Tag: بجلی سستی کرنے کا حل

  • بجلی کیسے سستی کی جائے؟ مفتاح اسماعیل نے حکومت کو طریقہ بتا دیا

    بجلی کیسے سستی کی جائے؟ مفتاح اسماعیل نے حکومت کو طریقہ بتا دیا

    کراچی : عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے حکومت کو بجلی سستی کرنے کا فارمولا بتا دیا۔

    سابق ن لیگی رہنما اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ تو کبھی پریس کانفرنسز کے ذریعے عوام کے سب سے بڑے بجلی کے زائد بلوں مسئلے کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کرواتے رہتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ڈی پی بجٹ جو ساڑھے گیارہ سو ارب روپے ہے اسے کم کرکے بجلی پر ریلیف دیا جاسکتا ہے، وہ کہتے ہیں کہ پی ایس ڈی پی 965ارب پر لاکر ریلیف دینا ممکن ہے۔

    اپنے ایکس اکاؤنٹ کے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت ترقیاتی فنڈز کی آڑ میں اپنے لوگوں کو نوازنے کے بجائے عوام کو سہولت فراہم کرے۔

    انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عوام سے تو قربانی مانگ رہے ہیں تھوڑی سی قربانی خود بھی دے دیں۔ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کیلئے 400 سے 500 ارب روپے اخراجات ختم کیے جائیں۔

    مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا ہے کہ جولائی سے ستمبر تک گھریلو صارفین کے بجلی بلوں میں سیلز ٹیکس اور ایڈوانس انکم ٹیکس شامل نہ کیا جائے، اس سے گھریلو صارفین کا بل 24 فیصد کم ہوسکتا ہے۔

    اس کے علاوہ کیپسٹی چارجز میں سے 46 فیصد رقم وفاقی حکومت کو جاتی ہے، حکومتی ملکیت کے چار ایل این جی پلانٹس ٹیکس کم کیا جائے اور گرڈ پر چلنے والے پاور پلانٹس کے ایندھن پر ٹیکس ختم کیا جائے۔

  • ’’بجلی سستی کرنے کا حل ہے لیکن پہلے ن لیگ سے جان چھڑانی پڑے گی‘‘

    ’’بجلی سستی کرنے کا حل ہے لیکن پہلے ن لیگ سے جان چھڑانی پڑے گی‘‘

    پی ٹی آئی کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ بجلی سستی کرنے کا حل ہے لیکن پہلے ن لیگ سے جان چھڑانی پڑے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے لگائے گئے بجلی کے منصوبوں کی وجہ سے اس وقت مہنگائی ہے، معاہدہ کیا گیا کہ بجلی پیدا کریں نہ کریں گے منافع کے ساتھ پیسے دیں گے۔

    تیمورسلیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ٹرانسمیشن اورنہ گرڈ ٹھیک کرنے پر کام کیا، ٹرانسمیشن اورڈسٹری بیوشن میں انویسٹمنٹ کرنی پڑے گی۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی تب کامیاب ہوگی جب قیمت کم ہوگی، لور مڈل کلاس لوگ شام کو کنڈا لگاتے ہیں کیونکہ قیمت دے نہیں سکتے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ رابطہ کھو رہی ہے، ان کو احساس ہی نہیں ہے، جوحالات ہیں خیبرپختونخوا کے لوگ صوبائی اور وفاقی حکومت پرسوال اٹھائیں گے۔

    تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ فاٹا کے لوگوں کو گزشتہ 75 سال سے نظرانداز کیا گیا ہے جو نظر بھی آتا ہے، حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ کس طرح اپنی سیاست بچائیں، ہماری نشستیں چھینی گئیں، ہمارے لیڈر کو جیل میں ڈالا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ ن لیگ نے پی ٹی آئی سے تاریخ کا بدترین سیاسی انتقام لیا ہے، پی ٹی آئی کے ووٹ توڑنے کے لیے 2 پارٹیاں بھی بنائی گئیں، آخر میں ن لیگ نے 17 نشستوں پر حکومت بھی بنا لی۔

    تیمور سلیم نے کہا کہ انھوں نے مخصوص نشستیں بھی ہڑپ کرنے کی کوشش کی، ہمارے ایم این ایز کہیں نہیں جائیں گے ساتھ کھڑے رہیں گے، ن لیگ کلیئر کرے کہ خواتین سے متعلق ان کی کیا پالیسی ہے۔