سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں نے سینٹرل جیل اڈیالہ سے متعلق من گھڑت ٹوئٹ کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے بیٹوں کے ٹوئٹ پر سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی نے اپنا ردعمل دیا ہے، انھوں نے کہا کہ بانی کے بیٹوں نے اڈیالہ جیل سے متعلق من گھڑت ٹوئٹ کی ہے، بانی کے بیٹوں نے ٹوئٹ کیا جیل میں ہیپاٹائٹس سے متعدد قیدیوں کی ہلاکت ہوئی۔
سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل راولپنڈی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے بیٹوں کا ٹوئٹ بے بنیاد اور من گھڑٹ ہے، جیل میں ہیپاٹائٹس سے قیدیوں کی ہلاکت کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔
بانی پی ٹی آئی کی قاسم اور سلیمان سے فون پر بات کروا دی گئی
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم کی جانب سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ جیل میں ہیپاٹائٹس سے متاثرہ کوئی قیدی موجود نہیں ہے، تمام قیدیوں کے ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
عبدالغفور انجم کا کہنا تھا کہ حالیہ میڈیکل چیک اپ میں بھی کوئی ہیپاٹائٹس کیس سامنے نہیں آیا، قیدیوں کا میڈیکل چیک اپ باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائرل بیماری میں مبتلا قیدی کو فوری طور پر الگ کر دیا جاتا ہے تاہم فی الوقت اڈیالہ جیل میں ہیپاٹائٹس سے کوئی اموات یا متاثرہ قیدی نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال مئی میں سینٹرل جیل اڈیالہ میں قیدی سے مبینہ اجتماعی جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا تھا۔
https://urdu.arynews.tv/aleema-khanum-imran-khan-sons-visa/