Tag: باکسر

  • ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ جیتنے والا پہلا پاکستانی باکسر

    ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ جیتنے والا پہلا پاکستانی باکسر

    کراچی: شہر کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے باکسر نادر بلوچ ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے، ان کا عزم ہے کہ وہ پاکستان کے لیے مزید ٹائٹلز حاصل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق باکسر نادر بلوچ نے ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، یہ ان مسلسل چھٹی فائٹ ہے جس میں انہوں نے فتح حاصل کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے افغان کھلاڑی حسن کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

    نادر نے بتایا کہ وہ صرف اپنے جنون کے بل بوتے پر یہاں تک پہنچے ہیں، نہ ان کی باکسرز جیسی مخصوص ڈائٹ ہے اور نہ وسائل۔ اس کے باوجود وہ پاکستان کے لیے مزید ٹائٹلز حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

    ان کے مطابق وہ باکسنگ کے لیے سپلیمنٹس یا نیوٹریشن لینے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

    نادر کا کہنا ہے کہ وہ لیاری میں باکسنگ کرنے والی بچیوں سے بھی ملتے رہتے ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھاتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کی بھی ٹریننگ کریں اور انہیں آگے بڑھائیں۔

    انہوں نے شکوہ کیا کہ لیاری کے علاقے کو سیاسی طور پر بدنام کیا جاتا ہے، یہاں موجود کھیل کے پوٹینشل کے لیے کچھ نہیں کیا جاتا، ان کے مطابق اگر وہ ایسے نامساعد حالات کے باوجود پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں تو ذرا سی توجہ سے لیاری کا ہر نوجوان یہ کام کرسکتا ہے۔

  • لاک ڈاؤن: مستحقین کی مدد کے لیے باکسر عامرخان بھی پیش پیش

    لاک ڈاؤن: مستحقین کی مدد کے لیے باکسر عامرخان بھی پیش پیش

    کراچی: ملک میں لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے غریب طبقے کی مدد کے لیے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان بھی میدان میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں عامرخان باکسنگ اکیڈمی میں امدادی راشن پہنچا دیا گیا۔ عامرخان اکیڈمی کی جانب سے 5ہزار مستحق خاندانوں کو راشن پہنچایا جائے گا۔

    5ہزار بنیادی اشیاخوردونوش کے بیگ پاک فوج کے حوالے کیے جائیں گے جو مستحقین تک پہنچائے گی۔

    قبل ازیں قومی کرکٹر احمد شہزاد اور فاسٹ بولر سہیل تنویر نے بھی ضرورت مندوں میں ایک ماہ کا راشن تقسیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے سربراہ شاہد خان آفریدی نے بھی اپنے فلاحی ادارے کے توسط سے غریبوں میں راشن تقسیم کیا۔

    راولپنڈی، سہیل تنویر کا ضرورت مندوں میں راشن تقسیم کرنے کا اعلان

    آئی سی سی پینل میں شامل بین الاقوامی شہرتِ یافتہ پاکستانی ایمپائر علیم ڈار نے سماجی رابطے کے اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کہہ رہے تھے کہ اگر کسی غریب کو غذائی اجناس کی ضرورت ہے تو وہ رابطہ کرسکتا ہے۔

  • سعودی عرب میں باکسر انتھونی جوشوا ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بن گئے

    سعودی عرب میں باکسر انتھونی جوشوا ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بن گئے

    ریاض: برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نے ہیوی ویٹ باکسنگ کا یونی فائیڈ ٹائٹل جیت لیا، جوشوا نے دوسری بار ورلڈ ہیوی ویٹ کا ٹائٹل جیتا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر درعیہ میں لڑی گئی ہیوی ویٹ چیمپئن شپ فائٹ برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نے جیت لی ہے، جوشوا نے میکسیکن نژاد امریکی باکسر اینڈی روئز کو شکست دے کر 6 ماہ پرانی شکست کا بدلہ لے لیا۔

    فائٹ کے دوران باکسر انتھونی جوشوا نے آندرے روئز پر گھونسوں کی برسات کر دی تھی، جوشوا زیادہ پوائنٹس پر فاتح قرار پائے، تینوں ریفریز نے برطانوی باکسر کے حق میں متفقہ طور پر فیصلہ دیا جس کے بعد جوشوا عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن بن گئے۔

    انتھونی جوشوا کو جون میں اینڈی روئز کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جس کا انھوں نے بدلہ لینے سمیت ٹائٹل بھی دوبارہ جیت لیا۔ انتھونی جوشوا نے اب تک کے 23 بین الاقوامی مقابلوں میں سے 22 میں فتح حاصل کی ہے جب کہ میکسیکین امریکن اینڈی روئز نے 34 مقابلوں میں سے 33 میں کامیابی سمیٹی۔

    ٹائٹل ہارنے والے باکسر اینڈی روئز اپنی بیوی کے ساتھ سعودی لباس میں

    یاد رہے کہ چند دن قبل امریکی باکسر اینڈی رویز کی سعودی لباس ’ثوب‘ اور ان کی اہلیہ کی سعودی ’عبایہ‘ میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، دونوں ریاض کے الفیصلیہ ہوٹل آئے تھے، ان کے ساتھ سعودی شہریوں اور سیاحوں نے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    سعودی ولیٔ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی جوشوا اور اینڈی روئز کی فائٹ دیکھی۔

  • باکسر محمد وسیم کے لیے خصوصی شیلڈ

    باکسر محمد وسیم کے لیے خصوصی شیلڈ

    اسلام آباد: پاکستان کے باصلاحیت اور حال ہی میں سابق عالمی چیمپئن کو شکست دینے والے باکسر محمد وسیم کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق باکسر محمدوسیم نے آئی جی اسلام آباد محمد عامرذوالفقار سے ملاقات کی، اس موقع پر آئی جی کھلاڑی کے معترف ہوگئے اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔

    آئی جی اسلام آباد نے محمدوسیم کو اپنے دفتر میں چائے پر مدعو کیا تھا، محمد عامر ذوالفقار نے باکسر کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا اور مستقبل میں بھی بہتر پرفارمنس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ محمدوسیم نے دنیا میں باکسنگ میں پاکستان کا نام روشن کیا، اس موقع پر آئی جی نے اسلام آباد پولیس کی طرف سے خصوصی شیلڈ پیش کی۔

    فائٹ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہے: محمد وسیم

    خیال رہے کہ محمدوسیم میکسیکن حریف کو ہرا کر ٹائٹل جیتنے کے بعد گزشتہ روز وطن واپس پہنچے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے افسرکیپٹن ریٹائرڈ اشرف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے باکسر کا کہنا تھا کہ مقابلہ جیتنے پر بے حدخوشی ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپین میں شارٹ کیمپ ہے، اگلے ہفتےجاؤں گا، جیت پر سب مداحوں کا شکرگزار ہوں، پاکستان کانام روشن کرتا رہوں گا، ملک میں باکسنگ کو فروغ دینے کی بھی کوشش کریں گے، نوجوان باکسرز محنت جاری رکھیں۔

    واضح رہے کہ دبئی میں ہونے والی فائٹ میں محمدوسیم نے میکسیکو کےحریف گینگان لوپیز کو شکست دی تھی۔

  • فائٹ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہے: محمد وسیم

    فائٹ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہے: محمد وسیم

    لاہور: باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ میکسیکن حریف کو ہراکر ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہے، والدہ نے میرے لیے بہت دعائیں کی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل متحدہ عرب امارات میں منعقدہ فائٹ میں باکسر محمد وسیم نے میکسیکن باکسر کو شکست دی، جیت کے بعد باکسر نے اپنے خوشی بھرے پیغام میں قوم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اسپین میں شارٹ کیمپ ہے، ایک ہفتے میں جاؤں گا، سپورٹ کرنے پر مداحوں کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں، والدہ نے میرے لیے بہت دعائیں کیں، سبزہلالی پرچم اوپرلے جانے میں بہت خوش ہوئی، بہت جلد باکسنگ کے لیے لیگ کرائیں گے۔

    محمدوسیم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے جلد باکسنگ لیگ کرائیں گے، نوجوان محنت کرتے رہیں۔

    دبئی، باکسر محمد وسیم نے میکسیکن باکسر کو شکست دے دی

    خیال رہے کہ باکسر محمد وسیم نے میکسیکو کے کینگین لوپز کو شکست دے کر گیارہویں فائٹ میں 10ویں کامیابی حاصل کی ہے۔ محمد وسیم نے ورلڈ رینکنگ فائٹ جیت کر سپر فلائی ویٹ کیٹیگری میں ٹائٹل اپنے نام کیا، 8 راؤنڈ پر مشتمل میچ میں محمد وسیم کو 75 کے مقابلے میں 77 پوائنٹس سے فتح ملی۔

    واضح رہے کہ باکسر محمد وسیم کے حریف تین مرتبہ ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔ فائٹ جیتنے پر قومی کرکٹر شعیب ملک اور وہاب ریاض‌ نے بھی باکسر محمد وسیم کو مبارک باد دی ہے۔

  • باکسر محمدوسیم کی 22نومبر کو دبئی میں فائٹ ہوگی

    باکسر محمدوسیم کی 22نومبر کو دبئی میں فائٹ ہوگی

    لاہور: باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ایم ٹی کے گلوبل کے پلیٹ فارم سے 22نومبر کو دبئی میں فائٹ ہوگی، حریف باکسر کون ہوگا آئندہ چند روز میں فیصلہ ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محمد وسیم اب تک 10 مقابلوں میں سے9 جیت چکے ہیں، محمد وسیم نے آخری فائٹ میں فلپائنی باکسر کونراڈوٹینامر کو 62سیکنڈ میں زیر کیا تھا۔

    اپنے ایک بیان میں باکسر نے اپنی جسمانی طاقت کا راز بھی بتایا، ان کا کہنا تھا کہ باکسر کے لیے سائیکلنگ بہترین ورزش ثابت ہوتی ہے، میری ٹریننگ میں سائیکلنگ کو لازمی رکھا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سائیکلنگ سے باکسر کے گھٹنے اور ٹانگیں مضبوط ہوتی ہیں، سرد موسم کے باوجود 30سے 40 میل سائیکلنگ کرتے ہیں، اگلی فائٹ کی تیاری اسکاٹ لینڈ میں کررہا ہوں۔

    واضح رہے کہ 14 ستمبر کو باکسر محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی تھی، محمد وسیم نے فلپائنی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔

    باکسر محمدوسیم کےلیے6لاکھ روپےانعام

    یاد رہے کہ محمد وسیم ایک سال بعد رنگ میں دوبارہ اترے تھے، جیت سے ان کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔

    خیال رہے کہ دبئی میں پروفیشنل باؤٹ جیتنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے باکسر محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔

  • وزیراعلیٰ بلوچستان کا باکسر محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا باکسر محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان

    کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے باکسر محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد وسیم نے ملاقات کی۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے فلائی ویٹ رینکنگ مقابلہ جیتنے پر باکسر محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ باکسر محمد وسیم کی فلائی ویٹ رینکنگ مقابلے میں فتح بلوچستان کے لیے باعث فخر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں اس کھیل کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، حکومت نوجوانوں میں مثبت سرگرمیاں اجاگر کرنے کے لیے کھیل کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔

    آرمی چیف کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات

    خیال رہے کہ محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیت کر آئے ہیں، انہوں نے فلپائن کے باکسر کونراڈو تنومور کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔

    یہ ان کے پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا نواں مقابلہ تھا جو انہوں نے جیتا۔ محمد وسیم نے اپنی حالیہ کامیابی مظلوم کشمیریوں کے نام کی تھی۔

  • آرمی چیف کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات

    آرمی چیف کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی، آرمی چیف نے محمد وسیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف نے محمد وسیم کو حالیہ کامیابی پر مبارکباد دی۔

    آرمی چیف نے کہا کہ محمد وسیم جیسا ٹیلنٹ ہمارے فخر کی علامت ہے، محمد وسیم جیسے باصلاحیت نوجوانوں کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے۔

    آرمی چیف سے ملاقات کے بعد محمد وسیم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹ کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاک فوج نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے۔

    محمد وسیم کا کہنا تھا کہ پہلے بھی چیمپئن رہا ہوں آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کروں گا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث فخر ہے۔ شعیب اختر اور وسیم اکرم نے بھی میری حوصلہ افزائی کی۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ٹریننگ کے دوران صورتحال سے لاعلم تھا۔ کشمیریوں پر بھارت میں بہت ظلم و بربریت ہورہی ہے۔ کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہوں۔ اپنی باکسنگ کٹ کشمیریوں کے لیے عطیہ کروں گا۔

    محمد وسیم نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے حوصلہ افزائی کی اور مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔

    خیال رہے کہ محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیت کر آئے ہیں، انہوں نے فلپائن کے باکسر کونراڈو تنومور کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔

    یہ ان کے پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا نواں مقابلہ تھا جو انہوں نے جیتا۔ محمد وسیم نے اپنی حالیہ کامیابی مظلوم کشمیریوں کے نام کی تھی۔

  • معروف باکسر خواتین پر تشدد کرنے والوں کو خاک چٹانے کے لیے میدان میں آگئیں

    معروف باکسر خواتین پر تشدد کرنے والوں کو خاک چٹانے کے لیے میدان میں آگئیں

    اسپین کی معروف باکسر میریم گتریز نے باکسنگ کے ساتھ سیاست میں بھی زور آزمائی شروع کردی، ان کا سیاست میں آنے کا مقصد خواتین کے خلاف ناانصافیوں اور تشدد کا خاتمہ ہے۔

    میریم گتریز جنہیں اسپین میں ’دا کوئین‘ کہا جاتا ہے، یورپین لائٹ ویٹ باکسنگ چیمپیئن رہ چکی ہیں۔ رواں برس وہ میڈرڈ کے قریب ایک قصبے کی مقامی کونسل کی رکن بھی منتخب ہوئی ہیں۔

    کوئین کا مقصد خواتین پر بڑھتے تشدد کی روک تھام کرنا، ذمہ داران کو سزا دلوانا، اور خواتین کو اپنے حقوق سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

    وہ جب 21 سال کی اور 8 ماہ کی حاملہ تھیں، تب ان کے شوہر نے ان پر بہیمانہ تشدد کیا تھا، وہ بتاتی ہیں کہ ان کے چہرے کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں۔

    باجود اس کے، کہ وہ باکسر تھیں، وہ اپنا دفاع کرنے اور شوہر کو منہ توڑ جواب دینے میں ناکام رہیں۔ اس واقعے کی وجہ سے انہیں پری میچور ڈلیوری سے بھی گزرنا پڑا اور انہوں نے ایک کمزور بچے کو جنم دیا۔ خوش قسمتی سے بچہ زندہ رہا اور جلد ہی صحتیاب ہوگیا۔

    اس واقعے کے بعد مریم سخت ڈپریشن میں چلی گئیں اور باکسنگ چھوڑ دی، تاہم ایک سال بعد اپنے کوچ کے اصرار پر پھر سے باکسنگ رنگ میں اتر آئیں۔

    اب وہ گزشتہ 13 سالوں سے باکسنگ کے ساتھ مختلف اسکولوں کے دورے کر رہی ہیں اور لڑکیوں کو سیلف ڈیفینس کی ٹریننگ دے رہی ہیں۔

    اسپین میں خواتین پر تشدد اور زیادتی کے واقعات عام ہیں۔ سنہ 2003 سے اب تک 1 ہزار سے زائد خواتین شوہر یا اپنے پارٹنر کے ہاتھوں قتل ہوچکی ہیں، اور یہ وہ تعداد ہے جو صرف کچھ عرصہ قبل آفیشل ریکارڈ رکھنے کے طفیل سامنے آسکی۔

    سنہ 2017 میں اسپین کی مقامی عدالتوں کو خواتین پر تشدد اور ظلم کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

    اسپین میں قائم مخلوط حکومت میں دائیں بازو کی ایک جماعت ووکس پارٹی بھی پارلیمنٹ میں 24 سیٹوں کے ساتھ موجود ہے، جن کے منشور میں صنفی امتیاز کے خلاف قوانین کا خاتمہ شامل تھا۔ اس پارٹی کا دعویٰ تھا کہ یہ قانون مردوں کو غیر محفوظ کر رہا ہے اور ان پر زیادتی کی راہ ہموار کر رہا ہے۔

    میریم اب ورلڈ چیمپئن شپ ٹائٹل کے حصول کے ساتھ ملک میں صنفی تشدد کے خاتمے اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔

  • باکسنگ خونی کھیل بن گیا، ایک ہفتے میں دوسرا باکسر زندگی کی بازی ہارگیا

    باکسنگ خونی کھیل بن گیا، ایک ہفتے میں دوسرا باکسر زندگی کی بازی ہارگیا

    بیونس آئرس: باکسنگ خونی کھیل بن گیا، ایک ہفتے میں دوسرا باکسر دوران فائٹ زخمی ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ارجنٹینا کے باکسر ہوگو سانٹیلان ایڈوارڈو جیویئر سے لائٹ ویٹ فائٹ کے دوران بری طرح انجرڈ ہوئے، ہوگو کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن 23 سالہ کھلاڑی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے۔

    ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ہوگو سانٹیلان فائٹ جیتنے اور رنگ بیل جیتنے کے بعد جشن منانے کے لیے ہاتھ بلند کررہے تھے کہ ان کو دو ہارٹ اٹیک ہوئے اور وہ گر پڑے، کہا جارہا ہے ان کے سر پر بھی شدید چوٹ لگی تھی۔

    ان کی موت ایڈوارڈو جیویئر سے فائٹ کے 13 ویں راؤنڈ میں ہوئی، اسپتال لے جانے سے قبل انہیں فرسٹ ایڈ کے طور پر آکسیجن بھی فراہم کی گئی تاہم وہ اسپتال میں انتقال کرگئے۔

    ارجنٹینا باکسنگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ہم ان کی فیملی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ان کی فیملی کو مالی امداد کے ساتھ سپورٹ کیا جائے گا۔

    ورلڈ باکسنگ کونسل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ہوگو سانٹیلان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    باکسنگ پروموٹر کیلے سورولینڈ کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ یہ ہفتے باکسنگ کے لیے اچھا نہیں گزرا ہے۔

    مزید پڑھیں: روسی باکسر دوران فائٹ سر پر چوٹ لگنے سے انتقال کرگیا

    یاد رہے کہ چار روز قبل میکسم داداشیو، سوبرایل سے لڑائی کے دوران بری طرح زخمی ہوئے تھے، گیارہویں راؤنڈ میں داداشیو کو دماغ پر چوٹ لگی، اسپتال لے جایا گیا لیکن زخم اتنے گہرے تھے کہ وہ جانبر نہ ہوسکے۔