں جدید ساز و سامان فراہم کرتا اور متاثرین کی مدد کرتا ہے۔ سنہ 2020 میں 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مسام کے معاہدے کو ایک سال کے لیے بڑھایا گیا تھا۔

  • سینیگال: مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ، متعدد ہلاکتیں

    سینیگال: مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ، متعدد ہلاکتیں

    ڈاکر: مغربی افریقا کے ملک سینیگال میں‌ ایک مسافر گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو مقامی میئر نے بتایا کہ 22 اکتوبر کو جنوبی کیسامنس ریجن کے ایک گاؤں کنڈائڈیو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ افراد جمعے کی نماز پڑھ کر واپس جا رہے تھے کہ گاڑی ایک بارودی سرنگ پر سے گزری، جس سے دھماکا ہو گیا۔

    کیسامنس ریجن افریقا میں جاری پرانی لڑائیوں میں سے ایک کا مرکز ہے، جس میں 1982 سے اب تک ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں، بارودی سرنگ کو بھی پرانی لڑائی کی باقیات سمجھا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مسافر گاڑی دراصل گھوڑا گاڑی تھی، جو مقامی سطح پر مسافروں کی ایک عام سروس ہے، مقامی میئر کا کہنا تھا کہ بارودی سرنگ پرانی تھی، جب بھی بارش ہوتی ہے کھیتوں میں دبی سرنگیں باہر آ جاتی ہیں، اور حادثات کا سبب بنتی ہیں۔

    کیسامنس کی آبادی 19 لاکھ ہے، یہ علاقہ مغربی افریقا میں کبھی پرتگال کی نوآبادی تھا، یہ علاقہ اب سابقہ فرانسیسی نوآبادی یعنی سینیگال میں واقع ہے، تاہم یہ علاقہ باقی ملک سے بالکل الگ ہے۔

  • پسنی: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی،  کیپٹن اورایک جوان شہید

    پسنی: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، کیپٹن اورایک جوان شہید

    پسنی: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہوگئے۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، سیکیورٹی فورسزکی گاڑی کو دہشت گردوں نے پسنی کے علاقے خدا بخش بازار میں نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کامحاصرہ کرکے دہشت گردوں کی تلاش آپریشن شروع کردی ، ایسے بزدلانہ واقعات سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ ملک دشمن ایجنسیز،عناصرکوبلوچستان کاامن سبوتاژکرنےنہیں دیں گے، سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر ملک کیخلاف سازشیں ناکام بنادیں گی۔

    یاد رہے دو روز قبل سیکیورٹی فورسز کے ضلع کرم کے علاقے زاوا میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 25 سالہ کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہوئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں کارروائی کر کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیا تھا۔

  • گھر میں بم بنانے کے دوران خوفناک دھماکہ، ملزم کا ہاتھ اڑ گیا

    گھر میں بم بنانے کے دوران خوفناک دھماکہ، ملزم کا ہاتھ اڑ گیا

    امریکی پولیس نے 23 سالہ شخص کو گھر میں بم بنانے کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے، پولیس کو ملزم کے گھر سے دھماکہ خیز مواد کلیئر کرنے میں 40 گھنٹے کا وقت لگا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا جہاں 23 سالہ کول کیرینی ایک کلینک گیا، اس کا ہاتھ کٹا ہوا تھا اور گردن شدید زخمی تھی۔ کول نے ڈاکٹر سے کہا کہ وہ گھاس کاٹنے والی مشین سے زخمی ہوا ہے۔

    تاہم اس کے زخموں کی نوعیت نے پولیس کو اس کی طرف متوجہ کرلیا۔ پولیس جب اس کے گھر پہنچی تو اس کے گھر کے لان کی گھاس بڑھی ہوئی تھی اور اس پر مشین استعمال کرنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے تھے۔

    جلد ہی پولیس نے گھر میں ایک دھماکے کے آثار معلوم کرلیے، کول کے زخم بھی اس بات کو تقویت دے رہے تھے۔

    بعد ازاں پولیس نے گھر سے دھماکہ خیز مواد کی بڑی مقدار برآمد کرلی، کول اس سے بارودی سرنگ تیار کرنے کی کوشش کر رہا تھا جس کے دوران حادثہ پیش آیا۔

    پولیس کو گھر سے دھماکہ خیز مواد کلیئر کرنے میں 40 گھنٹے کا وقت لگا۔ اس دوران اسٹیٹ پولیس اور ایف بی آئی سمیت متعدد سیکیورٹی ادارے وہاں موجود رہے۔

    گھر کو کلیئر کرنے کے دوان سڑک کو بند کردیا گیا، جبکہ قریبی گھروں کو بھی عارضی طور پر خالی کروا دیا گیا۔

    گھر میں داخل ہونے کے بعد پولیس کو ڈرائیو وے میں خون بھی دکھائی دیا جو کول کے کمرے تک جارہا تھا، کول کے کمرے میں مزید خون اور گوشت کے ٹکڑے بھی موجود تھے جو دھماکے کے بعد کول کے جسم کے تھے۔

    ملزم کو سیکیورٹی اداروں نے تحویل میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

  • یمن سے بارودی سرنگ سیلابی ریلے میں بہہ کر سعودی شہر پہنچ گئی

    یمن سے بارودی سرنگ سیلابی ریلے میں بہہ کر سعودی شہر پہنچ گئی

    ریاض: جزیرہ عرب میں موسلا دھار بارشوں کے دوران یمن سے ایک بارودی سرنگ سیلابی ریلے میں بہہ کر سعودی شہر جازان پہنچ گئی، متعلقہ حکان نے بروقت وہاں پہنچ کر سرنگ کو ناکارہ بنادیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک بارودی سرنگ یمن سے جازان پہنچ گئی، شہری دفاع کے اہلکاروں نے بر وقت کارروائی کر کے اسے ناکارہ بنا دیا۔

    جازان محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد الغامدی نے بتایا کہ محکمے کو اطلاع ملی تھی کہ ایک وادی میں بارودی سرنگ نظر آرہی ہے جو یمن سے سیلاب میں بہہ کر جازان پہنچی ہے۔

    اطلاع ملتے ہی فوراً ہی بارودی سرنگ کے ماہرین کی ٹیم جائے وقوعہ پہنچ گئی اور سرنگ کو ناکارہ بنا دیا۔

    سرنگ کو ناکارہ بنائے جانے کے دوران کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوا جبکہ تمام حفاظتی تدابیر بھی اختیار کی گئیں۔

    خیال رہے کہ جزیرہ عرب میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب کی کیفیت ہے، سعودی عرب کے علاوہ یمن، امارات اور عراق کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • بلوچستان، فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، افسر اور 5 سپاہی شہید

    بلوچستان، فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، افسر اور 5 سپاہی شہید

    کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں افسر اور 5 سپاہی شہید ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میجر ندیم اور 5 سپاہی شہید ہوگئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق دیسی ساختہ بارودی مواد سے فورسز کی گاڑی کو ہدف بنایا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں میجر ندیم عباس بھٹی، نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر حیات، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پاک افغان سرحد کے قریب بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک فوجی جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دھماکے میں شہید ہونے والے فوجی جوان کی شناخت لانس نائیک تقدیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے دوران فوجی جوان بارودی سرنگ کی زد میں آئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں بھی پاک افغان سرحد پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے افسر میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین شہید ہوگئے تھے۔

  • بارودی سرنگ کا سراغ لگانے والا روبوٹ تیار

    بارودی سرنگ کا سراغ لگانے والا روبوٹ تیار

    دنیا بھر میں ہر سال بارودی سرنگوں کی زد میں آ کر ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، بارودی سرنگ کا سراغ لگانا ایک مشکل امر ہے تاہم اب ایسا روبوٹ تیار کرلیا گیا ہے جو اس خطرے سے بچا سکتا ہے۔

    یہ روبوٹ میسا چوسٹس یونیورسٹی کے ماہرین نے تیار کیا ہے جو بارودی سرنگوں کا سراغ لگا سکتا ہے۔ یہ روبوٹ دو روبوٹک اجسام یعنی روور اور ڈرون پر مشتمل ہے۔

    روور دھاتی ڈی ٹیکٹر کے ذریعے سرنگ کی نشاندہی کرتا ہے جبکہ ڈرون اس سرنگ کو تباہ کرسکتا ہے۔

    میسا چوسٹس یونیورسٹی کے ماہرین گزشتہ 5 برس سے اس پر کام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق دو روبوٹس کو یکجا کرنے کا مقصد دونوں کی صلاحیتوں اور استعداد کو یکجا کرنا تھا جس سے بہترین اور غیر معمولی نتائج حاصل کیے جاسکتے ہوں۔

    ایک اندازے کے مطابق ہر سال 20 ہزار افراد بارودی سرنگوں کی زد میں آ کر ہلاک ہوجاتے ہیں، اب اس روبوٹ کی ایجاد کے بعد ماہرین نے ہلاکتوں کی اس شرح میں کمی کی امید ظاہر کی ہے۔

  • وطن کے دفاع کے لیے 2 اور سپوت اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید

    وطن کے دفاع کے لیے 2 اور سپوت اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید

    اسلام آباد: پاک افغان سرحدی علاقے ضلع مہمند میں سرحد پر باڑھ لگانے والے پاک وطن کے 2 سپوت شہید ہوگئے، دونوں شہید سرحد پار دہشت گردوں کی لگائی گئی بارودی سرنگ کی زد میں آئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے 2 اور سپوت اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے شہید ہوگئے۔ میجر عدیل شاہد اور سپاہی فراز حسین پاک افغان سرحد پر شہید ہوئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے جوان ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر باڑھ لگا رہے تھے۔ شہید افسر میجر عدیل شاہد کی نگرانی میں سرحد پر باڑھ لگائی جارہی تھی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دونوں شہید سرحد پار دہشت گردوں کی لگائی گئی بارودی سرنگ کی زد میں آئے، پاک افغان سرحد کے اس علاقے میں شدید دراندازی کی جاتی رہی۔

    شہید ہونے والے میجر عدیل شاہد کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ شہید سپاہی فراز حسین جن کی عمر 23 سال تھی، کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے۔

    خیال رہے کہ 14 ستمبر کو دیر میں سرحد پر باڑھ لگانے والوں پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی، افغانستان کی جانب سے فائرنگ سے 3 جوان شہید ہوئے تھے۔

    شہدا میں لانس نائیک سعید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل تھے۔ 28 سال کے لانس نائیک سعید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا، 31سال کے لانس نائیک محمد شعیب کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا جبکہ 22 سال کا سپاہی کاشف علی ضلع نوشہرہ کا رہائشی تھا۔

    گزشتہ برس آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر باڑھ لگانے کا عمل جاری ہے۔ دسمبر 2019 تک پاک افغان سرحد پر باڑھ کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ 843 قلعوں میں سے 233 قلعوں اور 1200 کلو میٹر میں سے 802 کلو میٹر باڑھ پر کام مکمل کر دیا گیا ہے۔ باڑھ لگانے سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت محدود کی جا سکے گی۔

    یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر خاردار تاریں لگانے کا عمل کچھ عرصے سے جاری ہے، 5 مئی 2018 تک شمالی وزیرستان میں 70 کلو میٹر رقبے تک باڑھ لگائی گئی تھی۔

    جون 2017 میں پاک افغان سرحد پر باڑھ لگانے کا پہلا مرحلہ مکمل کیا گیا تھا، پہلے مرحلے میں باجوڑ، مہمند اور خیبر ایجنسی میں باڑ لگائی گئی۔

  • دیر الزور میں بارودی سرنگ پھٹنے سے بشار فورسز کے 5 اہلکار جاں بحق

    دیر الزور میں بارودی سرنگ پھٹنے سے بشار فورسز کے 5 اہلکار جاں بحق

    دمشق : شامی شہر دیر الزور میں بارودی سرنگیں پھٹنے کے باعث بشار الاسد کی فورسز کے پانچ اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق دیر الزور صوبے کے مشرق میں بارودی سرنگوں کے متعدد دھماکوں کے نتیجے میں بشار الاسد کی فوج کے کم از کم 5 اہل کار مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ دیہی علاقے میں واقع قصبے صبیخان میں پیش آیا۔

    اس سے قبل دیر الزور کے مشرق میں البوکمال شہر کے نواحی دیہی علاقوں السیال اور الجلاء میں بشار کی فوج اور اس کی ہمنوا ملیشیاوں کی داعش تنظیم کے ارکان کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دوسری جانب گزشتہ روز شام کے شمال مغربی صوبے ادلب کے شہر جسر الشغور میں کار بم دھماکا ہوا۔

    المرصد کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 18 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی تھی۔

    مزید پڑھیں : شام میں کار بم دھماکا، 20 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں بھی شامی صوبے دیر الزور میں ملکی فورسز کی چھاؤنی کے قریب کار بم دھماکے کے باعث 20 افراد مارے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں آئل ورکرز بھی شامل ہیں، دھماکا ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔

    حکام نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عسکریت پسندوں کی جانب سے ایک بار پھر پیچھے سے وار کیا گیا ہے۔