Tag: بجلی کا بل

  • موسم گرما میں بچت کے ساتھ ’اے سی‘ کا استعمال کیسے کیا جائے؟

    موسم گرما میں بچت کے ساتھ ’اے سی‘ کا استعمال کیسے کیا جائے؟

    حالیہ گرمیوں میں ہونے والے درجہ حرارت میں ہوشربا اضافے سے گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہونے لگا ہے، ایسے میں ایئر کنڈیشن (اے سی) ہی ہے جس کی ٹھنڈک جسم کو راحت اور سکون فراہم کرتی ہے۔

    موجودہ حالات میں ایئر کنڈیشنگ ایک لگژری آئٹم کے بجائے ضرورت بن چکا ہے، اے سی استعمال کرنا تو آسان ہے مگر جب مہینے کے بعد بجلی کا بل ہاتھ میں آتا ہے ہو ہاتھوں کے طوطے اڑ جاتے ہیں۔

    اے سی چلانے سے آپ کے بجلی کے بل پر کافی بھاری اثر پڑ سکتا ہے تو آج کے اس زیر نظر مضمون میں کچھ تجاویز پیش کی جارہی ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنے بجلی کے بل کی رقم پر کافی حد تک قابو پاسکتے ہیں۔

    AC usage

    یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اے سی چلانے کے باوجود بجلی کے بلوں میں کسی حد تک کمی کی جاسکتی ہے؟ جی ہاں ! اس کا جواب یہی ہے کہ ’ہاں‘ ایسا کرنا ممکن ہے۔ لیکن کیسے؟

    مضمون میں کچھ عملی تجاویز دی گئی ہیں جن سے آپ اپنے گھر کو ٹھنڈا رکھ سکتے ہیں جبکہ اخراجات کو بھی قابو میں رکھ سکتے ہیں۔

    اے سی کی تنصیب و ترتیب کو بہتر بنائیں :

    سب سے پہلے تھرمو اسٹیٹ کو عقلمندی سے سیٹ کریں، زیادہ سے زیادہ توانائی اور بہتر کارکردگی کے لیے 24-26 ڈگری سیلسیس (75-79 ڈگری فارن ہائیٹ) کا ہدف رکھیں، ڈگری کم کرنے سے توانائی کی کھپت میں 8فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔

    اسمارٹ تھرمو اسٹیٹ کا استعمال :

    اسمارٹ تھرمو اسٹیٹ استعمال کریں : اگر آپ کے پاس اسمارٹ ترموسٹیٹ ہے تو، اس کے پروگرام ایبل سیٹنگز اور توانائی بچانے کے طریقہ کار سے فائدہ اٹھائیں۔

    پنکھے :

    اپنے اے سی کے ساتھ چھت کے پنکھے بھی چلائیں، یہ ٹھنڈک کا اثر پیدا کرتے ہیں، اس عمل سے آپ تھرمو اسٹیٹ کی سیٹنگ چند ڈگری بڑھا سکتے ہیں۔

    دروازے اور کھڑکیاں اچھی طرح بند رکھیں

    اے سی کو کھولنے سے قبل اس بات کی یقین دہانی کرلیں کہ کمرے سے ہوا بالکل لیک نہ ہو، کھڑکی اور دروازوں میں کوئی خلا نہ رہے تاکہ گرم ہوا کے اندر آنے اور ٹھنڈی ہوا کے باہر جانے کو روکا جاسکے۔

    اس کے علاوہ بلیک آؤٹ پردے یا بلائنڈز استعمال کریں تاکہ دھوپ اور گرمی کے بڑھنے کو روکا جا سکے، اس کیلئےریفلکٹیو فلمز بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

    دیکھ بھال اور مرمت

    گرمیاں شروع ہونے سے قبل کسی ماہر کاریگر سے اے سی کی مرمت اور سروس کروائیں، فلٹرز کو باقاعدگی سے صاف یا تبدیل کریں تاکہ اس کی کارکردگی مزید بہتر ہو۔

    اے سی کے آؤٹ ڈور یونٹ کو صاف رکھیں، یونٹ کے ارد گرد کی رکاوٹیں ہٹا کر صفائی رکھیں تاکہ ہوا کی روانی یقینی بنائی جاسکے اور اگر ممکن ہو تو آؤٹ ڈور یونٹ کو سائے میں لگائیں۔

    شام کی ٹھنڈی ہواؤں سے بھی لطف اندوز ہوں۔

    شام کے ٹھنڈے وقت میں کھڑکیاں کھولیں تاکہ تازہ ہوا اندر آسکے لیکن دن کے اوقات میں انہیں بند رکھیں۔

    ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں :

    گرمیوں میں ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں جو ڈھیلے بھی ہوں، اس کے علاوہ کھانا بنانے کیلئے اوون کے بجائے مائیکرو ویو یا گِرل کا استعمال کریں تاکہ اندرونی حرارت کو کم کیا جا سکے اور دن بھر میں زیادہ سے زیادہ پانی پی کر جسم میں پانی کی کمی نہ ہو نے دیں۔

    کولنگ کے متبادل اور طرز زندگی میں تبدیلیاں

     شام کے ٹھنڈے وقت میں کھڑکیاں کھول لیں تاکہ تازہ ہوا اندر آسکے لیکن دن کے اوقات میں انہیں بند رکھیں، کھڑکیوں میں پنکھے رکھیں تاکہ کراس وینٹیلیشن پیدا ہو، اپنے جسم کو ٹھنڈا کرنے کے لیے شام کو ٹھنڈے پانی سے نہائیں۔

    ان تجاویز اور حکمت عملی کو اپنا کر آپ توانائی کی کھپت کو کم کرسکتے ہیں اور ساتھ ہی ایک آرام دہ اور ٹھنڈے ماحول کا مزہ لے سکتے ہیں۔ یاد رکھیں، چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں آپ کی راحت اور آپ کے بجٹ دونوں پر بہت گہرا اثر ڈال سکتی ہیں۔

  • ’میں بہت غلط ملک میں پیدا ہوگیا ہوں‘ اداکار راشد محمود بجلی کا بل دیکھ کر حکمرانوں پر برس پڑے

    ’میں بہت غلط ملک میں پیدا ہوگیا ہوں‘ اداکار راشد محمود بجلی کا بل دیکھ کر حکمرانوں پر برس پڑے

    پاکستان کے معروف سینیئر اداکار راشد محمود بجلی کے بھاری بھر کم بلوں سے پریشان اور شدید غصے میں حکمرانوں پر اختیار پر برس پڑے۔

    اداکار راشد محمود نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ 701 یونٹ استعمال کرنے پر 35 ہزار سے زائد بجلی کا بل موصول ہوا ہے، آپ سب کو علم ہوگا کہ مجھے چار مرتبہ دل کا دورہ پڑا ہے اور اللہ تعالیٰ نے مجھے چاروں بار نئی زندگی دی، اب میں اللہ سے کہتا ہوں کہ اے اللہ! آپ نے مجھے یہ زندگی کیوں دی؟۔

    اداکار کا کہنا تھا کہ کیا میں صرف یہ دیکھنے کے لیے زندہ تھا؟ اللہ نے مجھے کیوں بچایا؟ یہاں لاہور میں ہم اداکاروں کو کوئی کام نہیں دیتا، گزشتہ کئی عرصے سے مجھے کوئی کام نہیں ملا، میں یہ بل کیسے ادا کروں، یگر شعبہ جات کی فلاح کے لیے اعلانات کئے جا رہے ہیں فنکاروں کی فلاح کے لیے کون کام کرے گا؟۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)

    اُنہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس ملک کی ساری زندگی خدمت کی، ہمارے کام کی وجہ سے اس ملک میں اربوں روپے اکٹھا ہوئے لیکن ایسا لگتا ہے کہ میں نے اچھا نہیں کیا۔ مجھے بھی صرف اپنے بارے میں سوچنا چاہئے تھا اور یہاں سے چلے جانا چاہئے تھا بالکل اسی طرح جس طرح ہمارے سیاست دان کرتے آئے ہیں۔

    ماضی کے اداکار نے مزید کہا کہ اس وقت اگر میں بھی ان چوروں میں شامل ہوجاتا تو آج یہ چیخیں نہ نکالتا لیکن مجھے اپنے رب کے پاس جواب بھی تو دینا ہے، میں بہت غلط ملک میں پیدا ہوگیا ہوں۔ اللہ کو راضی کرنے میں لگا رہا، وہ تو مجھ سے راضی ہو جائے گا لیکن جو بیت رہی ہے مجھ پر، یہ صرف میری نہیں بلکہ دیگر کروڑوں پاکستانیوں کی بھی کہانی ہے۔

  • بجلی کا بل زیادہ آنے پر چھوٹے بھائی نے  بڑے بھائی کو قتل کر ڈالا

    بجلی کا بل زیادہ آنے پر چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو قتل کر ڈالا

    فیصل آباد: بجلی کا بل زیادہ آنے پر چھوٹے بھائی نے چھری کے وار کرکے بڑے بھائی کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم بھائی غلام فرید کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ے رہائشی محمد قیس کے گھر کا بجلی کا بل آیا تو اس نے بل کی ادائیگی کے لیے چھوٹے بھائی سے پیسے مانگے۔

    گھر میں ایک ہی میٹر تھا اور دونوں بھائی آدھا آدھا بل ادا کرتے تھے، بل کے معاملے پر دونوں بھائیوں میں جھگڑا ہوا اور طیش میں آکر چھوٹے بھائی نے چھری سے وار کر کے بڑے بھائی کو قتل کردیا۔

    پولیس نے بجلی بل کے جھگڑے پر چھوٹے بھائی کے ہاتھوں بڑے بھائی کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ، مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں تھانہ بلوچنی میں مقدمہ درج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ غلام فریدنے گھر میں گھس کر بڑے بھائی کوقتل کیا، ملزم کا بڑے بھائی کے ساتھ بجلی کا بل زیادہ آنے پر جھگڑا چل رہا تھا۔

    بعد ازاں پولیس نے مقتول قیس کو قتل کرنے والا ملزم بھائی غلام فرید کو گرفتار کرلیا۔

  • بجلی کے بلوں میں ’چھپے‘  ٹیکس،  ماہرِ معیشت نے بڑا انکشاف کر ڈالا

    بجلی کے بلوں میں ’چھپے‘ ٹیکس، ماہرِ معیشت نے بڑا انکشاف کر ڈالا

    اسلام آباد : ماہرِ معیشت مزمل اسلم نے انکشاف کیا ہے کہ ہم بجلی گھروں کا کرایہ 2 ہزار ارب روپے ادا کررہے ہیں، 52 روپے یونٹ میں صرف 6 روپے ایندھن کی قیمت ہے، باقی 45 روپے بجلی گھروں کے کرائے میں جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ماہرِ معیشت مزمل اسلم نے اے آر وائے نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں مہنگی بجلی کیخلاف ملک بھر میں جاری احتجاج پر کہا کہ 100اور 200 یونٹ والے سبسڈی کے حقدارہیں، کراچی میں بعض کارخانوں کو گھریلو گیس ملتی ہے ، ایسے کارخانے والے گیس سے بجلی بناتے ہیں۔

    ماہرمعیشت کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک بجلی بناتی ہے اور تقسیم کارکمپنی بھی ہے ، کے الیکٹرک ہیڈآفس پر سولرپینل لگے ہوئے ہیں۔

    مزمل اسلم نے کہا کہ ہم بجلی گھروں کا کرایہ دو ہزار ارب روپے ادا کررہے ہیں، جو ملکی ترقیاتی اخراجات، خیبرپختونخوا اور فوج کے بجٹ سے بھی کئی گنا زیادہ ہے، یہ بجلی گھر ن لیگ کے دور میں لگے تھے جب خواجہ آصف وزیرِ توانائی اور عابد شیرعلی وزیرِ مملکت تھے۔

    انھوں نے بتایا کہ پورے پاکستان کی بجلی کا بل 4 ہزار 2 سو ارب روپے بنتا ہے، 52 روپے یونٹ میں صرف 6 روپے ایندھن کی قیمت ہے، باقی45 روپے بجلی گھروں کےکرائےمیں جاتے ہیں۔

    ماہرمعیشت نے مزید کہا کہ کے پی بجٹ 14 سو ارب اور فوج کا 18 سو ارب روپے ہے ، گزشتہ سال پاکستان کا ترقیاتی بجٹ 5 سو ارب روپے تھا، تصور کریں کس طرح سے پاکستان کو لُوٹا جا رہا ہے۔

  • 22 ہزار روپے سے زائد  کا بجلی کا بل دیکھ کر غریب شہری کی طبیعت خراب

    22 ہزار روپے سے زائد کا بجلی کا بل دیکھ کر غریب شہری کی طبیعت خراب

    راولپنڈی : شہری 22 ہزار روپے سے زائد بجلی کا بل دیکھ کر صدمے سے اسپتال پہنچ گیا، شہری نے الیکٹرک سپلائی کمپنی کے افسران سے فوری نوٹس کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں 22 ہزار روپے سے زائد بجلی کا بل دیکھ کر شہری کی طبیعت ناساز ہوگئی ، جس پر فوری اسپتال منتقل
    کردیا گیا۔

    الیکٹرک سپلائی کمپنی نے شہری کو کھوکھے کا 22 ہزار 192 روپے بل بھجوایا ، بل کے مطابق 14 دسمبر کے بعد شہری کو 22 ہزار 250 روپے جمع کروانے ہوں گے۔

    شہری کا کہنا ہے کہ پورے ماہ میں کل 17 یونٹ استعمال ہوئےاور 22 ہزار سے زاہد کا بل تھما دیا گیا ، علاج کروانے کے پیسے نہیں اتنا بل کہاں سے جمع کراؤں۔

    شیخ اعجاز نامی شہری کا الیکٹرک سپلائی کمپنی کے افسران سے فوری نوٹس کا مطالبہ کردیا ہے۔

  • بجلی کاٹنے کی دھمکی دے کر لوگوں سے رقم وصول کی جانے لگی

    بجلی کاٹنے کی دھمکی دے کر لوگوں سے رقم وصول کی جانے لگی

    بھارت میں جعلسازوں کے ایک گروہ نے لوگوں کو ان کے گھر کی بجلی منقطع کرنے کا فریب دے کر ان سے رقم اینٹھنی شروع کردی، بڑی تعداد میں لوگوں نے اس دھوکے کے خلاف شکایات درج کروائیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گروہ ریاست مہاراشٹر میں اچانک سرگرم ہوا ہے، سب سے پہلے راہول نام کے ایک شخص کو ایک ایس ایم ایس موصول ہوا جس میں اسے بتایا گیا کہ اس نے پچھلے مہینے کا بجلی کا بل ادا نہیں کیا۔

    راہول کو کہا گیا کہ وہ فوری طور پر بجلی کا بل ادا کرے ورنہ شام تک اس کے گھر کی بجلی منقطع کردی جائے گی، مزید معلومات کے لیے اسے ایک نمبر پر کال کرنے کا بھی کہا گیا۔

    راہول کو یاد نہیں تھا کہ اس نے بجلی کا بل ادا کیا ہے یا نہیں، چنانچہ اس نے مذکورہ نمبر پر کال کی اور تھوڑی ہی دیر میں اسے اندازہ ہوگیا کہ یہ کوئی جعلساز اسکیم ہے۔

    ایسی ہی شکایات ریاست کے دیگر شہروں سے بھی سامنے آنی شروع ہوگئیں۔

    شکایات کنندگان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے انہیں فون کر کے خود کو بجلی کمپنی کا نمائندہ ظاہر کیا اور ایک اکاؤنٹ نمبر دے کر کہا کہ وہ اپنا بجلی کا بل اس اکاؤنٹ میں جمع کروائیں۔

    بعض افراد کو ایک اسمارٹ فون ایپ بھی ڈاؤن لوڈ کرنے کا کہا گیا، ٹیم ویور نامی یہ ایپ صارف کے موبائل کا کنٹرول حاصل کرلیتی ہے۔

    مذکورہ شکایات سامنے آتے ہی ریاستی بجلی کمپنی، ٹیلی کام کمپنیز اور پولیس متحرک ہوگئی، تینوں نے اپنے طور پر آگاہی مہمات کے ذریعے شہریوں کو کسی بھی قسم کی رقم ٹرانزکشن سے گریز کی ہدایت کردی۔

    شہریوں کے لیے مندرجہ ذیل ہدایات جاری کی گئیں۔

    اس قسم کے کسی بھی میسج کی پہلے تصدیق کریں۔

    غیر مصدقہ ذرائع کو رقم نہ بھیجیں۔

    فون پر بتائی گئی کوئی ایپ انسٹال نہ کریں۔

    کسی کے پرائیوٹ فون نمبر یا اکاؤنٹ میں کوئی رقم نہ بھیجیں۔

    اپنی ذاتی معلومات کسی کو فراہم نہ کریں۔

  • غریب مزدور  بجلی کا بل دیکھ کر دنیا سے چل بسا

    غریب مزدور بجلی کا بل دیکھ کر دنیا سے چل بسا

    مرید کے: غریب مزدور بجلی کا بل دیکھ کر دنیا سے چل بسا، مقصود کے گھر کا 82 یونٹ کا 41 ہزار روپے کا بل آیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کا زیادہ بل جان لیوا ثابت ہوا، مرید کے کا رہائشی مقصود بجلی کا بل زیادہ آنے پر دلبرداشتہ ہوکر انتقال کر گیا۔

    مقصود مزدور اور دو بچوں کا باپ تھا، مقصود کے گھر کا بیاسی یونٹ کا اکتالیس ہزار روپے کا بل آیا تھا۔

    لواحقین نے احتجاج کیا ، مقصود کے والد اور بھائی نے کہا کہ بل درست کروانے گئے لیکن جواب ملا کچھ نہیں ہوسکتا، بوڑھے والد نے حکومت سے اپیل کی کہ اس کے بجلی کےبل معاف کردیےجائیں۔

    بھائی عابد کا کہنا تھا کہ میرا بھائی تین مرلہ کے مکان میں رہائش پذیر تھا ، بجلی والوں کےپاس گئے بل پورا جمع کرانے کا کہہ کر بھیج دیا۔

    بوڑھے باپ بشیر کا کہنا تھا کہ بیٹا مقصود چھوٹی سی دکان چلاکر گھر کا چولہا جلاتا تھا ،وزیر اعظم شہباز شریف ہماری مدد کریں۔

    بیٹے زید نے کہا کہ میرے ابو بجلی کا زائد بل ملنے پر بہت پریشان تھے ، ان کی موت کی وجہ بجلی کا بل بنی۔

  • وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت 3 ماہ کے لیے بجلی سستی

    وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت 3 ماہ کے لیے بجلی سستی

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت 3 ماہ کے لیے بجلی سستی دی جارہی ہے، ریلیف مارچ سے جون تک فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت 3 ماہ کے لیے بجلی سستی دستیاب ہوگی، عمل درآمد پہلے سے حکومت کرچکی ہے جبکہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی 5 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی باقاعدہ منظوری بھی دی گئی ہے۔

    نیپرا کا مزید کہنا ہے کہ ریلیف مارچ سے جون تک فراہم کیا جائے گا، حکومت صارفین کو 106 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

  • کرونا وائرس بحران: سعودی عرب کا نجی شعبے کے لیے بڑا اعلان

    کرونا وائرس بحران: سعودی عرب کا نجی شعبے کے لیے بڑا اعلان

    ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نجی شعبے کو مراعات دینے کے فرمان کے بعد نجی اداروں کو بجلی کے بل کی ادائیگی میں سہولت دے دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت توانائی نے نجی شعبے میں کام کرنے والے تجارتی اور صنعتی اداروں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کے اثرات کے حوالے سے شاہی امدادی مہم سے استفادہ کرتے ہوئے 3 ماہ کا بجلی کا بل 50 فیصد ادا کرسکتے ہیں۔

    یہ اقدام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کو کم کرنے کے لیے نجی شعبے کو بھی مراعات دینے کے خصوصی احکامات جاری کرنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    شاہی امدادی مہم سے نجی شعبے کے 16 لاکھ سے زائد ادارے مستفید ہوسکیں گے، امدادی مہم میں کہا گیا تھا کہ نجی سیکٹر میں تجارت اور صنعت سے وابستہ افراد 3 ماہ (اپریل، مئی اور جون) کا بجلی کا بل قسطوں میں ادا کر سکتے ہیں۔

    مہم میں صنعتکاروں اور تاجروں پر مالی بوجھ کم کرنے کے لیے یہ رعایت دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 3 ماہ کا بل 50 فیصد ادا کردیا جائے باقی 50 فیصد آئندہ برس سنہ 2021 میں قسطوں کی صورت میں ادا کیا جائے۔

    مہم سے استفادہ کے لیے وزارت توانائی نے نجی سیکٹر سے وابستہ اداروں کے مالکان یا انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سسٹم کو مذکورہ رعایت کے حوالے سے اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے جس سے استفادہ کرتے ہوئے 50 فیصد بل براہ راست ’سداد‘ کے آپشن کے ذریعے ادا کیا جاسکتا ہے، باقی 50 فیصد بل کی ادائیگی جنوری 2021 سے کی جائے گی۔

    وزارت توانائی نے اس حوالے سے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ برس سے بل کی ادائیگی 6 ماہ تک قسطوں کی صورت میں ادا کی جاسکیں گی جس کے لیے کسی پیشگی منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے مملکت میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کے حوالے سے نجی سیکٹر کے لیے متعدد خصوصی مراعات دینے کا اعلان کرتے ہوئے خطیر رقم مختص کی تھی جس میں نجی سیکٹر میں سعودی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگیاں بھی سوشل انشورنس اسکیم کے تحت کی جانی تھیں۔

    اس حوالے سے صنعتکاروں کا کہنا تھا کہ انہیں شاہی فرمان سے کافی ریلیف ملا ہے۔

  • امریکہ میں خاتون کو313 کھرب روپےکا بل آگیا

    امریکہ میں خاتون کو313 کھرب روپےکا بل آگیا

    ہیرسبرک: امریکی خاتون کو کرسمس لائٹس جلانا اس قدر مہنگا پڑا کہ ان کو 284 ارب ڈالر کا بل آگیا جسے دیکھ کر انہیں اربوں واٹ کر جھٹکا لگا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست پنسلوانیا کی رہائشی میری ہورومنسکی کی آنکھیں اس وقت چہرے سے باہر نکل آئیں جب انہوں نے 284 ارب ڈالر یعنی پاکستانی 313 کھرب روپے کا بجلی کا بل دیکھا۔

    میری ہورومنسکی کے مطابق جب انہوں نے بل دیکھا تو انہیں اربوں واٹ کا جھٹکا لگا اور وہ سوچنے لگیں کہ آخر انہوں نے ایسا کیا غلط کیا صرف کرسمس لائٹس سے گھر ہی سجایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنا سب کچھ بھی فروخت کردیں تب بھی 100 سال میں شاید ہی اس رقم کو ادا کر پائیں۔

    بجلی کمپنی نے خاتون کو بل کی مکمل ادائیگی کے لیے ایک سال کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ماہ 28 ہزار ڈالرز کی قسط جمع کرانا ہوگی۔

    میری ہورومنسکی کے بیٹے نے جب بجلی کمپنی سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ اصل رقم صرف 284 ڈالرز ہے۔

    بجلی کی کمپنی نےغلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی اربوں ڈالر کا بل نہیں دیکھا اورانہوں بل میں ہونے والی غلطی کے حوالے سے کمپنی کو آگاہ کرنے پر خاتون کا شکریہ ادا کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔