Tag: بال

  • موسم گرما میں بالوں کی چمک برقرار رکھنے کے لیے تیل گھر پر بنائیں

    موسم گرما میں بالوں کی چمک برقرار رکھنے کے لیے تیل گھر پر بنائیں

    موسم کی تبدیلی بالوں اور جلد پر اپنا اثر ڈالتی ہے، موسم کے بدلتے ہی جلد اور بالوں کی حفاظت میں اضافہ کرنا پڑتا ہے تاکہ یہ موسم کے ساتھ ہم آہنگ ہوسکیں۔

    موسم گرما میں بال خشک اور بے رونق ہوجاتے ہیں، ساتھ ہی بالوں کو رنگنے کے لیے استعمال کیے جانے والے کیمیکل بھی بالوں کی صحت کو متاثر کرتے ہیں۔

    لہٰذا بالوں کے لیے ایسے تیل کا استعمال ضروری ہے جو ان کی نشوونما میں مدد فراہم کرے، یہاں پر ایک ایسا ہی تیل بنانے کا طریقہ بیان کیا جارہا ہے جو ان تمام مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    اس تیل کو استعمال کرنے کے بعد بالوں کو اچھی دھولیں تاکہ تیل بالوں سے مکمل صاف ہو جائے۔

    تیل کو بنانے کے لیے ایک کھانے کا چمچ زیتون کا تیل، ایک کھانے کا ناریل کا تیل، ایک کھانے کا چمچ شہد اور ایک چائے کا چمچ ایپسن نمک یا میگنیشیئم فلیکس لیں۔

    ان تمام اجزا کو اچھی ملائیں، ناریل کے تیل کو تھوڑا سا گرم کر کے اس میں ایپسن نمک یا میگنیشیئم فلیکس شامل کر کے حل کرلیں۔

    اس تیل کو بالوں میں اچھی طرح لگائیں اور جڑوں میں مساج کریں، تیس منٹ تک لگا رہنے دیں پھر شیمپو سے دھولیں۔

    یہ تیل بالوں کی رونق اور نشونما میں اضافہ کرے گا اور انہیں نرم ملائم اور چمکدار بھی بنائے گا۔

  • دو مونہے بالوں سے نجات پانے کا طریقہ

    دو مونہے بالوں سے نجات پانے کا طریقہ

    دو مونہے بال، بالوں کو بے رونق بنا دیتے ہیں جبکہ بال ٹوٹنے بھی لگتے ہیں، تاہم اس مسئلے سے نہایت آسانی سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بتول نے بالوں کو سیدھا اور چمکدار بنانے کا طریقہ بتایا۔

    انڈے کے چھلکے چھوٹے چھوٹے کرلیں اور پانی ڈال کر ابالنے کے لیے رکھ دیں، اس میں ایک چمچ اجوائن اور کڑی پتہ شامل کریں اور کچھ دیر ابلنے دیں۔

    آم کے چھلکوں کو ایک پیالے میں ڈالیں اور انڈے کا مکسچر ابلنے کے بعد اس میں شامل کردیں۔

    ٹھنڈا ہونے کے بعد آم کا چھلکا بالوں پر رگڑیں اور 20 منٹ بعد سادے پانی سے دھو لیں۔

    ڈاکٹر بتول کا کہنا ہے کہ انڈے کے چھلکے میں موجود باریک سی پرت نہایت فائدہ مند ہے، جبکہ آم کے چھلکے میں وٹامن کے موجود ہے جو بالوں کے لیے نہایت ضروری ہے۔

    اس کے باقاعدہ استعمال سے بال گرنا بھی بند ہوجائیں گے جبکہ دو مونہے بال بھی اپنی اصل حالت میں واپس آتے جائیں گے۔

  • کھارے پانی سے خراب ہونے والے بالوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    کھارے پانی سے خراب ہونے والے بالوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    پانی کی قلت کی وجہ سے ملک کی بڑی آبادی کھارا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے، لیکن یہ کھارا پانی چیزوں کو بہت نقصان پہنچاتا ہے۔

    اس کی وجہ سے گھریلو اشیا زنگ اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں۔

    اگر اس پانی کو نہانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہو تو یہ جلد اور بالوں کے لیے بھی بے حد نقصان دہ ہے۔

    کھارے پانی میں نمکیات کی شرح زیادہ ہوتی ہے اور یہ پانی ایسے ٹھوس نمکیات سے بھرپور ہوتا ہے جو گھل نہیں سکتے، اسی وجہ سے کھارے پانی سے نہانے سے جسم پر خارش اور خشکی پیدا ہوتی ہے اور بال بھی روکھے اور بے جان ہو کر جھڑنے لگتے ہیں۔

    یہ پانی اتنا زہریلا ہوتا ہے کہ اس سے مل کر اچھے سے اچھا شیمپو بھی اپنا اثر کھو دیتا ہے۔

    اس کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے ایک طریقہ یہ ہے کہ کھارے پانی سے نہانے کے بعد صاف میٹھا پانی بالوں اور جسم پر بہا لیا جائے۔

    علاوہ ازیں ایک بڑا ٹکڑا پھٹکری لیں اور پانی سے بھری ہوئی بالٹی میں کچھ دیر اچھی طرح پھیریں، پھٹکری نمکیات کو پانی سے کاٹ دیتی ہے جس کے بعد وہ بالٹی کی نچلی سطح پر بیٹھ جاتے ہیں اور اوپر والا پانی صاف ہوجاتا ہے۔

    کھارے پانی سے خراب ہوئے بالوں کو ہفتے میں 2 بار بادام یا کھوپرے کے تیل سے مساج کریں اور انڈے اور دہی کا ماسک بھی لگائیں۔

  • وہ غلطی جو گرمیوں میں بالوں کی صحت برباد کردے

    وہ غلطی جو گرمیوں میں بالوں کی صحت برباد کردے

    موسم چاہے کوئی بھی ہو جلد اور بالوں کی صحت کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے، بالوں اور جلد کے لیے ایک باقاعدہ بلاناغہ روٹین انہیں طویل وقت تک صحت مند رکھتی ہے۔

    موسم گرما میں اکثر افراد ایک ایسی غلطی کرتے ہیں جو بالوں کے لیے نہایت نقصان دہ ہوتی ہے، یہ غلطی ہے روزانہ شیمپو کا استعمال۔

    گرمیوں میں دھول مٹی اور پسینے کے سبب بال چپچپے ہوجاتے ہیں جس کا بہترین حل لوگوں کے خیال میں روزانہ یا ایک دن کے وقفے سے شیمپو کرلینا ہے۔

    لیکن آپ نے کبھی غور کیا ہو تو آپ کو معلوم ہوگا کہ اس عادت کی وجہ سے گرمیوں میں بال نہایت روکھے اور بے رونق لگنے لگتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق سر کی جلد سے قدرتی طور پر خارج ہونے والی چکنائی بالوں کو دھوپ سے حفاظت فراہم کرتی ہے، اگر آپ انہیں روز دھوئیں گے تو ان کی یہ حفاظتی تہہ ختم ہوجائے گی جس کے بعد آپ کے بال دھوپ کی براہ راست زد میں آجائیں گے۔

    اس لیے ضروری ہے کہ روزانہ شیمپو کے استعمال سے گریز کیا جائے۔

    ماہرین کے مطابق موسم سرما اور معتدل موسم میں ہفتے میں دو بار، جبکہ موسم گرما میں ہفتے میں 3 بار سے زائد شیمپو کا استعمال نہ کیا جائے۔

    شیمپو کرنے سے قبل بالوں میں تیل ضرور لگائیں اور شیمپو کے بعد کنڈیشنر کا استعمال کریں تاکہ بالوں کی نمی برقرار رہے۔

    اگر آپ نے سارا دن دھوپ میں گزارا ہے تو دن کے اختتام پر بالوں کو ضرور دھوئیں کیونکہ دھوپ میں سارا تیل خشک ہوچکا ہوگا اور بال نہایت روکھے ہوجائیں گے، لیکن کوشش کریں کہ اس موقع پر بال دھونے سے قبل تیل سے مساج ضرور کریں، یا پھر دہی یا ایلوا ویرا کا استعمال کریں۔

    موسم گرما میں سر کو کھلا رکھیں تاکہ بالوں کی جڑوں تک تازہ ہوا پہنچے، البتہ تیز دھوپ یا گرد و غبار میں نکلنے سے قبل بالوں کو لازمی ڈھانپیں۔

  • بچوں کے بال تیزی سے کیسے بڑھائے جاسکتے ہیں؟

    بچوں کے بال تیزی سے کیسے بڑھائے جاسکتے ہیں؟

    اکثر والدین بچوں کے بالوں کے حوالے سے پریشان رہتے ہیں، خصوصاً بچیوں کے بالوں کے لیے کہ انہیں کیسے بڑھایا جائے، تاہم یہ بات یاد رکھنی ضروری ہے کہ بال بڑھانے کے لیے بچپن ہی سے صحت مند غذا اور بھرپور خیال رکھنا ضروری ہے۔

    بالوں کی نشونما کے لیے سب پہلے بچوں کی غذا کا خیال رکھیں، بال چونکہ کیروٹین سے بنے ہوتے ہیں لہٰذا اسی کی مناسبت سے غذا کا انتخاب کریں۔

    یہاں چھوٹے بچوں کے بال بڑھانے کے لیے کچھ ایسے طریقے بتا ئے جارہے ہیں جن پر عمل کر کے بچوں کے بال بڑھنے کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    نرمی سے برش کریں

    بالوں کو تیزی سے بڑھانے کے لیے بچپن ہی سے خیال رکھنا شروع کریں، اکثر بچے جب چند ماہ کے ہوتے ہیں تو ان کے بال بہت کم ہوتے ہیں جنہیں دیکھ والدین پریشان ہوجاتے ہیں کہ یہ کس طرح بڑھیں گے تو یہ بات جان لیں کہ چھوٹے بچوں کے بال کم ہوتے ہیں۔

    چند ماہ کے بچوں کے بالوں میں نرم برش پھیریں، اس طرح سر میں خون کی روانی بڑھے گی جس سے بالوں کی نشوونما میں اضافہ ہوگا۔

    چھوٹے بچوں کے بالوں میں کنگھی کرنے سے پہلے تیل ضرور لگائیں اور ہلکے ہاتھوں سے مساج بھی کریں۔

    ناریل کا تیل

    ناریل کا تیل ہر عمر کے افراد کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔

    بچوں کے سر میں روز ناریل کا تیل لگائیں، یہ بال بڑھانے کے ساتھ بچوں کے سر کے دیگر مسائل سے بھی نجات دے گا۔

    کوشش کریں روز تیل لگا کر ہلکے ہاتھ سے مساج کریں، اس طرح بالوں کی مضبوطی کے ساتھ چمک میں بھی اضافہ ہوگا۔

    بالوں کی پونی نہ بنائیں

    بچیوں کے بال بڑے ہوتے ہیں تو مائیں ان کی پونی یا کلپ لگا دیتی ہیں، اس طرح بال کمزور ہونے لگتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ چھوٹے بچوں کی بالوں کی جڑیں نہایت کمزور ہوتی ہیں، انہیں اس طرح باندھنے سے گریز کریں۔

    شیمپو

    بچوں میں بال بڑھانے کے لیے ان کا صاف ہونا بھی نہایت ضروری ہے، اس کے لیے بے بی شیمپو کی مدد سے بچوں کا سر دھوئیں اور سر کو صاف رکھیں۔

    اگر ڈاکٹر باقاعدگی سے دھونے سے منع کریں تو ان کی ہدایت کے مطابق سر دھلوائیں تاکہ میل اور خشکی جمع نہ ہونے پائے۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا جلد کے ساتھ بالوں کے لیے بھی بہت افادیت رکھتا ہے، ایلو ویرا کاجیل تھوڑا سا ہاتھوں میں لے کر بچوں کے سر پہ مساج کریں، اس سے بال تیزی سے بڑھنے لگیں گے۔

  • گرتے بال روکنے کا مؤثر ترین علاج

    گرتے بال روکنے کا مؤثر ترین علاج

    گرتے بالوں کو روکنا ایک دشوار کن مرحلہ ہوسکتا ہے جس کے لیے مختلف ٹوٹکے اور علاج آزمائے جاتے ہیں، انہی میں سے ایک علاج پی آر پی بھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ٹی وی اینکر اور بیوٹی ایکسپرٹ رابعہ انعم اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شریک ہوئیں اور گرتے بال روکنے کا علاج بتایا۔

    رابعہ نے بتایا کہ ان کے شوہر دبئی میں تھے جہاں ان کے بال گرنا شروع ہوگئے، کراچی آنے پر انہوں نے پی آر پی ٹریٹمنٹ کروائی۔

    پی آر پی یا پلیٹ لیٹ رچ پلازما انجیکشن ایسا ٹریٹ منٹ ہے جس میں کسی شخص کے جسم کا صحت مند خون لے کر اسے براہ راست بالوں کی جڑوں میں انجیکٹ کیا جاتا ہے۔

    اس سے بالوں کی نشونما میں مدد ملتی ہے اور انہیں درکار غذا براہ راست ان تک پہنچتی ہے۔

    رابعہ کا کہنا تھا کہ شروع میں کوئی خاص فرق محسوس نہیں ہوا لیکن صرف ایک ماہ کے اندر ان کے شوہر کے بال گرنا رک گئے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں مختلف کلینکس پر یہ ٹریٹ منٹ دستیاب ہے تاہم اسے کسی معتبر اور تجربہ کار ایکسپرٹ کی زیر نگرانی کروایا جائے۔

  • موسم سرما میں بالوں کو خوبصورت بنانے والی ٹریٹ منٹس

    موسم سرما میں بالوں کو خوبصورت بنانے والی ٹریٹ منٹس

    کراچی: معروف بیوٹی ایکسپرٹ کاشف سلیم نے موسم سرما میں دلہن بننے والی لڑکیوں کے لیے بالوں کو خوبصورت بنانے کی ٹپس بتائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں کاشیز سیلون کے بیوٹی ایکسپرٹ کاشف اسلم نے شرکت کی اور موسم سرما میں بالوں کو خوبصورت بنانے کی ٹپس بتائیں۔

    کاشف نے بتایا کہ گھنگھریالے یا لہریے دار بالوں کو خوبصورت بنانے کے لیے مختلف ٹریٹ منٹس کروائی جاسکتی ہیں جن میں کیراٹین یا ری بونڈنگ وغیرہ شامل ہیں۔

    پروگرام میں انہوں نے ہیئر ٹرانسفارمیشن نامی ایک ٹریٹ منٹ بھی کی، انہوں نے بتایا کہ اس ٹریٹ منٹ سے بال بلو ڈرائی کی طرح گھنے اور چمکدار لگتے ہیں اور بہترین لک آتا ہے۔

    ٹریٹ منٹ کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو دیکھیں۔

  • ہمارے ہیئر برش کتنے گندے ہوسکتے ہیں؟

    ہمارے ہیئر برش کتنے گندے ہوسکتے ہیں؟

    ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو نے لوگوں کو حیران و پریشان کردیا جس میں ہیئر برش دھوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    ٹک ٹاک کی ایک صارف نے اپنے ہیئر برش دھونے کی ویڈیو شیئر کی ہے اور بتایا ہے کہ ہمارے ہیئر برش کتنے گندے ہوسکتے ہیں۔

    ویڈیو کے شروع میں وہ بتاتی ہیں کہ وہ بیسن میں پانی بھر کے اور شیمپو ڈال کر اپنے ہیئر برش اس میں بھگو رہی ہیں۔

    صارف کے بقول ایک گھنٹے بعد وہ واپس آئیں تو پانی کی حالت دیکھ کر پریشان ہیں، پانی بالکل گدلا ہوچکا تھا جس سے ظاہر تھا کہ ہیئر برش گندگی سے اٹے ہوئے تھے۔

    خاتون کی اس ویڈیو کو ٹک ٹاک پر 30 لاکھ افراد نے دیکھا، کئی افراد نے کہا کہ انہیں علم ہی نہیں تھا کہ ہیئر برشز اور کنگھوں کو دھونا بھی چاہیئے۔

    ایک صارف کا کہنا تھا کہ اب انہیں پتہ چل گیا کہ ان کے چکنے بالوں کی وجہ ان کا ہیئر برش ہے جو انہوں نے کبھی نہیں دھویا۔

    ہیئر برش / کنگھا نہ دھونے کا نقصان

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے ہیئر برشز اور کنگھوں پر سر کی مردہ جلد جمع ہوجاتی ہے اور برش پر بیکٹریا پیدا ہونے لگتے ہیں، اور ہم لاعلمی میں اسے واپس بالوں میں ڈال رہے ہوتے ہیں۔

    ان کی تجویز ہے کہ ہفتے میں کم از کم ایک بار اپنے استعمال کے تمام ہیئر برشز اور کنگھے لازمی دھوئے جائیں۔

  • موسم سرما میں بالوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    موسم سرما میں بالوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    موسم سرما میں بالوں کا خشک اور خراب ہوجانا عام بات ہے تاہم کچھ طریقوں سے سردیوں میں بھی بالوں کو خوبصورت اور چمکدار رکھا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں بیوٹی ایکسپرٹس نے سردیوں میں بالوں کو صحت مند رکھنے کے طریقے بتائے۔

    کڑی پتہ، بادیان کے پھول، السی کے بیج، ادرک کا تیل اور اسپغول ملا کر پانی میں ابال لیں، یہ جیل سا بن جائے گا، اس میں 1 چمچ گاجر کا پیسٹ ملائیں اور سر میں لگا لیں۔

    2 سے 3 گھنٹے بعد نارمل شیمپو سے دھو لیں۔

    ڈاکٹر بتول نے بتایا کہ رات میں سوتے ہوئے بالوں کو باندھنا انہیں خراب ہونے سے بچاتا ہے، آپ کا تکیہ بھی سلک کا ہونا چاہیئے کیونکہ کاٹن بالوں کو نقصان پہنچاتا ہے اور بال پھٹنے لگتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ نہانے سے قبل ہلدی، شہد اور کالی مرچ کا آمیزہ بنائیں اور بالوں پر لگائیں۔ یہ تمام اشیا بالوں کو نمی فراہم کریں گی اور انہیں نرم و ملائم بنائیں گی۔

  • ایلو ویرا: موسم سرما میں تمام مسائل کا حل

    ایلو ویرا: موسم سرما میں تمام مسائل کا حل

    موسم سرما میں جلد اور بالوں کی خشکی عام مسئلہ ہے جس کے لیے مختلف گھریلو ٹوٹکے اور بازاری پروڈکٹس استعمال کی جاتی ہیں۔

    ایلوا ویرا ایک ایسی شے ہے جو ہر موسم میں بہترین نتائج دیتی ہے، یہ خشکی کے لیے بھی نہایت مؤثر ہے۔

    بالوں اور جلد کی خشکی دور کرنے کے لیے ایلو ویرا کو مندرجہ ذیل طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    بالوں کی خشکی کے لیے

    ایلو ویرا کا گودا، کنڈیشنر، زیتون کا تیل اور کھوپرے کا تیل ملا کر گرینڈ کرلیں، اس آمیزے کو بالوں میں لگائیں اور ایک گھنٹے بعد سر دھو لیں۔ بال نہایت صاف ستھرے اور نرم ملائم ہوجائیں گے۔

    جلد کے لیے

    باقاعدگی سے ایلو ویرا چہرے پر لگانا جلد کو شفاف اور نرم کرتا ہے جبکہ جلد کو نمی بھی فراہم کرتا ہے۔ اگر ایلو ویرا کو چاول کے آٹے میں مکس کر کے لگایا جائے تو یہ جھائیوں، سیاہ حلقوں اور خشکی کا قدرتی علاج ہوگا۔

    ہاتھ پاؤں کی خشکی

    ہاتھ پاؤں کو نم رکھنے کے لیے ایلو ویرا کا پتہ شہد کے ساتھ پیس لیں اور اسے ہاتھ پاؤں کی خشک جلد پر لگائیں۔ پہلی ہی بار میں واضح فرق نظر آئے گا۔