Tag: بالی ووڈ

  • کنگنا کا ایک اور مضحکہ خیز بیان، سوشل میڈیا پر تنقید

    کنگنا کا ایک اور مضحکہ خیز بیان، سوشل میڈیا پر تنقید

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے خود کو عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز سے بہتر اسٹنٹ پرفارمر قرار دیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کنگنا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ایک پرانا مضمون شیئر کیا جو ان کی فلم منی کرنیکا کے بارے میں تھا، اس میں انہوں نے لکھا کہ لبرلز بہت پریشان ہیں، کیونکہ مشہور ایکشن فلموں کے ڈائریکٹر نے مجھے ٹام کروز سے بہتر کہا تھا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر انہوں نے 3 دفعہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی ہالی ووڈ اداکارہ میرل اسٹرپ کو اپنے آپ سے کمتر قرار دیا تھا۔

    اس حوالے سے بھی ایک ٹویٹ میں کنگنا نے لکھا کہ جو لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں کہ میں نے (میرل اسٹریپ کے مقابلے میں) کتنے آسکر ایوارڈ جیتے ہیں، وہ لوگ میرل اسٹریپ سے بھی جا کر پوچھیں کہ انہوں نے کتنے نیشنل یا پدم شری ایوارڈ جیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا ان کا جواب بھی کچھ نہیں ہوگا لیکن اس سے لوگوں کی غلام ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔

    ان کے اس قسم کے ٹویٹس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید و مذاق کا نشانہ بھی بنایا۔

    خیال رہے کہ کنگنا گزشتہ کچھ عرصے سے مستقل متنازعہ بیانات دیتی رہی ہیں جبکہ مودی سرکار کی پالیسیوں کی بھی کھل کر حمایت کرتی دکھائی دی ہیں۔

  • ایک اور اداکارہ بھارتی کسانوں کے حق میں بول اٹھیں

    ایک اور اداکارہ بھارتی کسانوں کے حق میں بول اٹھیں

    نئی دہلی: بھارت میں 2 ماہ سے جاری کسان احتجاج کی ایک اور اداکارہ نے حمایت کردی، اب تک زیادہ تر فنکار اس معاملے پر غیر جانبدار رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 26 سالہ بھارتی اداکارہ اور سپر ماڈل اروشی روتیلا نے کسانوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسان ہمارے ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

    اروشی روتیلا نے شملہ کے دورے کے دوران کہا کہ میں کسانوں کی حمایت کرتی ہوں کیونکہ وہ اپنے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ریحانہ نے بھارت میں کسانوں کے احتجاج کی حمایت کی تھی تو کئی بالی ووڈ اداکار آستینیں چڑھا کر ان پر جوابی حملے کرنے لگے تھے۔

    انہوں نے کسان احتجاج کو ڈرامہ اور سازش قرار دیا تھا۔

    بالی ووڈ اداکاروں کے اس رویے پر خود بھارتی عوام نے بھی تنقید کی اور کہا تھا کہ ان اداکاروں کو مودی سرکار کی جانب سے پیسہ دیا جارہا ہے جس کے بدلے یہ حکومت کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔

    سلمان خان سمیت بعض اداکار اس معاملے پر غیر جانبدار بھی رہے اور حالات صحیح سمت جانے کی خواہش کرتے نظر آئے۔

  • ’کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں‘

    ’کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں‘

    نئی دہلی: بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو معمول بنا رہی ہیں، اس طرح کے بارسوخ لوگ جب فرقہ واریت کو فروغ دینے میں حصہ بنتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نفرت اور تعصب کو نارملائز کر رہی ہیں۔

    ایک انٹرویو میں سوارا بھاسکر کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر کنگنا سے کوئی مسئلہ نہیں، لیکن وہ ایسے لوگوں کے خلاف ہیں جو اپنی پوزیشن کا استعمال نفرت پھیلانے کے لیے کرتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں سوارا بھاسکر نے کہا کہ میں نے ایک ساتھی اداکارہ کے طور پر ان کے ساتھ کام کیا اور وہ بہت قابل اداکارہ ہیں، لیکن جب بارسوخ لوگوں کو نفرت، تعصب اور فرقہ واریت کو نارملائز کرتے ہوئے دیکھتے ہیں تو بہت افسوس ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں کنگنا میں کوئی ذاتی دلچسپی نہیں ہے تاہم وہ ان سے نظریاتی اختلافات رکھتی ہیں، کنگنا جس طرح سے تعصب کو معمول بنانے کی طرف لا رہی ہیں میرے خیال میں یہ زہر ہے۔

    یاد رہے کہ سوارا بھاسکر اور کنگنا سنہ 2011 میں تنو ویڈز منو میں ایک ساتھ کام کرچکی ہیں، تاہم کچھ عرصے سے کنگنا نے سوارا بھاسکر کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا تھا، ایک موقع پر انہوں نے سوارا کو بی گریڈ اداکارہ بھی قرار دیا تھا۔

  • کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    کنگنا رناوت کو عدالت نے طلب کرلیا

    نئی دہلی: بھارت کے معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی درخواست پر ممبئی کی مقامی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کو طلب کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق جاوید اختر کے وکیل نے ممبئی کے اندھیری میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ایک درخواست جمع کروائی تھی جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کنگنکا رناوت نے نیشنل ٹیلی ویژن پر بیٹھ کر ان کے مؤکل کی تضحیک کی ہے۔

    عدالت نے درخواست پر جوہو پولیس کو معاملے کی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی، پولیس نے مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد مزید وقت مانگا۔

    ایک روز قبل پولیس نے عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کروادی جس کے بعد عدالت نے کنگنا رناوت کو طلب کرلیا گیا ہے، کنگنا یکم مارچ کو عدالت میں پیش ہوں گی۔

    یاد رہے کہ کنگنا رناوت سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹس اور مختلف انٹرویوز میں متنازعہ گفتگو کرتی رہتی ہیں، وہ اکثر ساتھی اداکاروں کو تضحیک اور تنقید کا نشانہ بنانے سے بھی باز نہیں آتیں۔

    علاوہ ازیں وہ مودی سرکار کے تمام شدت پسندانہ اقدامات کی کھل کر حمایت کرتی نظر آتی ہیں اور ان کے خلاف ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کو پڑوسی ممالک کے فنڈڈ شدہ قرار دیتی ہیں۔

  • دلیپ کمار کی طبیعت کیسی ہے؟ اہلیہ کا بیان سامنے آگیا

    دلیپ کمار کی طبیعت کیسی ہے؟ اہلیہ کا بیان سامنے آگیا

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار دلیپ کمار کی طبیعت کے حوالے سے ان کی اہلیہ سائرہ بانو کا بیان سامنے آگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 98 سالہ دلیپ کمار کی طبیعت ناسازی سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں تاہم اب ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے ان افواہوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر خیریت سے ہیں۔

    سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ لیجنڈری اداکار کو عمر کی مناسب سے کمزوری محسوس ہورہی ہے، باقی وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ ایسی کوئی بات نہیں کہ ان کی قوت مدافعت ختم ہو رہی ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس دلیپ کمار کے 2 بھائی اسلم خان اور احسان خان کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

    دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں میں 16 اگست کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد نہیں لیلاوتی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

    اسپتال میں دوران علاج دونوں بھائیوں کی حالت بگڑنے لگی اور پہلے اسلم خان کرونا کے باعث دم توڑ گئے بعد ازاں احسان خان بھی انتقال کر گئے تھے۔

  • بھارتی گلوکارہ کی پوسٹ وائرل، وجہ پاکستانی گانا

    بھارتی گلوکارہ کی پوسٹ وائرل، وجہ پاکستانی گانا

    نئی دہلی: بھارتی گلوکارہ نے پاکستانی گلوکاروں مومنہ مستحسن اور بلال سعید کا گانا نہایت خوبصورت انداز میں گنگنایا جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی گلوکارہ نوپور سینن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، ویڈیو میں وہ پاکستانی گلوکاروں مومنہ مستحسن اور بلال سعید کا گانا باری گنگنا رہی ہیں۔

    نوپور نے لکھا کہ انہیں اپنے مداحوں کی طرف سے بے شمار فرمائشیں موصول ہوئیں جس کے بعد وہ اپنا پسندیدہ گانا سنا رہی ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Nupur Sanon (@nupursanon)

    پنجابی زبان کا مذکورہ گانا گلوکارہ مومنہ مستحسن اور بلال سعید کا ہے جسے گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔ اس گانے کی شاعری، کمپوزیشن اور ہدایت کاری کے فرائض بھی بلال سعید نے ہی انجام دیے ہیں۔

    گانے کو دونوں پر عکسبند کیا گیا ہے جس میں دونوں کی جوڑی بے حد خوبصورت لگ رہی ہے۔

    نوپور نے یہ گانا گنگناتے ہوئے لکھا کہ انہیں اس گانے کی شاعری بے حد پسند ہے۔

    خیال رہے کہ نوپور معروف اداکارہ کریتی سنن کی بہن ہیں اور جلد ہی بالی ووڈ فلموں میں جلوہ گر ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں، وہ گلوکارہ بھی ہیں اور اکثر و بیشتر اپنے گانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتی رہتی ہیں۔

  • عرفان خان کی قبر پر لہلہاتے پھولوں نے مداحوں کو پھر سے غمزدہ کردیا

    عرفان خان کی قبر پر لہلہاتے پھولوں نے مداحوں کو پھر سے غمزدہ کردیا

    بالی ووڈ اداکار عرفان خان کو مداحوں سے بچھڑے 5 ماہ بیت گئے اور مداح اب بھی انہیں یاد کر کے اداس ہوجاتے ہیں، حال ہی میں ان کے دوست نے عرفان کی قبر کی تصویر پوسٹ کی جو پھولوں سے ڈھکی ہوئی تھی۔

    عرفان خان کے دوست اور بالی ووڈ اداکار چندن رائے سنیال عرفان خان کی قبر پر پہنچے اور اس کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں کل سے عرفان کو بہت یاد کر رہا تھا، اور اس بات پر خود کو کوس رہا تھا کہ میں 4 ماہ سے عرفان کی قبر پر نہیں گیا۔

    چندن نے لکھا کہ میں وہاں گیا تو عرفان وہاں اکیلا پھولوں کے درمیان محو آرام تھا۔

    انہوں نے عرفان خان کی قبر کی تصویر بھی پوسٹ کی جو پھولوں سے ڈھکی ہوئی تھی، ان کی پوسٹ نے عرفان کے مداحوں کو ایک بار پھر سے غمزدہ کردیا۔

    خیال رہے کہ عرفان خان 29 اپریل کو ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

    عرفان کو سنہ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے علاج کے لیے وہ لندن چلے گئے تھے، وہاں سے وہ ایک برس بعد لوٹے اور واپس آ کر اپنی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ مکمل کروائی۔

    انتقال سے چند روز قبل ان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا جس میں وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے تھے، بعد ازاں ان کی اپنی بھی طبیعت خراب ہوئی اور ایک رات آئی سی یو میں گزارنے کے بعد وہ داغ مفارقت دے گئے۔

  • الف سے ایکسٹرا

    الف سے ایکسٹرا

    الف سے ایکسٹرا ہوتا ہے اور ہوتی بھی ہے۔ یعنی ایکسٹرا مرد بھی ہوتے ہیں اور عورتیں بھی۔

    فلم میں جب کسی گلی محلے یا بازار کا سین دکھایا جاتا ہے تو اس میں چلنے پھرنے والے لوگوں کی اکثریت ایکسٹرا ہوتی ہے۔ وہ پان بیچنے والا ایکسٹرا ہے اور وہ جو دکان پر کھڑا ہو کر "ایک پونا کالا کانڈی” پان کی فرمائش کر رہا ہے وہ بھی ایکسٹرا ہے۔

    بادشاہ کے درباری ایکسٹرا ہوتے ہیں۔ وہ دربان جو لال رنگ کا چوغا پہنے سنہرے رنگ کی موٹھ والی چھتری ہاتھ میں لیے بادشاہ کے آگے چل رہا ہے اور بلند بانگ لہجے میں چلا رہا ہے: "باادب باملاحظہ ہوشیار” وہ بھی ایکسٹرا ہے۔

    کبھی کبھی بادشاہ بھی ایکسٹرا ہوتے ہیں۔ جیسے وہ آج کل اکثر ملکوں میں ہوتے ہیں۔ یعنی سنہری وردی پہنے تخت پر بیٹھے ہیں۔ مگر مجال نہیں کہ اپنی مرضی سے اپنے جوتے کا تسمہ بھی کھول سکیں۔

    مجھے آج کل کے بادشاہوں اور فلم کے ایکسٹرا لوگوں کو دیکھ کر بڑی ہم دردی ہوتی ہے مگر دراصل یہ لوگ کسی ہم دردی کے محتاج نہیں ہیں۔

    فلم کے ایکسٹرا فلمی دنیا میں سب سے کم کماتے ہیں۔ مہینے میں کسی کو پانچ دن تو کسی کو دس دن کام ملتا ہے۔ باقی دن یہ مانگے تانگے سے کس طرح چلاتے ہیں، بھگوان ہی بہتر جانتا ہے مگر پھر بھی یہ فلمی دنیا سے الگ نہیں ہو سکتے۔ کسی قیمت پر الگ نہیں ہو سکتے۔ اگر یقین نہ آئے تو کسی فلمی ایکسٹرا کو جو مہینے میں بڑی مشکل سے پچیس روپے کماتا ہے، پچاس روپے کی دربانی پیش کر کے دیکھ لیجیے۔ وہ ٹھوکر مار دے گا۔ کام کو بھی اور آپ کو بھی۔

    اسے فلمی دنیا میں پانچ دن کام کر کے باقی پچیس دن بھوکا مرنا منظور ہے، مگر وہ کوئی اور کام نہیں کر سکتا۔

    دراصل یہ ایکسٹرا وہ لوگ ہوتے ہیں، جو ہیرو یا ہیروئین بننے کی خواہش میں ہزاروں کی تعداد میں اپنے گھر چھوڑ کر اپنے ماں باپ، بھائی بہن، خاوند، بیوی بچے سب چھوڑ کر بمبئی چلے آتے ہیں اور بھیڑوں کی طرح ایک سیٹ سے دوسرے سیٹ پر دھکیلے جاتے ہیں۔

    ان میں سے ہر مرد یا عورت کی آنکھوں میں ایک خواب بستا ہے۔ کبھی وہ ہیرو یا ہیروئین بن جائیں گے۔ اور بدقسمتی سے فلمی دنیا میں چند ایسی مثالیں موجود ہیں کہ کبھی ایک ایکسٹرا دو سال تک ایکسٹرا رہا پھر اچانک ہیرو بن گیا۔ ایک لڑکی جو پانچ سال تک ایکسٹرا رہی اچانک ہیروئین بن گئی۔ اور امپالا میں بیٹھ گئی۔ اس لیے یہ خواب کسی ایکسٹرا کی آنکھوں سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔

    (ممتاز ادیب اور افسانہ نگار کرشن چندر کے مضمون الف سے ایکٹر، ایکٹریس، اشتہار: فلمی قاعدہ سے انتخاب)

  • فلمیں بند ہونے کے بعد نواز الدین صدیقی کھیتی باڑی کرنے پر مجبور

    فلمیں بند ہونے کے بعد نواز الدین صدیقی کھیتی باڑی کرنے پر مجبور

    ممبئی : بالی ووڈ کے نامور اور باصلاحیت اداکار نوازالدین صدیقی نے کرونا کی وجہ سے فلمیں بند ہونے کے بعد کھیتی باڑی شروع کردی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 46 سالہ اداکارہ نے 20 سال قبل جس کام سے دوری اختیار کی اور بالی ووڈ کی دنیا میں داخل ہوئے اب سینیما بند ہونے کے بعد وہ واپس اُسی طرف چلے گئے ہیں۔

    نوازالدین صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کھیتوں میں کام کررہے ہیں،  اُن کے کپٹروں سے اندازہ ہورہا ہے کہ انہوں نے  دن بھر مشقت کی۔

    اداکار کے کپڑوں پر مٹی اور پسینے کے نشانات واضح ہیں اور وہ نہر کے پاس بیٹھ کر شام کے وقت منہ دھو رہے ہیں۔ یہ ویڈیو شائد نواز الدین صدیقی نے اپنا دن بھر کا کام ختم کرنے کے بعد بنائی ہوگی تاکہ وہ منہ ہاتھ دھو کر گھر کے لیے روانہ ہوں۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر ہونے کے بعد صارفین اور مداحوں نے نوازالدین صدیقی کو کھیتی باڑی کا کام کرتے دیکھ کر حیرانی کا اظہار کیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نواز الدین صدیقی ان دنوں ریاست اترپردیش میں واقع  اپنے آبائی گاؤں بدھانا میں ہیں اور وہ خود کو مصروف رکھنے کے لیے کاشت کاری کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل تقریباً چار برس پہلے نواز الدین صدیقی نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ خود کسان رہ چکے ہیں اس لیے اُن کو درپیش مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔

    این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نواز الدین صدیقی نے بہت چھوٹی عمر سے کاشت کاری شروع کر دی تھی، ان کے والد نواب الدین صدیقی خود بھی ایک کسان تھے، انہوں نے اپنے صاحبزادے پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کریں اور کھیتی باڑی کے کام سے دور رہیں۔

  • سونم کپور کو اپنے ٹویٹ پر لینے کے دینے پڑ گئے

    سونم کپور کو اپنے ٹویٹ پر لینے کے دینے پڑ گئے

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد بالی ووڈ میں اقربا پروری اور نامور ڈائریکٹرز اور پروڈیوسر کے اسٹارز کے بچوں کو نوازنے پر سخت تنقید کی جارہی ہے، ایسے میں سونم کپور نے فادرز ڈے پر ٹویٹ کے ذریعے ان ساری توپوں کا رخ اپنی طرف کرلیا۔

    معروف اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور نے، جو خود بھی ایک نامور اداکارہ ہیں، والد کے عالمی دن پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ میں آج اس مقام پر اپنے والد کی وجہ سے ہوں۔

    سونم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہاں مجھے بہت سی مراعات ملی ہیں کیونکہ میرے والد نے مجھے یہ سب کچھ دینے کے لیے بہت محنت کی ہے، اور مجھے حاصل یہ تمام مراعات اسی کا صلہ اور ان کی خوش قسمتی ہیں۔

    سونم کا یہ ٹویٹ کرنا تھا کہ ٹویٹر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، اس سے قبل بھی بالی ووڈ اسٹارز کے بچوں بشمول شاہ رخ خان کے بچوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے کہ وہ بغیر کسی محنت کے بالی ووڈ میں اس مقام پر پہنچ گئے جہاں پہنچنے کے لیے محنتی اداکار ساری زندگی جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔

    ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ ایک غریب باپ بھی اپنی اولاد کو سہولیات دینے کے لیے اتنی ہی محنت کرتا ہے، لیکن اس کی اولاد غریب رہتی ہے تو کیا یہ کوئی مکافات عمل ہے؟ کیا آپ کا نہیں خیال کہ آپ کو زندگی کی ساری مراعات اپنے بل بوتے پر حاصل کرنی چاہئیں اپنے والدین کے بل بوتے پر نہیں۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ آپ کے خیال میں کیا مراعات سے محروم لوگوں کو کسی غلطی کے بدلے ایسی زندگی ملتی ہے اور وہ غریب رہتے ہیں؟ مراعات یافتہ ہونا کسی کا پیدائشی حق نہیں ہاں لیکن کچھ لوگوں کو یہ مل جاتی ہیں۔

    ایک اور صارف نے سابق امریکی صدر بارک اوباما کی بیٹی کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ وہ صدر کی بیٹی ہوتے ہوئے ایک ریستوران میں کام کر رہی ہے، اصل قابل تقلید مثال یہ ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد یہ انکشافات سامنے آئے تھے کہ بالی ووڈ کے بڑے ہدایت کاروں نے انہیں نظر انداز کر رکھا تھا اور ان کی پہلی ترجیح کسی بڑے اسٹار کی بیٹی یا بیٹے کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنا تھا، ان حالات سے دلبرداشتہ ہو کر سشانت نے خودکشی کی۔

    اس کے بعد سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے بڑے ہدایت کاروں کو ان کی اقربا پروری پر اس قدر تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ کئی افراد کو وضاحت پیش کرنی پڑ گئی۔

    اس دوران سوشل میڈیا پر سونم کپور کا ایک ویڈیو کلپ بھی وائرل ہوا جس میں وہ کرن جوہر کے شو کافی ود کرن میں موجود ہیں اور ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دریافت کیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کون ہیں۔