Tag: بانی پی ٹی آئی

  • بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط،  نواز شریف کا ردعمل آگیا

    بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط، نواز شریف کا ردعمل آگیا

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے متعلق سوال پر کہا آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے، ایسے خط وہ لکھ سکتے ہیں یہ انکا وطیرہ ہے۔

    نواز شریف کا کہنا تھا کہ کوئی سیاسی جماعت ایسے خط نہیں لکھ سکتی، آپ خود ہی نتیجہ اخذ کرلیں۔

    گذشتہ روز بانی پی ٹی آئی کی جانب سےآئی ایم ایف کوخط لکھا گیا تھا ، خط میں پاکستان کی غیریقینی صورتحال پر غور کی اپیل کی گئی تھی۔

    خط میں کہنا تھا کہ عوامی اعتماد والی حکومت ہی گفتگو کا اختیاررکھتی ہے ، بانی پی ٹی آئی ریاست اورآئی ایم ایف ڈیل میں حائل نہیں ہونا چاہتے۔

  • بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا سائفرکے بعد ایک اور ملک دشمنی کا ثبوت ہے، شہباز شریف

    بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا سائفرکے بعد ایک اور ملک دشمنی کا ثبوت ہے، شہباز شریف

    اسلام آباد : نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سائفر کے بعد ایک اور ملک دشمنی کا ثبوت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے نامزد وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے، اس موقع پر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھا ہے، یہ سائفر کے بعد ایک اورملک دشمنی کا ثبوت ہے، اس کے بعد کسی کو شک نہیں رہنا چاہیے

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں ملک مکمل تباہی کا شکار ہو، بانی پی ٹی آئی کا اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔

    دوسری جانب مسلم لیگ ن کے عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، خط میں کاش لکھ دیتے کہ میں قیدی ہوں اور کرپشن کیسز میں اندرہوں۔

    پہلے امریکی سازش اور اب امریکا سے مدد ،آپ کی پالیسی ہے ؟کیا آئی ایف ایم کوخط لکھ کرملک میں بحران پیدا کرنا ہے، یہ اقدام ملک کے خلاف اور ذاتی انا کی تسکین ہے۔

  • احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں بانی پی ٹی آئی  سمیت دیگر رہنما بری

    احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنما بری

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں بانی پی ٹی آئی، اسدعمر، فیصل جاوید اوردیگررہنماؤں کوبری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے تھانہ ترنول میں درج احتجاج اور توڑ پھوڑ کے کیسز میں بانی پی ٹی آئی،اسدعمر،فیصل جاویداوردیگررہنماؤں کو بری کردیا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر نے بریت کی درخواستیں منظور کرنے کا فیصلہ جاری کیا،، فیصلے میں کہاگیاکہ ملزمان کی جانب سے الگ الگ بریت کی درخواستیں دائر کی گئیں، مقدمات میں ملزمان کوسزانہیں سنائی جاسکتی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ مزید ٹرائل چلاناوقت کا ضیاع ہے، بانی پی ٹی آئی، اسدعمر، راجہ خرم شہزاد نواز،علی نواز اعوان،فیصل جاوید،عابد حسین اور ظہیر خان کی بریت کی درخواستیں منظورکی جاتی ہیں۔

    خیال رہے احتجاج اور توڑپھوڑ کے مقدمات میں ملزمان اسدعمر، علی نواز اعوان اور فیصل جاوید ضمانت پر ہیں۔

  • خان صاحب پہلے بتائیں آپ کے دانتوں کا چیک اپ ہوا؟ جج

    خان صاحب پہلے بتائیں آپ کے دانتوں کا چیک اپ ہوا؟ جج

    احتساب عدالت راولپنڈی کے جج نے بانی پی ٹی آئی کے دانتوں کے چیک اپ کی درخواست منظور کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق راولپنڈی کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی۔

    بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے صحت جرم سے انکار کردیا جس کے بعد احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر پانچ گواہوں کو طلب کرلیا۔

    دوران سماعت بانی پی ٹی آئی نے روسٹرم پر آکر کہا کہ ہم اس کیس میں تاخیر نہیں چاہتے 8 فروری سے پہلے نیب کو جلدی تھی اب ہم چاہتے ہیں کہ ریفرنس جلد مکمل ہو۔

    جج نے کہا کہ خان صاحب آپ پہلے یہ بتائیں کہ آپ کے دانتوں کا چیک اپ ہوا کہ نہیں؟

    بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ابھی تک دانتوں کا چیک اپ نہیں ہوا۔

    عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے اور دانتوں کے چیک اپ کی درخواست منظور کرلی۔

  • بانی پی ٹی آئی کو وکلا سے تنہائی میں ملاقات کی اجازت مل گئی

    بانی پی ٹی آئی کو وکلا سے تنہائی میں ملاقات کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد : اسلام‌ آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی وکلاء سے پرائیویسی اور اکیلے میں ملاقات کی اجازت دے دی اور حکم دیا کہ وکلاکی بانی پی ٹی آئی سےملاقات کے دوران کوئی اہلکار کھڑا نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی وکلاء سے پرائیویسی اور اکیلے میں ملاقات کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل انتظامیہ کو جیل مینوئل کے مطابق وکلاء کو پرائیویسی میں ملاقات کی اجازت دے دی،

    عدالت نے اپنے حکم میں کہا وکلاء کی ملاقات کے دوران کوئی اہلکار کھڑا نہیں ہوگا ، وکلاء کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران کاغذات اور پینسل لے جانے کی بھی اجازت ہونی چاہے۔

    شیر افضل مروت نے کہا وکلاء کے کاغذات اور دیگر چیزوں کو سکین کرلیا جاتا ہے، جس پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کہا اس حوالے سے تحریری حکمنامہ جاری کردیں گے، جیل میں ملاقات سے متعلق ساری درخواستیں نمٹا رہے ہیں آئندہ درخواست دائر نہ کریں۔

    عدالت نے درخواست میں سیاسی معاونین سے بھی ملاقات کرانے کی استدعا منظور کرلی، جس پر شیر افضل مروت کا کہنا تھا جیل انتظامیہ کی جانب سے وکلاء سے اکیلے میں بات نہیں کرنے دی جاتی، وکلاء سے ملاقات کے دوران دو جیل اہکار زبردستی موجود ہوتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ جیل انتظامیہ نئے پارٹی ممبران، نو منتخب اراکین سے ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی، سپرینٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی کی وکلاء سے اکیلے میں ملاقات کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں ، بعد ازاں عدالت نے جیل انتظامیہ کو احکامات جاری کرتے ہوئے درخواستیں نمٹا دیں۔

  • سائفر اور توشہ خانہ کیسز : بانی پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 26 فروری ہو گی

    سائفر اور توشہ خانہ کیسز : بانی پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 26 فروری ہو گی

    اسلام آباد : سائفر اور توشہ خانہ کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 26 فروری ہو گی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت سے اور توشہ خانہ نیب ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا کے خلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔

    بانی پی ٹی آئی کی اپیلوں پرسماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا خصوصی بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق ،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پرمشتمل بینچ 26 فروری کو سماعت کرے گا۔

    سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی جبکہ توشہ خانہ ریفرنس میں بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر بھی سماعت ہو گی، تمام سزا یافتہ مجرموں نے سزا معطل کر کے ضمانت پر رہا کرنے کی درخواستیں بھی دائر کر رکھی ہیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔

    دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی 190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کے لیے بھی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔

  • خطرہ ہے جیل میں موجود ڈاکٹر میرے دانت خراب نہ کردیں، بانی پی‌ ٹی آئی

    خطرہ ہے جیل میں موجود ڈاکٹر میرے دانت خراب نہ کردیں، بانی پی‌ ٹی آئی

    اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی نے دانتوں کا طبی معائنہ کرانے کی درخواست دائر کردی، جس میں کہا ہے کہ خطرہ ہے جیل میں موجود ڈاکٹرمیرے دانت خراب نہ کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اہلیہ سے ملاقات اور دانتوں کا طبی معائنہ کرانےکی درخواست دائرکردی، جس میں موقف اپنایا ہے کہ ڈیڑھ سال سےدانتوں کا معائنہ نہیں کروایا، خطرہ ہےجیل میں موجود ڈاکٹرمیرے دانت خراب نہ کردیں۔

    دوسری جانب بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے سائفر اور توشہ خانہ کیسز میں سزاؤں کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دوبارہ اپیل دائر کی ہے ، جس میں سزائیں کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔

    گذشتہ روز ایک سو نوے ملین پاؤنڈ ریفرنس بانی پی ٹی آی اوربشری بی بی پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت ستائس فروری تک ملتوی کی گئی تھی۔

  • بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا اعلان قابلِ مذمت ہے، اسحاق ڈار

    بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا اعلان قابلِ مذمت ہے، اسحاق ڈار

    اسلام آباد : سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کوخط لکھنے کا اعلان قابل مذمت ہے، یہ ذاتی مفادات کے لیے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک دشمنی کی ،بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا اعلان افسوسناک اور قابل مذمت بھی ہے، آپ ذاتی مفادات کے لیے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

    اسحاق ڈار نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل ہو گی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مشاورت ہو چکی ہے ، آئی ایم ایف کے پروگرام پر تحریک انصاف کے خط کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔

    وزیر خزانہ کے امیدوار کے حوالے سے سوال پر ن لیگی رہنما نے کہا کہ وزیر خزانہ کون ہوگا اس کا پارٹی لیڈر شپ فیصلہ کرے گی ، نگراں وزیر اعظم کا امیدوار نہیں تھا آئندہ وزیر خزانہ کا فیصلہ بھی پارٹی قائدین کریں گے،ہونا وہی ہے جو اللہ کو منظور ہوگا۔

    پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کا کام کسی کو پروڈکشن آرڈر دینا نہیں پہلےدن حلف لینا ہے، اسپیکر کو چاہے تھا کہ قرآن کی تلاوت کے بعد ارکان کا حلف لیتے، حلف کے بعد جو ممبران ہیں وہ ایوان میں بات کرتے، اسپیکر پنجاب اسمبلی خود دو گھنٹے لیٹ آئے، ایوان کی تعداد پوری نا ہونا پہلی بار نہیں۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی میں کئی دفعہ ایسا ہوا ممبران کے نوٹیفکیشن بعد میں ہوتے ہیں ، الیکشن کمیشن نے جو نشستوں کوروکا ہے اس کی کوئی قانونی وجہ ہو گی۔

    نواز شریف کے حوالے سوال پر سابق وزیر نے بتایا کہ میاں نواز شریف گھر بیٹھ نہیں گئے اپنی پارٹی کو لیڈ کر رہے ہیں ، ن لیگ کے قائد نواز شریف صوبائی اور قومی اسمبلی کے معاملات کو ڈیل کر رہے ہیں ، اس وقت پورے پاکستان کے لیے چیلنج معاشی مسائل ہیں۔

    اسحاق ڈار نے اپنے دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی معیشت 2017 میں دنیا کی 24 ویں معیشت تھی، ہمارے دور میں چار فیصد مہنگائی تھی 6فیصد جی ڈی پی تھا، بیرون ملک زر مبادلہ ذخائر ریکارڈ سطح پر تھے جو آج تک نہیں ٹوٹا جبکہ اسٹاک مارکیٹ پوری دنیا میں 5ویں اور جنوبی ایشیا میں پہلے نمبر پر تھی لیکن ڈان لیکس اورپاناما ڈرامہ کی وجہ سےمعیشت 24 ویں سے27نمبرپرچلی گئی۔

  • بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی وجہ بتادی

    بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی وجہ بتادی

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو خط لکھے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی وجہ بھی بتادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عدالت میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، آج خط چلا گیا ہوگا۔

    بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آیہ ایم ایف کو خط اس لئے لکھا کہ ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا، آئی ایم ایف سے مزید قرض سے پاکستان میں غربت بڑھے گی۔

    بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئے گی قرض بڑھتا جائے گا اس لیے سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے۔

    پی ٹی آئی کا بانی پارٹی کی طرف سے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا فیصلہ

    بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لیے اداروں کو تباہ کیا گیا، ملک میں عدالتیں، نیب سب کچھ تباہ کیا گیا تاکہ نواز شریف کو سلیکٹ کر سکیں۔

    بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے لیے مجھے زیرو کیا گیا، پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گی، اب تو کمشنر راولپنڈی کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان کی پارٹی کی جانب سے آئی ایم کو خط لکھا جا رہا ہے جس میں عالمی ادارے کو موجودہ حالات میں ملک کو قرض نہ دینے کی درخواست کی جائے گی۔

  • بانی پی ٹی آئی  کا  وکلا سے اکیلے میں ملاقات کیلئے ایک بار پھر اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع

    بانی پی ٹی آئی کا وکلا سے اکیلے میں ملاقات کیلئے ایک بار پھر اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع

    اسلام آباد : بانی پی ٹی آئی نے وکلا سے اکیلے میں ملاقات کیلئےایک بار پھر اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، جس میں کہا کہ جیل انتظامیہ وکلا سے اکیلے میں بات نہیں کرنے دیتی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے وکلا سے اکیلے میں ملاقات کیلئےایک بار پھر اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں سیاسی معاونین سے بھی ملاقات کرانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل انتظامیہ وکلاسے اکیلے میں بات نہیں کرنےدیتی، وکلا سے ملاقات کے دوران 2 جیل اہلکار زبردستی موجود ہوتے ہیں۔

    درخواست میں کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ پارٹی ممبران، نو منتخب اراکین سےملاقات کی اجازت نہیں دےرہی،بانی پی ٹی آئی سیاسی معاونین سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت سپرنٹنڈنٹ کوبانی پی ٹی آئی کی وکلا سے اکیلے میں ملاقات اور سیاسی معاونین سے ملاقات کے احکامات جاری کرے۔