بھارت: بالی ووڈ اداکارہ ملیکہ شیراوت نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ‘ویلکم’ کے سیٹ پر اداکارہ کی توجہ حاصل کرنے کے لیے نانا پاٹیکر اور انیل کپور جھگڑا کرتے تھے۔
بالی ووڈ اداکارہ ملیکہ شیراوت نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹر ویو دیا جہاں انہوں نے اپنی ماضی کی فلموں کے حوالے سے گفتگو کی۔
اداکارہ نے اس انٹرویو میں 2007 میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم ‘ویلکم’ کے سیٹ پر ہونے والے دلچسپ قصوں کا تذکرہ بھی کیا۔
ملکہ شیراوت نے بتایا کہ اداکار انیل کپور اور سینئر اداکار نانا پاٹیکر میری توجہ حاصل کرنے کیلئے جھگڑا کرتے تھے اور میں خود کو بہت خاص محسوس کرتی تھی، وہ دونوں بہت اچھے انسان اور اداکار ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ دبئی میں ہوئی تھی اس دروان وہاں بہت گرمی تھی اور ہمارا میک اپ بھی خراب ہو رہا تھا لیکن اس بات کی کسی کو بھی فکر نہیں تھی، بس ہر کوئی جلد سے جلد شوٹنگ مکمل کرکے گھر جانا چاہتا تھا۔
واضح رہے کہ فلم ‘ویلکم’ کی کاسٹ میں اداکار انیل کپور، اکشے کمار، نانا پاٹیکر، اداکارہ کترینہ کیف اور ملیکہ شیراوت سمیت دیگر اداکار بھی شامل تھے۔
بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے اور اداکار ابھیشیک بچن کی طلاق کی افواہیں گردش دم توڑنے لگیں، اداکارہ پچن ہاؤس پہنچ گئیں۔
اپریل 2007 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے ابھیشیک اور ایشوریا کا رشتہ ان دنوں مشکل وقت سے گزر رہا ہے اور اس بات کا دعویٰ بھارتی میڈیا کی جانب سے گزشتہ برس سے کیا جارہا ہے۔
حال ہی میں طلاق کی خبروں سے متعلق بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ابھیشیک بچن نے کہا تھا کہ آپ لوگوں کو اپنی ویب سائٹس یا اخباروں کے لیے اسٹوریز چاہیے ہوتی ہیں، کوئی بات نہیں ہم سلیبریٹیز ہیں اور ہمیں یہ سب برداشت کرنا پڑے گا، ساتھ ہی اداکار نے اپنی شادی کی انگوٹھی دکھائی اور کہا تھا کہ ’’دیکھیں، میں اب تک شادی شدہ ہوں ‘‘۔
اس سے قبل ایشوریا رائے کے بچن ہاؤس چھوڑنے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں اور امیتابھ بچن نے اپنی بہو کو سوشل میڈیا سے اَن فالو بھی کردیا تھا۔
تاہم ان تمام خبروں کے بعد بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن کی بہو اور اداکارہ ایشوریا رائے اپنی بیٹی کے ہمراہ اپنے سسرال پہنچ گئیں جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشوریا کی ویڈیو گزشتہ روز کی ہے، ویڈیو میں ایشوریا کو گرین سوٹ اور آرادھیا کو اسکول کے یونیفارم میں دیکھا گیا۔
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کی ویڈیو پر شوہر ظہیر اقبال کے کمنٹ نے سب کو حیران کردیا۔
بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے، جس میں وہ میک اپ کر رہی ہیں اور شادی کے بعد ڈیٹ نائٹ کے لیے تیار ہوتی نظر آ رہی ہیں۔
اداکارہ کی اس ویڈیو کو جہاں ان کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا اور مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے وہی ان کے شوہر اداکار ظہیر اقبال نے بھی دلچسپ کمنٹ کیا ہے۔
ظہیر اقبال نے پہلے کمنٹ میں لکھا کہ ’میرے ساتھ دھوکہ ہوا ہے مائی لارڈ‘ دوسرے کمنٹ میں انہوں نے لکھا، ‘اس میں کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے، آپ ہمیشہ مجھ سے پہلے تیار ہوجاتی ہیں۔ یہ چیٹنگ ہے‘ اس کے ساتھ انہوں نے ہنسنے والا ایموجی بھی شیئر کیا ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ سوناکشی سنہا نے اپنے دیرینہ دوست ظہیر اقبال سے شادی کا اچانک اعلان کرکے مداحوں کو دنگ کردیا وہیں 23 جون کو سول میرج ایکٹ کے تحت شادی کو رجسٹرڈ کرکے سوناکشی اور ظہیر نے اپنی خوبصورت ازدواجی زندگی کا آغاز کیا۔
سونا کشی اور ظہیر اقبال کی اس شادی میں سنہا خاندان سمیت انڈسٹری سے کئی لوگوں نے شرکت کی لیکن دلہنیا کے دونوں بھائی لو سنہا اور کش سنہا اس شادی میں کہیں نظر نہ آئے۔
23 جون کی شب کو ہی اس جوڑے کی شادی کی خوشی میں شاندار استقبالیہ منعقد کیا گیا جس میں نہ صرف مہمانوں نے جم کر جشن منایا بلکہ نوبیاہتا دلہن اور دولہا کے پرجوش رقص کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی دکھائی دیں۔
سوناکشی سنہا نے حال ہی میں ای ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شادی کے بعد اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ظہیر سے شادی کرنا انہیں گھر لوٹنے جیسا لگتا ہے، کیونکہ اب انہیں ظہیر کے ساتھ زیادہ معیاری وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے
ممبئی: جمعہ کو ممبئی کی ایک سیشن عدالت نے پرویز خان کو 2011 میں اپنی سوتیلی بیٹی اور بالی ووڈ اداکارہ لیلیٰ خان، ان کی والدہ اور ان کے 4 بہن بھائیوں کے قتل کے الزام میں سزائے موت سنا دی۔ مقدمے میں نامزد ایک اور ملزم اب بھی فرار ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ کیس ’نایاب ترین کیسز‘ کے زمرے میں آتا ہے، جج نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس جدید مہذب معاشرے میں انسان کے ایک مکمل طور پر وحشیانہ فعل کی عکاسی کرتا ہے، کُل 6 قتل، یعنی شیلینا پٹیل کا پورا خاندان مارا گیا۔
ہولناک کہانی کیا ہے؟
یہ ہولناک کہانی تیسرے شوہر کی خوف ناک سازش پر مبنی ہے جس نے نہایت بے دردی کے ساتھ 6 افراد کو قتل کیا تاکہ بیوی کی جائیداد اس کے ہاتھ سے نہ نکل سکے۔
دراصل اس کہانی میں لیلیٰ خان کی موجودگی بہت اہم ہے، جنھوں نے 2002 میں کنڑ فلم ’میک اپ‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر راجیش کھنہ کے ساتھ فلم ’وفا‘ میں کردار ملنے پر ان کی قسمت بدل گئی، اور ان کا نام بھی لیلیٰ پٹیل سے لیلیٰ خان ہو گیا۔ وہ بالی ووڈ فلم ڈائریکٹر راکیش ساونت کے ساتھ اپنی دوسری فلم ’جنت‘ کی شوٹنگ کر رہی تھیں، کہ اس دوران 30 جنوری 2011 کی رات کو لیلیٰ اپنی والدہ شیلینا، بڑی بہن ازمینہ، جڑواں بہن بھائیوں عمران اور زارا اور کزن بہن ریشما کے ساتھ ممبئی سے 126 کلومیٹر دور اگت پوری میں اپنے فارم ہاؤس سے اچانک غائب ہو گئیں۔
پرویز ٹاک اور شیلینا پٹیل
غائب ہونے سے پہلے لیلیٰ خان کی والدہ شیلینا نے آخری بار اپنی بہن البانا پٹیل سے بات کی تھی، اور بتایا تھا کہ وہ اپنے تیسرے شوہر پرویز اقبال ٹاک کے ساتھ ہیں۔
لیلیٰ کے والد نادر شاہ پٹیل (جو شیلینا کے پہلے شوہر تھے) نے ممبئی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی کہ اس کا پورا خاندان لاپتا ہو گیا ہے، انھوں نے شکایت میں لکھا کہ پرویز ٹاک اور اس کے ساتھی آصف شیخ (شیلینا کا دوسرا شوہر) نے لیلیٰ اور دیگر کو اغوا کیا ہے، اسی طرح کی شکایت بالی ووڈ فلم ڈائریکٹر راکیش ساونت نے بھی درج کرائی تھی کیوں کہ ان کی فلم کی شوٹنگ جاری تھی۔ اس طرح یہ کیس ہائی پروفائل بنا، اور پولیس نے بھی اس پر خصوصی توجہ دی۔
ایک سال بعد لاشیں ملیں
تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ فارم ہاؤس پر اس خاندان کے ساتھ تیسرا شوہر پرویز اقبال ٹاک موجود تھا، ایک سال بعد ممبئی پولیس نے فارم ہاؤس سے پورے لاپتا خاندان کی لاشیں برآمد کر لیں، جب کہ پرویز ٹاک بھرپور تلاش کے باوجود پولیس کے ہاتھوں نہ آ سکا۔
پرویز ٹاک مہاراشٹر سے تقریباً 2000 کلومیٹر دور جموں و کشمیر میں چھپا ہوا تھا، اس کی گرفتاری کی کہانی بھی کم دل چسپ نہیں، اگر وہ نہ پکڑا جاتا تو شاید یہ معاملہ راز ہی رہتا۔ 2011 میں پرویز اقبال ٹاک کو جموں و کشمیر پولیس نے دھوکا دہی کے ایک کیس میں گرفتار کیا، رفتہ رفتہ بات کھلنے لگی اور پولیس نے اس سے لیلیٰ خان و دیگر سے متعلق تفتیش شروع کر دی، آخرکار اس نے قتل کا اعتراف کر ہی لیا۔
پرویز ٹاک نے پولیس کو بتایا کہ اس نے لیلیٰ اور اس کے خاندان کو مہاراشٹر میں ہی فارم ہاؤس کے اندر ہی لوہے کے راڈ مار کر قتل کیا تھا، اور پھر ان سب کی لاشیں وہیں گڑھا کھود کر دفن کر دیں، اس پر پولیس نے فارم ہاؤس سے لیلیٰ، شیلینا اور ان کے کنبے کے افراد کے ڈھانچے برآمد کر لیے۔
قتل کی وجہ
قاتل نے بتایا کہ جائیداد کو لے کر ان کا جھگڑا ہوا تھا، جس پر اس نے بیوی شیلینا کو قتل کر دیا، پھر لیلیٰ اور اس کے چار بہن بھائیوں کو بھی قتل کر دیا، کیوں کہ وہ سب اپنی ماں کے قتل کے عینی شاہد تھے۔
پولیس کے مطابق پرویز ٹاک کو لگا تھا کہ شیلینا اور اس کا خاندان جلد ہی ممبئی چھوڑ کر دبئی شفٹ ہو جائیں گے اور وہ اسے ہمیشہ کے لیے ہندوستان میں چھوڑ دیں گے، اس نے اعتراف کیا کہ شیلینا اپنے دوسرے شوہر آصف شیخ کو اگت پوری میں واقع فارم ہاؤس کا گارڈین بنانا چاہتی تھی، اورشیلینا نے پاور آف اٹارنی بھی تیار کر والی تھی، اس کے علاوہ پرویز کو شیخ کے ساتھ شیلینا کی بڑھتی ہوئی قربت بھی پسند نہیں تھی۔
عدالت میں کیس
یہ کیس ممبئی کی سیشن کورٹ میں 2011 سے چل رہا تھا، لیلیٰ خان کے سوتیلے باپ پرویز ٹاک کو قتل کے الزام میں پولیس نے 2012 میں گرفتار کیا تھا اور تب سے وہ سلاخوں کے پیچھے ہے، اس کیس میں 40 کے قریب گواہوں نے بیان قلم بند کرایا۔
اب گزشتہ روز 24 مئی کو اداکارہ لیلیٰ خان اور ان کے اہل خانہ کے قتل کیس میں سوتیلے باپ پرویز اقبال ٹاک کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک نئی لگژری کار خریدی ہے جس کی قیمت پاکستانی کرنسی میں 8 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کو ممبی میں اپنی نئی مرسیڈیز میں سفر کرتے ہوئے دیکھا گیا، انہیں سفید لباس میں ملبوس سیلون سے نکلیں اور اپنی چمچماتی گاڑی میں سوار ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ کنگنا کی اس نئی گاڑی کی قیمت تقریباً دو کروڑ 40 لاکھ بھارتی روپے ہے جو پاکستانی کرنسی میں آٹھ کروڑ سے زائد کی رقم بنتی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں کنگنا رناوت نے سیاست میں قدم رکھنے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی اور ہماچل پردیش میں منڈی حلقہ سے الیکش لڑنے کا اعلان کیا۔
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل ملائکہ اروڑا نے اپنے سابق شوہر ارباز خان اور اُن کی فیملی کے ساتھ ڈنر کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان سے طلاق کے بعد پہلی دفعہ ملائکہ اروڑا اپنے سابقہ سُسرالیوں کے ساتھ منظر عام پر آئی ہیں، گزشتہ شب ارباز خان کی فیملی کی طرف سے ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں اداکارہ نے شرکت کی۔
اس ڈنر کا اہتمام ملائکہ اور ارباز خان کے بیٹے ارہان کے نئے پوڈ کاسٹ کے ٹریلر کی خوشی میں کیا گیا جس میں ان کے خاندان کے افراد کے علاوہ دیگر مشہور شخصیات نے بھی شرکت کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس فیملی ڈنر میں ارباز خان کی پوری فیملی اور دوسری اہلیہ شوریٰ خان نے شرکت کی تھی جبکہ ملائکہ اروڑا بھی اپنی والدہ، بہن امریتا اروڑا اور بھانجے کے ہمراہ فیملی ڈنر میں شرکت کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان اور ارباز خان کے والد سلیم خان میڈیا کے فوٹوگرافرز کے سامنے پوز دے رہے ہیں جبکہ ملائکہ اروڑا پیچھے اپنی والدہ کے ساتھ کھڑی ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، اس جوڑی کا بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔
پہلی شادی میں ناکامی کے بعد ارباز خان نے دسمبر 2023 میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ خان سے دوسری شادی کی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ وینا کپور کو ان کے اپنے بیٹے نے بیس بال بیٹ مار کر قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سینئر اداکارہ وینا کپور کو ان کے بیٹے نے جائیداد کی لالچ میں موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، پولیس نے بتایا کہ اداکارہ کے بیٹے 43 سالہ سچن کپور نے منگل کی صبح بیس بال کی بیٹ سے مار کر 74 سالہ ماں اور اداکارہ وینا کپور کو ہلاک کر دیا۔
سٹی پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ جوہو میں واقع ایک جائیداد کے تنازعہ پر سچن کپور نے اپنی ماں وینا کپور کا قتل کرنے اور متھیران کے پہاڑی اسٹیشن کے قریب لاش کو ٹھکانے لگانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جوہو پولیس نے بدھ کے روز اداکارہ وینا کپور کی لاش نیرل متھیران روڈ پر واقع ایک گھاٹی سے برآمد کی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وینا کپور کے بیٹے سچن کپور نے مبینہ طور پر منگل کی صبح اپنے گھریلو ملازم کی مدد سے ماں کو بیس بال کے بیٹ سے مار کر ہلاک کیا۔
اداکارہ کے قتل کے الزام میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے، پولیس کے مطابق سچن کپور بے روزگار ہے، ماں کے ساتھ اس کا جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ دونوں ماں بیٹے ایک عدالت میں جائیداد پر مقدمہ بھی لڑ رہے تھے۔
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کی اپنے ننھے مداح کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ کی ببیتا کماری آجکل اپنی نئی آنے والی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ سلمان خان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کریں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے اپنے ننھے مداح کے ساتھ تصویر شیئر کی جس میں دونوں سرخ رنگ کی جرسی پہنے ہوئے تھے جس پر دونوں کے نام درج تھے، اس بچے کے حوالے سے مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کترینہ نے یہ تصویر اداکار سدھارتھ ملوتھرا کی سالگرہ کے موقع پر لی جس کی تقریب گزشتہ روز منعقد کی گئی تھی، سالگرہ کی تقریب میں نامور شخصیات اور ہدایت کار کرن جوہر، سوناکشی سنہا، جیکولین فرنینڈس سمیت دیگر لوگ شریک تھے۔
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان والدہ امریتا سنگھ کے ہمراہ مٹھائی بانٹنے مکتیشور مندر پہنچیں جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کیدر ناتھ سے بالی ووڈ میں اپنے سفر کا آغاز کرنے والی اداکارہ سارہ علی خان کے لیے سال 2018 کافی خوشگوار ثابت ہوا ہے۔
سارہ علی خان کی پہلی فلم کیدرناتھ میں مداحوں نے ان کی اداکاری کو پسند کیا اور دو روز قبل ریلیز ہونے والی فلم سمبا کو بھی مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سارہ علی خان جہاں مٹھائی بانٹنے میں مصروف ہیں وہیں مداح ان کی اور رنویر سنگھ کی فلم سمبا کی تعریف کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
سارہ علی خان جب مکتیشور مندر پہنچیں تو انہوں نے سفید رنگ کا شلوار قمیص زیب تن کیا ہوا تھا، سارہ کے ہمراہ ان کی والدہ امریتا سنگھ بھی موجود تھیں جنہوں نے کالے رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔
فلم سمبا کو بھارت سمیت دنیا بھر میں 4020 سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے، فلم نے دوسرے دن 22 کروڑ کا بزنس کیا جبکہ دو دنوں میں فلم کا بزنس 45 کروڑ تک جا پہنچا ہے۔
رنویر اور سارہ علی خان کی فلم سمبا کی ہدایت کاری کے فرائض روہت شیٹھی نے انجام دئیے ہیں جبکہ فلم معروف فلم ساز کرن جوہر کی پیش کش ہے۔
سارہ علی خان کو ابتدائی دو فلموں کی کامیابی کے بعد تیسری فلم میں ٹائیگر شیروف کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے کی پیش کش کی گئی ہے۔
ہدایت کار ساجد نڈیاڈ والا نے فلم باغی کے تیسرے سیکوئل کے لیے سارہ علی خان کو منتخب کیا ہے، فلم باغی کے پہلے سیزن میں اداکارہ شردھا کپور نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جبکہ دوسرے سیکوئل میں اداکارہ دیشا پٹانی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
ممبئی : بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ زرین خان نے اپنی سابقہ خاتون منیجر کیخلاف مقدمہ درج کرادیا، ان کا کہنا ہے کہ انجلی اتھ نے انہیں نازیبا میسیجز بھیج کر ہراساں کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 31سالہ بھارتی اداکارہ زرین خان نے ممبئی کے کھار پولیس تھانے میں مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں ان کی سابقہ منیجر انجلی اتھ کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں مدعی زرین خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابقہ مینیجر انجلی اتھ کی جانب سے رقم کے لین دین کے معاملے پر مجھ کو انتہائی نازیبا پیغامات بھجوائے گئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، جس کی وجہ سے میرے خلاف انڈسٹری میں بے ہودہ اور اور نازیبا افواہیں گردش کررہی ہیں۔
زرین خان کا مزید کہنا ہے کہ ان الزامات کی وجہ سے میری ساکھ خراب ہوئی ہے اور وہ اب بھی میرے نام پر لوگوں سے رقم بٹور رہی ہے۔
اس حوالے سے زرین خان کے وکیل رضوان صدیقی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خاتون کی عزت اور ساکھ بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے اس لیے کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں ہونی چاہئے کہ وہ کرادار کشی پر اتر آئے۔
علاوہ ازیں ممبئی پولیس نے بھی مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معاملے کی تفتیش کے بعد ہی حتمی نتیجے پر پہنچ کر ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ اس منیجر نے ان کو کس طرح کے پیغامات بھیجے یا دھمکیوں کی کیا نوعیت ہے۔