Tag: بانی پی ٹی آئی

  • برے وقت میں جو پارٹی چھوڑ گئے ان کیلئے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں: بانی پی ٹی آئی

    برے وقت میں جو پارٹی چھوڑ گئے ان کیلئے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں: بانی پی ٹی آئی

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ برے وقت میں جو پارٹی چھوڑ گئے ان کیلئے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برے وقت میں جو پارٹی چھوڑ گئے ان کیلئے پی ٹی آئی میں کوئی جگہ نہیں، مجھے پتہ ہے برے وقت میں کون سے لوگ چھوڑ کر گئے ہیں۔

    بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بہت کم ایسے لوگ ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں پارٹی کو مجبوری میں چھوڑا، کسی کا نام نہیں لیتا جو سیدھا سادا پارٹی کو چھوڑ کر گئے ہیں ان کو واپس نہیں لوں گا۔

    بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ جنہوں نے مشکل وقت گزارا اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے وہ تسلی رکھیں۔

  • جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی سے جیل سہولیات واپس لینے کی خبروں کی تردید کردی

    جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی سے جیل سہولیات واپس لینے کی خبروں کی تردید کردی

    راولپنڈی: جیل انتظامیہ  نے بانی پی ٹی آئی سے جیل سہولیات واپس لینے کی خبروں کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینول کے مطابق تمام سہولیات دستیاب ہیں، انہیں 2مشقتی دی گئی ہیں جو دن کے اوقات میں دستیاب ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی اور صحت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

    جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو انگریزی روز نامہ روزانہ فراہم کیا جاتا ہے، ورزش کے لئے ایکسرسائز مشین اور واک کے لئے جگہ بھی دستیاب ہے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کھانے کیلئے علیحدہ کچن فراہم کیا گیا ہے،

    سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی سیکیورٹی کیلئے عملہ ہر وقت تعینات رہتا ہے، جیل میں اندر پڑھنے کیلئے ان کے پاس کتابیں بھی دستیاب ہیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں گٹر کھلا ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

    سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے سیل چوہوں کی خبروں میں بھی کوئی صداقت نہیں، بشریٰ بی بی کے سیل میں فال سیلنگ لگی ہے، چوہوں کی موجودگی کی خبروں میں بھی کوئی صداقت نہیں۔

    عبدالغفور نے مزید بتایا کہ بطور سابق وزیراعظم جیل مینول کے تحت بانی پی ٹی آئی کو تمام سہولیات دستیاب ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ہفتے میں دو دفعہ فیملی، وکلا اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت ہے، جیل میں سماعت کے موقع پر بھی بانی پی ٹی آئی ملاقاتیں کرتے ہیں۔

    جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور کا کہنا تھا کہ جیل مینول اور بطور ایک قیدی بانی پی ٹی آئی کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کے کمرے میں ٹی وی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

  • بانی پی ٹی آئی کی بطور چانسلر نامزدگی کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں پٹیشن دائر

    بانی پی ٹی آئی کی بطور چانسلر نامزدگی کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں پٹیشن دائر

    اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی کی بطورچانسلر نامزدگی کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی کو متعدد ای میلز موصول ہوگئی، جس میں نامزدگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بطورچانسلر نامزدگی کے خلاف آکسفورڈ یونیورسٹی میں پٹیشن دائرکردی گئی۔

    ڈیلی میل نے بتایا کہ یونیورسٹی کو بانی پی ٹی آئی کے خلاف پٹیشن اور غصے سے بھرپور متعدد ای میلز موصول ہوئی ہیں، جس میں بانی پی ٹی آئی کے چانسلر کی نامزدگی جمع کرانے پرتشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    پٹیشن میں کہا گیا بانی پی ٹی آئی کا عوامی اور ذاتی ریکارڈ پریشان کن ہیں، اس کا بغور جائزہ لینا ضروری ہے، انہوں نے اکثر ایسے خیالات کا اظہار کیا ہے اور ایسے اقدامات کیے ہیں جو انتہا پسندگروہ خاص کر طالبان سے ہم آہنگ تھے۔

    پٹیشن میں کہنا تھا کہ وہ ماضی میں طالبان اور اسامہ بن لادن کی حمایت بھی کرچکے ہیں ،بانی پی ٹی آئی نے اسامہ بن لادن کو شہید بھی قرار دیا تھا۔

    پٹیشن میں کہا گیاان کو کئی بار بدسلوکی کو فروغ دینے والے بیانات پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، انہوں نے بار بار عصمت دری کے واقعات کے لیے خواتین کے لباس کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔

    ڈیلی میل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی نامزدگی کے خلاف لڑنے والے امیدواروں کا دعویٰ ہے انہیں سوشل میڈیا پر ہراساں کیا جار ہا ہے۔سوشل میڈیا کا اس طرح کا استعمال تشویشناک ہے۔

    پٹیشن میں کہا گیا یونیورسٹی انسانی حقوق کے لیے احترام کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کی ایک طویل تاریخ رکھتی ہے ، بانی پی ٹی آئی کے اقدار اور ذاتی ریکارڈ یونیورسٹی کے ویژن سے متصادم نظر آتاہے.

  • بانی پی ٹی آئی نے پھر ثابت کیا وہ صحیح معنوں میں لیڈر ہیں: علی محمد خان

    بانی پی ٹی آئی نے پھر ثابت کیا وہ صحیح معنوں میں لیڈر ہیں: علی محمد خان

    پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے پھر ثابت کیا وہ صحیح معنوں میں لیڈر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں کو جلسہ ملتوی ہونے کا علم نہیں تھا، بانی پی ٹی آئی نے پھر ثابت کیا وہ صحیح معنوں میں لیڈر ہیں۔

    علی محمدخان نے کہا کہ فیصلے سے ورکرز کو دھچکا ضرور لگا تھا، یہ وہی لیڈر کرسکتا ہے جسے فکر ہو کوئی تصادم نہ ہوجائے، جسے فکر ہو دوسرا 9 مئی نہ کردیا جائے۔

    علی محمد خان کا کہنا تھا کہ علیمہ باجی براہِ راست پارٹی میں نہیں، اُنہیں بہت سے فیصلوں کا بروقت علم نہیں ہوتا، جلسے کا این او سی آخری وقت میں واپس لے لیا گیا، جماعتِ اسلامی، ٹی ایل پی دھرنا دے سکتے ہیں تو ہم جلسہ کیوں نہیں کرسکتے؟۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کیوں آپ سب سے بڑی جماعت کے حساس صوبے کے وزیراعلیٰ کو مجبور کررہے ہیں؟، علی امین گنڈا پور کو سر پر کفن باندھ کر نکلنا پڑ رہا ہے۔

  • توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں گرفتاری،  بانی پی ٹی آئی اور  بشریٰ بی بی کی درخواستیں مسترد

    توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں گرفتاری، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستیں مسترد

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستیں مسترد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹوکیس میں گرفتاری کیخلاف بانی پی ٹی آئی اوراہلیہ کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا  توشہ خانہ ریفرنس فائل ہو چکا ہے، اب ان کے پاس ضمانت بعد از گرفتاری دائر کرنے کا اختیار ہے۔

    جس پر سلمان صفدر ایڈو کیٹ نے کہا جب عدالت کے سامنے بنیادی حقوق کے سوال موجود تھے پھر کیسے یہ ریفرنس دائر کر سکتے تھےاعتراض کیا گیا کہ ہم تفتیش میں شامل نہیں ہوئے ،مگر اب ہم شامل تفتیش ہو گئے۔

    عدالت کے استفسار پر نیب کے تفتیشی افسر نے کہاہم جیل گئے تھے سوال نامے کا جواب مل گیا ہے، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا نیب نے جواب حاصل کرنے اورتفتیش مکمل ہونے کے بعد ریفرنس دائر کر دیا ہے۔

    عدالت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستیں غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے مسترد کردیں۔

    جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اورجسٹس بابرستارنےاحکامات جاری کردیئے۔

  • فیض حمید کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی نہیں ہٹانا چاہتا تھا: بانی پی ٹی آئی

    فیض حمید کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی نہیں ہٹانا چاہتا تھا: بانی پی ٹی آئی

    فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے کہا ہے کہ اپنے دور حکومت میں فیض کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی نہیں ہٹانا چاہتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ فیض حمید سے میرا کوئی تعلق نہیں، یہ فوج کا انٹرنل معاملہ ہے۔

    بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ فوج اگر انٹرنل اکاونٹیبلٹی کرنا چاہتی ہے تو ضرور کرے، فیض حمید کا 9 مئی سے تعلق ہے تو تحقیقات ہونی چاہیے، جوڈیشل کمیشن کے ذریعے سارے ثبوت سامنے لائے جائیں۔

     بانی پی ٹی آئی عمران خان  نے مزید کہا کہ اپنے دورحکومت میں فیض کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی نہیں ہٹانا چاہتا تھا، فیض حمید کو عہدے سے ہٹانے پر میری قمر جاوید باجوہ سے تلخی ہوئی تھی۔

  • بانی پی ٹی آئی کے لیے سہولت کاری کا الزام، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا نیٹ ورک بے نقاب

    بانی پی ٹی آئی کے لیے سہولت کاری کا الزام، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا نیٹ ورک بے نقاب

    راولپنڈی: ذرائع نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کا ایک نیٹ ورک پکڑا گیا ہے، جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے سہولت کاری کرتا تھا۔

    ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے لیے سہولت کاری پر سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا ہے، معطل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم سے حاصل معلومات پر مزید 6 ملازمین سے پوچھ گچھ شروع کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق جیل کے مزید 2 افسران سے پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے، ان میں اڈیالہ جیل کے اسسٹنٹ ناظم، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر شامل ہیں، دونوں افسران سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اکرم کے قریبی تھے۔

    اڈیالہ جیل کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال احمد سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے، محمد اکرم کے 2 اردلی، 3 وارڈر اور ہیڈ وارڈر سے پوچھ گچھ کی جائے گی، تمام ملازمین محمد اکرم کے قریبی تصور کیے جاتے ہیں۔

    تین یورپی ممالک کے نمبرز پر بنائے گئے واٹس ایپ کے لیے استعمال ہونے والے موبائل فون کے شواہد بھی مل چکے ہیں، محمد اکرم پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے پیغام رسانی اور سہولت کاری کا الزام ہے۔

  • پی ٹی آئی میں ٹوٹ پھوٹ نہیں، 25 اگست کو بانی سے ملاقات کیلئے جاؤنگا، شیرافضل

    پی ٹی آئی میں ٹوٹ پھوٹ نہیں، 25 اگست کو بانی سے ملاقات کیلئے جاؤنگا، شیرافضل

    شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں کوئی ٹوٹ پھوٹ نہیں، بانی فیصلے کرتے ہیں، 25، 26 اگست کو ان سے ملنے جاؤں گا۔

    اے آر وائی کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے ڈھائی ماہ سے ملاقات نہیں ہوسکی، 25، 26 اگست کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کےلیے جاؤں گا، بانی پی ٹی آئی ملاقات میں جو فیصلہ کریں گے وہ قبول ہوگا۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگرفیصلہ کریں کہ میں پارٹی کا حصہ نہیں تو استعفیٰ دے دوں گا، میں نے جو پارٹی اور قوم کیلئے کیا کسی پر احسان نہیں رضاکارانہ طور پر کیا۔

    شیرافضل مروت نے کہا کہ میں اپنا اندازبیان اور کارکردگی کو تبدیل نہیں کرسکتا، مجھ سے متعلق پارٹی کے جو فیصلے ہوئے بانی کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکتے تھے۔

    بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور ملکی معاملات درست کرنے کےلیے پاکستانی نکل سکتے ہیں، بنگلہ دیش میں 4 لاکھ لوگ نکل سکتے ہیں تو پاکستان کے لوگ بھی نکل سکتے ہیں، پاکستان کے جو حالات ہیں تحریک کےلیے ماحول سازگار ہے۔

    انھوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف بات نہیں کرنا چاہتا، کارکن میرے منہ سے بھی پارٹی رہنماؤں کے خلاف بات سننا پسند نہیں کریں گے، کارکن میرے خلاف بھی رہنماؤں کے منہ سے میرے خلاف بات سننا پسند نہیں کریں گے۔

    میں ابھی بھی سیاست کو نہیں سمجھتا، سیاست میں اس طرح کی چیزیں ہوتی ہیں کبھی نہیں سنا، آخری بار بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے گیا تو بتایا گیا کہ انھوں نے منع کیا ہے۔

    شیر افضل نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھ سے ملاقات سے انکار کردیا ہے، میرے لیے مناسب نہیں تھا کا بانی کی مرضی کے بغیر ملاقات کروں۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں 2 لوگ اہمیت رکھتے ہیں بانی اور کارکن، اللہ تعالیٰ نے ابھی تک مجھے کارکنوں کے دلوں میں رکھا ہوا ہے، پاکستان تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی ہیں یا کارکن ہیں۔

  • یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے: بانی پی ٹی آئی

    یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے: بانی پی ٹی آئی

    پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ میں پیشگوئی کررہا ہوں، حکومت کے پاس دو ماہ کا وقت ہے، حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے، میرے پاس بہت وقت ہے، آپکے پاس وقت ختم ہورہا ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں اب بھی سمجھ نہیں آرہی۔

    بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی میں پی ٹی آئی کے لوگ سامنے لائیں تو معافی مانگوں گا، یہ تاثر غلط ہے میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے، مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، ہم بس 9 مئی پر انصاف چاہتے ہیں۔

     بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں صرف اور صرف پاکستان کے لیے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں، جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا کیوں کہ ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔

    بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے پی ٹی آئی کسی طرح ختم ہوجائے، اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہم نہیں مانیں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا لیکن شناخت ابھی نہیں  بتاؤں گا۔

  • کرپشن کی روک تھام کیلئے بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنادی

    کرپشن کی روک تھام کیلئے بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنادی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے وزراء کی کارکردگی کی نگرانی کے لیے کے پی کے وزیر اعلیٰ کی مشاورت سے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کی روک تھام کیلئے بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنادی، کمیٹی میں شاہ فرمان، سینئر قانونی ماہر قاضی انور اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے انسداد بدعنوانی مصدق شامل ہیں۔

    کمیٹی بدعنوانی سے متعلق شکایات کا جائزہ لے گی اور گڈ گورننس کے لیے اقدامات تجویز کرے گی، ساتھ ہی کمیٹی وزیراعلیٰ اور دیگر وزراء کی کارکردگی کو بھی مانیٹر کرے گا۔

    پی ٹی آئی رہنما قاضی انور نے اس حوالے سے بتایا کہ کمیٹی وزیراعلیٰ سمیت وزراکارکردگی کی نگرانی کرے گی اس کمیٹی کا مقصد محکمہ اینٹی کرپشن کا دائرہ اختیار بڑھانا ہے۔

    قاضی انور نے کہا کہ کمیٹی گریڈ 21 کے افسران اور وزرا کی بدعنوانی کا بھی جائزہ لے گی، کمیٹی مختلف پہلو پر جائزہ لینے کے بعد کیسز عدالتوں کو بھیجے گی۔

    پی ٹی آئی رہنما قاضی انور نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات میں وزرا کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا، کمیٹی وزرا کی گڈ گورننس، مالی بدعنوانی کی شکایات سے بانی پی ٹی آئی، وزیراعلیٰ کو آگاہ کریگی۔