کراچی: بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا گیا ، جس میں 45 فیصد طلبہ ناکام ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ نتائج 2025 کا اعلان کردیا، جس میں اس سال کامیابی کا تناسب 55.59 فیصد رہا جبکہ 45 فیصد طلبہ امتحانات میں ناکام ہوگئے۔
بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 16 ہزار 549 طلبہ شریک ہوئے جن میں سے 9 ہزار 199 امیدوار تمام پرچوں میں کامیاب قرار پائے تاہم نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔
پوزیشن ہولڈرز میں اس بار دو طلبہ نے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، بحریہ کالج کارساز کے طالب علم محمد ہارون اور گورنمنٹ ڈگری کالج ملیر کینٹ کی طالبہ مائرہ خان نے 1100 میں سے 988 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔
دوسری پوزیشن بھی بحریہ کالج کارساز کے طالب علم محمد انس نے 986 نمبرز کے ساتھ حاصل کی جبکہ اسی کالج کی ایک اور طالبہ عائشہ یاسین نے 982 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔