Tag: بالی ووڈ

  • ٹوئٹرمحاذ پرکنگ خان نے سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑدیا

    ٹوئٹرمحاذ پرکنگ خان نے سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑدیا

    ممبئی : بالی ووڈ کے کنگ خان ٹوئٹر میں بھی بازی لے گئے، مقبولیت کے ریکارڈ توڑتے ہوئے سلمان خان اور عامر خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، شاہ رخ خان کے مداحوں کی تعداد 31 ملین تک جا پہنچی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سوشل میڈیا پر بھی بادشاہ بن گئے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کے چاہنے والوں کی تعداد سلمان خان اور عامر خان کے مداحوں سے کہیں زیادہ ہے۔

    ٹوئٹر پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلمی شخصیات میں سلمان خان 22 اعشاریہ ایک ملین کے ساتھ تیسرے جبکہ عامر خان 20 اعشاریہ چار ملین کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

    اس کے علاوہ ٹوئٹر پر بالی ووڈ کے دیگر دس نمایاں فلمی ستاروں میں بالترتیب امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان، اکشے کمار، عامر خان اور دپیکا پڈوکون جبکہ ہریتک روشن نویں نمبر پر ہیں۔

    واضح رہے کہ امیتابھ بچن ٹوئٹر پر بالی ووڈ شخصیات میں سب سے پہلے نمبر پر ہیں جن کے مداحوں کی تعداد اس وقت31.6 ملین کے ساتھ سب سے زیادہ ہے جبکہ شاہ رخ خان کے مداحوں کی تعداد 31 ملین یعنی امیتابھ بچن سے کم ہے۔

    سال1992میں اپنی فلم ’’دیوانہ‘‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے شاہ رخ خان رواں سال سب سے زیادہ دولت کمانے والے اداکاروں کی فہرست میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

     


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

     

  • مہنگے ترین اداکاروں میں شامل اکشے کمار کو پہلا چیک کتنے روپے کا ملا تھا؟

    مہنگے ترین اداکاروں میں شامل اکشے کمار کو پہلا چیک کتنے روپے کا ملا تھا؟

    بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار جو مزاحیہ اداکاری میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتے اور اپنی فٹنس، جوڈے کراٹے اور ماردھاڑ سے بھرپور ایکشنز کی بدولت بالی ووڈ میں منفرد مقام رکھتے ہیں جس کے باعث اب وہ بالی ووڈ کے مہنگے ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔

    اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اکشے کمار نے اپنے فلمی کیرئیر کے کئی پوشیدہ راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کئی دلچسپ واقعات بھی سنائے جس سے ان کی شخصیت کی بذلہ سنجی، حس مزاح اور مضبوط اعصاب کے حامل کردار سے مداحوں کا سامنا ہوتا ہے۔

    اکشے کمار کا کہنا تھا کہ فلم سے قبل کئی ماڈلنگ شوٹس بھی کیئے اور مجھے اب بھی یاد ہے کہ اپنے پہلے کیریئر کا چیک 5 ہزار روپے کا ملا تھا جس سے حاصل ہونے والی خوشی کو آج بھی محسوس کرتا ہوں تو خود کو تروتازہ پاتاہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ترقی کی منزل زینہ بہ زینہ طے کی جاتی ہے اور جب تک پہلے زینے پر پاؤں نہ رکھا جائے بقیہ مراحل طے نہیں ہوسکتے اس لیے اپنی پہلی کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھیں وہ آپ کے جذبوں کو جواں اور عزم کو بلند رکھے گی۔

    اس وقت کے مہنگے ترین اداکاروں میں شامل اکشے کمار کا کہنا تھا کہ مجھے دوسرا اور تیسرا چیک بالترتیب 50 ہزار اور ڈیڑھ لاکھ کا ملا تھا جسے میں کبھی نہیں بھول سکتا یہ وہ کامیابیاں ہیں جس کے بعد میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

  • بالی ووڈ گانوں کی دیوانی ملائیشین خاتون

    بالی ووڈ گانوں کی دیوانی ملائیشین خاتون

    بالی ووڈ گانے یوں تو دنیا بھر میں مشہور ہیں اور بالی ووڈ اداکار خصوصاً شاہ رخ خان اور عامر خان وغیرہ کے مداح دنیا کے ہر حصے میں موجود ہیں جو شوق سے ان کی فلمیں دیکھتے ہیں۔

    ایسی ہی ایک ملائیشین خاتون بھی بالی ووڈ گانوں کی بے حد دیوانی ہیں جو گاڑی میں سفر کے دوران بالی ووڈ گانوں کو گنگتاتی اور ان پر رقص کرتی ہیں اور اس کے بعد اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردیتی ہیں۔

    ہر سفر میں ان کے شوہر بھی برابر میں بیٹھے ہوتے ہیں جو اپنی بیگم کے اس مشغلے سے نہایت بیزار نظر آتے ہیں تاہم میرا جیمز نامی ان خاتون کے شوق میں کوئی کمی نہیں آتی اور وہ بدستور اپنا گانا اور رقص جاری رکھتی ہیں۔

    آئیں ان کی کچھ مزیدار ویڈیوز دیکھتے ہیں۔


    ہم ساتھ ساتھ ہیں


    بولیں چوڑیاں


    کولا ویری ڈی


    دھڑکن


    آ انتے امر


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • شاہد کپور مہاراجہ بن کر کیسے لگیں گے؟

    شاہد کپور مہاراجہ بن کر کیسے لگیں گے؟

    مشہور تاریخی بالی ووڈ فلم باجی راؤ مستانی کے بعد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی ایک اور تاریخی موضوع پر بنائی جانے والی فلم پدما وتی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی دپیکا پڈوکون کے بعد شاہد کپور کی بھی جھلک جاری کردی گئی جس میں وہ مہاراجا کے روپ میں نظر آرہے ہیں۔

    سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدما وتی‘ خاندان غلاماں کے بادشاہ علاؤ الدین خلجی اور چتور گڑھ کی رانی پدما وتی کی رومانوی داستان پر مبنی ہے۔

    فلم میں رانی پدمنی کے شوہر مہاراجہ رتن سنگھ کا کردار شاہد کپور ادا کر رہے ہیں اور اس روپ میں ان کی کچھ جھلکیاں جاری کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ پوسٹر میں رتن سنگھ کو مہاراول لکھا گیا ہے جو اس دور میں مختلف ریاستوں کی سربراہی کرنے والے کو کہا جاتا تھا۔ سلطنت کا مرکزی نظام سنبھالنے والا مہاراجہ کہلایا جاتا تھا۔

    اس کردار کے لیے پہلے پاکستانی اداکار فواد خان اور بعد ازاں شاہ رخ خان کو پیشکش کی گئی تاہم دونوں نے کردار کے مختصر ہونے کی وجہ سے اس سے انکار کردیا۔

    بعد ازاں مذکورہ کردار کی پیشکش شاہد کپور کو کی گئی جنہوں نے اس شرط پر اسے قبول کیا کہ ان کے کردار کو بھی طول دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ مہارانی پدماوتی یا پدمنی چتور گڑھ کے راجہ رتن سنگھ کی بیوی تھی اور اپنی خوبصورتی، بہادری اور ذہانت کے باعث مشہور تھی۔ تاریخی کتابوں کے مطابق علاؤ الدین خلجی اس کی خوبصورتی کی داستانیں سن کر وہاں گیا اور اس نے آئینے میں مہارانی کا عکس دیکھا تھا۔

    بعض محققین کے مطابق بعد ازاں رانی نے علاؤ الدین خلجی اور اس کی دیوانگی سے خود کو بچانے کے لیے آگ میں کود کر اپنی جان دے دی تھی۔

    فلم میں رانی پدمنی کا مرکزی کردار دپیکا پڈوکون، رانی کے شوہر رتن سنگھ کا کردار شاہد کپور اور علاؤ الدین خلجی کا کردار رنویر سنگھ نبھا رہے ہیں جبکہ ادیتی راؤ بھی فلم میں موجود ہیں جو علاؤ الدین خلجی کی اہلیہ کا کردار نبھائیں گی۔

    اس سے قبل دپیکا پڈوکون کا پوسٹر جاری کیا گیا تھا جس میں وہ سرخ رنگ کا شاہی لباس اور بھاری بھرکم زیورات پہنے نظر آرہی تھیں جبکہ ان کے چہرے کی سنجیدگی ان کے مضبوط اور بہادر عورت ہونے کی نشاندہی کر رہی تھی۔

    تاحال فلم میں علاؤ الدین خلجی کا مرکزی تاہم منفی کردار ادا کرنے والے رنویر سنگھ کی کوئی جھلک جاری نہیں کی گئی۔

    فلم کو رواں برس یکم دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دپیکا پڈوکون ایک بار پھر مہارانی کے روپ میں

    دپیکا پڈوکون ایک بار پھر مہارانی کے روپ میں

    مشہور تاریخی بالی ووڈ فلم باجی راؤ مستانی کے بعد ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی ایک اور تاریخی موضوع پر بنائی جانے والی فلم پدما وتی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی دپیکا پڈوکون کا پہلا شاندار روپ جاری کردیا گیا۔

     

    فلم ’پدما وتی‘ خاندان غلاماں کے بادشاہ علاؤ الدین خلجی اور چتور گڑھ کی رانی پدما وتی کی رومانوی داستان پر مبنی ہے۔

    مہارانی پدماوتی یا پدمنی چتور گڑھ کے راجہ رتن سنگھ کی بیوی تھی اور اپنی خوبصورتی، بہادری اور ذہانت کے باعث مشہور تھی۔ تاریخی کتابوں کے مطابق علاؤ الدین خلجی اس کی خوبصورتی کی داستانیں سن کر وہاں گیا اور اس نے آئینے میں مہارانی کا عکس دیکھا تھا۔

    بعض محققین کے مطابق بعد ازاں رانی نے علاؤ الدین خلجی اور اس کی دیوانگی سے خود کو بچانے کے لیے آگ میں کود کر اپنی جان دے دی تھی۔

    فلم میں رانی پدمنی کا مرکزی کردار دپیکا پڈوکون، رانی کے شوہر رتن سنگھ کا کردار شاہد کپور اور علاؤ الدین خلجی کا کردار رنویر سنگھ نبھا رہے ہیں جبکہ ادیتی راؤ بھی فلم میں موجود ہیں جو علاؤ الدین خلجی کی اہلیہ کا کردار نبھائیں گی۔

    یاد رہے کہ فلم باجی راؤ مستانی میں بھی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ اسی نوعیت کا شاہی رومانوی داستان پر مبنی کردار ادا کر چکے ہیں۔

    فلم کی کاسٹ فائنل کیے جانے کے موقع پر رانی پدمنی کے شوہر راجا رتن سنگھ کے کردار کے لیے پاکستانی اداکار فواد خان اور بعد ازاں شاہ رخ خان کو پیشکش کی گئی تاہم دونوں نے کردار کے مختصر ہونے کی وجہ سے اس سے انکار کردیا۔

    بعد ازاں اس کردار کی پیشکش شاہد کپور کو کی گئی جنہوں نے اس شرط پر اسے قبول کیا کہ ان کے کردار کو بھی طول دیا جائے گا۔

    فلم کے پہلے جاری کیے جانے والے پوسٹر میں دپیکا پڈوکون سرخ رنگ کا شاہی لباس اور بھاری بھرکم زیورات پہنے نظر آرہی ہیں جبکہ ان کے چہرے پر نہایت سنجیدگی اور کچھ سختی کے تاثرات بھی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان زیورات کے پیچھے ایک مضبوط اور بہادر عورت کھڑی ہے۔

    فلم کا پہلا پوسٹر تمام اداکاروں نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا۔

    پوسٹر پر فلم کی ریلیز کی تاریخ یکم دسمبر لکھی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران جے پور میں سنجے لیلا بھنسالی اور ان کی ٹیم پر مقامی افراد اور انتہا پسندوں کی جانب سے حملہ بھی کیا گیا تھا جن کا دعویٰ تھا کہ ان کی بہادر رانی پدمنی کو غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔

    تاہم سنجے لیلا بھنسالی نے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ تاریخ کو مسخ کرنے کی ہرگز کوشش نہیں کریں گے اور تمام واقعات کو جوں کا توں پیش کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اکشے کمار کی بیت الخلا پر بنی فلم سے ہالی ووڈ اداکار بھی متاثر

    اکشے کمار کی بیت الخلا پر بنی فلم سے ہالی ووڈ اداکار بھی متاثر

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار اکشے کمار کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی ’ٹوائلٹ ۔ ایک پریم کتھا‘ جو بھارت میں بیت الخلا کی عدم موجودگی کے سنگین مسئلے پر بنائی گئی ہے، نے ہالی ووڈ اداکاروں کو بھی متاثر کردیا۔

    ہالی ووڈ کے معروف اداکار میٹ ڈیمن نے فلم دیکھنے کے بعد اکشے کمار کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

    ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اکشے کمار جیسے اداکار بہترین انسان بھی ہیں جو اپنے ملک کے سماجی مسئلوں کو آرٹ کے ذریعے اجاگر کر رہے ہیں۔

    میٹ ڈیمن خود بھی واٹر ڈاٹ اورگ نامی تنظیم کے بانی ہیں جو غیر ترقی یافتہ ممالک میں صاف پانی اور محفوظ بیت الخلا کی دستیابی کے لیے کام کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں بیت الخلا کی سہولت نہ ہونا نہایت سنگین مسئلہ ہے جو صحت اور معیشت کو متاثر کرتا ہے جبکہ اس سے کئی دیگر سماجی مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔

    فلم ’ٹوائلٹ ۔ ایک پریم کتھا‘ دراصل ایک جوڑے کی کہانی ہے جس میں ہیروئن دوسرے گاؤں سے بیاہ کر جس گاؤں میں آتی ہے وہاں گھروں میں بیت الخلا موجود نہیں۔ اس بنیادی سہولت کی عدم دستیابی پر وہ (بھومی پڈنیکر) احتجاجاً گھر چھوڑ کر چلی جاتی ہے اور یہیں سے تبدیلی کا آغاز ہوتا ہے۔

    اس کے بعد کی فلم اکشے کمار کی جدوجہد پر مبنی ہے کہ کس طرح وہ گھر میں بیت الخلا بنوانے کے لیے لڑتا ہے اور بے شمار مشکلات کا سامنا کرتا ہے۔

    یہ فلم بہت زیادہ ریونیو تو نہ کما سکی بہرحال بھارتی باکس آفس پر کامیاب رہی۔

    فلم نے اپنی ریلیز سے قبل ہی ہالی ووڈ کو بھی اپنی طرف متوجہ کرلیا تھا۔ اس سے قبل اداکارہ سلمیٰ ہائیک نے بھی فلم کی ریلیز اور اکشے کمار کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • جیکولین فرنینڈز کو اردو سیکھنے کا شوق

    جیکولین فرنینڈز کو اردو سیکھنے کا شوق

    بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز کا کہنا ہے کہ انہیں اردو سیکھنے کا بہت شوق ہے کیونکہ انہیں یہ زبان بہت خوبصورت لگتی ہے۔

    اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں جیکولین نے انکشاف کیا کہ وہ اکثر اردو کی عبارتیں پڑھنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اس دوران انہیں کوئی دلچسپ لفظ پڑھنے کو ملتا ہے تو وہ اسے لکھ لیتی ہیں اور اسے اپنی گفتگو میں استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔

    انٹرویو میں ان کا کہنا تھا، ’میں اس زبان کو مکمل طور پر سیکھ کر اس میں لکھی گئی کتابوں کو پڑھنا چاہتی ہوں۔ یہ ایک طویل مرحلہ ہے لیکن میں آہستہ آہستہ اس مرحلے کو طے کرلوں گی‘۔

    بعض بھارتی اخبارات کے مطابق جیکولین جب سلمان خان کے ساتھ فلم ’کک‘ میں کام کر رہی تھیں تو وہاں پر موجود ایک کوچ جیکولین کو اردو سکھایا کرتا تھا۔

    یاد رہے کہ جیکولین فرنینڈز سری لنکا سے تعلق رکھتی ہیں جہاں انہوں نے اپنا بچپن گزارا۔ اس کے بعد وہ اپنے خاندان کے ساتھ بحرین منتقل ہوگئیں، پھر وہ بالی ووڈ میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے بھارت چلی آئیں۔

    جیکولین کی تازہ ترین فلم ’آ جینٹلمین‘ ہے جو آج ریلیز ہونے جارہی ہے۔ اس میں اداکارہ، سدھارتھ ملہوترا کے ہمراہ اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فلموں کی شوٹنگ کے دوران کھینچی جانے والی منفرد تصاویر

    فلموں کی شوٹنگ کے دوران کھینچی جانے والی منفرد تصاویر

    آپ نے بے شمار ایسی ویڈیوز دیکھی ہوں گی جو فلموں کی شوٹنگ کے دوران بنائی جاتی ہیں۔ ان ویڈیوز میں فنکار آپس میں نہایت دوستانہ اور پر مزاح انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ بے تکلف نظر آتے ہیں۔

    آج ہم آپ کو ایسی ہی کچھ تصاویر دکھانے جارہے ہیں جو مختلف بالی ووڈ فلموں کی شوٹنگ کے دوران کھینچی گئیں۔

    ان تصاویر کو دیکھ کر آپ کو اندازہ ہوگا کہ کروڑوں روپے کی لاگت اور انتھک محنت سے بننے والی فلموں کی شوٹنگ کے دوران فنکار اور دیگر افراد کس طرح کام کرتے ہیں اور فرصت ملتے ہی خود کو تازہ دم رکھنے کے لیے آپس میں ہنسی مذاق کرتے ہیں۔

    فلم باہو بلی کا ایک منظر جس میں رانا دگو بتی دشمن پر حملے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

    فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کا ایک منظر جس میں شاہ رخ خان اپنی مرحومہ بیوی کو یاد کرتے ہوئے تصور کرتے ہیں کہ وہ وہیں موجود ہے۔ شوٹنگ کے دوران ہدایت کار کرن جوہر دونوں کو ہدایات دے رہے ہیں۔

    کچھ کچھ ہوتا ہے میں شامل کلاس روم کی عکس بندی کا منظر۔

    فلم پنک کی شوٹنگ کے دوران فلم کی اداکارئیں انڈسٹری کے سب سے بڑے نام امیتابھ بچن کے ساتھ گزارے گئے لمحے کو سیلفی کی صورت محفوظ کر رہی ہیں۔

    فلم تنو ویڈس منو ریٹرنز کی شوٹنگ کے دوران ہدایت کار آنند ایل رائے کنگنا رناوٹ کو ہدایات دیتے ہوئے۔

    فلم اے بی سی ڈی 2 میں ایک گانے کی عکس بندی کے دوران شردھا کپور اور ورن دھون سردی سے بے حال دکھائی دے رہے ہیں۔

    فلم پیکو کی عکس بندی کے دوران دپیکا پڈکون فلم میں اپنے والد کا کردار ادا کرنے والے امیتابھ بچن کا ہاتھ تھامے ہوئے جارہی ہیں۔

    سنجے لیلا بھنسالی کی شہرہ آفاق فلم دیوداس کی عکس بندی کے دوران کوریو گرافر شاہ رخ خان کو رقص کے اسٹیپس بتاتے ہوئے۔

    دیوداس کا ایک اور منظر جس میں چندر مکھی (مادھوری) اور دیوداس (شاہ رخ خان) آپس میں محو گفتگو ہیں۔ سنجے لیلا بھنسالی دونوں کو ہدایات دے رہے ہیں۔

    فلم جودھا اکبر میں جودھا (ایشوریا رائے) کے اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے جانے کے منظر کی عکس بندی۔

    فلم اے دل ہے مشکل کی شوٹنگ کے دوران ہدایت کار کرن جوہر اور انوشکا شرما رنبیر کپور کے موبائل میں کچھ اہم دیکھ رہے ہیں۔

    سنجے لیلا بھنسالی کی ایک اور فلم باجی راؤ مستانی کے گانے پنگا کی عکس بندی کے دوران دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا خوشگوار موڈ میں۔

    فلم خوبصورت کی شوٹنگ کے دوران سونم کپور کا رویہ فواد خان سے ان کی کسی عام مداح جیسا ہے۔

    فلم دل والے میں ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان اور کاجل سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں۔ یہ گانا نہایت سرد مقام پر عکس بند کیا گیا۔

    مجھ سے شادی کرو گی کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان اپنا پسندیدہ کام یعنی شرٹ اتار کر پش اپس لگا رہے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستانی نوجوانوں سے محبت کرتا ہوں: رشی کپور نے پٹری بدل لی

    پاکستانی نوجوانوں سے محبت کرتا ہوں: رشی کپور نے پٹری بدل لی

    پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی شہریوں اور معروف افراد کی بڑی تعداد بھارتی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے بلند و بانگ دعوے کرنے اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کو نیچا دکھانے میں مصروف تھی، تاہم بھارت کی عبرت ناک شکست کے بعد ان سب کو مجبوراً پاکستان کی بہترین کارکردگی کا اعتراف کرنا پڑا۔

    چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں جس طرح پاکستان نے ناقابل یقین شاندار کارکردگی دکھائی وہ ایسی تھی جس نے پوری دنیا کو دنگ کردیا۔ ہندوستانی حسب معمول ٹیم کی شکست کو برداشت نہ کرسکے اور ملک بھر میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات شروع ہوگئے۔

    کشیدگی کے پیش نظر حکومت کو کھلاڑیوں کے گھر کے باہر فوج بھی تعینات کرنی پڑگئی۔

    تاہم ایسے موقع پر بالی ووڈ اداکاروں نے اپنے ملک کی شکست کا غم بھلا کر پاکستان کو ٹوئٹر پر کھلے دل سے مبارکباد دی اور ان کی تعریف کی۔

    اداکار رشی کپور جو 2 دن پہلے تک متعصبانہ ٹوئٹس کے ذریعے جنگ کی فضا قائم کرنے پر تلے ہوئے تھے، اپنے ہی الفاظ اپنے منہ پر پڑجانے کے بعد سخت دلبرداشتہ ہوئے اور بالآخر اپنی شکست تسلیم کی۔

    یہی نہیں اس کے بعد پٹری بدلتے ہوئے انہوں نے پاکستانی نوجوانوں سے محبت کا دعویٰ بھی کر ڈالا۔

    ابھیشک بچن نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی بھی کی۔

    کافی عرصہ سے فلموں سے دور رہنے والے اداکار رتیش دیش مکھ نے بھی پاکستانی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

    ارجن رامپال پاکستانی ٹیم کے کھیل سے کافی متاثر نظر آئے۔ انہوں نے فتح کو پاکستانی ٹیم کا حق قرار دیا۔

    سابق ملکہ حسن سشمیتا سین نے پاکستانی ٹیم کو مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ یہ رحمتوں سے بھرپور ماہ رمضان ہے۔

    سدھارتھ ملہوترا نے دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی اور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بس آج ہمارا دن نہیں تھا۔

    دیا مرزا نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی ٹیم کے لیے اداس ہیں۔

    اداکار و ہدایت کار فرحان اختر نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی تمام شعبوں میں بہترین تھی۔

    ورون دھون نے کہا کہ کھیل میں ایک ٹیم فاتح ہوتی ہے اور ایک شکست خوردہ۔ مجھے یقین ہے کہ بھارت بھرپور طریقے سے کم بیک کرے گا۔

    اس موقع پر ثانیہ مرزا بھی پیچھے نہ رہیں اور انہوں نے دل کے بہلانے کو بھارت کی ہاکی میں پاکستان کے خلاف فتح کو یاد کرتے ہوئے بھارت کو مبارکباد دے ڈالی، تاہم انہیں پاکستان کو بھی مبارک باد دینی پڑی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دیا مرزا کا ماحول دوست گھر

    دیا مرزا کا ماحول دوست گھر

    پرہجوم اور بڑے شہروں میں رہتے ہوئے فطرت سے قریب ہونا ایک مشکل کام ہے، تاہم اب آہستہ آہستہ لوگوں میں فطرت کی اہمیت اجاگر ہورہی ہے جس کے بعد اب وہ اپنے گھروں کو زیادہ سے زیادہ ماحول دوست بنانا چاہتے ہیں۔

    اس کی سب سے بہترین مثال بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے پیش کی جب ایک ویڈیو انٹریو میں انہوں نے اپنے گھر کی سیر کروائی۔

    ان کے گھر میں جا بجا فطرت کے نظارے موجود ہیں اور وہ اپنے روزمرہ کے کاموں کے لیے ماحول دوست اقدامات کرتے ہوئے فطرت سے قریب رہنے کی کوشش کرتی ہیں۔

    ویڈیو میں سب سے پہلے دیا مرزا اپنے گھر کی 2 خوبصورت سرسبز بالکونیوں سے متعارف کرواتی ہیں۔ دیا کے مطابق یہ بالکونیاں نہ صرف ان کے گھر کو ٹھنڈا رکھتی ہیں بلکہ یہاں پر پرندوں کے آنے کا سبب بھی ہیں۔

    وہ کہتی ہیں، ’لوگ شکایت کرتے ہیں کہ شہر میں بھوری چڑیائیں نہیں رہیں، ان کی آبادی کم ہوگئی ہے۔ لیکن میں نے اپنی بالکونی میں ان کے لیے دانہ اور پانی رکھا ہے جس کے بعد اب یہ بڑی تعداد میں یہاں آتی ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: کھڑکیوں پر چہچہانے والی چڑیا کہاں غائب ہوگئی

    انہوں نے بتایا کہ چڑیاؤں کو پانی رکھنے کے لیے وہ مٹی کے کونڈے استعمال کرتی ہیں جن کے باعث سخت دھوپ میں بھی پانی ٹھنڈا رہتا ہے۔

    دیا کے مطابق ان کی سرسبز بالکونی میں صرف چڑیائیں ہی نہیں، مزید کئی پرندے اور تتلیاں بھی آتی ہیں۔

    بعد ازاں دیا گھر کے اندر اپنے فرنیچر سے متعارف کرواتی ہیں۔ دیا نے اپنے پرانے فرنیچر کو دوبارہ رنگ و روغن کروا کر نیا بنا لیا ہے اور اب وہی ان کے گھر کا حصہ ہے۔

    دیا اور ان کے شوہر ساحل نے دروازوں میں استعمال کی جانے والی پرانی لکڑی کو تراش کر اس سے ایک خوبصورت الماری بھی بنوائی ہے۔ اس طرح انہوں نے کٹے ہوئے درختوں کو ضائع ہونے، اور نیا فرنیچر بنانے کے لیے نئے درخت کٹنے سے بچا لیے۔

    دیا مرزا کا کچن

    خوبرو اداکارہ دیا مرزا کہتی ہیں کہ انہوں نے اپنے کچن سے ماحول کے لیے تباہ کن پلاسٹک کا صفایا کردیا ہے۔

    انہوں نے پلاسٹک کی بوتلوں کی جگہ شیشے اور چکنی مٹی سے بنے ہوئے کنٹینرز اور بوتلیں استعمال کرنا شروع کردی ہیں۔

    اسی طرح وہ کچرا پھینکنے کے لیے بھی پلاسٹک کے سیاہ تھیلوں کے بجائے پرانے اخبارات استعمال کرتی ہیں۔

    خشک اور گیلے کچرے کو الگ کر کے وہ گیلے کچرے کو کھاد بنانے کے لیے استعمال کرتی ہیں جو ان کے گھر کے پودوں کی نشونما میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    دیا مرزا کو پانی ضائع کرنا بہت برا لگتا ہے۔ وہ کہتی ہیں، ’جب میں پانی کو ضائع ہوتا دیکھتی ہوں تو میرا دل ٹوٹ جاتا ہے‘۔

    انہوں نے گھر کے ٹینکوں کو بہنے سے بجانے کے لیے وہاں آٹو میشن سسٹم نصب کردیا ہے۔ جیسے ہی ٹینک بھر جاتا ہے، سسٹم کی روشنی جل اٹھتی ہے اور یوں فوری طور پر نلکا بند کردیا جاتا ہے۔

    آخر میں دیا بوگن ویلیا کے ایک خوبصورت پودے سے ملواتی ہیں جس کی کھاد میں ان کے پالتو کتے کی راکھ شامل ہے۔

    وہ کہتی ہیں، ’اس بوگن ویلیا کو دیکھ کر مجھے اپنا سلطان (کتا) یاد آجاتا ہے اور مجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ وہ اب بھی زندہ ہے‘۔

    آپ کو کیسا لگا دیا مرزا کا ماحول دوست گھر؟


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔