Tag: باکسر محمد وسیم

  • میری کوشش ہے کہ ورلڈ ٹائٹل فائٹ کراچی میں کراؤں، باکسر محمد وسیم

    میری کوشش ہے کہ ورلڈ ٹائٹل فائٹ کراچی میں کراؤں، باکسر محمد وسیم

    کراچی: پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ اس بار ورلڈ ٹائٹل فائٹ کراچی میں منعقد ہو، اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او، صدر سلمان اقبال سے درخواست کریں گے کہ ان کی فائٹ براہ راست دکھائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ورلڈ ٹائٹل فائٹ پاکستان میں کرانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا، اور کہا کہ جب تک وہ باکسنگ کھیل رہے ہیں پاکستان کی طرف سے کھیلتے رہیں گے۔

    انھوں نے کہا ’’سلمان اقبال نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے، وہ اہل خانہ سمیت مجھے سپورٹ کرنے کے لیے میری فائٹ دیکھنے آتے تھے، میرا ارادہ یہی ہے کہ ورلڈ ٹائٹل فائٹ کراچی میں کراؤں، اور سلمان اقبال سے درخواست کروں گا کہ وہ میری فائٹ براہ راست دکھائیں۔‘‘

    اپنے راستے میں پیش آنے والی رکاوٹوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ وہ کافی مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد مالٹا پہنچے تھے، یہ فائٹ ورلڈ ٹائٹل کی فائٹ تھی، اور ویزا مساٸل کی وجہ سے فائٹ اسٹیٹس تبدیل ہو گیا، اور تیسرے راؤنڈ میں حریف کو ناک آؤٹ کیا۔

    انھوں نے کہا ’’اس بار کوشش ہے ورلڈ ٹائٹل کی فائٹ پاکستان میں لڑوں، پاکستان آرمی نے فائٹ کے لیے کافی مدد کی ہے، یہ فائٹ پورے پاکستان کے نام کرتا ہوں۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ارشد ندیم کو بہت سپورٹ کیا جس کی وجہ سے مزید ایتھلیٹس کا حوصلہ بڑھا، پاکستان باکسنگ فیڈریشن بھی نوجوانوں کو سپورٹ کرے۔

    باکسر محمد وسیم نے بتایا ’’مجھے بہت لوگوں نے باہر جانے کا مشورہ دیا لیکن جب تک باکسنگ کھیل رہا ہوں پاکستان کی طرف سے کھیلوں گا، جو ایتھلیٹ غیر قانونی طور پر رکتے ہیں آج ان کی وجہ سے دوسروں کو مسئلہ ہوتا ہے، حکومت کو چاہیے کھلاڑیوں کو اتنا سپورٹ کریں کہ وہ کسی اور ملک جا کر سلپ نہ ہوں۔‘‘

    پروفیشنل باکسر نے کہا کہ ٹائٹل فائٹ کے انعقاد کے لیے حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

  • باکسر محمد وسیم اسلام آباد پولیس کے ناروا سلوک سے پریشان

    باکسر محمد وسیم اسلام آباد پولیس کے ناروا سلوک سے پریشان

    اسلام آباد: قومی باکسر محمد وسیم اسلام آباد پولیس کے ناروا سلوک سے پریشان ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ پولیس انٹرنیشنل ایتھلیٹ کے ساتھ ایسا سلوک کررہی ہے تو عام لوگوں کے ساتھ کیا کرتی ہوگی۔

    محمد وسیم نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ماسک لگانے پر روکا اور پہچاننے کے باوجود مجھ سے بدتمیزی کی۔

    ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام ہے کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کریں نہ کہ عوام کو تنگ کریں۔

    قومی باکسر نے آئی جی اسلام آباد سے اہلکاروں کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔

    واضح رہے کہ محمد وسیم نے 2 با ر ڈبلیو بی سی ٹائٹل جیتا تھا اور کولمبین حریف باکسر رابر بریرا کو زیر کیا تھا۔

  • پاکستانی باکسر محمد وسیم کی گاڑی کو حادثہ، باکسر زخمی

    پاکستانی باکسر محمد وسیم کی گاڑی کو حادثہ، باکسر زخمی

    کراچی: پاکستانی باکسر محمد وسیم ٹریفک حادثے میں معمولی زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر محمد وسیم اسلام آباد سے کوئٹہ کا سفر کر رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا، جس میں وہ معمولی زخمی ہو گئے۔

    سفر کے دوران باکسر وسیم کے ہمراہ ان کے کوچ بھی تھے، محمد وسیم فائٹ کے لیے اسلام آباد میں ٹریننگ کر رہے تھے، ٹریننگ کے بعد وہ کوئٹہ جا رہے تھے کہ گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا۔ حادثے میں ان کی گاڑی کا اگلا حصہ پچک گیا، تاہم وہ زیادہ زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔

    باکسر محمد وسیم کے لیے خصوصی شیلڈ

    محمد وسیم زخمی ہونے کے باوجود اگلی فائٹ کے لیے پر عزم ہیں، محمد وسیم 28 مارچ کو سابق یورپین چیمپئن ریان فیرک کے مد مقابل آئیں گے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ ٹریفک حادثے میں محمد وسیم کے کندھے اور گھٹنے پر معمولی چوٹیں آئی ہیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ اپنے مقابلے کے لیے پرعزم ہیں۔

    حادثے کے وقت باکسر وسیم کے ساتھ گاڑی میں ان کے کوچ طارق بھی موجود تھے، بتایا جا رہا ہے کہ انھیں بھی معمولی چوٹ آئی ہے۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کی باکسر محمد وسیم کو فائٹ جیتنے پر مبارکباد

    وزیراعلیٰ پنجاب کی باکسر محمد وسیم کو فائٹ جیتنے پر مبارکباد

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ محمد وسیم نے ایک بار پھر ثابت کیا وہ پروفیشنل اور با صلاحیت باکسر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے باکسر محمد وسیم کو ورلڈ رینکنگ فائٹ کا مقابلہ جیتنے پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم نے بہترین مہارت کا مظاہرہ کر کے حریف کو شکست دی۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ محمد وسیم نے ایک بار پھر ثابت کیا وہ پروفیشنل اور با صلاحیت باکسرہیں، محمد وسیم نے اپنی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت سے اعزازحاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد وسیم نے کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا پرچم بلند کیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے کیریئر کی 10ویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر فلائی ویٹ کیٹیگری کے مقابلے میں میکسیکو کے گینگان لوپیز کو شکست دے دی۔ سپر فلائی ویٹ کیٹیگری کا مقابلہ 8 راؤنڈز پر مشتمل تھا جہاں ججز نے محمد وسیم کو 75 کے مقابلے میں 77 پوائنٹس سے فاتح قرار دیا۔

    اس سے قبل محمد وسیم نے 13 ستمبر 2019ء کو دبئی کے میرینہ باکسنگ ہال میں فلائی ویٹ باٹ باکسنگ چیمپئن میں فلپائنی باکسر کونراڈوسور کو محض 82 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر کے اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

  • عالمی چیمپئن کو پچھاڑنے کا مشن، باکسر محمد وسیم آج دبئی روانہ ہوں گے

    عالمی چیمپئن کو پچھاڑنے کا مشن، باکسر محمد وسیم آج دبئی روانہ ہوں گے

    دبئی: پاکستان کے پروفیشنل باکسر محمد وسیم اسکاٹ لینڈ میں بھرپور ٹریننگ کے بعد شیڈول فائٹ کے لیے آج دبئی روانہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی چیمپئن میکسیکن باکسر گینگن کو پچھاڑنے کے لیے پاکستان کے باصلاحیت باکسر محمد وسیم آج اسکاٹ لینڈ سے دبئی روانہ ہوں گے، فالکن کے نام سےمشہور وسیم کے لیے منفرد طرز کا باکسنگ ٹرنکس بنایا گیا ہے۔

    ٹرنکس میں قیمتی ہیرے لگے ہیں اور فالکن لکھا ہے، محمد وسیم 22 نومبر کو تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن میکسیکن باکسر گینگن سے مقابلہ کریں گے، پاکستانی باکسر پاکستان کے لیے لگاتار 8 فائٹس جیت چکے ہیں۔

    محمد وسیم اور میکسیکو کے گینگن لوپز کا ٹکراؤ 22 نومبر کو ہوگا، گینگن لوپز 46 باؤٹس میں سے 36 میں کامیاب رہے اور 10 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ باکسر محمد وسیم کے حریف تین مرتبہ ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔

    گزشتہ روز باکسر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ میکسیکن فائٹر تجربے میں مجھ سے آگے ہیں، میری اس مقابلے کے لیے تیاری مکمل ہے، گینگن لوپز کو ہرا کر پاکستان کا نام روشن کروں گا۔

    واضح رہے کہ 14 ستمبر کو باکسر محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی تھی، محمد وسیم نے فلپائنی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔

  • باکسر محمد وسیم عریبئن سی ٹائٹل فائٹ کو کامیاب کرانے کے لیے میدان میں آگئے

    باکسر محمد وسیم عریبئن سی ٹائٹل فائٹ کو کامیاب کرانے کے لیے میدان میں آگئے

    اسلام آباد: باکسر محمد وسیم عریبئن سی ٹائٹل فائٹ کو کامیاب کرانے کے لیے میدان میں آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر محمد وسیم عریبئن سی ٹائٹل فائٹ کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ سے تعاون کا اعلان کردیا، عریبئن سی ٹائٹل فائٹ 24 نومبر کو اسلام آباد میں ہورہی ہے۔

    پی پی بی ایل کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں ریجن کے 16 ممالک سے باکسر شریک ہوں گے۔

    باکسر محمد وسیم نے کہا کہ 22 نومبر کو دبئی میں ایک اور فلپائنی باکسر سے مقابلہ کروں گا، 24 نومبر کو عریبئن سی ٹائٹل مقابلوں کو دیکھنے کے لیے موجود ہوں گا۔

    محمد وسیم نے کہا کہ ٹائٹل کے لیے کوئٹہ سے 3 باکسرز فراہم کروں گا۔

    مزید پڑھیں: دبئی، پاکستانی باکسر محمد وسیم نے پروفیشنل باؤٹ جیت لی

    انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پاکستان میں باکسنگ حب بنتا جارہا ہے، کوئٹہ میں باکسنگ کے چھوٹے بڑے 50 کلبز موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ 14 ستمبر کو باکسر محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی تھی، محمد وسیم نے فلپائنی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ محمد وسیم ایک سال بعد رنگ میں دوبارہ اترے تھے، جیت سے ان کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔

    خیال رہے کہ دبئی میں پروفیشنل باؤٹ جیتنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے باکسر محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔

  • آرمی چیف کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات

    آرمی چیف کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی، آرمی چیف نے محمد وسیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی باکسر محمد وسیم سے ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف نے محمد وسیم کو حالیہ کامیابی پر مبارکباد دی۔

    آرمی چیف نے کہا کہ محمد وسیم جیسا ٹیلنٹ ہمارے فخر کی علامت ہے، محمد وسیم جیسے باصلاحیت نوجوانوں کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے۔

    آرمی چیف سے ملاقات کے بعد محمد وسیم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹ کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاک فوج نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے۔

    محمد وسیم کا کہنا تھا کہ پہلے بھی چیمپئن رہا ہوں آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کروں گا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے باعث فخر ہے۔ شعیب اختر اور وسیم اکرم نے بھی میری حوصلہ افزائی کی۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں ٹریننگ کے دوران صورتحال سے لاعلم تھا۔ کشمیریوں پر بھارت میں بہت ظلم و بربریت ہورہی ہے۔ کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے آواز اٹھاتا رہا ہوں۔ اپنی باکسنگ کٹ کشمیریوں کے لیے عطیہ کروں گا۔

    محمد وسیم نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے حوصلہ افزائی کی اور مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی۔

    خیال رہے کہ محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیت کر آئے ہیں، انہوں نے فلپائن کے باکسر کونراڈو تنومور کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا۔

    یہ ان کے پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا نواں مقابلہ تھا جو انہوں نے جیتا۔ محمد وسیم نے اپنی حالیہ کامیابی مظلوم کشمیریوں کے نام کی تھی۔

  • جب بھی بیرون ملک سے جیت کر آیا صرف پاک فوج نے حوصلہ افزائی کی: باکسر محمد وسیم

    جب بھی بیرون ملک سے جیت کر آیا صرف پاک فوج نے حوصلہ افزائی کی: باکسر محمد وسیم

    کراچی: دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتنے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ وہ جب بھی بیرون ملک سے جیت کر لوٹتے ہیں تو صرف پاک فوج ان کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق باکسر محمد وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں پاکستان کی نمایندگی کرنے پر بہت خوشی ہے، پہلے بھی پاکستان کی نمایندگی کرتے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ 15 سال سے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کر رہا ہوں لیکن جب بھی بیرون ملک سے جیت کر آیا صرف پاک فوج نے حوصلہ افزائی کی، اس بار شاہد آفریدی، وسیم اکرم اور جہانگیر خان نے فون کر کے مبارک باد دی۔

    محمد وسیم کا کہنا تھا آیندہ پاکستان کے لیے ورلڈ ٹائٹل کھیلنے جا رہا ہوں، پاکستان کی ہسٹری میں کسی نے ورلڈ ٹائٹل نہیں کھیلا ہے، اکتوبر میں میری دوبارہ فائٹ ہونے جا رہی ہے، ٹاپ فائیو میں آ گیا ہوں فائٹ جیت کر ورلڈ ٹائٹل جیتنا چاہتا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  دبئی، پاکستانی باکسر محمد وسیم نے پروفیشنل باؤٹ جیت لی

    پاکستانی باکسر نے مزید کہا کہ حکومت سے درخواست ہے میری آیندہ ہونے والی فائٹ کو سپورٹ کرے، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، بس حکومتی سپورٹ چاہیے۔

    خیال رہے کہ تین دن قبل محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی ہے، انھوں نے فلپائن کے باکسر کونراڈو تنومور کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا، یہ پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا 9 واں مقابلہ تھا جو انھوں نے جیتا۔

    تاہم باکسر محمد وسیم پاکستان واپس پہنچے تو ائیر پورٹ پر حکومتی عہدے داروں اور باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے کسی قسم کا کوئی استقبال نہیں کیا گیا۔

  • فاتح باکسرمحمد وسیم کی وطن واپسی، کوئی استقبال کو نہ آیا

    فاتح باکسرمحمد وسیم کی وطن واپسی، کوئی استقبال کو نہ آیا

    اسلام آباد:پاکستانی باکسر محمد وسیم دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچے تو بھرپور استقبال کےلئے کوئی حکومتی نمائندہ نہ آیا ، ٹیکسی پر روانہ ہونا پڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محمد وسیم جو کہ دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں فلپائن کے باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکےوطن لوٹے تو باکسنگ فیڈریشن، سرکاری عہدیداران اور عوام میں سے کوئی بھی ان کا استقبال کرنے نہیں پہنچا تھا۔

    انہوں نے اپنی کامیابی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کی تھی۔محمد وسیم کامیابی کے بعد وطن واپس آئے تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کے استقبال کےلئے کوئی حکومتی نمائندہ ہی نہیں پہنچا اور محمد وسیم نجی کمپنی کی ٹیکسی سروس پر روانہ ہوئے۔

    ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ میں نے وطن عزیز اور قوم کے لیے محنت کی ہے، دبئی میں مقابلے سے قبل افریقی مدمقابل سے بھی مقابلہ جیتا تھا، مزید مقابلے بھی جیت کر تاریخ رقم کروں گا اور اپنے ملک کا نام روشن کرتا رہوں گا، ٹاپ 5میں آکر ورلڈ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کروں گا، پاکستان کے لیے ورلڈ ٹائٹل میچ جیتنے کی کوشش کررہا ہوں۔

    واضح رہے کہ محمد وسیم ایک سال بعد رنگ میں دوبارہ اترے تھے، جیت سے ان کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔ گزشتہ سال باکسر محمد وسیم کو جنوبی افریقا کے باکسر مورتی متھالنے کے ہاتھوں ورلڈ ٹائٹل فائٹ میں شکست ہوئی تھی۔

  • دبئی، پاکستانی باکسر محمد وسیم نے پروفیشنل باؤٹ جیت لی

    دبئی، پاکستانی باکسر محمد وسیم نے پروفیشنل باؤٹ جیت لی

    دبئی: پاکستانی باکسر محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان باکسر محمد وسیم نے یو اے ای میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ میں کامیابی حاصل کرلی، محمد وسیم نے فلپائن کے باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا۔

    محمد وسیم نے پروفیشنل باکسنگ کیریئر کا 9واں مقابلہ جیتا ہے، انہوں نے کامیابی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے نام کردی۔

    باکسر محمد وسیم نے کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائٹ جیتنے پر بہت خوش ہوں، آئندہ بھی پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں گا۔

    محمد وسیم کا کہنا تھا کہ میرے غیرملکی ٹرینر ڈینی وان نے اسکاٹ لینڈ میں پچھلے چھ سے سات ماہ سخت ٹریننگ کرائی جس کا رزلٹ آج کامیابی کی صورت میں ملا ہے۔

    باکسر وسیم کا کہنا تھا کہ ٹرینر نے میری خامیوں پر قابو پانے میں میری بھرپور مدد کی۔

    واضح رہے کہ محمد وسیم ایک سال بعد رنگ میں دوبارہ اترے تھے، جیت سے ان کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال باکسر محمد وسیم کو جنوبی افریقا کے باکسر مورتی متھالنے کے ہاتھوں ورلڈ ٹائٹل فائٹ میں شکست ہوئی تھی۔

    محمد وسیم کو مسلسل آٹھ فائٹ میں کامیابی کے بعد پہلی بار جنوبی افریقی باکسر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔