Tag: باکمال سروس

  • پی آئی اے کا ’کارنامہ‘: مسافروں کو چھوڑ کر وقت سے پہلے ہی مدینہ سے روانہ

    پی آئی اے کا ’کارنامہ‘: مسافروں کو چھوڑ کر وقت سے پہلے ہی مدینہ سے روانہ

    کراچی: باکمال ایئر لائن کا ایک اور لاجواب کارنامہ سامنے آ گیا ہے، کنفرم بکنگ کے حامل مسافروں کو چھوڑ کر مقررہ وقت سے 6 گھنٹے قبل ہی پی آئی اے پرواز مدینہ سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے 21 مسافروں کا گروپ ساڑھے 9 بجے رات کی پرواز کے لیے مقررہ وقت پر مدینہ ایئر پورٹ پہنچا تو انکشاف ہوا کہ رات کی پرواز 6 گھنٹے قبل دوپہر 3 بجے ہی جا چکی ہے۔

    قومی ایئر لائن نے مسافروں کو پرواز کی جلد روانگی سے متعلق آگاہ ہی نہیں کیا، دوسری طرف 8 مئی کی پرواز پی کے 9784 کی کنفرم ٹکٹ کے حامل 21 مسافر کے پاس اگلی پرواز کی بکنگ بھی موجود نہیں۔

    اس غیر متوقع صورت حال سے پریشان خواتین، بچوں اور مرد مسافروں پر مشتمل گروہ کے پاس ہوٹل میں رہائش کے لیے رقم بھی موجود نہیں ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو سیالکوٹ کی پرواز میں دستیاب نشستوں پر ایڈجسٹ کیا جائے گا،نشستوں کی کمی پر باقی مسافر لاہور کی پرواز میں ایڈجسٹ ہوں گے، جب کہ باقی رہ جانے والے مسافروں کو ہوٹل فراہم کیا جائے گا۔

  • قومی ایئر لائن 80 مسافروں کا سامان جدہ ایئر پورٹ پر چھوڑ آئی

    قومی ایئر لائن 80 مسافروں کا سامان جدہ ایئر پورٹ پر چھوڑ آئی

    کراچی: قومی ایئر لائن کی ’با کمال سروس‘ نے ایک اور کمال دکھا دیا، 80 مسافروں کا سامان جدہ ایئر پورٹ پر چھوڑ کر آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) جدہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 732 کے مسافروں کا سامان جدہ ایئر پورٹ ہی پر چھوڑ آئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق قومی ایئر لائن کی پرواز کے جناح ٹرمینل پر لینڈ کرنے کے بعد 80 مسافروں کا سامان جدہ ہی میں رہ جانے کا انکشاف ہوا، مذکورہ پرواز سے 195 کے قریب مسافر کراچی ایئر پورٹ پر پہنچے تھے۔

    تازہ ترین:  پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    جدہ سے پرواز آج صبح کراچی پہنچی تھی، سامان نہ پہنچنے کے انکشاف پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے، مسافروں کے احتجاج پر انھیں بتایا گیا کہ جہاز کم گنجایش والا تھا جس کی وجہ سے سامان کو جدہ ہی میں چھوڑنا پڑا۔

    ایئر پورٹ ذرایع کا کہنا تھا کہ سامان سے محروم مسافروں کو کل دوسری پرواز سے ان کا سامان پہنچانے کا دلاسا دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف آج ریاض سے ملتان جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 730 موسم کی خرابی کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر اتار لی گئی ہے، ترجمان قومی ایئر لائن کا کہنا تھا کہ موسم ٹھیک ہوتے ہی پرواز کو ملتان روانہ کر دیا جائے گا۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ کراچی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کا عملہ مسافروں کو تمام سہولت فراہم کر رہا ہے۔