اسلام آباد : عمرے کے جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر آگئی ، عمرہ زائرین وزارت سے تصدیق شدہ کمپنیوں سے بکنگ کروائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ہجری سال 1447 کے لیے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کی باضابطہ فہرست جاری کردی۔
وزارت نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ملک بھر کی 53 عمرہ کمپنیوں کے کوائف اور معاہدات کی تصدیق مکمل کرلی گئی ہے، اس اقدام کا مقصد زائرین کو جعلسازی، دھوکہ دہی اور مالی نقصان سے محفوظ رکھنا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تصدیق شدہ آپریٹرز کا تعلق کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور سمیت مختلف شہروں سے ہے، جنہیں سخت جانچ پڑتال کے بعد اہل قرار دیا گیا۔
ترجمان وزارت محمد عمر بٹ نے کہا کہ عمرہ زائرین صرف انہی تصدیق شدہ آپریٹرز کے ذریعے پیکیجز بک کریں تاکہ کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں : سعودی عرب نے عمرے کے خواہشمند افراد کی بڑی مشکل آسان کردی
انھوں نے مزید کہا کہ تصدیق شدہ فہرست ایک سال (1447ھ) کے لیے مؤثر ہے۔ دیگر عمرہ کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی دستاویزات اور معاہدوں کی تکمیل وزارت کے قوانین کے مطابق کریں۔
وزارت مذہبی امور نے یہ فہرست اپنی آفیشل ویب سائٹ پر عوامی رسائی کے لیے جاری کردی ہے اور شہریوں کے لیے پی ڈی ایف فائل بھی ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ سرکاری حج اسکیم 2026 کے تحت اب تک ایک لاکھ 14 ہزار 500 سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ صرف ساڑھے 3 ہزار نشستیں باقی ہیں۔ ترجمان کے مطابق نامزد بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوٹہ مکمل ہونے تک درخواستیں وصول کرتے رہیں۔
انہوں نے خواہشمند عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ جلد از جلد قریبی نامزد بینک شاخوں میں درخواستیں جمع کرائیں کیونکہ ’’جیسے ہی آخری نشست مکمل ہوگی، یہ عمل فوراً بند کردیا جائے گا۔‘‘