Tag: بجلی بندش

  • ’’کے الیکٹرک کا مؤقف ہے جھگڑا کرنے والے معافی مانگیں‘‘ پنجاب چورنگی مکینوں کا بجلی بندش پر احتجاج

    ’’کے الیکٹرک کا مؤقف ہے جھگڑا کرنے والے معافی مانگیں‘‘ پنجاب چورنگی مکینوں کا بجلی بندش پر احتجاج

    کراچی: شہر قائد کے علاقے پنجاب کالونی کی رہائشی عمارت کے مکین بجلی کی بندش پر احتجاج کرنے لگے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک عملے سے جھگڑا کسی اور نے کیا اور سزا کسی اور کو دی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب چورنگی پر رہائشی عمارت کے مکینوں کا کہنا ہے کہ ان کی عمارت میں 80 فلیٹ ہیں جہاں جمعہ کی صبح 11 بجے سے بجلی بند کر دی گئی ہے، متعدد بار کمپلین کے باوجود کے الیکٹرک میں سنوائی نہیں ہو رہی۔

    مکینوں نے بجلی بندش پر احتجاج شروع کر دیا ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے پنجاب کالونی اور پی این ٹی کالونی میں کنڈا مافیا کے خلاف کارروائی کی تھی، جس پر پی این ٹی کالونی کے مکینوں اور کے الیکٹرک عملے میں جھگڑا ہوا، اس جھگڑے کے سبب ہماری عمارت کی بجلی بھی منقطع کر دی گئی۔

    مظاہرین کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک عملے کا مؤقف ہے کہ جھگڑے میں ملوث عناصر معافی مانگیں، تاہم مظاہرین نے شکایت کی ہے کہ مسئلہ کسی اور سے ہے مگر سزا انھیں مل رہی ہے۔

    احتجاج کے باعث پنجاب چورنگی اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا ہے، پنجاب کالونی سے ڈیفنس موڑ آنے جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہو گئے ہیں، صبح سویرے دفاتر جانے والے شہری ٹریفک جام کے باعث مشکلات کا شکار ہوئے۔

    ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کو گزری انڈر پاس سے متبادل راستہ فراہم کیا جا رہا ہے، اور کورنگی سے آنے والی ٹریفک کو خیابان جامی کی جانب موڑا جا رہا ہے۔