بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونالی باندرے نے اپنے مداحوں کے لیے افسوسناک انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کینسر میں مبتلا ہیں اور ہمت اور حوصلے سے اس کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔
خیال رہے کہ مختصر عرصے قبل ہی بالی ووڈ کے نہایت باصلاحیت فنکار عرفان خان کے بھی کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا تھا اور اس انکشاف نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی تصویر کے ساتھ پوسٹ میں سونالی نے لکھا کہ کینسر نے بہت خاموشی سے ان پر حملہ کیا۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا، ’مجھے حال ہی میں ہائی گریڈ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس میں جسم کے عضلات صحیح کام نہیں کرتے جبکہ یہ کینسر جسم میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے‘۔
سونالی نے کہا کہ جسم میں ہونے والے درد کے بعد کچھ ٹیسٹ کروائے گئے جن میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ان کے گھر والے اور قریبی دوست ان کے ساتھ موجود ہیں، اور وہ نہایت حوصلہ مندی سے اس مرض کے خلاف لڑ رہی ہیں۔
سونالی نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس وقت اس موذی مرض کے علاج کے لیے نیویارک میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ سونالی باندرے نے ہم ساتھ ساتھ ہیں، سرفروش اور دل جلے سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ آخری بار وہ پردہ اسکرین پر ونس اپان آ ٹائم ان ممبئی دوبارہ میں نظر آئی تھیں جو سنہ 2013 میں ریلیز ہوئی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔