Tag: بارہ سنگھا

  • بارہ سنگھے نے میچ رکوا دیا

    بارہ سنگھے نے میچ رکوا دیا

    لندن: دو بارہ سنگھوں نے اچانک میدان میں داخل ہو کر میچ روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں فٹ بال میچ کے دوران بارہ سنگھوں کی انٹری نے دل چسپ صورت حال پیدا کر دی، بارہ سنگھے نے میدان میں کھڑے ہو کر مقابلے کے لیے للکارا بھی، لیکن مقابل نہ پا کر کچھ دیر مٹر گشت کے بعد میدان سے نکل گیا۔

    9 اکتوبر کو جنوب مغربی لندن کے علاقے ٹیڈنگٹن میں بشی پارک اسپورٹس کلب میں انڈر ٹین بچوں کا فٹ بال میچ جاری تھا، اور تماشائیوں میں بچوں کے والدین موجود تھے۔

    جب جانور بچوں کی طرف بڑھے تو وہ دنگ رہ گئے اور انھیں کھیل فوری طور پر روکنا پڑ گیا، ایک بارہ سنگھا پچ پر اترنے کے لیے باڑ سے چھلانگ لگا رہا تھا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ان بارہ سنگھوں کے ملاپ کا سیزن ہے، جس میں بالغ بارہ سنگھا مادہ بارہ سنگھے کے لیے دوسرے نر بارہ سنگھوں کے ساتھ مقابلہ کرتا ہے، مقابلے میں یہ اپنے سینگ ایک دوسرے میں پھنساتے ہیں۔

    گراؤنڈ میں موجود بچوں کی ماؤں نے اس منظر کی ویڈیو اور تصاویر بنائیں، چھالیس سالہ نکی ہڈسن نے بتایا کہ میں دوسری خواتین کے ساتھ باتیں کر رہی تھیں کہ ایک خاتون نے میری توجہ بارہ سنگھوں کی طرف مبذول کرائی، جس پر میں نے ان کی ویڈیو بنا لی۔

    دراصل بشی پارک جنگلی حیات کے لیے مشہور رائل پارک سے منسلک ہے، جو جانوروں کے شوقین فوٹوگرافرز کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔

  • بھارت: بھرے بازار میں بارہ سنگھے نے کھلبلی مچا دی

    بھارت: بھرے بازار میں بارہ سنگھے نے کھلبلی مچا دی

    نئی دہلی: بھارت میں ایک گھبرائے ہوئے بارہ سنگھے کی بھاگنے اور چھلانگیں مارنے کی ویڈیو بے حد وائرل ہوگئی، لوگوں نے اس ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے۔

    یہ واقعہ بھارتی پنجاب میں پیش آیا جہاں ایک بارہ سنگھا اچانک کہیں سے بھرے بازار میں آن پہنچا۔

    لوگ تو اسے دیکھ کر حیران پریشان ہو ہی گئے، لیکن خود بارہ سنگھا بھی لوگوں کا ہجوم دیکھ کر گھبرا گیا۔ اسے سمجھ نہیں آیا کہ وہ جائے تو کہاں جائے چانچہ وہ گھبراہٹ میں ادھر ادھر بھاگنے لگا۔

    اس دوران اس نے اپنے سامنے موجود ایک سائیکل سوار کے اوپر سے چھلانگ بھی ماری اور بالآخر ریل کی پٹریوں پر سے ہوتا ہوا جنگل میں غائب ہوگیا۔

    اس ویڈیو کو فیس بک پر اب تک 4 ہزار لائیکس مل چکے ہیں جبکہ لوگ مختلف دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں، لوگوں نے اس سائیکل سوار کو بھی خوش قسمت قرار دیا جو بارہ سنگھے کی چھلانگ کے دوران زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔

  • بارہ سنگھے کی آنکھ وہ دیکھ سکتی ہے جو انسانی آنکھ بھی نہیں دیکھ سکتی

    بارہ سنگھے کی آنکھ وہ دیکھ سکتی ہے جو انسانی آنکھ بھی نہیں دیکھ سکتی

    بارہ سنگھا یورپ و امریکا کے میدانی و برفانی علاقوں میں رہنے والا ایسا جانور ہے جس میں چند ایسی خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو کسی اور ممالیہ جاندار میں موجود نہیں ہوتیں۔

    اپنی ان خصوصیات کی وجہ سے بارہ سنگھا تمام ممالیہ جانوروں میں منفرد حیثیت رکھتا ہے، آئیں دیکھتے ہیں وہ کیا خصوصیات ہیں۔

    برطانیہ کی بائیو ٹیکنالوجی اینڈ بائیولوجیکل سائنس ریسرچ کونسل (بی بی ایس آر سی) کی ایک تحقیق کے مطابق برفانی بارہ سنگھے تابکار شعاعیں دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بارہ سنگھے کے علاوہ کسی اور ممالیہ جانور حتیٰ کہ انسانی آنکھ بھی اس نوع کی نہیں ہوتی جن سے تابکار شعاعیں گزر سکیں۔

    ان شعاعوں کو دیکھنے کی وجہ سے بارہ سنگھے برف میں ان چیزوں کو دیکھ لیتے ہیں جو برف میں کیمو فلاج ہوجاتی ہیں، اس طرح سے انہیں اپنے شکاریوں سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

    اسی خصوصیت کی وجہ سے بارہ سنگھے بجلی کے پولز اور پاور لائنز سے بھی دور رہتے ہیں جن سے نکلتی شعاعیں وہ دیکھ لیتے ہیں۔

    تابکار شعاعیں دیکھ لینے کے باعث بارہ سنگھوں کی آنکھوں کا رنگ بھی ہر موسم میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

    برفانی علاقوں کی تاریک راتوں اور سرمئی دنوں میں، بارہ سنگھوں کی آنکھیں قدرتی طور پر نیلے رنگ کی ہوجاتی ہیں جس سے انہیں زیادہ اندھیرے میں دیکھنے میں مدد مل سکے۔

    اسی طرح موسم گرما کی چمکیلی دوپہروں میں چیزوں کو بہتر طور پر دیکھنے کے لیے علیحدہ قسم کی بینائی کی ضرورت ہے جس کے لیے بارہ سنگھوں کی آنکھیں ایک بار پھر اپنا رنگ تبدیل کر کے سنہری رنگ کی ہوجاتی ہیں۔

    دراصل ہر طرح کی روشنی کے لیے آنکھوں کی حساسیت کی سطح مختلف ہوتی ہے اور بارہ سنگھے کی آنکھیں اس سطح کے لیے قدرتی طور پر ایڈجسٹ ہوتی رہتی ہیں۔

    بارہ سنگھے کی آنکھوں کی یہ خصوصیات کسی اور ممالیہ جاندار میں نہیں پائی جاتی۔

  • نایاب سفید بارہ سنگھے نے لوگوں کو حیران کردیا

    نایاب سفید بارہ سنگھے نے لوگوں کو حیران کردیا

    یورپی ملک ناروے میں ایک نہایت نایاب سفید بارہ سنگھے کا بچہ دیکھا گیا جس نے لوگوں کو حیران کردیا۔

    مذکورہ بارہ سنگھا ایک فوٹو گرافر نے دیکھا جو ہائیکنگ کے لیے پہاڑوں پر موجود تھا۔ 24 سالہ فوٹو گرافر کا کہنا تھا کہ برف جیسا سفید ننھا بارہ سنگھا برف میں چھپ گیا تھا اور دکھائی ہی نہیں دیتا تھا۔

    عام بارہ سنگھے کی نسل سے ہی تعلق رکھنے والا یہ انوکھا بارہ سنگھا دراصل جینیاتی بیماری کا شکار تھا جس میں جسم کے رنگ پھیکے پڑجاتے ہیں۔

    اس بیماری میں جسم کو رنگ دینے والے عناصر جنہیں پگمنٹس کہا جاتا ہے کم ہوجاتے ہیں، جس کے بعد جسم کا قدرتی رنگ بہت ہلکا ہوجاتا ہے۔

    مذکورہ بارہ سنگھے کے جسم کے بال سفید جبکہ آنکھوں اور سینگوں کا رنگ قدرتی بھورا ہی تھا۔

    سفید بارہ سنگھے کا ذکر اسکینڈے نیوین ممالک کی لوک کہانیوں میں ملتا ہے۔ اس بارہ سنگھے کو دیکھنا خوش قسمتی کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔

  • جنگلی حیات کی زندگی کے خوبصورت لمحات

    جنگلی حیات کی زندگی کے خوبصورت لمحات

    جنگلی حیات ہماری زمین کا توازن برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہماری زمین پر موجود جانور، پرندے، پودے اور ایک ایک چیز آپس میں منسلک ہیں اور اگر کسی ایک شے کو بھی نقصان پہنچا تو اس سے پورے کرہ ارض کی زندگی متاثر ہوگی۔

    تاہم موسمیاتی تغیرات اور شکار میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے جنگلی حیات کی کئی اقسام تیزی سے معدومی کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سنہ 2020 تک ہماری زمین سے ایک تہائی جنگلی حیات کا خاتمہ ہوجائے گا جس سے زمین کا توازن بری طرح بگڑ جائے گا۔

    آج ہم نے مختلف جنگلی حیات کی کچھ منفرد تصاویر جمع کی ہیں۔ وائلڈ لائف فوٹو گرافرز کی جانب سے کھینچی گئی ان تصاویر میں جانوروں کی زندگی کو مختلف انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ آئیے آپ بھی ان تصاویر سے لطف اندوز ہوں۔

    10

    افریقہ کے کرگر نیشنل پارک میں ایک ندی سے پانی پیتے ہرنوں کو مگر مچھ کی جھلک نے اچھلنے پر مجبور کردیا۔

    8

    انٹارکٹیکا کا یہ پینگوئن کیمرے کو دیکھ کر شرارت سے آنکھ مار رہا ہے یا سرد ہوا نے اس کی آنکھ بند کردی، اس کا علم خود اس پینگوئن کو ہی ہے۔

    11

    جنوبی افریقہ کے ایک جنگل میں زرافے کا جادو ۔ وہ اپنی گردن درخت کے اندر سے موڑ کر باہر لے آیا۔

    5

    روس کے کوریل لیک پارک میں دو ریچھ ایک دوسرے سے دست و گریباں۔

    1

    زمبابوے کے ایک جنگل میں ایک شیرنی اس بات سے بے خبر ہے کہ اس کے پیچھے اس کی دم کو کاٹنے کے لیے کون آرہا ہے۔

    4

    بوٹسوانا میں ایک حقیقی زیبرا کراسنگ۔

    3

    نیدر لینڈز کے ایک چڑیا گھر میں ایک سمندری سیل یا سگ ماہی حسب عادت دعا مانگتے ہوئے۔

    6

    سترہ فٹ لمبے مگر مچھ کے ساتھ تیراکی۔

    12

    کینیا میں ایک ہتھنی اپنے بچوں کو بچانے کے لیے بھینسے سے لڑ پڑی۔

    7

    برازیل میں ایک مگر مچھ مچھلی کا شکار کرتے ہوئے۔

    13

    چاندنی رات میں ایک بارہ سنگھا۔

    2

    میکسیکو کے سمندر میں زیر آب جانے والے ان تیراکوں کی ہمت دیکھیئے، ایک خونخوار شارک کے ساتھ چھیڑ خانی کر رہے ہیں۔

    15

    مگر مچھ کا ایک بچہ سبز پتوں سے جھانکتے ہوئے۔

  • بارہ سنگھوں کی ونڈو شاپنگ

    بارہ سنگھوں کی ونڈو شاپنگ

    امریکی ریاست کولو راڈو کے علاقہ ایسٹس پارک میں ایک بازار میں موجود افراد اس وقت دل تھام کر رہ گئے جب انہوں نے وہاں متعدد بارہ سنگھوں کو آزادانہ گھومتے دیکھا۔

    ایسٹس پارک کے ایک رہائشی نے اپنے فیس بک پر ایک منفرد ویڈیو پوسٹ کی جس میں بارہ سنگھوں کا ایک غول بازار سے گزر رہا ہے۔

    انہیں آتا دیکھ کر پہلے تو وہاں موجود لوگ سہم گئے کہ شاید اب یہ اتنے سارے انسانوں کو دیکھ کر حملہ کردیں گے۔ لیکن بارہ سنگھوں کا یہ غول بغیر کسی کو کچھ کہے پر امن انداز میں وہاں سے گزر گیا۔

    ان میں کئی بھاری جسامت کے بارہ سنگھے بھی تھے لیکن وہ بھی خاموشی سے وہاں سے گزر گئے۔

    جس طرح یہ بارہ سنگھے دکانوں میں جھانکتے ہوئے گزر رہے ہیں اس سے بظاہر تو لگ رہا ہے جیسے بارہ سنگھوں کا یہ غول ونڈو شاپنگ کر رہا ہے۔

  • آسمانی بجلی گرنے سے 300 بارہ سنگھے ہلاک

    آسمانی بجلی گرنے سے 300 بارہ سنگھے ہلاک

    اوسلو: ناروے میں ایک پارک میں آسمانی بجلی گرنے سے 300 سے زائد بارہ سنگھے ہلاک ہوگئے۔

    واقعہ ناروے کے جنوبی علاقہ میں واقعہ جنگلی حیات کی حفاظت کے لیے بنائے گئے پارک میں پیش آیا۔ انتظامیہ کے مطابق علاقہ میں کئی دن سے طوفان جاری تھا اور شدید آسمانی بجلی کڑکنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

    rd-3

    ناروے کے انسپکٹر برائے تحفط قدرت کا کہنا ہے کہ بارہ سنگھے خراب موسم میں ڈر کر ایک ساتھ جمع ہوجاتے ہیں اور یہی عادت ان کی ہلاکت کا سبب بنی۔

    rd-2

    ان کا کہنا تھا کہ آسمانی بجلی گرنے کے باعث جانوروں کی ہلاکت کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں تاہم اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا یہ پہلا واقعہ ہے، ’یہ ایک بہت ہی افسوسناک بات ہے‘۔

    rd-1

    ماہرین جنگلی حیات نے اس حادثے کو ایک غیر معمولی قدرتی آفت قرار دیا ہے۔

    اس سے چند دن قبل بھارت میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے 38 بھیڑوں کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آچکا ہے۔