Tag: باکسنگ

  • باکسنگ کی تاریخ کا طویل ترین اور حیرت انگیز مقابلہ، ایک کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں دوسرا ہوش کھو بیٹھا

    باکسنگ کی تاریخ کا طویل ترین اور حیرت انگیز مقابلہ، ایک کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں دوسرا ہوش کھو بیٹھا

    باکسنگ ایک ایسا کھیل ہے جس کا شمار انسانی فطرت کے قریب ترین کھیلوں میں کیا جاتا ہے وہ اس لیے کہ لوگ اکثر لڑائی کے دوران مکے بازی ہی کرتے ہیں۔

    یہ کھیل اولمپکس گیمز کا اہم ایونٹ اور دنیا کے مقبول ترین کھیلوں میں سے ایک ہے، اس میں تکنیک، توانائی، ذہانت اور قوت برداشت کا بھرپور استعمال ہوتا ہے۔

    ویسے تو دنیا میں نامور باکسرز کے درمیان بڑے سنسنی خیز مقابلے ہوئے لیکن آج سے تقریباً 130 سال پہلے دو باکسرز کے درمیان ہونے والی لڑائی یادگار بن گئی، مقابلے کی خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے ایک دوسرے پر مسلسل 7 گھنٹے تک مکوں کی بارش جاری رکھی۔

    اس لڑائی کے دوران ان کی حالت قابل دید بلکہ قابل رحم تھی لیکن زخموں سے چُور باکسرز  کے عزم اور حوصلے کی بات کی جائے تو وہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔

    6اپریل 1893 کو نیو اورلینز میں باکسنگ کے شائقین نے ایک ایسا تاریخی اور تھکا دینے والا مقابلہ دیکھا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ مقابلہ جیک برک اور اینڈی بووین کے درمیان ہوا جو تاریخ کا سب سے طویل گلوز باکسنگ میچ قرار پایا۔

    دونوں باکسرز کے درمیان یہ مقابلہ رات 9 بجے شروع ہوا اور اگلی صبح تقریباً 4 بجے تک جاری رہا، حیران کن طور پر یہ مقابلہ 110 راؤنڈز تک گیا جو 7 گھنٹے 19 منٹ پر محیط تھا۔ دونوں باکسرز نے ہمت نہ ہاری اور لگا تار ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔

    مقابلہ اس قدر سخت اور جان لیوا تھا کہ 110 راؤنڈز تک ایک دوسرے پر مکوں کی بارش کرنے کے بعد دونوں باکسر اتنے تھک گئے کہ کرسی سے اٹھنے کی بھی سکت نہ رہی۔

    مقابلے کے اختتام پر جیک برک کے دونوں ہاتھوں کی ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں جبکہ اینڈی بووین اتنے نڈھال ہوگئے کہ رنگ میں گر پڑے۔

    دونوں باکسرز کے مزید لڑنے کے قابل نہ رہنے پر ریفری نے مقابلے کو "نو کانٹیسٹ” قرار دے دیا، کیونکہ دونوں میں سے کوئی بھی ناک آؤٹ نہیں ہوا تھا لیکن بعد میں اسے ڈرا میں تبدیل کر دیا گیا اور انعامی رقم دونوں میں برابر تقسیم کی گئی۔

  • ویڈیو رپورٹ: باکسر رابعہ کی متاثر کن کہانی

    ویڈیو رپورٹ: باکسر رابعہ کی متاثر کن کہانی

    ملیے کراچی کی رابعہ سے جو میٹرک کی طالبہ ہیں، لیکن اپنے ہنر سے تمام معاشرتی قدغنوں کو توڑ کر دنیا میں اپنا نام بنا رہی ہیں۔ رابعہ اپنے خاندان کی پہلی لڑکی ہے، جنھوں نے باکسنگ کی دنیا میں قدم رکھا، اس ویڈیو میں جانتے ہیں رابعہ کی کہانی!

    رابعہ نے کم وسائل، محدود مواقع اور معاشرتی رکاوٹوں کو توڑا، 16 سالہ رابعہ جو کہ باکسنگ کی دنیا میں خود کی پہچان بنا رہی ہیں۔

    رابعہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ باکسنگ پریکٹس بھی جاری رکھے ہوئے ہے، وہ کہتی ہیں ’’میرا خواب ہے دنیا میں قومی پرچم کی اہمیت اُجاگر کرنا۔‘‘ کراچی کے پس ماندہ علاقے بلدیہ سے تعلق رکھنے والی یہ بہادر لڑکی باکسنگ کی دنیا میں بلندیوں کو چھونے کے لیے اسپانسرشپ کی منتظر ہیں۔


    بننے سنورنے کے لیے عید پر اب لڑکے بھی بیوٹی سیلونز کا رخ کرتے ہیں: ویڈیو رپورٹ


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • شکست کے بعد باکسر عامر خان کا اہم فیصلہ

    شکست کے بعد باکسر عامر خان کا اہم فیصلہ

    مانچسٹر: مانچسٹر ایرینا میں اپنے برطانوی حریف کیل بروک کے ہاتھوں اہم ترین میچ میں شکست کے بعد پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ اب وہ اپنے باکسنگ کیریئر کا فیصلہ خاندان کے ساتھ بیٹھ کر کریں گے۔

    باکسر عامر خان نے کیل بروک کے ہاتھوں شکست کے بعد برطانوی شہر مانچسٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اب اپنے باکسنگ کیریئرکا فیصلہ اپنے خاندان کے ساتھ بیٹھ کر کروں گا، ایک فیملی والا بندہ ہوں، اپنی فیملی کو وقت دینا چاہتا ہوں۔

    عامر خان کا کہنا تھا میں اپنے بچوں کو اسکول لے کر جانا چاہتا ہوں، اور جو پیسے اب تک کمائے ہیں اُنھیں خود پر اب خرچ کرنا چاہتا ہوں۔

    لڑائی میں اپنی شکست کا کھل کر اعتراف کرتے ہوئے عامر خان نے کہا ہار کا کوئی جواز پیش نہیں کر سکتا، میری ٹیم نے میری بہترین ٹریننگ کی اور جو ممکن تھا وہ کیا، میں نے پہلے بھی کیل بروک کو فائٹ کرتے دیکھا، مگر آج والی پرفارمنس کی توقع نہیں تھی۔

    ‘ریٹائرمنٹ نہیں لوں گا، کیل بروک کو ہار کا مزا چکھاؤں گا’

    باکسر کا کہنا تھا کیل بروک نے بہت اچھی تیاری کی ہوئی تھی، جو اچھا لڑا وہی جیتا، فینز کو اچھی فائٹ دیکھنے کو ملی، میں ردھم میں نہ آ سکا، بہت کوشش کی لیکن ردھم بن ہی نہ سکا، کسی کو بھی اپنے سوا شکست کا ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتا، کیل بروک نے بہت ہی زیادہ اچھی فائٹ کی۔

    دوسری طرف فائٹ میں فتح حاصل کرنے والے برطانوی پروفیشنل باکسر اور عامر خان کے روایتی حریف کیل بروک نے فائٹ جیتنے کے بعد کہا کہ یہ فائٹ ایک لمبے عرصے سے ہونے کی منتظر تھی، عامر خان اچھے باکسر ہیں تب ہی وہ دو بار ورلڈ چیمپئن رہے، لیکن میں اُن سے زیادہ بہتر تھا اس لیے جیت گیا۔

    کیل بروک نے کہا لوگ مجھ سے اس مقابلے کے بارے میں پوچھتے تھے کہ کب عامر خان سے مد مقابل ہو گے، مجھے اس فائٹ میں فتح کے حوالے اب لوگ یاد رکھیں گے، عامر خان مجھے بہت آسان حریف لگے، میں پہلے ہی راؤنڈ میں اُن پر حاوی ہو گیا تھا، وہ مجھے بار بار دھکے دے رہے تھے بچنے کے لیے۔

    کیل بروک نے بھی کہا کہ میں بھی اب اپنی فیملی کے ساتھ بیٹھ کر اپنے کیریئر کا فیصلہ کروں گا، آج میں خود کو 23 سال کا محسوس کر رہا ہوں۔

  • ‘ریٹائرمنٹ نہیں لوں گا، کیل بروک کو ہار کا مزا چکھاؤں گا’

    ‘ریٹائرمنٹ نہیں لوں گا، کیل بروک کو ہار کا مزا چکھاؤں گا’

    مانچسٹر: پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ اپنے برطانوی حریف کیل بروک کو ہار کا مزا چکھاؤں گا، ضروری ہے کہ کیل بروک کو اُس کی جگہ دکھائی جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان 2 سال بعد باکسنگ رِنگ میں اُترنے کے لیے تیار ہیں، وہ کل شام اپنے حریف کیل بروک کے خلاف رنگ میں اُتریں گے۔

    پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا یہ فائیٹ برطانیہ کی ایک بڑی فائٹ ہے، کیل بروک بہت باتیں کرتے ہیں، اب رنگ میں اُن کو جواب دوں گا، اور انھیں ایک ایسی شکست سے دوچار کروں گا جو انھوں نے پہلے کبھی نہ دیکھی ہوگی۔

    عامر خان نے اعتراف کیا کہ دونوں میں سے کوئی بھی ہار گیا تو اُس کے لیے شکست کے ساتھ زیادہ دیر گزارہ مشکل ہو جائے گا، میں نے شکست اپنے ذہن میں ڈالی ہی نہیں ہے، کیوں کہ میں نے صرف جیتنا ہے، اگر میں فائٹ ہار بھی گیا تو میرا باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔

    باکسر نے کہا میں بہت مضبوط اور خود کو بہت تازہ محسوس کر رہا ہوں، اس مقابلے میں فتح میری ہوگی، مقابلہ جیتنے کے لیے میں نے ہر طرح سے ٹریننگ کی ہے۔

    واضح رہے کہ مانچسٹر ارینا میں کل ہونے والے اس زبردست مقابلے کی تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں۔

  • دو سال بعد کسی مقابلے میں اُتر رہا ہوں، میرے کیریئر کی بڑی فائٹ ہے: عامر خان

    دو سال بعد کسی مقابلے میں اُتر رہا ہوں، میرے کیریئر کی بڑی فائٹ ہے: عامر خان

    مانچسٹر: پاکستانی نژاد برطانوی پرفیشنل باکسر عامر خان 19 فروری کو برطانوی باکسر کیل بروک کے خلاف رِنگ میں اتریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق 2 سال بعد باکسنگ کے اکھاڑے میں اترنے والے باکسر عامر خان نے مقابلے سے ایک دن قبل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس مقابلے کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کی ایک بڑی فائٹ قرار دے دیا ہے۔

    مانچسٹر میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا میں دو سال بعد کسی مقابلے میں اُتر رہا ہوں، یہ میرے کیریئر کی بڑی فائٹ ہے، میں اپنی جیت کے لیے با اعتماد ہوں، فتح میری ہوگی، فینز میرے لیے دعا کریں۔

    واضح رہے کہ باکسر عامر خان برطانوی پروفیشنل باکسر کیل بروک کے خلاف انیس فروری کو مانچسٹر ایرینا میں اُتریں گے، تقریباً 20 سال سے ان دونوں حریفوں کے درمیان لفظی جنگ چلتی رہی ہے، اور اب وہ باقاعدہ طور پر آمنے سامنے ہوں گے۔

    عامر خان نے انکشاف کیا تھا کہ صرف 2 ماہ قبل وہ طویل وقفے کے بعد واپسی کی وجہ سے، کیل بروک کا سامنا کرنے کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر تیار نہیں تھے، کیوں کہ وزن میں اضافے اور 2019 میں بلی ڈِب کے ساتھ اپنی لڑائی کے بعد حوصلہ پست ہو گیا تھا، لیکن اب ہفتے کی رات وہ یہ فائٹ جیتنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ فینز بہت پیار دے رہے ہیں جن پر اُن کا شکر گزار ہوں، پاکستان میں فینز کی محبت پر بھی شکر گزار ہوں، میں فائٹ کے بعد پاکستان کا دورہ کروں گا اور وہاں اپنے مداحوں سے ملاقات کروں گا اور انٹرنیشنل باکسرز بھی لے کر جاؤں گا۔

    پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے مدد پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں باکسنگ کے مقابلے کروائیں گے۔ خیال رہے کہ عامر خان باکسنگ اکیڈمی اور جِم میں کام بھرپور طریقے سے جاری ہے۔

  • ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ جیتنے والا پہلا پاکستانی باکسر

    ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ جیتنے والا پہلا پاکستانی باکسر

    کراچی: شہر کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے باکسر نادر بلوچ ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے، ان کا عزم ہے کہ وہ پاکستان کے لیے مزید ٹائٹلز حاصل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق باکسر نادر بلوچ نے ڈبلیو بی سی مڈل ایسٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، یہ ان مسلسل چھٹی فائٹ ہے جس میں انہوں نے فتح حاصل کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے افغان کھلاڑی حسن کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

    نادر نے بتایا کہ وہ صرف اپنے جنون کے بل بوتے پر یہاں تک پہنچے ہیں، نہ ان کی باکسرز جیسی مخصوص ڈائٹ ہے اور نہ وسائل۔ اس کے باوجود وہ پاکستان کے لیے مزید ٹائٹلز حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

    ان کے مطابق وہ باکسنگ کے لیے سپلیمنٹس یا نیوٹریشن لینے کی استطاعت نہیں رکھتے۔

    نادر کا کہنا ہے کہ وہ لیاری میں باکسنگ کرنے والی بچیوں سے بھی ملتے رہتے ہیں اور ان کا حوصلہ بڑھاتے ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کی بھی ٹریننگ کریں اور انہیں آگے بڑھائیں۔

    انہوں نے شکوہ کیا کہ لیاری کے علاقے کو سیاسی طور پر بدنام کیا جاتا ہے، یہاں موجود کھیل کے پوٹینشل کے لیے کچھ نہیں کیا جاتا، ان کے مطابق اگر وہ ایسے نامساعد حالات کے باوجود پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں تو ذرا سی توجہ سے لیاری کا ہر نوجوان یہ کام کرسکتا ہے۔

  • فیس بک پر بڑھکیں مارنے والے باکسر کا ورلڈ چیمپئن نے کیا حشر کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    فیس بک پر بڑھکیں مارنے والے باکسر کا ورلڈ چیمپئن نے کیا حشر کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    نیوپورٹ: فیس بک پر کسی ورلڈ چیمپئن باکسر کو بڑھکیں مار کر تنگ کرنا آسان ہو سکتا ہے لیکن جب بات رِنگ میں آتی ہے تو کیا حشر ہوتا ہے، اس کا اندازہ اس ویڈیو سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔

    فیس بک پر سابق ورلڈ چیمپئن باکسر گیون ریز کو ایک باکسر ڈینی سلگ نے تنگ کرنا شروع کیا، دی راک کے نام سے مشہور سابق چیمپئن نے 2014 میں باکسنگ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، اور اس دوران انھوں نے کئی مواقع پر خود کو چوکور رِنگ میں آنے سے روکے رکھا۔

    لیکن ڈینی سلگ نے جب انھیں مسلسل پریشان کیا اور وہ آن لائن ٹرولنگ سے باز نہ آیا تو ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (WBA) کے سپر لائٹ ویٹ ورلڈ چیمپئن نے دوبارہ گلوز پہننے کا فیصلہ کر لیا۔

    آڈرین برونر اور اینتھونی کرولا جیسے باکسرز کے ساتھ مقابلہ کرنے والے گیون ریز نے مسلسل تنگ کرنے والے باکسر ڈینی سلگ کو چیلنج کر کے رِنگ میں مقابلے کی دعوت دے دی۔

    مقابلہ تو سج گیا لیکن یہ کیا، فیس بک پر بھڑکیاں مارنے والا باکسر، دی راک کے دو ہاتھ بھی برداشت نہ کر سکا اور چند ہی سیکنڈز کے اندر ڈھیر ہو گیا۔ گیون ریز نے اس مقابلے کا فوٹیج بھی شیئر کیا، جس میں دو ہاتھ کھانے کے بعد مقابل کا سارا جوش ٹھنڈا پڑتا نظر آیا، اور وہ خاک چاٹنے پر مجبور ہو گیا۔

    فوٹیج کے مطابق مقابلہ شروع ہوا تو ڈینی سلگ نے بڑھ چڑھ کر سابقہ چیمپئن پر وار کیے، لیکن جیسے ہی گیون ریز نے اٹیک کیا، وہ مزید اپنے قدموں پر ٹک نہیں پایا، ریز کے دونوں ہاتھ ایک بار اس کے چہرے پر پڑے، اور پھر بایاں پنج جیسے ہی اس کے جگر کے مقام پر پڑا، وہ لڑکھڑا کر زمین بوس ہو گیا۔

  • پاکستانی باکسر محمد وسیم کی گاڑی کو حادثہ، باکسر زخمی

    پاکستانی باکسر محمد وسیم کی گاڑی کو حادثہ، باکسر زخمی

    کراچی: پاکستانی باکسر محمد وسیم ٹریفک حادثے میں معمولی زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر محمد وسیم اسلام آباد سے کوئٹہ کا سفر کر رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا، جس میں وہ معمولی زخمی ہو گئے۔

    سفر کے دوران باکسر وسیم کے ہمراہ ان کے کوچ بھی تھے، محمد وسیم فائٹ کے لیے اسلام آباد میں ٹریننگ کر رہے تھے، ٹریننگ کے بعد وہ کوئٹہ جا رہے تھے کہ گاڑی کو حادثہ پیش آ گیا۔ حادثے میں ان کی گاڑی کا اگلا حصہ پچک گیا، تاہم وہ زیادہ زخمی ہونے سے محفوظ رہے۔

    باکسر محمد وسیم کے لیے خصوصی شیلڈ

    محمد وسیم زخمی ہونے کے باوجود اگلی فائٹ کے لیے پر عزم ہیں، محمد وسیم 28 مارچ کو سابق یورپین چیمپئن ریان فیرک کے مد مقابل آئیں گے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ ٹریفک حادثے میں محمد وسیم کے کندھے اور گھٹنے پر معمولی چوٹیں آئی ہیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ اپنے مقابلے کے لیے پرعزم ہیں۔

    حادثے کے وقت باکسر وسیم کے ساتھ گاڑی میں ان کے کوچ طارق بھی موجود تھے، بتایا جا رہا ہے کہ انھیں بھی معمولی چوٹ آئی ہے۔

  • ذیابیطس میں مبتلا باکسر محمد علی کی مسلسل چھٹی باؤٹ میں کامیابی

    ذیابیطس میں مبتلا باکسر محمد علی کی مسلسل چھٹی باؤٹ میں کامیابی

    بولٹن: برطانوی شہر بولٹن میں پاکستانی نژاد باکسر محمدعلی نے اپنے کیرئیر کی مسلسل چھٹی فائٹ بھی اپنے نام کر لی، ذیابیطس میں مبتلا باکسر نے فتح کے بعد اعلان کیا کہ وہ پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد برطانوی باکسر محمد علی نے پاکستان میں ذیابطیس کے مرض کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے چھٹی باؤٹ جیتنے کے بعد کہا کہ میں پاکستان میں ذیابیطس پر قابو پانے کے لیے مدد کرنے کا خواہش مند ہوں۔

    انھوں نے کہا میں ذیابیطس اور ذہنی امراض میں مبتلا افراد کے لیے اپنی خدمات دینا چاہتا ہوں، پاکستان میری دھرتی ہے، اس کے لیے ہمیشہ حاضر ہوں، عمران خان اسپورٹس مین ہیں، وہ مدد کریں تو یہ ممکن ہو سکتا ہے۔

    قبل ازیں، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر محمد علی نے مسلسل چھٹی باؤٹ میں کام یابی حاصل کر لی ہے، محمد علی تمام راؤنڈز میں اپنے مخالف نیتھن ہارڈی پر حاوی رہے اور رِنگ میں اترتے ہی مخالف پر تابڑ توڑ وار کر کے فائٹ اپنے نام کی۔

    خیال رہے کہ باکسر محمد علی ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں، وہ برطانوی باکسنگ فیڈریشن کی تاریخ کے پہلے ذیابیطس میں مبتلا باکسر ہیں۔

  • سعودی عرب میں باکسر انتھونی جوشوا ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بن گئے

    سعودی عرب میں باکسر انتھونی جوشوا ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن بن گئے

    ریاض: برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نے ہیوی ویٹ باکسنگ کا یونی فائیڈ ٹائٹل جیت لیا، جوشوا نے دوسری بار ورلڈ ہیوی ویٹ کا ٹائٹل جیتا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر درعیہ میں لڑی گئی ہیوی ویٹ چیمپئن شپ فائٹ برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نے جیت لی ہے، جوشوا نے میکسیکن نژاد امریکی باکسر اینڈی روئز کو شکست دے کر 6 ماہ پرانی شکست کا بدلہ لے لیا۔

    فائٹ کے دوران باکسر انتھونی جوشوا نے آندرے روئز پر گھونسوں کی برسات کر دی تھی، جوشوا زیادہ پوائنٹس پر فاتح قرار پائے، تینوں ریفریز نے برطانوی باکسر کے حق میں متفقہ طور پر فیصلہ دیا جس کے بعد جوشوا عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن بن گئے۔

    انتھونی جوشوا کو جون میں اینڈی روئز کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوئی تھی جس کا انھوں نے بدلہ لینے سمیت ٹائٹل بھی دوبارہ جیت لیا۔ انتھونی جوشوا نے اب تک کے 23 بین الاقوامی مقابلوں میں سے 22 میں فتح حاصل کی ہے جب کہ میکسیکین امریکن اینڈی روئز نے 34 مقابلوں میں سے 33 میں کامیابی سمیٹی۔

    ٹائٹل ہارنے والے باکسر اینڈی روئز اپنی بیوی کے ساتھ سعودی لباس میں

    یاد رہے کہ چند دن قبل امریکی باکسر اینڈی رویز کی سعودی لباس ’ثوب‘ اور ان کی اہلیہ کی سعودی ’عبایہ‘ میں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، دونوں ریاض کے الفیصلیہ ہوٹل آئے تھے، ان کے ساتھ سعودی شہریوں اور سیاحوں نے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

    سعودی ولیٔ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی جوشوا اور اینڈی روئز کی فائٹ دیکھی۔