Tag: باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ

  • باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ کی تیاری کا انکشاف

    باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ کی تیاری کا انکشاف

    پشاور : ایف آئی اے نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ کی تیاری کے انکشاف کے بعد لیبارٹری کے انچارج سمیت 6افراد کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاورکے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جعلی کورونا رپورٹ تیاری کا انکشاف ہوا ، جس کے بعد ایف آئی اے نے لیبارٹری کے انچارج سمیت 6افراد کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران مسافر سے 2کورونارپورٹس برآمد ہوئیں ، مسافر کے پاس کورونا پازیٹو اور نیگیٹو دونوں رپورٹس موجود تھیں۔

    مسافر نے کورونا کی جعلی رپورٹ پشاور ایئرپورٹ پر واقع نجی لیبارٹری سے لی تھیں ، جس کے بعد ایف آئی اے نے مسافر کو آف لوڈ کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

  • باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع

    باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع ہوگیا، کراچی سے 116 مسافر پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے پشاور پہنچ گئے۔

    کرونا وائرس اور اس کے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پروازوں کی بندش کے 59 دن بعد پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر علاقائی پروازوں کا آپریشن بحال ہوگیا۔

    قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 8350 کے ذریعے 116 مسافر کراچی سے پشاور پہنچ گئے، پشاور ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک آمد کے لاؤنج میں کراچی سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ اور طبی جانچ کی گئی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے مسافروں کو مکمل سینی ٹائز اور اسپرے کیا اور ان کے سامان کو بھی ڈس انفیکٹ کیا گیا، سی اے اے کی جانب سے باقاعدہ سینی ٹائز کیے جانے کے بعد مسافروں کو عمارت میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی جانب سے کرونا ایس او پیز کے تحت مسافروں کو ہاتھ لگائے بغیر جدید ترین اسکینرز کے ذریعے سیکیورٹی اسکریننگ کی گئی۔

    بعد ازاں پی آئی اے کی پرواز پی کے 8351، 54 مسافروں کو لے کر پشاور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئی۔

  • پشاور : وفاقی محتسب کی انسپکشن ٹیم کا باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ

    پشاور : وفاقی محتسب کی انسپکشن ٹیم کا باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ

    کراچی : وفاقی محتسب کی جانب سے قائم کردہ انسپکشن ٹیم نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کی دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور ایئرپورٹ پر قائم ون ونڈو آپریشن کا بھی دورہ کیا۔

    انسپکشن ٹیم نے ایئرپورٹ پر قائم کردہ ون ونڈو آپریشن پر مختلف اداروں کے عملے کی عدم موجودگی پر اظہار برہمی کیا، ٹیم کا کہنا تھا کہ دیگر اداروں کا عملہ ون ونڈو آپریشن پر موجود کیوں نہیں ہوتا؟

    اس کے علاوہ انسپکشن ٹیم نے مسافروں کی جانب سے موصول شکایات پر بھی ایف آئی اے امیگریشن پربرہمی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہوتی ہیں جس سے ان کی امیگریشن میں تاخیر ہوتی ہے۔

    انسپکشن ٹیم نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے کے پاس اگر افرادی قوت کی کمی ہے تو اسے دور کیا جائے، ایئرپورٹ پر مسافروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں۔

    انسپکشن ٹیم نے جوائنٹ سرچ بیگیجز کاؤنٹر کا بھی دورہ کیا، سی اے اے کی جانب سے قائم کر دہ جوائنٹ سرچ بیگجز کاؤنٹر پر انسپکشن ٹیم نے اطمینان کا اظہار کیا۔

  • باچا خان ایئر پورٹ پر عملے کی فرض شناسی، زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا

    باچا خان ایئر پورٹ پر عملے کی فرض شناسی، زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا

    پشاور: باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سی اے اے کے عملے نے فرض شناسی دکھاتے ہوئے زیورات سے بھرا بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہنگو کا ایک رہایشی باچا خان ایئر پورٹ کے لاؤنج میں اپنا بیگ بھول گیا، تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے فرض شناسی برتتے ہوئے بیگ مسافر کے گھر پہنچا دیا۔

    شارجہ سے پشاور باچا خان ایئر پورٹ پہنچنے والا مسافر اپنا بیگ ایئر پورٹ کے لاؤنج ہی میں بھول گیا۔

    مسافر کا بیگ سی اے اے کے پورٹر قیصر خان کو لاؤنج میں پڑا ملا، پورٹر نے دیانت داری کے ساتھ بیگ ایئر پورٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج مسافروں کیلئے کھول دیا گیا

    بیگ کی تلاشی لی گئی تو اس میں زیورات پائے گئے، ایئر پورٹ انتظامیہ نے بیگ پر لگے ٹیگ سے مسافر کا پتا چلایا، سی اے اے عملے نے مسافر کے گھر جا کر قیمتی سامان حوالے کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پورٹر قیصر خان کی فرض شناسی اور ایمان داری پر تعریفی اسناد اور اعزازیے کا اعلان کیا گیا۔

    دوسری طرف مسافر نے اپنا قیمتی سامان ملنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کا شکریہ ادا کیا، مسافر کا کہنا تھا کہ بچی کی شادی کے لیے زیوارات خریدے تھے جو بیگ میں موجود تھے، بیگ گم ہونے پر بہت پریشان ہو گیا تھا۔

  • باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج مسافروں کیلئے کھول دیا گیا

    باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج مسافروں کیلئے کھول دیا گیا

    کراچی : باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور کا جدید انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج مسافروں کیلئے کھول دیا گیا،بیرون ملک سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کو سی اے اے، ایف آئی اے اور اے ایس ایف کے افسران نے استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ائیرپورٹ حکام کے مطابق پشاور ایئرپورٹ کے ارائیول لاؤنج کو دور جدید کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے، بین الاقوامی آمد لاؤنج پر دو بورڈنگ برجز بھی نصب کیے گئے ہیں۔

    مسافروں کی سہولت کیلئے دو خودکار زینے اور تین لفٹیں بھی لگائی گئی ہیں، اس حوالے سے سول ایوی ایشن ترجمان کا کہنا ہے کہ باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ کو ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔

    بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لئے امیگریشن کاؤنٹرز میں اضافہ کیا گیا ہے، دوسری جانب بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سمیت مسافروں کو لے کر جانے والے رشتہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا ائیر پورٹ پر سہولیات تو موجود ہیں تاہم گاڑیوں کی پارکنگ کا مسلۂ تاحال حل نہیں ہو سکا۔