Tag: باکمال لوگ لاجواب سروس

  • پی آئی اے عمرہ زائرین کا سامان مدینے میں چھوڑ آئی

    پی آئی اے عمرہ زائرین کا سامان مدینے میں چھوڑ آئی

    اسلام آباد: باکمال لوگ لاجواب سروس، عمرہ ادا کرکے عید کے موقع پر گھر لوٹنے والے عمرہ زائرین کا سامان پی آئی اے مدینہ میں ہی چھوڑآئی ۔

    تفصیلات کے مطابق مدینے سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 714 کے مسافروں نے سامان مدینے میں رہ جانے پر ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے تو عمرہ زائرین کئی گھنٹے ایئر پورٹ پر اپنے سامان کا انتظار کرتے رہے ، تاہم انتظامیہ کی جانب سے صورتحال واضح نہیں کی گئی، جب متاثرین کا دباؤ بڑھا تو انتظامیہ نے بتایا کہ سامان مدینے میں رہ گیا ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ 50 سے زائد مسافروں کا سامان مدینے میں رہ گیا ہے جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا ۔ اس موقع پر پی آئی اے کا سامان سے متعلقہ عملہ غائب ہوگیا تھا۔

    مسافروں نے ایئر پورٹ پر ہی احتجاج ریکارڈ کرایا اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہے ان کی جانب سے اس واقعے کا اور اس کے بعد عملے کے مسافروں کے ساتھ روا رکھے گئے رویے کا نوٹس لیں۔

    یاد رہے کہ ماضی میں بھی اس نوعیت کے واقعات پیش آتے رہے ہیں بالخصوص حج اور رمضان میں عمرے کے سیزن میں پی آئی اے انتظامیہ متعدد بار مسافروں کا سامان سعودی عرب میں چھوڑآتی ہے۔

    مسافروں کا کہنا ہے کہ رمضان میں عمرہ ادا کرنے والے متعمرین اکثر اپنے اہل خانہ کے لیے حجازِمقدس سے ہی عید کے تحائف لے کر آتے ہیں اور ایسے میں سامان کا مدینے میں رہ جانا، ان کی آمد اور عید کی خوشیوں کا مزہ کرکرہ کردے گا۔

  • باکمال لوگ لاجواب سروس : پی آئی اے کا عملہ مسافر کا سامان لے کر جدہ پہنچ گیا

    باکمال لوگ لاجواب سروس : پی آئی اے کا عملہ مسافر کا سامان لے کر جدہ پہنچ گیا

    کراچی : پی آئی اے کے باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کا ایک اور مظاہرہ سامنے آیا ہے، عملے کی غفلت کے باعث لاہور سے کراچی آنے والے مسافر کا سامان جدہ پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق  پی آئی اے انتظامیہ کی لاپرواہی کے سبب پرواز پی کے303پر مسافر اپنے قیمتی سامان سے محروم ہوگیا، پی آئی اے کی پرواز303لاہور سے کراچی آرہی تھی، مسافر سیٹ کے سامنے والے پاکٹ میں سامان رکھ کر بھول گیا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ لاہور سے آنے کے بعد بغیر سیکیورٹی چیک کے طیارہ جدہ روانہ کردیا گیا، ایئر لائن قواعد کے مطابق بیرون ملک جانے والی کسی بھی  پرواز سے قبل سیکیورٹی عملہ جہاز کو چیک کرتا ہے۔

    طیارے کی مکمل جانچ کے بعد پی آئی اےانجنیئرنگ ایئرکرافٹ کلیننگ کا عملہ طیارے کی صفائی کرتا ہے،سیکیورٹی عملہ کی جانب سے طیارے کو کلیئرقرار دینے کے بعد مسافروں کو بٹھانے کی اجازت دی جاتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی پہنچنے والی پرواز عجلت میں جدہ روانہ کردی گئی، مسافر کی جانب سے شکایت درج کرانے پرعملے نے مؤقف اختیار کیا کہ طیارہ تو جدہ روانہ ہوگیا ہے، طیارہ واپس آنے کے بعد آپ کا سامان چیک کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عملے کی جانب سے سامان بھول جانے کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں، پی آئی اے عملے کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے مسافر اپنے سامان سے محروم ہورہے ہیں۔

  • کراچی میں اترنے والے جہازوں پر لیزر لائٹیں مارنے کا انکشاف

    کراچی میں اترنے والے جہازوں پر لیزر لائٹیں مارنے کا انکشاف

    کراچی:  ائیرپورٹ پرغیر ملکی طیاروں کی لینڈنگ کے دوران لیزر لائٹیں مارنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا،غیرملکی ائیرلائنز نے تحریری طورپر سول ایوایشن کو اپنے خدشات سے آگاہ کردیا ہے۔

    کراچی ائیرپورٹ پر غیرملکی ائیرلائنز کی لینڈنگ کے دوران لیزر لائٹ مارنے کےواقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، غیرملکی ائیرلائنز نے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

     دبئی سے کراچی آنے والی ایمرٹس ائیرلائن کی پرواز کو لینڈنگ سے قبل لیزر لائٹس ماری گئیں تھیں،غیر ملکی ایئرلائن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو واقعے سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کیا کہ طیاروں پر لائٹس مارنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اس کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

     ائیرپورٹ انتظامیہ نے لیزر لائٹس کے واقعات کے متعلق متعلقہ اداروں اور سی اے اے کی ویجیلنس کو آگاہ کردیاہے اور ان واقعات کو روکنے کی ہدایت کی ۔

    ذرئع کے مطابق کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ حساس ترین علاقہ جہاں سے پروازوں پر لیزر لائٹس ماری جارہی ہیں جو کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

     پہلوان گوٹھ کراچی کا حساس ترین علاقہ ہے،اس کی حدود کراچی ائیر پورٹ سے ملتی ہیں ۔یہاں سے لیزر لائٹس جہازوں پر ماری جارہی ہے۔

    معاملے کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف چھ ماہ پہلے کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے ملزمان پہلوان گوٹھ کے راستے ہی ایئرپورٹ پہنچے تھے۔

    ایئرپورٹ سے متصل یہ علاقہ ہے تو کچی آبادی لیکن اب بلند عمارتوں سے پکی آبادی بن گئی ہے، گنجان آباد ہونے کی وجہ جرائم پیشہ عناصر کی بھی یہ ہے محفوظ پناہ گاہ ہے، اسلحے کی فراوانی کے ساتھ ساتھ علاقے میں افغانیوں کی بھی بڑی تعداد ہے۔

    اس علاقے میں رینجرز اور پولیس نے متعدد آپریشن کیئے لیکن یہ علاقہ اب بھی کلیئر قرار نہیں دیا گیا،ایسے میں اس علاقے سے لیزر لائٹس کا مارا جانا کسی بڑے خطرے کی طرف بھی نشاندہی کرتا ہے۔

     

  • پی آئی اے کی دو پروازیں فنی خرابی کے باعث اڑان کے فوری بعد اتارلی گئیں

    پی آئی اے کی دو پروازیں فنی خرابی کے باعث اڑان کے فوری بعد اتارلی گئیں

    کراچی/لاہور: پی آئی اے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے قومی ائیرلائن کو کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے۔ گذشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران دوپروازیں فنی خرابی کے باعث اڑان کے فوری بعد واپس اتارلی گئی ہیں۔

    باکمال لوگ لاجواب سروس کے نعرے کے برعکس پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی ناقص کارکردگی سے ایک طرف تو قومی ادارے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے تو دوسری جانب سیکڑوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے۔

    قومی ایئرلائن کے طیاروں میں فنی خرابی کی وجہ سے پروازیں واپس اتارے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گذشتہ بارہ گھنٹوں میں دوپروازیں ٹیک آف کے فورا بعد اتارلی گئی ہیں۔

    لاہورسے مسقط جانیوالی پی کے ٹو ٹو نائن ائیر بس اڑان کے فوری بعد فنی خرابی کے باعث واپس اتار لی گئی جبکہ ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پی کے سیون ایٹ ٹو کو بھی ٹیک آف کرتے ہی اتارنا پڑگیا۔

    پی آئی اے کا گرتا ہوا انجینئرنگ کا معیار سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تکنیکی صلاحیت پر بھی سوالیہ نشان ہے۔