Tag: بارودی مواد برآمد

  • بھکر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، ایک دہشت گرد گرفتار

    بھکر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، ایک دہشت گرد گرفتار

    بھکر : صوبہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی فورس نے خفیہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے ایک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے یہ اہم اور بڑی کارروائی پنجاب کے شہر بھکر میں خانسر چوک کے قریب کی، جس کے باعث کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا خطرناک دہشت گرد گرفتار کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت یوسف عرف حمزہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ اس دہشت گرد کو خفیہ اطلاعات پر گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے دہشت گرد کے قبضہ سے خودکش جیکٹ، دستی بم، پستول برآمد کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں :گجرانوالہ: سی ٹی ڈی کی خفیہ کارروائی، کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد گرفتار

    یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی فورس نے گزشتہ برس 26 دسمبر کو صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا جو کرسمس کی تقریبات کو ہدف بنانا چاہتے تھے۔

  • جامشورو : دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، تین گرفتار، بارودی مواد برآمد

    جامشورو : دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، تین گرفتار، بارودی مواد برآمد

    جامشورو : پولیس نے بارودی مواد برآمد کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جامشورومیں پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ساٹھ کلو بارودی مواد برآمد کرکے کراچی میں دہشت گردی کامنصوبہ ناکام بنا دیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان بارودی مواد کے ساتھ حیدرآبادسےکراچی جارہےتھے کہ سپرہائی وے کےقریب پولیس نے ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نےفرار ہونے کی کوشش کی۔

    پولیس نے جوابی  کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کوگرفتارکرکےبارودی مواد تحویل میں لے لیا۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتارہونے والے تینوں افراد کاتعلق سوات کے علاقے شانگلہ سے ہےجبکہ ملزمان کےساتھ تین بچےبھی تھے جن کی تلاش کیلئےسرچ آپریشن جاری ہے۔

  • سابق صدر مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب بم برآمد

    سابق صدر مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب بم برآمد

    سابق صدر مشرف کے فارم ہاؤس کے قریب سے آج پھر بارودی مواد برآمد کیا گیا، غداری کیس کے دوران بارودی مواد برآمد ہونے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

    سابق صدر پرویزمشرف کیخلاف غداری کیس کی آج دوسری پیشی ہے جبکہ سابق صدر کے فارم ہاؤس کے قریب ایک کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا، پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے لیے حتمی پلان بھی تشکیل دیا گیا تھا۔

    اس سے قبل چوبیس دسمبر کو سابق صدر کی عدالت میں پہلی پیشی کے موقع پر فارم ہاؤس کے قریب سے پانچ کلو گرام وزنی بم برآمد ہوا تھا، سابق صدر کو اسی راستے سے گزر کر عدالت جانا تھا، بم کے ساتھ دو پستول بھی بیگ میں موجود تھے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنایا۔

    پہلی پیشی پر سیکیورٹی خدشات کے باعث پرویز مشرف عدالت میں پیش نہ ہوئے، اسی طرح کا ایک اور واقعہ تیس دسمبر کو پیش آیا، جب سابق صدر فارم ہاؤس کے قریب پارک روڈ کے گرین بیلٹ سے بارودی مواد کے پانچ پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔

    غداری کے اہم ترین کیس کی سماعت میں سابق صدر کی پیشی اور اس موقع پر بارودی مواد کی برآمدگی سوالیہ نشان بھی ہے اور حیرت کی بات بھی ہے۔