Tag: بالی ووڈ

  • گٹکا مین کہے جانے پر سنیل شیٹھی برہم

    گٹکا مین کہے جانے پر سنیل شیٹھی برہم

    معروف بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹی گٹکا مین کہے جانے پر سوشل میڈیا صارف پر برہم ہوگئے، صارف نے گٹکے کا اشتہار کرنے پر معروف اداکاروں کو شرمندہ کیا اور غلطی سے سنیل شیٹھی کو بھی ٹیگ کردیا۔

    بھارتی سوشل میڈیا صارفین گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور اکشے کمار سے نالاں تھے اور ان تینوں بالی ووڈ اداکاروں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے تاہم غلطی سے ایک صارف نے اکشے کمار اور شاہ رخ خان کو تو ٹیگ کیا مگر اجے کی جگہ پر سنیل شیٹی کو ٹیگ کر ڈالا۔

    اس پر سنیل شیٹی سوشل میڈیا صارف پر برس پڑے اور انہوں نے غصے میں ردعمل بھی دیا۔

    اداکار نے لکھا کہ بھائی آپ اپنا چشمہ ایڈجسٹ کرلیں یا پھر بدل دیں۔

    بعد ازاں مذکورہ صارف نے سنیل شیٹی سے معذرت کی اور پھر کہا کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔

    مذکورہ صارف نے شاہ رخ خان، اکشے کمار اور اجے دیوگن کے لیے لکھا تھا کہ اس طرح کے اشتہارات میں کام کرنے پر آپ کے بچوں کو آپ پر شرمندہ ہونا چاہیئے۔

  • دپیکا پڈوکون کو فلموں میں ناکامی کا ڈر کیوں تھا؟

    دپیکا پڈوکون کو فلموں میں ناکامی کا ڈر کیوں تھا؟

    معروف بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کا کہنا ہے کہ کیریئر کے شروع میں انہیں ڈر تھا کہ اپنے لہجے کی وجہ سے وہ فلموں میں ناکام ہوجائیں گی۔

    حال ہی میں ایک انٹرویو میں دپیکا پڈوکون نے انکشاف کیا کہ کیریئر کے آغاز میں انہیں ان کے جنوبی بھارتی لہجے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا اور انہیں خدشہ تھا کہ انہیں ان کے بولنے کے انداز کی وجہ سے مسترد کردیا جائے گا۔

    دپیکا پڈوکون کی پیدائش اگرچہ یورپی ملک ڈنمارک میں ہوئی، تاہم ان کے والدین کا تعلق بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک سے ہے۔ ان کے والدین انڈو آرین نسل کے ہیں اور ان کا تعلق بنگلورو سے ہونے کی وجہ سے دپیکا پڈوکون کے بول چال میں بھی وہاں کا اثر ہے۔

    دپیکا نے سنہ 2007 میں انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ اوم شانتی اوم سے اپنے بولی ووڈ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

    دپیکا پڈوکون کے مطابق انہیں شک تھا کہ ان کے لہجے کی وجہ سے انہیں اہمیت نہیں دی جائے گی اور جنوبی بھارتی لہجے کی وجہ سے ان کا بالی وڈ کیریئر آگے نہیں بڑھے گا۔

    اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا کہ انہوں نے فلم انڈسٹری میں کبھی صنفی تفریق کا سامنا نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے کبھی مرد و خاتون کا موازنہ کیا اور نہ اس مسئلے کو اہمیت دی۔

    اداکارہ نے ہالی ووڈ میں مختلف نسلوں اور طبقات سے تعلق رکھنے والی افراد کو کاسٹ کیے جانے کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ ابھی ہالی ووڈ میں مختلف نسل اور خطوں کے لوگوں کو کاسٹ کرنے یا انہیں مواقع دیے جانے کا معاملہ ابتدائی سطح پر ہے۔

    ان کے مطابق کسی بھی سیاہ فام یا ایشیائی شخص کو کسی ہالی ووڈ فلم میں کاسٹ کرنے یا انہیں موقع دینے کو مختلف نسل اور طبقات کے لوگوں کو اہمیت دینا نہیں کہا جا سکتا۔

  • شاہ رخ خان کی نئی فلم کی پہلی جھلک ریلیز

    شاہ رخ خان کی نئی فلم کی پہلی جھلک ریلیز

    بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداحوں کا طویل انتظار اب ختم ہونے کو ہے، ان کی نئی فلم ‘ڈنکی’ کی پہلی جھلک ریلیز کر دی گئی۔

    تقریباً چار سال سے شاہ رخ خان کے مداح جن لمحات کا انتظار کر رہے تھے وہ اب آنے والے ہیں، شاہ رخ نے بڑے پردے پر واپسی کا سوشل میڈیا پر اعلان اپنی نئی فلم کی خوش خبری کے ساتھ کیا ہے۔

    اگرچہ فلم ‘پٹھان’ کی تاریخ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے، تاہم اب ایک ایسی فلم کا اعلان کیا گیا ہے، جو ہندی سینما کو سمجھنے والوں میں سنسنی اور جوش پیدا کر سکتی ہے، وجہ یہ ہے کہ کئی بہترین فلموں کے ہدایت کار راج کمار ہیرانی اور شاہ رخ خان پہلی بار ایک فلم لے کر آ رہے ہیں، جس کا نام ہوگا ’ڈنکی Dunki‘۔

    شاہ رخ خان نے ایک ٹویٹ کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ راج کمار ہیرانی سے فلم کے بارے میں بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔

    شاہ رخ نے لکھا ڈیئر راج کمار ہیرانی سر، آپ میرے سانتا کلاز نکلے، آپ شروع کرو میں ٹائم پر پہنچ جاؤں گا۔ بلکہ میں تو سیٹ پر ہی رہنے لگوں گا۔ میں آخر کار آپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔ میں 22 دسمبر 2023 کو آپ سب کے لیے ڈنکی لے کر آرہا ہوں۔

    بالی ووڈ کو تھری ایڈیٹس، پی کے، سنجو اور منا بھائی ایم بی بی ایس جیسی سپر ہٹ فلمیں دینے والے راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بنے والی اس فلم ’ڈنکی‘ کی ریلیز کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے جو کہ 22 دسمبر 2023 میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

    راجو ہیرانی نے بھی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’شاہ رخ، ہم نے آخرکار ایک ساتھ فلم بنانے کا فیصلہ کر ہی لیا۔ اگلے سال کرسمس پر آپ سب سے سینما گھروں میں ملیں گے۔‘

    راجو ہیرانی نے اس ٹوئٹ میں تاپسی پنو کو بھی ٹیگ کیا ہے، فلم میں تاپسی پنو اہم کردار میں ہیں، تاپسی نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’آخر کار یہ ہو رہا ہے، شاہ رخ اور راجو ہیرانی کے ساتھ اپنی اگلی فلم ڈنکی کا اعلان کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘

    ڈنکی کی شوٹنگ اس مہینے شروع ہو گئی ہے، جب کہ اگلے شیڈول کی شوٹنگ پنجاب میں ہو رہی ہے، اس فلم کو راجو ہیرانی اور ابھیجیت جوشی نے لکھا ہے۔

    یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہوگی جب کہ ان کے مداحوں کو اب ’ڈنکی‘ کا بھی بے صبری سے انتظار ہے۔

  • ’پشپا‘ کو بھارتی پولیس نے جرمانہ کر دیا

    ’پشپا‘ کو بھارتی پولیس نے جرمانہ کر دیا

    بلاک بسٹر تیلگو فلم ‘پشپا’ کے ہیرو کو بھارتی پولیس نے جرمانہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ سرکٹ میں بھی ہلچل مچانے والی تیلگو فلم پشپا کے ہیرو اللو ارجن پر بھارتی ٹریفک پولیس نے جرمانہ کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سپر اسٹار اللو ارجن حیدر آباد شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، جس پر پولیس نے ان کا چالان کر دیا۔

    ‘پشپا’ اس وقت قانون کی گرفت میں آئے جب سڑک پر دوڑتی ایک گاڑی کو ٹریفک اہل کار نے شیشوں پر کلر شیڈز کے ساتھ دیکھا، اہل کار نے گاڑی کو اشارہ کر کے روک لیا، تو معلوم ہوا کہ اندر بلاک بسٹر فلم کے ہیرو اللو ارجن موجود ہیں۔

    ٹریفک پولیس نے ایمان داری سے ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے ان کا چالان کر دیا، معلوم ہوا ہے کہ ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر اللو ارجن کو 700 روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑا۔

    خیال رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے کار کے شیشوں پر کلر شیلڈ لگانے پر 2012 میں پابندی عائد کی تھی۔

    اللو ارجن اور ٹیم نے جولائی میں پشپا 2 کے پہلے شیڈول کے آغاز کی تیاری کر لی ہے، شائقین کو اس کی ریلیز کا شدت سے انتظار ہے، امکان ہے کہ یہ فلم 2023 کے موسم گرما میں ریلیز ہو۔

  • بالی ووڈ کے کنگ خان کس اداکار کے مداح ہیں؟

    بالی ووڈ کے کنگ خان کس اداکار کے مداح ہیں؟

    بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان تامل فلموں کے اداکار تھلاپتی وجے کے مداح نکلے، وجے کی نئی فلم پر انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فلم بیسٹ جسے ہندی زبان میں را کا ٹائٹل دیا گیا ہے، کا ٹریلر شیئر کیا۔

    شاہ رخ نے لکھا کہ وہ ہدایتکار اتلی کے ساتھ بیٹھے ہیں جو اداکار تھلاپتی وجے کے اتنے ہی بڑے مداح ہیں جتنے کہ وہ خود ہیں۔

    انہوں نے اپنے ٹویٹ میں فلم بیسٹ کی پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، انہوں نے لکھا کہ فلم کا ٹریلر بہت زیادہ معنی خیز، زبردست اور مضبوط لگتا ہے۔

    یاد رہے کہ اداکار تھلاپتی وجے اپنی نئی فلم بیسٹ کے ساتھ بڑے پردے پر جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں، اس فلم کا تامل زبان میں ٹریلر 3 اپریل کو ریلیز ہوا جبکہ فلم کا ہندی ٹریلر گزشتہ روز ریلیز کیا گیا ہے۔

  • رنبیر اور عالیہ کی شادی میں کون کون مدعو ہے؟

    رنبیر اور عالیہ کی شادی میں کون کون مدعو ہے؟

    نئی دہلی: بھارتی میڈیا میں اس وقت بالی ووڈ اداکاروں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی خبریں گردش میں ہیں اور اس حوالے سے نئی نئی تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔

    انڈیا ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو رواں ماہ کی 13 سے 17 تاریخ تک ہر قسم کی مصروفیات سے فارغ ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی 13 سے 17 اپریل کے درمیان کسی بھی دن ہو سکتی ہے اور مداحوں کو اس دن کا شدت سے انتظار ہے۔

    اب حال ہی میں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے شادی میں مدعو کیے جانے والے مہمانوں کی فہرست بھی حاصل کرلی ہے۔

    مہمانوں میں فلم انڈسٹری کے بے شمار نام شامل ہیں جیسے سنجے لیلا بھنسالی، ورون دھون، شاہ رخ خان، کرن جوہر، زویا اختر، ایان مکھرجی، ارجن کپور، منیش ملہوترا، نیتو کپور، کرینہ کپور، کرشمہ کپور، سیف علی خان، مہیش بھٹ، مکیش بھٹ، رنویر سنگھ، دپیکا پڈوکون اور ادیتیہ چوپڑا۔

    رپورٹس کے مطابق جوڑا رواں ماہ کے اختتام پر اپنی شادی کا گرینڈ ریسپشن دینے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔

  • اداکار نصیر الدّین شاہ کی وِگ اور سری دیوی کی ریہرسل!

    اداکار نصیر الدّین شاہ کی وِگ اور سری دیوی کی ریہرسل!

    نام وَر ہدایت کار رمیش سپی نے 1987ء میں اپنی فلم "زمین” کا آغاز کیا تھا جس میں ونود کھنہ، سنجے دت، رجنی کانت کے ساتھ نصیرالدّین شاہ بھی شامل تھے جو کچھ اختلافات کے بعد اس فلم سے الگ ہوگئے تھے۔

    یہ فلم بھی مکمل نہیں‌ ہوسکی تھی اور ریلیز نہیں‌ ہوئی، لیکن شائقینِ سنیما اور مداحوں کے لیے یہ امر دل چسپی کا باعث ہو گا کہ نصیر الدّین شاہ نے اس فلم میں‌ کام کرنے سے کیوں انکار کیا تھا۔

    فلم "زمین” ایک بڑے بجٹ کی فلم تھی جس میں ایک "وِگ” مسئلہ بن گئی اور نصیر الدّین شاہ اس سے الگ ہوگئے۔ اپنے ایک انٹرویو میں بالی وڈ کے اس نام وَر اداکار نے اس حوالے سے بتایا، "میرے ایک دوست نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ کمرشل فلموں میں کام کرنا ہے تو اپنا رول مت سنو، صرف یہ فیصلہ کرو کہ تمہیں کس پروڈیوسر اور کس ڈائریکٹر کے ساتھ کام کرنا ہے۔ مجھے اپنے دوست کا یہ مشورہ اچھا لگا۔ اس سے پہلے کمرشل فلموں کرما، غلامی اور مثال میں اپنا رول سن چکا تھا مگر جب فلمیں مکمل ہوئیں تو مجھے احساس ہوا کہ ایسی فلموں میں کام کرنے سے پہلے اپنا رول سننا کوئی ضروری بات نہیں۔ یہ تو ڈائریکٹر کے ہاتھ میں ہوتا ہے کہ وہ آپ کا رول کیا سے کیا کر دے۔”

    "رمیش سپی کے ساتھ کام کرنے کی مجھے خواہش تھی۔ میں نے کہیں سنا کہ فلم "زمین” میں نانا پاٹیکر جو رول کر رہا تھا وہ اس نے چھوڑ دیا ہے۔ مجھے مشورہ دیا گیا کہ یہ رول حاصل کرو، مگر میں نے منع کر دیا۔ کچھ دن بعد رمیش سپی نے مجھے اس رول کے لیے خود بلایا اور مجھ سے کہا کہ ایک نیگیٹو رول ہے۔ میں اس سے پہلے دو تین فلموں "مرچ مسالہ”، "بے زبان” اور "حادثہ” وغیرہ میں ایسے رول کر چکا تھا اور یہ رول کر کے مجھے خوشی ہوئی تھی۔ میں نے "زمین” کے لیے ہاں کہہ دی۔ صرف یہ سوچا کہ رمیش کی فلموں میں ولن کے رول ہمیشہ اچھے اور متاثر کن ہوتے ہیں، اس میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ ایک دن کی شوٹنگ کے بعد ہی مجھے اندازہ ہو گیا کہ اس رول میں وہ کچھ نہیں ہے جو میں نے سوچا تھا۔ جب سے میں نے یہ فلم چھوڑ دی تو مجھ پر الزام لگایا گیا کہ جس وقت سری دیوی ریہرسل کر رہی تھی میں میگزین پڑھ رہا تھا۔ اب آپ بتائیے کہ ہیروئن ڈانس کی ریہرسل کرے تو کیا ضروری ہے کہ ساتھی اداکار صرف ریہرسل دیکھتا رہے؟ خدا جانے ریہرسل کے دوران وہ مجھ سے کیا چاہتے تھے؟”

    "معاملہ وِگ کا بھی تھا۔ جو وِگ انھوں نے میرے لیے بنوائی تھی وہ مجھے پسند نہیں تھی اور جو میں نے بنوائی اسے انھوں نے ناپسند کیا۔ اس کے باوجود میں نے کہا کہ: ‘آپ باس ہیں، اگر کہیں گے تو آپ کی پسند کی وگ پہن لوں گا مگر سچی بات یہ ہے کہ اس وگ کو پہننا مجھے اچھا نہیں لگتا۔ یہ وِگ پہن کر میں پوری فلم میں دکھی رہوں گا۔’ شاید رمیش کو میری بات بری لگی۔ رمیش نے مجھ سے کہا: ‘آگے چل کر کوئی پرابلم نہ ہو، ایسا سوچیے’۔ میں نے جواب دیا: ‘میں نے آج تک سو (100) فلموں میں کام کیا ہے، سب سے پوچھیے کہ میں نے کس کا کتنا نقصان کیا ہے؟’…”

    "میں سمجھ گیا کہ میری بات سے انکار کیا جا رہا ہے۔ لہٰذا میں نے وِگ اتار کر پھینکی، رمیش سے ہاتھ ملایا اور چلا آیا۔ مجھے اس بات کا بہت افسوس ہے کہ میں رمیس سپی کے ساتھ کام نہ کر سکا مگر اس کی خوشی بھی ہے کہ اُس وِگ کے ساتھ میں نے ایکٹنگ نہیں کی۔”

    (ماخوذ از ماہنامہ "شمع” سنہ 1988ء)

  • انتہا پسند ہندوؤں کی سنیما میں گھس کر بالی ووڈ کے خانوں سے لوگوں کو بدظن کرنے کی کوشش

    انتہا پسند ہندوؤں کی سنیما میں گھس کر بالی ووڈ کے خانوں سے لوگوں کو بدظن کرنے کی کوشش

    نئی دہلی: انتہا پسند ہندو اب سنیماؤں میں گھس کر بالی ووڈ کے تین خانوں سے لوگوں کو بدظن کرنے کی کوشش کرنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت عروج پر ہے، ٹوئٹر پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہندو انتہا پسند ایک سنیما میں گھسے ہوئے ہیں اور لوگوں سے تینوں خانوں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    برسوں سے بالی ووڈ پر راج کرنے والے تین خان بھی مودی سرکار کے غنڈوں کے نشانے پر ہیں، بھارتی اسکالر اشوک سوائن نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شئیر کی ہے، جس میں سینیما گھر میں انتہا پسند گھس کر لوگوں سے بالی ووڈ کے تینوں خانوں کا بائیکاٹ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے، کہ کچھ لوگ خاموشی سے سیٹوں پر بیٹھے ہیں لیکن مودی سرکار کے انتہا پسند مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔

    کیا شاہ رخ خان اور گوری کی علیحدگی ہونے جارہی ہے؟

    ویڈیو میں انتہا پسندوں کی جانب سے نعرے بازی بھی کی جا رہی ہے، ان کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ کے تینوں خان یعنی سلمان خان، شاہ رخ خان، اور عامر خان ہمارا کلچر خراب کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ بھارتی کالجز میں مسلمان لڑکیوں کو حجاب کے حوالے سے ہراساں کیے جانے اور امتیازی سلوک کا معاملہ ابھی ٹھنڈا نہیں ہوا کہ انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے بالی ووڈ خانز کے خلاف بھی کارروائیاں شروع ہو گئی ہیں۔

  • کیا شاہ رخ خان اور گوری کی علیحدگی ہونے جارہی ہے؟

    کیا شاہ رخ خان اور گوری کی علیحدگی ہونے جارہی ہے؟

    بالی وڈ کنگ خان کی اہلیہ گوری خان نے شوہر سے علیحدگی کا اشارہ دے دیا ہے، گوری خان نے انسٹا گرام پر اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں تہلکہ خیز بیان جاری کیا ہے۔

    گوری نے شاہ رخ اور اپنی تصویر کے ساتھ لکھا کہ میں شاہ رخ کو چھوڑنا چاہتی ہوں۔

    گوری نے شو کافی ود کرن میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ شاید ہم نے شادی کے بارے میں فیصلہ جلدی کرلیا، لہٰذا میں نے بریک لے لی۔ وہ میرے بارے میں بہت حساس ہے جسے میں ہینڈل نہیں کرسکتی۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں وقت درکار ہے، وہ کئی بار ایسا کر چکی ہیں۔

    خیال رہے کہ اداکار شاہ رخ خان کی شادی گوری خان سے 25 اکتوبر 1991 میں ہوئی تھی، ان کے 2 بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

  • متنازعہ ہونے کے باوجود عالیہ بھٹ کی فلم کی ریکارڈ کمائی

    متنازعہ ہونے کے باوجود عالیہ بھٹ کی فلم کی ریکارڈ کمائی

    معروف بالی ووڈ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی متنازع فلم گنگو بائی کاٹھیا واڑی کا نام تبدیل کیے بغیر ہی اسے ریلیز کردیا گیا، جس نے پہلے ہی دن کمائی کا نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

    فلم کی ریلیز سے قبل بھارتی سپریم کورٹ نے فلم کی ٹیم کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے خلاف عدالتوں میں جاری متعدد کیسز سے بچنے کے لیے فلم کا نام گنگو بائی کاٹھیا واڑی سے تبدیل کردیں مگر ایسا نہ ہوسکا اور ٹیم نے پرانے ہی نام سے فلم پیش کردی۔

    بھارتی سپریم کورٹ نے 25 فروری کو گنگو بائی کاٹھیا واڑی کی ریلیز روکنے کے خلاف دائر کردہ درخواست کو بھی مسترد کیا۔

    عدالت نے درخواست دائر کرنے والے شخص بابو جی راؤ شاہ سے متعلق ثبوت بھی مانگے کہ دستاویزات پیش کیے جائیں، جن سے معلوم ہو کہ گنگو بائی نے انہیں گود لیا تھا۔

    بابو جی راؤ شاہ نے سپریم کورٹ میں خود کو گنگو بائی کے گود لیے بیٹے کے طور پر متعارف کرواتے ہوئے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

    مذکورہ فلم میں گنگو بائی کاٹھیا واڑی نامی ایک خاتون کا مرکزی کردار دکھایا گیا ہے، جو 1960 کی دہائی میں بھارتی شہر ممبئی میں جسم فروشی کا کاروبار کرنے سمیت منشیات اور پیسوں کے عوض قتل کے جرائم کی سربراہی کرتی رہی تھیں۔

    مذکورہ فلم کی کہانی قحبہ خانے پر جسم فروشی کرنے والی خاتون کی سیاست میں شمولیت کے گرد گھومتی ہے اور اس کی کہانی ایک کتاب سے ماخوذ ہے۔

    فلم کے خلاف گنگو بائی کاٹھیا واڑی کے گود لیے بیٹے بابو جی راؤ شاہ نے عدالت میں فلم کی نمائش پر پابندی لگانے کی درخواست دائر کی تھی۔

    ان کا مؤقف تھا کہ ان کی والدہ جسم فروش نہیں بلکہ سماجی رہنما تھیں مگر فلم میں ان کی والدہ کو طوائف کے طور پر دکھایا گیا ہے مگر عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حیران کن طور پر گنگو بائی کاٹھیا واڑی نے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی کرتے ہوئے 10 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی جو کہ کرونا کے دور میں ایک دن میں کسی بھی بولی وڈ کی سب سے بڑی کمائی ہے۔

    تجزیہ نگاروں کا خیال تھا کہ عالیہ بھٹ کی فلم زیادہ سے زیادہ 7 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوجائے گی مگر حیران کن طور پر فلم نے پہلے ہی دن 10 کروڑ 50 لاکھ روپے کمائے۔