Tag: بال

  • گنج پن کی حیران کن وجہ سامنے آگئی

    گنج پن کی حیران کن وجہ سامنے آگئی

    ایک عمومی خیال ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ بال کم ہونے لگتے ہیں اور بالآخر ختم ہوجاتے ہیں جس کے بعد گنج پن کا سامنا ہوتا ہے تاہم ماہرین نے اس حوالے سے ایک حیرن کن تحقیق کی ہے۔

    طبی ماہرین کا خیال تھا کہ ٹشوز اور اعضا بشمول بالوں کو معمول پر رکھنے والے اسٹیم سیلز عمر بڑھنے کے ساتھ بتدریج مرنے لگتے ہیں، جسے بڑھاپے کی جانب سفر کا ایک ناگزیر عمل بھی قرار دیا جاتا ہے۔

    مگر نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کی تحقیق میں ایک حیران کن دریافت سامنے آئی جس کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ بالوں کو برقرار رکھنے والے اسٹیم سیلز اس اسٹرکچر سے فرار ہوجاتے ہیں جہاں وہ مقیم ہوتے ہیں۔

    اس تحقیق میں ایسے 2 جینز کو شناخت کیا گیا جو عمر بڑھنے کے ساتھ بالوں پر اثرات مرتب کرتے ہیں جس سے اسٹیم سیلز کو اپنی جگہ سے منتقل ہونے کی روک تھام سے بالوں کو گرنے سے روکنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے میں مدد مل سکے گی۔

    اسٹیم سیلز چوہوں اور انسانوں میں بالوں کی نشوونما میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں۔

    محققین کا خیال تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ اسٹیم سیلز کے مرنے لگتے ہیں جس کے نتیجے میں بال پہلے سفید اور پھر بتدریج گنج پن کا سامنا ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے انسانی بالوں کے غدود کو چوہوں کے کانوں میں نصب کیا اور پھر اس کی جانچ پڑتال کی گئی۔

    اس جانچ پڑتال میں یہ حیران کن انکشاف ہوا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ جب چوہے کے بال سفید اور گرنے لگے تو اسٹیم سیلز اپنی مخصوص جگہوں سے فرار ہونے لگے۔

    ان خلیات نے اپنی ساخت تبدیل کرکے ان غدود سے فرار کو ممکن بنایا اور باہر نکل کر اپنی معمول کی ساخت پر آئے اور کہیں اور چلے گئے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے خود یہ مشاہدہ نہیں کیا ہوتا تو کبھی بھی اس پر یقین نہیں کرتے، اس عمل نے تو ہمارے ذہنوں کو گھما کر رکھ دیا تھا۔ یہ اسٹیم اپنی جگہ سے نکلنے کے بعد سیلز مدافعتی نظام میں کہیں گم ہوجاتے ہیں۔

    اس دریافت کے بعد ماہرین نے یہ شناخت کیا کہ کونسے جینز اس عمل کو کنٹرول کرتے ہیں اور انہوں نے 2 جینز کو دریافت کیا جو بالوں کے غدود کے معمر خلیات میں کم متحرک ہوجاتے ہیں۔

    اسٹیم سیلز کو اپنی جگہ مقید رکھنے کے لیے ان کا کردار گھٹنے لگتا ہے۔

  • بے رونق اور جھڑتے بالوں کے لیے کون سی ٹریٹمنٹ کروائی جاسکتی ہے؟

    بے رونق اور جھڑتے بالوں کے لیے کون سی ٹریٹمنٹ کروائی جاسکتی ہے؟

    کراچی: بالوں کی اگر حفاظت نہ جائے تو وہ جلد بے رونق ہوجاتے ہیں اور جھڑنے لگتے ہیں تاہم مختلف ٹریٹمنٹس کے ذریعے ان کا علاج کیا جاسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر شائستہ لودھی نے شرکت کی۔

    ڈاکٹر شائستہ نے بالوں کے مختلف مسائل اور ان کے علاج کے لیے مختلف ٹریٹمنٹس کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے ایک ٹریٹمنٹ بھی کر کے بتائی جس میں بالوں کے جھڑنے اور کم ہوجانے کا علاج کیا گیا۔ مائیکرو نیڈلنگ نامی اس ٹریٹمنٹ کے ذریعے بالوں کو ملٹی وٹامن فراہم کیے جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر شائستہ نے بتایا کہ ایک ٹریٹمنٹ میں مریض کے جسم کا ہی خون لے کر اسے ایکوپمنٹ کے ذریعے بالوں کی جڑوں تک پہنچایا جاتا ہے جس سے بالوں میں رونق آجاتی ہے۔

    بالوں کے لیے مزید ٹریٹ منٹس کے بارے میں ڈاکٹر شائستہ کی زبانی جانیئے۔

  • بالوں کی خشکی سے نجات پانے کا جادوئی نسخہ

    بالوں کی خشکی سے نجات پانے کا جادوئی نسخہ

    بالوں کی خشکی ایسا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بال تیزی سے جھڑنے شروع ہوجاتے ہیں بلکہ بال بے رونق بھی دکھائی دینے لگتے ہیں۔

    یوں تو بالوں کی خشکی دور کرنے کے کئی طریقے ہیں جنہیں باقاعدگی سے آزمایا جائے تو اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں، آج ہم آپ کو ایک اور طریقہ بتانے جارہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اسپرین بالوں اور جلد کے لیے بہترین جز ہے۔ اسپرین ایسے اجزا (سیلی کائی لیک ایسڈ) سے بھرپور دوا ہے جو بیشتر خشکی سے نجات دلانے والے شیمپوز کا حصہ ہوتے ہیں۔

    اسپرین کی 2 گولیوں کو پیس کر سفوف کی شکل دیں اور سر پر لگانے کے لیے جتنا شیمپو لیتے ہیں اس میں شامل کرلیں، اس مکسچر کو اپنے بالوں پر ایک سے دو منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر اچھی طرح دھولیں۔

    اس کے بعد دوبارہ سادہ شیمپو سے سر دھوئیں، اس کا جادوئی اثر دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

    تاہم یاد رہے کہ بالوں کی خشکی کی وجہ ناقص غذا بھی ہے لہٰذا چکنائی اور پروٹین سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کریں اور ہفتے میں ایک سے دو بار تیل سے مساج بھی ضرور کریں۔

  • جانوروں کے بال چرا کر اپنا گھونسلہ بنانے والا پرندہ

    جانوروں کے بال چرا کر اپنا گھونسلہ بنانے والا پرندہ

    مختلف جانوروں اور پرندوں کی بعض عادات نہایت عجیب ہوتی ہیں جو وہ اپنی بقا کے لیے اختیار کرتے ہیں تاہم حال ہی میں دریافت ہونے والے ایک پرندے کی نہایت انوکھی حرکت سامنے آئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یونیورسٹی آف الی نوائے کے سائنس دانوں نے ایک عجیب و غریب پرندہ دریافت کیا ہے جو ممالیوں کے بال نوچنے میں اپنا جواب نہیں رکھتا۔

    یہ سیاہ سینے والا ٹٹ ماؤس پرندہ ہے جو دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتا ہے لیکن اس کی بھولی صورت پر نہ جائیں کیونکہ یہ دیگر بال والے جانوروں سے بغض رکھتا ہے اور ان کے بال نوچنے میں بہت تیز ہے۔ سائنس دانوں نے یوٹیوب پر موجود درجنوں ویڈیو دیکھنے کے بعد اس پرندے پر تحقیق شروع کی۔

    یہ تحقیق ایکولوجی نامی جرنل میں شائع ہوئی ہے اور اس پرندے کو کلیپٹو ٹرائیکی کا عادی بتایا ہے۔ اس لفظ کا مطلب ہے بال چرانا جو قدیم یونانی زبان کا ایک لفظ ہے اور ان کی دیو مالائی کہانیوں میں دوسرے کے بال چوری کرنے والے کئی کردار ملتے ہیں۔

    اس پرندے کو انسانوں، گائے، بکری، گلہری، کتوں، بلیوں اور خار پشت جیسی مخلوق کے بال توڑتے اور چوری کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ یہ پرندے ان بالوں سے اپنا گھونسلہ بناتے ہیں۔

    اربانا شیمپین میں الی نوائے یونیورسٹی سے وابستہ ارتقا اور جانوروں کے رویے کے ماہر پروفیسر مارک ہوبر کہتے ہیں کہ اگرچہ گھونسلے بنانے کے رجحان پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن دنیا کے معتدل علاقوں میں پرندوں کی جانب سے دوسرے جانوروں کے بالوں سے گھونسلہ سازی کے عام واقعات دیکھے گئے ہیں۔

    اس کی وجہ یہ ہے پرندے اپنے انڈوں کو گرم رکھنے کے لیے دوسرے جانوروں کے بالوں کو نوچتے اور چراتے ہیں، بالخصوص سردیوں میں یہ رجحان عام ہوجاتا ہے۔

  • گرتے بالوں کو روکنا نہایت آسان

    گرتے بالوں کو روکنا نہایت آسان

    بالوں کا گرنا آج کل ایک عام مسئلہ بن چکا ہے جس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں، بالوں کا گرنا روکنے کے لیے ڈاکٹرز کی مہنگی دوائیں کھانے کے بجائے گھر میں ہی اس مسئلے کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں رانی آپا نے بال گرنے کا آسان علاج بتایا۔

    ایلو ویرا جیل میں میتھی دانہ، دار چینی اور کمیلا بوٹی (تمام اشیا کا پاؤڈر) ایک ایک چائے کا چمچ ملا لیں، ان سب اشیا کو پیاز کے عرق میں مکس کریں۔

    اب تل کا تیل یا سرسوں کا تیل 1 سے 2 چمچ فرائی پین میں ڈالیں اور یہ آمیزہ اس میں ڈال کر ہلکا سا گرم کرلیں۔

    اب اسے سر پر لگائیں، پہلے بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح سے لگا کر مساج کریں، اس کے بعد سروں پر لگا کر 2 گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد صاف پانی سے دھو لیں۔

  • ایلو ویرا: جادوئی خصوصیات کا حامل پودا

    ایلو ویرا: جادوئی خصوصیات کا حامل پودا

    ایلوا ویرا حیرت انگیز خصوصیات کا حامل پودا ہے جو بالوں اور جلد کے لیے بے حد مفید ہے، اس کے فوائد کی فہرست طویل ہے۔

    بین الاقوامی میگزین میں شائع ایک مضمون کے مطابق ایلو ویرا کے پتے میں جیل کی ایک تہہ ہوتی ہے جو 99 فیصد پانی پر مشتمل ہوتی ہے، اس ایلو ویرا جیل میں امینو ایسڈ اور وٹامن اے، سی اور آئی پائے جاتے ہیں۔

    ایلو ویرا جیل بہت سی بیماریوں، بالوں اور جلد کی حفاظت اور ان کے علاج میں استعمال ہونے والے انتہائی قدرتی مادوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔ آئیں دیکھتے ہیں کہ اس کا استعمال کس طرح کیا جاتا ہے۔

    ایلوا ویرا کیل مہاسے ختم کرنے کے لیے بہترین ہے۔ اس کا جیل جراثیم کش اور انسداد سوزش کی خصوصیات کی حامل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں جلد کے لیے اہم غذائی اجزا بھی شامل ہوتے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر چہرے پر لگانے سے یہ کیل مہاسوں کے علاج میں واضح طور پر مفید ثابت ہوتا ہے۔

    جلی ہوئی جلد کے علاج اور اس کی بحالی کو تیز کرنے کے لیے ایلو ویرا جیل میں خصوصی صلاحیت ہوتی ہے۔ اسے روزانہ کئی بار جلے ہوئے مقام پر لگانے سے زخم درست ہو جاتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل خشک جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد کو نمی بخشتا ہے اور اس کا سوکھا پن دور کرتا ہے۔

    آنکھوں کے گرد ایلو ویرا جیل کا استعمال آنکھوں کی بیماریوں اوران کے گرد سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل میں ایسے مادے ہوتے ہیں جو جلد کی لچک کو برقرار رکھنے میں معاون ہوتے ہیں، اس کے استعمال سے چہرے پر جھریاں نہیں پڑتیں اور جلد توانا رہتی ہے۔

    ایلوویرا جیل ان تکلیف دہ زخموں کا علاج بھی کرتا ہے جو ہونٹوں کے اطراف میں بنتے ہیں، اس کا دن میں دو بار استعمال زخموں کو بھرنے میں مدد دیتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل پلکوں کے بالوں کو گھنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو نرم اور چمکدار بناتا ہے، یہ ان کی لمبائی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل کے مضر اثرات بھی ہوسکتے ہیں، کچھ لوگوں کو اس کے استعمال سے الرجی کے مسائل یا دوسرے مضر صحت مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کسی بھی ڈائیورٹیکس یا ذیابیطس کی دوائیاں لینے کی صورت میں اس کے استعمال سے پہلے کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ گردوں کے مسائل، پوٹاشیم کی کمی، کمزوری، اسہال، متلی اور پیٹ میں درد کی صورت میں بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

    حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور بارہ سال سے کم عمر بچوں کے لیے ایلو ویرا جیل کا استعمال ممنوع ہے۔ اس کے علاوہ لہسن اور پیاز سے الرجی رکھنے والوں کو بھی ایلو ویرا جیل استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔ کسی بھی سرجری سے قبل بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے بچنا ضروری ہے۔

  • بالوں کو گھر میں بلو ڈرائی کرنا نہایت آسان

    بالوں کو گھر میں بلو ڈرائی کرنا نہایت آسان

    بال شخصیت کا ایک شاندار پہلو ہوتے ہیں اور خوبصورتی سے سیٹ کیے بال شخصیت میں چار چاند لگا دیتے ہیں، بالوں کو بلو ڈرائی کرنا انہیں سیٹ کرنے کا ایسا طریقہ ہے جس سے بال بہت کم وقت میں بہترین طریقے سے سیٹ ہوجاتے ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں میک اپ آرٹسٹ وقار حسین نے گھر پر بلو ڈرائی کرنے کا نہایت آسان طریقہ بتایا۔

    بلو ڈرائی ڈرائر سے بالوں کو اس طرح خشک کرنے کو کہا جاتا ہے جس سے وہ چہرے کو ایک خوبصورت لک دے دیتے ہیں اور بالوں پر مزید وقت لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

    وقار نے بتایا کہ گھر پر خود سے بلو ڈرائی کرنے کے لیے ڈرائر کو 90 ڈگری زاویے پر پکڑا جائے اور بالوں کو سلجھاتے جائیں۔

    اگر بالوں میں لہر دار لک پیدا کرنا ہے تو سر جھکا کر بال سامنے کی طرف لائیں اور ڈرائر کو پیچھے کی طرف سے استعمال کریں۔

    اس کے بعد بالوں کی معمولی سی بیک کومبنگ کی جائے، اس سے سر کی ایک شیپ بن جاتی ہے اور خوبصورت لک آتا ہے۔

    وقار نے بتایا کہ عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ ڈرائر کی گرم ہوا سے بال خشکی کا شکار ہوجائیں گے اور جھڑنے لگیں گے، ڈرائر میں 3 آپشنز ہوتے ہیں میڈیم، ہیٹ اور کولڈ۔ ڈرائر لگاتے ہوئے اس کا کولڈ آپشن استعمال کریں۔

    وقار کا کہنا تھا کہ گھنگھریالے بالوں کے لیے بازار میں ایسی پروڈکٹس ملتی ہیں جنہیں نہانے کے بعد گیلے بالوں میں استعمال کیا جائے تو وہ بالوں کو نم رکھتی ہیں جبکہ اس سے کرل بھی سمٹے ہوئے اور ترتیب میں رہتے ہیں۔

    مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو دیکھیں۔

  • حجام نے بالوں کو آگ لگا دی، پھر کیا ہوا؟

    حجام نے بالوں کو آگ لگا دی، پھر کیا ہوا؟

    پیرس: آج کل بال سنوارنے کی ایک تکنیک بے حد مقبول ہورہی ہے جس میں ہیئر اسٹائلسٹ بالوں کو آگ لگا کر انہیں اسٹائل دیتا ہے، فرانس میں ایسی ہی تکنیک ہیئر اسٹائلسٹ کو مہنگی پڑ گئی جس میں آگ سے گاہک کا ماتھا جل گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے گزشتہ ہفتے لینیون کے ایک چھوٹے قصبے میں واقع سیلون میں جانے کے بعد ایک شکایت درج کروائی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کے مطابق سیلون میں اسٹائلسٹ نے اس کے بالوں میں پہلے تو ایک جیل لگایا پھر ایک لائٹر اٹھایا اور اچانک اس کے بالوں کے پاس لے جا کر اسے جلا دیا۔

    اس سیلون میں بالوں کی تراش خراش کے لیے مصر کی ایک خاص تکنیک آزمائی جاتی تھی جس میں بالوں کو آگ لگا کر انہیں سنوارا جاتا ہے، تاہم اس حرکت کے بعد مذکورہ شخص کا ماتھا جل گیا۔

    پولیس افسر کے مطابق ہم اس کہانی سے بہت حیران ہوئے اور ہمیں سمجھ نہیں آیا کہ اس اسٹائلسٹ نے کیوں بالوں کو آگ لگائی، تاہم تحقیقات کے بعد علم ہوا کہ یہ ایک مصری تکنیک ہے جو حال ہی میں فرانس میں بھی آزمائی جا رہی ہے۔

    مذکورہ ہیئر اسٹائلسٹ کو اس تکنیک میں مہارت حاصل نہیں تھی، سیلون کا مالک ایک مکینک تھا جس کے پاس اس کام کے حوالے سے کوئی ڈپلومہ نہیں تھا نہ ہی اس کے تینوں ملازمین کے پاس ایسی کوئی دستاویز تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کاروبار اور ٹیکس میں غبن کے ملوث پائے جانے کے بعد سیلون کو بند کر دیا گیا ہے۔

  • 17 سالہ لڑکی کے معدے سے 7 کلو گرام وزنی بالوں کا گچھا برآمد

    17 سالہ لڑکی کے معدے سے 7 کلو گرام وزنی بالوں کا گچھا برآمد

    نئی دہلی: بھارت میں ایک 17 سالہ لڑکی کے پیٹ سے بالوں کا 7 کلو گرام وزنی گچھا نکال لیا گیا، لڑکی کو بچپن سے بال چبانے اور کھانے کی عادت تھی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھاڑ کھنڈ سے تعلق رکھنے والی 17 سالہ لڑکی کو تکلیف کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ مذکورہ لڑکی کی شناخت سویٹی کماری کے نام سے ہوئی۔

    سویٹی کے والدین کے مطابق اسے بچپن سے بال چبانے کی عادت تھی۔

    3 سال قبل پیٹ میں تکلیف کے باعث اس کا الٹرا ساؤنڈ کیا گیا تو ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید اس کے معدے میں کوئی ٹیومر ہے، تاہم جلد ہی انہیں پتہ چل گیا کہ یہ بالوں کا گچھا ہے جو پورے معدے میں جگہ گھیر چکا ہے۔

    بعد ازاں ایک نجی اسپتال کے ڈاکٹرز نے 6 گھنٹے طویل سرجری میں اس گچھے کو نکالا اور سویٹی کے معدے کی صفائی کی۔ معدے میں پھنسے اس گچھے کا وزن 6.8 کلو گرام تھا۔

    ڈاکٹرز کی ٹیم کے سربراہ جی این ساہو کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے 40 سالہ کیریئر کے دوران کسی مریض کے معدے کی ایسی حالت نہی دیکھی۔

    طب میں بال کھانے کی اس طلب کو دیومالائی کہانیوں کی کردار ریپونزل کی نسبت سے ریپونزل سنڈروم کا نام دیا جاتا ہے۔ ریپونزل اپنی خوبصورتی اور لمبے بالوں کی وجہ سے مشہور ہے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ یہ سنڈروم کم افراد کو ہوسکتا ہے تاہم بال کھانے کے عادی افراد بے حد تکلیف کا شکار ہوجاتے ہیں اور انہیں طویل اور پیچیدہ سرجری کے مرحلے سے گزرنا پڑ سکتا ہے۔

  • لڑکی کے پیٹ سے آدھا کلو بال اور شیمپو کے پیکٹس برآمد

    لڑکی کے پیٹ سے آدھا کلو بال اور شیمپو کے پیکٹس برآمد

    نئی دہلی: بھارت میں 13 سالہ لڑکی کے پیٹ سے آدھا کلو انسانی بال اور شیمپو کے خالی پیکٹس نکال لیے گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تامل ناڈو میں ساتویں جماعت کی طالبہ کو پیٹ میں مسلسل تکلیف کے باعث اسپتال لایا گیا تو ابتدائی طور پر ڈاکٹرز نے مختلف ٹیسٹ کے ذریعے کسی ٹھوس شے کی پیٹ میں موجودگی کا انکشاف کیا۔

    ڈاکٹرز نے اینڈو اسکاپی کے ذریعے ٹینس گیند کے برابر ٹھوس شے نکالنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے، اس دوران لڑکی مسلسل درد کے باعث شدید تکلیف میں رہی۔

    بڑھتے درد کے بعد ڈاکٹرز نے فوری سرجری تجویز کی اور والدین کی اجازت سے لڑکی کا آپریشن کیا گیا، ڈاکٹرز نے لڑکی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا اور پلاسٹک کے پیکٹس نکال لیے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بالوں اور شیمپوں کے خالی پیکٹس کا وزن آدھا کلو کے برابر تھا، ڈاکٹرز نے میڈیا کو بتایا کہ قریبی رشتہ دار کے موت پر لڑکی نے اشیا کھانا شروع کر دی تھیں، لڑکی نے اپنے بال نوچ کر کھائے اور شیمپو کے خالی پیکٹس بھی نگل لیے۔