Tag: بجلی چوری

  • سعودی عرب، مسجد سے چوری کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب، مسجد سے چوری کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب میں وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کی فیلڈ ٹیم نے جازان ریجن کی صبیا کمشنری میں واقع ایک مسجد سے بجلی چوری میں ملوث ایک غیر ملکی کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک غیر ملکی نے مسجد کے میٹر سے تار نکال کر اپنے گھر تک پہنچائی اورپورے گھر کو مسجد کی بجلی سے منسلک کردیا۔

    وزارت کے متعلقہ ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری کے اس غیر قانونی کنکشن کو ختم کیا اور معاملہ متعلقہ حکام کو بھیج دیا تاکہ مقیم شخص کے خلاف قانونی کارروائی ہو، اسے جواب دہ بنایا جائے اور اس پر مسجد کی سابقہ کھپت کی مکمل بجلی کا بل ادا کرنا لازم قرار دیا جائے۔

    وزارت نے واضح کیا کہ وہ مساجد کی سہولتوں میں کسی بھی قسم کی چوری یا چھیڑ چھاڑ پر ہرگز نرمی نہیں برتے گی بلکہ سختی اور سنجیدگی سے نمٹے گی۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں قطیف کمشنری کی عدالت میں اوقاف کے جج کو اغوا کرکے قتل کرنے والے شخص پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی شہری جلال بن حسن بن عبد الکریم لباد نے دہشت گرد تنظیم سے وابستگی اختیار کی، ملک میں تخریب کاری کا ارتکاب کیا اور متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں شامل رہا۔

    سعودی عرب کا غیر ملکی ملازمین کے لیے بڑا فیصلہ

    رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے دیگر مطلوب افراد کے ساتھ ملک کر سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ اور بمباری کر کے انہیں قتل کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔

    وزارت کے مطابق تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ مذکورہ شخص کوعدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

  • ایک سال میں قصور میں 37 ارب 20 کروڑ 70 لاکھ روپے کی بجلی چوری کا انکشاف

    ایک سال میں قصور میں 37 ارب 20 کروڑ 70 لاکھ روپے کی بجلی چوری کا انکشاف

    لاہور: ایک سال میں صرف قصور شہر میں 37 ارب 20 کروڑ 70 لاکھ روپے کی بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔

    لیسکو دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 26 ہزار مقدمات درج کرائے جانے کے باوجود پنجاب کے شہر قصور میں بجلی چوروں سے ریکوری نہیں ہو سکی ہے۔

    لیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے 8 سرکلز میں سے سب سے زیادہ بجلی چوری قصور سرکل میں کی جا رہی ہے، جہاں سیاسی مداخلت کے باعث لیسکو افسران بجلی چوروں کے خلاف کارروائی نہیں کر پاتے۔

    لیسکو ذرائع کے مطابق قصور سرکل میں بجلی چوری کی وجہ سے پوری کمپنی کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔


    بجلی کی قیمتیں اور سولر پالیسی: صارفین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی


    دستاویز کے مطابق قصور رورل ڈویژن میں 8 ارب 64 کروڑ 80 لاکھ مالیت کی 20 کروڑ 31 لاکھ یونٹس بجلی کی چوری کی گئی، پھول نگر ڈویژن میں 9 ارب 62 کروڑ 90 لاکھ روپے کے 20 کروڑ 30 لاکھ یونٹس کی بجلی چوری کی گئی۔

    چونیاں ڈویژن میں 9 ارب 38 کروڑ 70 لاکھ روپے کے 19 کروڑ 80 لاکھ یونٹس، قصور سٹی ڈویژن میں 5 ارب 66 کروڑ، 70 لاکھ روپے کے 12 کروڑ یونٹس، کوٹ رادھا کشن ڈویژن میں 2 ارب 87 کروڑ 70 لاکھ روپے کے 6 کروڑ 10 لاکھ یونٹ کی بجلی چوری کی گئی۔

    لیسکو دستاویز کے مطابق بجلی چوروں سے ڈٹیکشن بل کی مد میں صرف 33 کروڑ 68 لاکھ روپے وصول کیے جا سکے ہیں، اس طرح قصور سرکل کی ریکوری محض 40 فی صد رہی۔

  • اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں  بجلی چوری پکڑے جانے پر معروف گلوکار کا لیسکو عملہ پر حملہ

    اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑے جانے پر معروف گلوکار کا لیسکو عملہ پر حملہ

    لاہور : معروف گلوکار نے اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑے جانے پر لیسکو عملہ پر حملہ کردیا ، جس کے بعد گلوکار سمیت چار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں مبینہ بجلی چوری کا واقعہ سامنے آیا، جواد احمد کی لیسکو عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور بجلی چیکنگ میٹر چھین لیا۔

    لیسکو رپورٹ نے بتایا کہ جوہر ٹاؤن میں لیسکو عملہ بجلی چوری کی تحقیقات کے لیے پہنچا تھا تو جواد احمد نے میٹر ریڈر اصغر اور شاہد کو زود کوب کیا، بیوٹی پارلر کے بجلی میٹر کا فیز ڈیڈ کیا ہوا تھا۔

    جس کے بعد معروف گلوکار سمیت چار نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، ایس ڈی او محمد اصغر کی مدعیت میں تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا۔

    ایف آئی آئی کے متن میں کہا تھا کہ لیسکو ٹیم نے روٹین چیکنگ میں ایک بیوٹی پارلر کا میٹر چیک کیا تو گلوکار کو ان کی اہلیہ بیوٹی پارلر مالکن نے اطلاع دی، جس کے بعد وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کالے ڈالے پر آئے۔

    ایف آئی آئی میں کہنا تھا کہ جواد احمد نے شاہد خان سے میٹر چھین کر اپنے ساتھی عدیل کے حوالے کیا، عدیل میٹر لے کر پارلر کے اندر بھاگا اور غائب ہوگیا، میٹر ٹیمپرنگ سے محکمے کو لاکھوں کا نقصان پہنچا، سرکاری کام میں مداخلت کی گئی جبکہ زخمی ملازمین کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: وزیراعظم

    توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم  کی زیرصدارت وزارت توانائی، پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے وفاقی وزیر، وفاقی سیکرٹری پاور کو چاروں صوبوں کا دورہ کرنے کی ہدایت دی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی، ترسیل کا نظام بہتر کرنا ترجیح ہے، اس کے علاوہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بجلی ترسیل کی 5 کمپنیوں میں نئے بورڈ چیئرمین، ممبران کی تعیناتی شفاف عمل سے کی گئی ہے، امید ہے نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

    انہوں نے ہدایت دی کہ انسداد بجلی چوری کے لئے ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ اپنائی جائے، صوبائی حکومتیں بجلی چوری پرپولیس فورس، تحصیل داروں کی تعداد ضرورت کے مطابق پوری کریں۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں موجود کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اُمید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

  • کیا بجلی چوری کیخلاف الگ عدالتیں اور تھانے قائم کیے جارہے ہیں؟

    کیا بجلی چوری کیخلاف الگ عدالتیں اور تھانے قائم کیے جارہے ہیں؟

    بجلی چوری کیخلاف الگ عدالتیں، تھانے قائم کرنے کی خبروں میں کتنی حقیقت ہے، پاور ڈویژن نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا۔

    پاورڈویژن کی جانب سے بجلی چوری کیخلاف الگ عدالتیں اور تھانے قائم کرنے کی خبروں کو مسترد کردیا گیا ہے، پاورڈویژن کے اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ بجلی چوری کیخلاف الگ عدالتیں اور تھانے قائم کرنے کی خبروں میں حقیقت نہیں ہے۔

    پاور ڈویژن کی طرف سے اس حوالے سے کوئی منصوبہ زیرغور نہیں ہے، وفاقی حکومت بجلی چوری کے خلاف مہم چلا رہی ہے۔

    پاور ڈویژن کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بجلی چوروں کے خلاف مہم کیلئے قانون نافذ کرنے والوں اداروں کی خدمات بھی لی جارہی ہیں۔

    اعلامیہ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چوری روکنے کی مہم پر اخراجات قطعی طور پر صارفین سے وصول نہیں کیے جاتے۔

  • بجلی چوری کا مقدمہ درج ہونے پر نوجوان کا انتہائی قدم

    بجلی چوری کا مقدمہ درج ہونے پر نوجوان کا انتہائی قدم

    پاکپتن‌: بجلی چوری کا مقدمہ درج ہونے پر نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا زندگی کا خاتمہ کرلیا، ورثاء نے واپڈا ملازمین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکپتن‌ میں بجلی چوری کا مقدمہ درج ہونے پر نوجوان نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    محلہ چاہ دوپٹہ کے نوجوان چاند کلیا پر چند روز قبل واپڈہ حکام نے نوجوان پر مبینہ جھوٹا مقدمہ کیا تھا، بجلی کا مقدمہ درج ہونے پر نوجوان دل برداشتہ اور پریشان تھا، جس کے بعد اس نے یہ قدم اٹھایا۔

    ورثاء نے کہا کہ بجلی کا مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے، واپڈہ اہلکار رقم کا مطالبہ کرتے تھے، متوفی نوجوان کم عمر تھا اور واپڈہ اہکاروں کی دھمکیوں سے شدید پریشان تھا۔

    ورثاء نے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق نوجوان کے قتل کا مقدمہ واپڈہ ملازمین کے خلاف درج کیا جائے۔

  • حیدرآباد میدان جنگ بن گیا، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، 3 اہلکار زخمی

    حیدرآباد میدان جنگ بن گیا، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں، 3 اہلکار زخمی

    حیدرآباد میں بجلی کی چوری پر مقدمہ درج کرنے کیخلاف شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، علاقہ میدان جنگ بن گیا، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کے دوران 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے پیوں کالونی میں بجلی چوری پر مقدمہ درج کرنے کے خلاف مکینوں نے احتجاجی دھرنا دیا، اس موقع پر علاقہ مکینوں اور پولیس میں جھڑپ ہوگئی۔

    حالات کشیدہ ہونے پر تھانہ کینٹ اور جی او آر کالونی پولیس کی بڑی نفری پیون کالونی پہنچ گئی ان کے ہمراہ فائر فائٹر بھی موجود تھے، پولیس اہلکار دھرنا مظاہرین کی گرفتاریوں کیلئے گھروں میں داخل ہوگئے۔

    مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے پولیس نے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی کس پر مظاہرین مزید مشتعل ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ناصر حسن اور جام فرید لاکھو کے مطابق پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور 20سے زائد افراد کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔

    مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے باعث 3پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے مظاہرین کا مؤقف تھا کہ حیدرآباد کی پیوں کالونی سرکاری علاقہ ہے یہاں سے بجلی کے تمام بلوں کی ادائیگی مکمل ہے، مکمل ریکوری کے باوجود کنڈا مافیا کو چھوڑ کر ہمارے خلاف مقدمے درج کیے گئے۔

    ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ لنجار نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ جھڑپوں میں 3پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور 20مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مزید گرفتاریوں کیلئے آپریشن جاری ہے، بجلی چوری کرکے احتجاج کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف دھرنا دیا تھا، جن لوگوں پر مقدمے درج کیے گئے ہیں ان سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں، ڈفالٹرز کیخلاف کارروائی کریں اور ہمیں بجلی دی جائے۔

    دوسری جانب حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ رہائشی بلڈنگ کے اطراف علاقوں میں بجلی چوری بہت زیادہ ہے،جس کےخلاف حیسکو اور پولیس نے کارروائی کی۔

  • بجلی چوری روکنے اور وصولیوں کیلئے عملے کو انعامات دینے کا اعلان

    بجلی چوری روکنے اور وصولیوں کیلئے عملے کو انعامات دینے کا اعلان

    اسلام آباد : حکومت نے بجلی چوری روکنے اوروصولیوں کیلئے عملے کو انعامات دینے کا اعلان کردیا، اس حوالے سے مختلف تجاویزپرمشتمل سمری تیارکرلی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کی چوری روکنے اور بلنگ یقینی بنانے کےلیے متعلقہ محکموں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے لیے پُرکشش پیکج تیار کرلیا۔

    جس کی سمری کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو ارسال کردی گئی ہے، جس کے مطابق دو سے تین سال کے نجی ڈیفالٹر سے وصولی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کو پانچ فیصد انعام ملے گا جبکہ تین سال سے زائد کے نجی ڈیفالٹر سے وصولی پر سات فیصد انعام ملےگا۔

    اسی طرح دو سے تین سال کے نجی منقطع نادہندہ سے وصولی پر پانچ فیصد جبکہ تین سال سے زائد کے نجی منقطع نادہندہ سے وصولی پر سات فیصد انعام ملے گا۔

    سمری کے مطابق بجلی چوروں کا سراغ لگانے والوں کو وصولی کا دس فیصد انعام ملے گا جبکہ پیکیج کے تحت بجلی کی چوری روکنے میں ناکام تقسیم کار کمپنیوں کے افسران اور عملے کو بھی کروڑوں روپے ملیں گے۔

    واضح رہے کہ تقسیم کار کمپنیوں نے نادہندہ صارفین سے 1700 ارب روپے وصول کرنے ہیں جبکہ افسران اور ضلعی انتظامیہ کے عملے میں انعامی رقم ڈپٹی کمشنر کے ذریعے بذریعہ چیک تقسیم کی جائے گے۔

  • اب تک بجلی چوری کیخلاف 30 ہزار آپریشن کیے ہیں، کے الیکٹرک

    اب تک بجلی چوری کیخلاف 30 ہزار آپریشن کیے ہیں، کے الیکٹرک

    کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ پچھلے سال سے اب تک بجلی چوروں کے خلاف ہزاروں آپریشن کیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کی روک تھام کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں، جولائی 2023 سے اب تک پاور یوٹیلیٹی بجلی چوری کیخلاف 30 ہزار کے قریب آپریشن سرانجام دے چکی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ بجلی چوری میں استعمال ہونے والی 3 لاکھ کلو گرام تاریں ضبط کی گئیں۔

    کےالیکٹرک نے اپنے نیٹ ورک کی حفاظت کیلئے اسٹریٹیجک اقدامات اٹھائے، بجلی چوری کیلئے استعمال 3 لاکھ 30 ہزار کلو سے زائد کنڈے کی تاروں کو ہٹایا گیا۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ ڈسٹری بیوشن ٹیموں نے 2 لاکھ 34 ہزار غیرقانونی کنکشنز کا خاتمہ کیا ہے۔

  • بجلی چوری کے خاتمے کیلئے  ڈیڈلائن سامنے آگئی

    بجلی چوری کے خاتمے کیلئے ڈیڈلائن سامنے آگئی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اویس لغاری نے بجلی چوری کے خاتمے کیلئے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن دے دی اور کہا تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدباب کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے پاور نے بجلی چوری کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے بجلی چوری کےخاتمے کیلئے 23 اپریل تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔

    وفاقی وزیر اویس لغاری نے تمام ڈسکوز کے چیئرمین اور سی ای اوز کو بجلی چوری کے خاتمہ کیلئے ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کی جانے والی کوششیں ناکافی قراردے دی۔

    اویس لغاری کا کہنا تھا کہ ڈیٹا بجلی چوری کے اصل نقصانات کےاعداد و شمار سے مطابقت نہیں رکھتا، تمام متعلقہ افسران بجلی چوری کے تمام ذرائع کا سراغ لگا کر سدباب کریں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ ایس ایز، ایکسنز، ایس ڈی اوز، متعلقہ فیلڈ اسٹاف کو اپنےعلاقوں میں چوری نہ ہونے کاسرٹیفکیٹ دینا ہوگا، تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز ان سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کر کے وزارت میں جمع کرائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ وار کارکردگی کاجائزہ لیا جائے گا،کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، عدم مطابقت یا متضاد شواہد پر محکمہ کےاہلکاروں کیخلاف کارروائیاں ہوں گی۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کو سخت سزا دینےکیلئے قوانین میں ترمیم کی جائیں گی، ملازمت سے برخاست کرنے میں رکاوٹ بننے والے قوانین میں ترامیم ہوں گی۔