Tag: بالی ووڈ

  • ضد اور انا "دیوا” کو لے ڈوبی

    ضد اور انا "دیوا” کو لے ڈوبی

    بولی وڈ میں پروڈیوسر اور اداکاروں کے درمیان معاوضے یا اسکرپٹ میں ردوبدل اور جھگڑے فلموں کو شوٹنگ شروع ہونے کے بعد یا اس سے پہلے ہی "انجام” سے دوچار کردینے کا باعث بنتے رہے ہیں۔

    یہاں ہم امیتابھ بچن کی اس فلم کا ذکر کررہے ہیں جس کی شوٹنگ چند ہفتے جاری رہنے کے بعد روک دی گئی تھی۔

    فلم ”دیوا“ کا اسکرپٹ سبھاش گھئی نے خصوصی طور پر لکھوایا تھا۔ ان کی خواہش تھی کہ وہ سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کریں۔ جب اس اسٹوری کے لیے امیتابھ بچن سے بات کی تو انھیں فلم کا اسکرپٹ اور اس میں اپنا کردار پسند آیا اور معاملات طے کرکے شوٹنگ کا آغاز کر دیا گیا۔

    1987 میں اخبارات میں اس فلم کا بڑا چرچا ہوا، مگر اچانک یہ خبر سامنے آئی کہ فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔

    بولی وڈ سے "اندر” کی خبر لانے والوں کا کہنا تھاکہ انڈسٹری کے دونوں بڑے ناموں کے درمیان کچھ معاملات پر بات بگڑی اور انھوں نے اسے اپنی انا کا مسئلہ بنا لیا۔

    سبھاش گھئی سمجھتے تھے کہ وہ فلم کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں اس لیے ان کی ہر بات مانی جائے جب کہ بگ باس کا کہنا تھاکہ وہ اپنی مرضی کے مطابق کام کریں گے اور جہاں ضرورت محسوس ہو گی سین میں ردوبدل کروائیں گے۔
    یوں یہ فلم ضد اور انا کی نذر ہو گئی اور چند ہفتوں بعد اس کی شوٹنگ روک دی گئی۔

  • عرفان خان کی موت پر بالی ووڈ سوگوار

    عرفان خان کی موت پر بالی ووڈ سوگوار

    ممبئی: بالی ووڈ کے ورسٹائل فنکار عرفان خان کی اچانک موت نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو سوگوار کردیا، بالی ووڈ فنکار بھی اس اچانک خبر سے صدمے میں آگئے۔

    بدھ کا دن بالی ووڈ کے لیے کوئی اچھا دن نہیں رہا جب اچانک معروف اداکار عرفان خان کی موت کی خبر سامنے آئی، عرفان خان کی طبیعت گزشتہ روز خراب ہوئی جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں داخل کیا گیا۔

    عرفان کو سنہ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے علاج کے لیے وہ لندن چلے گئے تھے، وہاں سے وہ ایک برس بعد لوٹے اور واپس آ کر اپنی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ مکمل کروائی۔

    3 روز قبل ان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا جس میں وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے تھے، بعد ازاں ان کی اپنی بھی طبیعت خراب ہوئی اور ایک رات آئی سی یو میں گزارنے کے بعد وہ داغ مفارقت دے گئے۔

    بالی ووڈ فنکار ان کی موت پر نہایت سوگوار ہیں۔

    امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ عرفان خان کی موت بھارتی سینما کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی ان کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    شبانہ اعظمی، انوپم کھیر، سنجے گپتا، پریانکا چوپڑا اور سونم کپور سمیت دیگر فنکاروں نے بھی ان کی موت پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔

  • مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے: مہوش حیات

    مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے: مہوش حیات

    کراچی: تمغہ امتیاز یافتہ معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اپنی خاموشی توڑ دی۔

    ایک ویب شو میں انٹرویو دیتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ مجھے پاکستان میں پہلے ہی اتنا معیاری کام مل رہا تھا کہ مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے ملک سے ہی بہت عزت ملتی ہے، میرے لیے سب سے ضروری عزت نفس ہے، جب آپ بالی وڈ میں کام کرتے ہیں تو وہاں کوئی عزت نفس نہیں ہوتی۔

    مہوش حیات کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ میں کام کرنے کے بعد آپ وہاں اپنی ہی فلموں کے پریمیئرز میں شرکت نہیں کرسکتے تو جہاں عزت نفس نہ ہو، صرف پیسہ اور شہرت ہو تو میرے لیے یہ بالکل غیر اہم ہے۔

    چند روز قبل بھی مہوش حیات نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما سبرامنین سوامی کے مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں جو ہورہا ہے اس پر دنیا نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آج کے دور میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے نمائندے کو اس طرح تبصرے کرنے کی اجازت کس طرح دی جاسکتی ہے۔

  • بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ بھی مودی کے خلاف بول پڑے

    بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ بھی مودی کے خلاف بول پڑے

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے بھی آخر کار طلبہ پر ہونے والے تشدد پر خاموشی توڑ دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہندی فلموں کے مشہور و مقبول اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی انڈیا میں طلبہ پر بدترین تشدد کے تناظر میں مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کا نا انصافی کے خلاف کھڑے ہونا بہت خوش گوار ہے۔

    اپنے حالیہ انٹرویو میں نصیرالدین شاہ نے سی اے اے، این آر سی، این پی آر کے خلاف ملک میں جاری احتجاج پر کہا کہ جس طرح طلبہ حالیہ تقسیم اور ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، وہ حیران کن ہے، تاہم مجھے وزیر اعظم مودی کے طلبہ کے ساتھ رویے پر حیرت نہیں ہے، مودی خود کبھی طالب علم نہیں رہے اس لیے انھیں طلبہ سے ہم دردی نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ خود بالی ووڈ کے اندر بھی دپیکا جیسے نوجوان اداکار اور ہدایت کار اس امتیازی قانون کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، میں بڑے اور مستحکم اسٹارز کی خاموشی کو سمجھ رہا ہوں، لیکن حیران ہوں کہ وہ کب تک اپنی خاموشی برقرار رکھ پائیں گے۔

    مودی پر تنقید کرتے ہوئے نصیرالدین شاہ نے کہا کہ نریندر مودی خود ٹوئٹر پر نفرت پھیلانے والوں کی قیادت کر رہے ہیں، مودی سرکار کی مذہبی سیاست نے مجھے اپنی مسلم شناخت کی طرف زیادہ متوجہ کر دیا ہے اور میں پریشانی میں مبتلا ہو گیا ہوں، 70 سال بھارت میں رہنے پر بھی اگر ثابت نہ کر سکوں تو پھر نہیں پتا کیا کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ بھارت کے مختلف شہروں میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی قوانین کے خلاف شدید احتجاج بدستور جاری ہے، مودی سرکار کی جانب سے اس احتجاج کو شدت عطا کرنے پر طلبہ پر بدترین تشدد کیا گیا۔

  • پانی پت: احمد شاہ ابدالی اور بالی ووڈ کا تعصب

    پانی پت: احمد شاہ ابدالی اور بالی ووڈ کا تعصب

    فلم کے بارے میں ناقدین کیا کہتے ہیں؟
    بالی ووڈ نے مرہٹوں اور احمد شاہ ابدالی کی افواج کے درمیان جنگ کو ‘‘پانی پت’’ کے نام سے بڑے پردے پر پیش کیا ہے جس میں حقائق کو مسخ اور تاریخ کو نظر انداز کرنے کی بدترین روایت برقرار رکھی ہے۔

    تاریخ اور فلم کے ناقدین کا بھی کہنا ہے کہ اس فلم میں افغانستان کے حکم راں احمد شاہ ابدالی کے کردار کو مسخ کرکے پیش کیا گیا ہے۔ یہ کردار سنجے دت نے نبھایا ہے۔ ناقدین کے مطابق یہ فلم ہر لحاظ سے کم زور اور حقیقت سے دور ہے۔

    1761، پانی پت کا میدان اور دو حکم راں
    افغانستان کے بادشاہ احمد شاہ ابدالی اور مرہٹہ سلطنت کے راجا سداشو راؤ بھاؤ کی افواج اور ان کے اتحادیوں کے درمیان 1761 میں پانی پت کے میدان میں جنگ لڑی گئی۔

    پانی پت ہندوستان میں دلی کے شمال میں واقع ہے جہاں ان دو حکم رانوں کی افواج کے درمیان یہ جنگ پانی پت کی تیسری بڑی لڑائی کے طور پر مشہور ہے۔ یہی وہ جنگ ہے جس میں ہندو مرہٹوں کو ابدالی افواج کے ہاتھوں شکستِ فاش ہوئی اور وہ دوبارہ طاقت حاصل نہ کرسکے۔ تاریخ کے مطابق اس لڑائی کا آغاز 14 نومبر کی صبح ہوا تھا۔

    احمد شاہ ابدالی: تعارف اور انتخاب کی کہانی
    کہتے ہیں احمد شاہ ابدالی کی پیدائش ملتان کی ہے جسے افغان امیر نادر شاہ کے قتل کے بعد معززین نے نیا حکم راں چنا تھا۔

    بعض تاریخی کتب میں تحریر ہے کہ اس انتخاب کے لیے جرگہ ہوا تھا۔ یہ جرگہ شیر سرخ بابا کے مزار پر منعقد ہوا تھا جس میں احمد شاہ ابدالی کو بادشاہ تسلیم کیا گیا۔ احمد شاہ نوجوان اور اس وقت نادر شاہ کی فوج کا کمانڈر تھا۔
    احمد شاہ ابدالی نے اقتدار میں آکر قبائلی جھگڑے ختم کروائے اور ملک کو مضبوط کرتے ہوئے ریاست کی بنیاد رکھی۔

    ابدالی ریاست مغربی ایران سے لے کر ہندوستان کے شہروں تک پھیلی ہوئی تھی۔ یہ حکم راں نہ صرف ایک مضبوط افغان ریاست کے قیام میں کام یاب رہا بلکہ اس دور میں مرہٹوں کی فوجی طاقت سے مرعوب ہوئے بغیر شجاعت اور بہادری سے ان کا مقابلہ کیا اور بدترین شکست دی۔

  • سویڈن کی اداکارہ بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے لے آئیں

    سویڈن کی اداکارہ بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے لے آئیں

    ممبئی : سویڈن کی اداکارہ ایلی اورم نے بالی ووڈ کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے بیان کرتے ہوئے کہا بالی ووڈ میں کام کے دوران مجھے بھی دیگر کئی اداکاراؤں کی طرح جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق سویڈن سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ایلی اورم نے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت پوری دنیا کے سامنے بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ میں کام کے دوران انہیں بھی دیگر کئی اداکاراؤں کی طرح جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    اداکارہ ایلی اورم نے بتایا کہ ایک بار وہ ایک ڈائریکٹر سے ملنے کے بعد ہاتھ ملاکر باہر جانے لگیں تو ڈائریکٹر نے انگلی سے ان کی ہتھیلی پر خارش کی۔ ’میں کچھ سمجھ نہیں پائی، میں نے اپنی ایک سہیلی سے پوچھا کہ کیا ہندوستان میں ہاتھ ملانے کا یہ کوئی نیا طریقہ ہے؟ اس پر میری سہیلی نے کہا کیا اس نے سچ میں ایسا کیا؟ تب اس نے بتایا کہ اس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ تمہارے ساتھ سونا چاہتا ہے۔

    اداکارہ نے بتایا کہ یہ واقعہ پیش آنے کے بعد انہیں بہت حیرت ہوئی اور وہ ہر انسان کو یاد کرنے لگیں، جن کے ساتھ انہوں نے ہاتھ ملایا تھا۔

    ایلی اورم کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں انہیں غیر ملکی ہونے کے باعث امتیازی سلوک کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث انہیں بہت زیادہ پریشانیاں اٹھانا پڑیں۔

    اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ میں اپنے قد کاٹھ، دانتوں اور لمبے بالوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا، انہیں اپنا وزن کم کرنے کیلئے بھی کہا گیا، ’مجھے اپنے بالوں سے بہت زیادہ پیار تھا لیکن مجھے کہا گیا کہ انہیں کٹوا دوں کیونکہ ان بالوں کے ساتھ میں آنٹی لگتی ہوں۔

    خیال رہے کہ بالی ووڈ کی رنگین دنیا میں نوجوان لڑکیوں اور اداکاراؤں کا جنسی استحصال کوئی نئی بات نہیں ہے، اس طرح کے واقعات متعدد اداکاراؤں کے ساتھ پیش آچکے ہیں او روہ مختلف مواقع پر ان کا اظہار بھی کرچکی ہیں۔

  • مسلمان لڑکے سے محبت کرنے کا جرم، راکیش روشن کا بیٹی پر تشدد

    مسلمان لڑکے سے محبت کرنے کا جرم، راکیش روشن کا بیٹی پر تشدد

    ممبئی: مسلمان لڑکے سے شادی کا ارادہ کرنے پر بھارتی اداکار اور ہدایت کار راکیش روشن نے اپنی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلمان لڑکے سے شادی کا ارادہ کرنے پر بھارتی ہدایت کار راکیش روشن اور ریتھک روشن نے سنینا روشن کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، راکیش اور ریتھک روشن نے سنینا کو جیل بھجوانے کی بھی کوشش کی۔

    سنینا نے انکشاف کیا کہ مسلمان صحافی روحیل امین سے محبت کرنے کی وجہ سے والد نے تشدد کیا اور کہا کہ مسلمان دہشت گرد ہیں۔

    سنینا کا بھارتی میڈیا کو دئیے جانے والے انٹرویو میں کہنا تھا کہ روحیل امین دہشت گرد ہوتے تو بھارت میں صحافی کیسے ہوسکتے تھے۔

    سنینا کا کہنا تھا کہ ان کی روحیل امین سے گزشتہ سال سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی اور انہوں نے ڈر کی وجہ سے روحیل کا فون نمبر بھی چھپا رکھا تھا، میں نہیں چاہتی تھی کہ والد اور بھائی کو اس کا پتا چلے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں ریتھک روشن کی بہن سنینا روشن نے اپنے ہی بھائی کے خلاف ٹویٹ کرتے ہوئے پوری بالی ووڈ انڈسٹری کو دنگ کردیا تھا۔

    سنینا نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ میری ساری حمایت کنگنا رناوت کے کے ساتھ ہے، جس کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ سنینا نے اپنے بھائی پر کنگنا کو ترجیح دی ہے۔

    دوسری جانب کنگنا رناوت کی بہن رنگولی کا کہنا تھا کہ سنینا نے انہیں اور کنگنا کو فون کرکے ریتھک روشن اور کنگنا کے معاملے پر پہلے آواز نہ اٹھانے کے لیے معافی مانگی ہے۔

  • سنجے دت نے پاکستان سے محبت میں فلم سائن کر ڈالی

    سنجے دت نے پاکستان سے محبت میں فلم سائن کر ڈالی

    ممبئی: معروف بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے پاکستان سے محبت اور جذباتی تعلق میں فلم سائن کر ڈالی، ان کی آنے والی ’کلنک‘ میں ان کے کام کرنے کی وجہ پاکستان سے ان کی محبت بنی۔

    بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے فلم کلنک سائن کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے جذباتی تعلق کی وجہ سے انہوں نے اس فلم میں کام کرنے کی ہامی بھری۔ فلم کلنک کرن جوہر کی پروڈکشن میں بن رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ فلم میں پاکستان کے ساتھ گہرا تعلق دکھایا جائے گا۔

    سنجے دت فلم میں پاتریاچ بلراج چوہدری کا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سنہ 1993 میں جب وہ فلم ’گمراہ‘ میں کام کر رہے تھے اس وقت پروڈیوسر یش جوہر نے انہیں فلم ’کلنک‘ کی کہانی سے متعلق بتایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ یش اور کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی بالکل میری فیملی کی طرح ہے لہٰذا گزشتہ برس کرن جوہر نے جب دوبارہ مجھ سے اس فلم کے حوالے سے بات کی تو میں نے فلم میں کام کرنے کی ہامی بھرلی۔

    سنجے دت نے بتایا کہ فلم میں میرے کردار کا نام بلراج ہے جو کہ میرے والد سنیل دت کا اصل نامی ہے۔ برصغیر کی تقسیم کے وقت میرے والد پاکستان سے بھارت آئے تھے لہٰذا اس سے میرا جذباتی تعلق ہے۔

    کہا جارہا ہے کہ یش جوہر نے فلم ’کلنک‘ کے سیٹ کی تیاری کے لیے 15 سال قبل لاہور کا دورہ کیا تھا تاہم وہ یہ فلم مکمل نہ کر سکے اور اب ان کے بیٹے کرن جوہر نے اپنے والد کا خواب پورا کرنے جارہے ہیں۔

    فلم میں عالیہ بھٹ، ورن دھون، سوناکشی سنہا اور آدیتیہ رائے کپور کے علاوہ تقریباً 2 دہائیوں بعد سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ ایک ساتھ نظر آئیں گے۔

  • فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز

    فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز

    اے آر وائی فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز کردی گئی، لوگوں کی بڑی تعداد فلم کو دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلم ’شیر دل‘ ملک بھر میں ریلیز کردی گئی۔ اپنے ٹریلرز اور گانوں سے مداحوں کے دلوں میں تجسس جگانے والی فلم نے ملک بھر سے مداحوں کو سینما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

    اے آر وائی فلمز اور این کے پکچرز کی مشترکہ پیشکش ’شیر دل‘ کی کہانی 1965 کی جنگ پر بنائی گئی ہے۔

    فلم کی کاسٹ میں میکال ذوالفقار، ارمینا رانا خان اور سبیکا امام شامل ہیں جبکہ ’شیر دل‘ کی کہانی اور اس کی پروڈکشن کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے۔ فلم کی ہدایت کاری اظفر علی نے کی۔

    شیر دل میں مرکزی کردار ادا کرنے والے میکال ذوالفقار اور حسن نیازی کو اس بات کا یقین ہے کہ فلم شائقین کو متاثر کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ بھی رقم کرے گی۔ اس سے قبل فلم کے ٹیزر اور پہلے گانے نے ریلیز ہوتے ہی بے تحاشہ مقبولیت حاصل کرلی تھی۔

    گزشتہ کئی دن سے فلم کے پریمیئر مختلف شہروں میں پیش کیے گئے تھے جن میں فنکاروں سمیت ملک کی نامور شخصیات نے شرکت کی اور فلم کو بے حد سراہا۔

  • پاکستانی فن کاروں پر پابندی لگانی ہے تو انہیں بلاتے ہی کیوں ہیں، سونو نگم

    پاکستانی فن کاروں پر پابندی لگانی ہے تو انہیں بلاتے ہی کیوں ہیں، سونو نگم

    ممبئی: بھارتی گلوکار سونونگم نے اپنی ہی فلم انڈسٹری پر بھڑکتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فن کاروں پر پابندی لگانی ہے تو انہیں بلایا ہی کیوں جاتا ہے، ہم کسی کو اپنا ساتھی بنا کر اسے مروادیتے ہیں پاکستان ایسا نہیں کرتا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار سونو نگم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر بالی ووڈ فلم سازوں کو پاکستانی فن کاروں پر پابندی لگانی ہے تو پھر انہیں بلایا ہی کیوں جاتا ہے، سونو نگم کو پاکستانی فن کاروں کی حمایت میں گفتگو کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

    سونو نگم نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے کو محدود کرنے کی ذمہ دار ہماری اپنی انڈسٹری ہے، یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ پاکستانی فن کاروں پر پابندی لگانے سے دونوں ممالک کے مسائل حل نہیں ہوسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سونو نگم نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کو ہوا دینے میں میڈیا کا متعصبانہ رویہ تھا، میڈیا نے غیرذمہ دارانہ اور جذباتوں کو بھڑکانے والی رپورٹنگ کرکے جنگ کا ماحول بنایا اور عوام کے غصے کو بڑھاوا دیا۔

    مزید پڑھیں: بھارتی گلوکار سونو نگم اپنے ہی میڈیا پر برس پڑے

    خیال رہے کہ پلواما میں 44 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا، اس کے بعد پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے۔

    پاک بھارت کشیدگی کے بعد بھارتی حکومت نے پاکستانی فن کاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

    بھارتی فلموں کی مقبولیت میں پاکستانی گلوکاروں عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان کے گانوں کا اہم کردار ہوتا ہے، دونوں گلوکاروں نے متعدد بالی ووڈ فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔