Tag: بالائی علاقے

  • شدید سردی کی پیشگوئی : بالائی علاقوں میں برفباری

    شدید سردی کی پیشگوئی : بالائی علاقوں میں برفباری

    ملک کے بالائی علاقے آج بھی یخ بستہ ہواؤں اور شدید سردی کی لیپٹ میں رہیں گے، اسکردو میں پارہ منفی دس ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    آج چترال ،دیر، سوات، کشمیر، گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، کوئٹہ، لاہور ، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، پنجاب کے وسطی اور میدانی علاقوں میں صبح دھند چھائی رہے گی۔

    شدید سردی

    علاوہ ازیں موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج کم سے کم درجہ حرارت 10.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    آئندہ 24 گھنٹوں میں 5سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی سمت سے ہوائیں چلنے کا بھی امکان کا ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

  • ملک کے پہاڑی علاقوں میں آج برفباری کا امکان، بارشیں

    ملک کے پہاڑی علاقوں میں آج برفباری کا امکان، بارشیں

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ہفتہ کو خیبر پختون خوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بیش تر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، بالائی خیبر پختون خوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر، جی بی میں کہیں کہیں پر ژالہ باری کی توقع ہے۔

    چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، باجوڑ، خیبر، مہمند، کرم، کوہاٹ، وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے، جب کہ کرک، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔

    ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، سیاح پھنس گئے

    راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، بھکر، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، کوٹ ادو، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، صادق آباد، خان پور، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر، گجرات، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، اوکاڑہ، لاہور، اور قصور میں بارش متوقع ہے جب کہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔

    بلوچستان میں بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جب کہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، کوئٹہ، زیارت، ژوب اور بارکھان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے، چند مقاما ت پر بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔

  • برفباری کا سلسلہ پھر شروع

    برفباری کا سلسلہ پھر شروع

    ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا۔

    مری میں آج اور کل طوفانی بارش برف باری کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری انتظامیہ ہر طرح کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے، مری میں آج برف باری کے امکانات 70 فی صد ہیں۔

    موسمیات کے مطابق 22 فروری تک موسم کی صورت حال غیر یقینی رہے گی، آج پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختوں خوا میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔

    ادھر جنت نظیر وادی سوات میں برف باری سے وادی کی رونقیں بڑھ گئی ہیں، بالائی سوات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، جس کے بعد ملک بھر سے سیاح سوات پہنچ گئے ہیں۔

  • بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

    بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش

    اسلام آباد: ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہوگیا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، بعض علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے، کراچی میں درجہ حرارت 29 سینٹی گریڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر چمن اور گرد و نواح میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی ہورہی ہے جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں آج رات سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں میں طویل خشک سالی کے بعد بارش ہوگئی۔

    مینگورہ، کالام، مالم جبہ اور مرغزار میں بھی بارشیں جاری ہیں جس سے موسم مزید سرد ہوگیا، مالم جبہ اور کالام میں برفباری کا بھی امکان ہے جس کے بعد سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

    بابو سر ٹاپ کو شدید برف باری کے باعث گزشتہ مہینے ہی بند کیا جاچکا ہے، بابو سر ٹاپ اب اگلے برس مارچ میں کھلے گا۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں درجہ حرارت 21 سینٹی گریڈ ہے۔

  • سردی کی آمد، سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں اضافہ

    سردی کی آمد، سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں اضافہ

    پشاور: سردی کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ بالائی علاقوں کی آبادیوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے بالائی علاقے کالام سمیت دیگر علاقوں میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی سیلاب سے بری طرح متاثر مقامی آبادی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

    سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی فراہمی میں سردیوں کو مد نظر رکھا جائے، اور موسم کے حوالے سے ضروری اشیا کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔

    سردی سے بچاؤ کے سامان میں رضائی، سرانہ، تکیہ، مردانہ و زنانہ گرم شالیں، ہائی جین کٹس، جرابیں، گرم کوٹ اور بچوں کے گرم سوٹ وغیرہ شامل ہیں۔

    برداشت آرگنائزیشن خیبر پختون خوا اور مردان اینڈیور لائینز کلب کی جانب سے سردیوں سے بچاؤ کا امدادی سامان کالام کے متاثرہ علاقوں اتروڑ، کالام، گاؤں بان پالبر، لائیکوٹ پشمال، چم گھڑی، اور پشمال بوڈے کمر کے 300 متاثرین میں نجی ادارے افکو کے تعاون سے امدادی سامان تقسیم کیا۔

    اس موقع پر پاکستان آرمی اور ایف سی کے آفیسر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، ادارے کی چیئرپرسن نیلم طورو نے کہا متاثرہ بالائی علاقوں میں خواتین اور بچوں کو امدادی سامان کی بہت ضرور ہے۔

  • اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    گلگت بلتستان: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے برف باری جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلی صبح تک برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔

    اسکردو شہر کا درجہ حرارت منفی 8، بالائی علاقوں میں منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کو بر وقت اقدامات کا خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

    رواں موسم سرما میں یہ اب تک کی شدید برف باری ہے، برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، بالائی علاقوں کے راستے بھی شدید برف باری سے بند ہو گئے ہیں، اسکردو گلگت روڈ بھی بند ہو چکا ہے۔

    شمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری رک گئی ہے، چمن میں منفی 3، کوژک ٹاپ میں منفی 7، دوبندی میں منفی 5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی ہے، برف باری اور بارشوں سے کچے مکانات اور دیواریں گر گئی ہیں، چمن میں مکانات کے گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو چکے ہیں، مواصلاتی نظام بھی متاثر ہے، بجلی متعدد علاقوں میں 3 روز سے غائب ہے۔

    مستونگ میں بھی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں ، دشت، اسپلنجی اور دیگر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے، کوئٹہ کراچی شاہراہ لکپاس کے مقام پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے جزوی بحال کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں مالاکنڈ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چترال میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لواری کے مقام پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے، وادی کیلاش، دروش، گرم چشمہ روڈ اور چترال بونی روڈ شدید برف باری سے بند ہیں۔ شانگلہ میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سوات سمیت بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات سمیت بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں میں 4.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں دیر بالا، سوات، وادی نیلم اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.7 تھی، زلزلے کا مرکز چلاس سے 58 کلو میٹر دور اور گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔

    زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ سال گزشتہ کے آخری دن گلگت بلتستان کے قصبے چلاس میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی اور شاہراہ بند ہوگئی۔

    چلاس کے علاوہ خیبر پختونخواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز مینگورہ سے 260 کلو میٹر شمال مشرق اور گہرائی 42 کلو میٹر تھی۔

  • چلاس میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد

    چلاس میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد

    چلاس: گلگت بلتستان کے قصبے چلاس میں رات گئے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ بند ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہراہ قراقرم پر واقع قصبے چلاس میں رات گئے آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ سے گونر فارم گھندلو کے مقام پر شاہراہ بند ہو گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی بندش سے سیکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خواہ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں اور پہاڑی سلسلوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی تھی، جس کا مرکز مینگورہ سے 260 کلومیٹر شمال مشرق اور گہرائی 42 کلو میٹر تھی۔

    خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں 5.6 شدت کا زلزلہ

    ادھر بالائی علاقوں میں ریکارڈ توڑ سردی پڑ رہی ہے، اسکردو فریز ہو گیا ہے، پارا منفی 28 تک گر گیا، خیبر پختون خوا، پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند، موٹر وے اور دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی ہے، بلوچستان میں بھی برفیلی ہواؤں کا گشت ہے، کوئٹہ سے ہوائیں کراچی آنے پر شہر میں سردی بڑھنے لگی ہے۔

    دریائے شیوک جو منجمد ہو گیا ہے

    ملک بھر میں کڑاکے کی سردی کے ساتھ اسکردو میں سردی نے 20 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، جھیلیں، آبشار، ندی نالے جم گئے ہیں، کوئٹہ منفی 2، قلات منفی 5، زیارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا، خون جما دینے والی سردی میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری

    ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری، مالم جبہ، سوات، مانسہرہ، شانگلہ میں پہاڑوں پرسفید چادر بچھ گئی، بونیر، لکی مروت،موسیٰ خیل اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں اکثر مقامات پر جبکہ شمالی بلوچستان، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر کے اضلاع اور اسلام آباد میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں نومبر کے آخری ہفتے میں سردی کی لہر میں اضافے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم ابر آلود اور سرد رہا تاہم شمالی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخواہ، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان، اسلام آباد اور کشمیر کے اضلاع میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش جیوانی، 15، نوکنڈی، 8، گودار، 1، پارا چنار 10، مالم جبہ 2، بالاکوٹ 2، چترال 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

  • ملک کےبالائی اورشمالی علاقوں میں زلزلہ

    ملک کےبالائی اورشمالی علاقوں میں زلزلہ

    اسلام آباد:ملک کےبالائی اور شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کامرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کاپہاڑی سلسلہ تھا۔

    تفصیلات کےمطابق اسلام آباد،لاہور،راولپنڈی،غذر اور نوشہرہ سمیت پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیےگئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 180 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش ریجن تھا۔ زلزلہ رات 4 بجکر5 منٹ پرآیا۔


    افغانستان کے اسلحہ ڈپو میں دھماکہ


    یاد رہےکہ اس سے قبل رات گئےافغانستان کے پاکستان سے منسلک سرحدی علاقے اسپین بولدک میں اسلحہ کے ڈپو میں آتشزگی کے باعث دھماکے سنے گئے جس کے نتیجے میں پاکستان کا سرحدی علاقہ چمن لرز اٹھا۔

    افغان سیکورٹی ذرائع کے مطابق  دھماکے افغان فورسز کے اسلحہ ڈپو میں ہوئے،ان دھماکوں کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ پورا علاقہ لرز اٹھا جبکہ دھماکوں سے اٹھنے والے بلند شعلے دور دور تک دیکھے گئے۔

    واضح رہےکہ دھماکوں میں آبادی کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں جبکہ نیٹو اورافغان فورسزنےعلاقےکامحاصرہ کرلیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں