Tag: بجلی کا شارٹ فال

  • شدید گرمی سے عوام کا برا حال ، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار  سے تجاوز کر گیا

    شدید گرمی سے عوام کا برا حال ، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار سے تجاوز کر گیا

    اسلام آباد : ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6000 میگا واٹ سے تجاوز کرنے کے بعد بجلی کابحران شدت اختیارکر گیا ہے ، جس کے باعث بڑے شہروں میں 8 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی، ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار سات سو پینسٹھ میگاواٹ ہوگیا۔

    ذرائع پاور ڈویژن بتایا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 235 میگاواٹ، بجلی کی طلب 27 ہزار میگاواٹ ہے جبکہ پن بجلی کی پیداوار آٹھ ہزار میگاواٹ، نجی شعبے کے بجلی گھر سات ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔

    ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا تھا کہ ونڈپاورپلانٹس سےبجلی پیداوار1ہزار 2 سو25میگاواٹ ، سولر بجلی گھروں کی پیداوار 120 میگاواٹ ، بگاس سے 100 میگا واٹ اور نیوکلیئر پاور پلانٹس کی پیداوار 3ہزار2سو 70 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب گرمی کی شدت بڑھنے سےآئیسکو میں بجلی کی طلب بڑھ گئی ، آئیسکو کا بجلی کا شارٹ فال 320 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، آئیسکو ریجن میں بجلی کی موجودہ طلب 2ہزار 630 میگاواٹ ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ نیشنل گرڈ سے آئیسکو کو 2ہزار 310 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق کے باعث 2 گھنٹے کی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے،شدیدگرمی،حبس کی وجہ سے بجلی کے استعمال میں بے حد اضافہ ہواہے۔

    ترجمان آئیسکو کا کہنا تھا کہ سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے ٹرانسفارمرز اور فیڈرز کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں، صارفین سے درخواست ہے بجلی کے غیر ضروری استعمال سے اجتناب کریں۔

  • ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے بھی بڑھ گیا

    ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے بھی بڑھ گیا

    اسلام آباد: ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 251 میگا واٹ ہوگیا، ملک کے مختلف علاقوں میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 251 میگا واٹ ہوگیا، ملک میں بجلی کی کل طلب 28 ہزار میگا واٹ اور مجموعی پیداوار 21 ہزار 749 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی سے 7 ہزار 950 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، آئی پی پیز سے بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 700 میگا واٹ ہے، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 345 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری تھرمل پلانٹس 800 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، ونڈ پاور پلانٹس 730 میگا واٹ اور سولر پلانٹس سے پیداوار 142 ہے، بگاس پاور پلانٹس سے 82 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

  • ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا

    ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا

    اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا، بجلی کی طلب 26 ہزار اور پیداوار صرف 20 ہزار میگا واٹ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 192 میگا واٹ ہوگیا، ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار اور پیداوار 20 ہزار 808 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آبی وسائل سے 7 ہزار 900 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ جوہری ایندھن سے 2 ہزار 332 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری بجلی گھر 800 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، ونڈ پاور پلانٹس 875 ہزار اور سولر پلانٹس سے پیداوار 131 میگا واٹ ہے جبکہ بگاس پاور پلانٹس سے 70 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں 5 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

  • شدید گرمی سے عوام کا برا حال ،  بجلی کا شارٹ فال 7500 سے تجاوز کر گیا

    شدید گرمی سے عوام کا برا حال ، بجلی کا شارٹ فال 7500 سے تجاوز کر گیا

    لاہور : ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے سات ہزار سے تجاوز کر گیا، شہروں میں آٹھ سے دس گھنٹے اور دیہات میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدت سے ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا، بجلی کی طلب ساڑھے سات ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ ہوگیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی رسد 21 ہزار میگاواٹ اور طلب 28500 میگاواٹ ہے جبکہ لیسکو میں بجلی کا شارٹ فال پندرہ سو میگاواٹ ہے، جہاں بجلی کی طلب 5300 میگاواٹ اور رسد 3800 میگاواٹ ہے۔

    جس کے باعث لاہور بھر میں آٹھ سے بارہ گھنٹے لوڈشیدنگ معمول بن گئی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹس کو تیل گیس کوئلے کی قلت کا سامنا ہے، جس کے باعث لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور ٹرپننگ سے گھروں کی اشیا جلنے لگیں۔

    عوام کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت شوبازیاں چھوڑے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرے، غریب آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ہے ، شدید گرمی اوپر سے آٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے کاروبارہ زندگی تباہ ہوگیا ہے.

    خیال رہے پاکستان کی تین بڑی پاور کمپنیوں سمیت سولہ پاور پلانٹس شٹ ڈاؤن کر دیئے گئے ہیں ، حبکو،لال پیر،پاک جین، تربیلا، جامشورو اور لاکھڑا پاورپلانٹس تیل کی عدم فراہمی پر بند کیے گئے ، بڑے پاور پلانٹ بند ہونے سے ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھے گا۔

  • بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا

    بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا

    لاہور: ملک میں بجلی کا بحران برقرار ہے اور شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے، ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں آج بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 500 میگا واٹ تک پہنچ گیا، ملک میں بجلی کی طلب 26 ہزار میگا واٹ اور مجموعی پیداوار 19 ہزار 500 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پن بجلی سے 4 ہزار 635 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 1 ہزار 60 میگا واٹ بجلی بنا رہے ہیں۔

    آئی پی پیز سے 9 ہزار 677 میگا واٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔

  • بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے متجاوز، وزیراعظم کا اظہار برہمی

    بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے متجاوز، وزیراعظم کا اظہار برہمی

    اسلام آباد : ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پہلے کی طرح بدستورجاری ہے، بجلی کا مجموعی شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا، لوگوں نے جگہ جگہ احتجاج شروع کردیا، وزارت پانی و بجلی کی نااہلی پر وزیراعظم بھی ناراض ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز لیگ کی حکومت کو چار سال ہو گئے لیکن اقتدار سے قبل حکمرانوں کی جانب سے کیے گئے بڑے بڑے وعدے اور دعوے آج بھی عوام کو منہ چڑ ارہے ہیں۔

    ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتیں اگلے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز بھی کرنے والی ہیں لیکن بجلی کا بحران مبینہ طور پر آج بھی وہیں کھڑا ہے جہاں آج سے پانچ سال پہلے تھا، ذرائع کے مطاق ملک بھرمیں بجلی کا مجموعی شارٹ فال7ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا ہے، بجلی کی طلب 20ہزار میگا واٹ ہے جبکہ اس کی پیداوار12 ہزار900 میگا واٹ تک ہے۔

    ملک کے بڑے شہروں میں 10 گھنٹے جبکہ چھوٹے شہروں اوردیہات میں 16،16 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ پنجاب میں اوورلوڈنگ کےباعث گرڈ اسٹیشن بند کئےجارہےہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ سے متعلق وضاحت دینے کو بھی تیار نہیں ہے۔ بجلی کی حالیہ صورتحال پر وزیراعظم نواز شریف پانی و بجلی کے وزراء کی کارکردگی پر برہم ہوگئے۔ غصہ اہلکاروں پر نکالنے کیلئے کارروائی کا حکم دے دیا۔

    بجلی کا بحران : وزیراعظم کا وزراء پر اظہار برہمی 

    ملک بھر میں بدترین لوڈشیڈنگ اور پانی کی کمی کے معاملے پر میٹنگ ہوئی تو وزیراعظم کی نظریں وزارت پانی و بجلی کے وزرا پر رہیں۔ متعلقہ محکموں کی کی جانب سے کوتاہی برتنے پر عدم اطمینان کا اظہار بھی کردیا، مخالفین پر برق بن کر گرنے والے وزراء عوام کو بجلی فراہم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

    اجلاس کے دوران ہر بات پر اپوزیشن کو لتاڑنے کیلئے تیار رہنے والے وزراء نواز لیگ پر تنقید کی وجہ بننے والے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پرتسلی بخش جواب نہ دے سکے، میٹنگ کے دوران گرمی کو لوڈ شیڈنگ کی وجہ قرار دینے پر وزیراعظم نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

    انہوں نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر وزارت پانی و بجلی کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی کہ بروقت منصوبہ بندی نہ ہونے پراہلکاروں پرذمہ داری عائد کی جائے، اگرچہ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی لیکن یقیناً وزیراعظم اپنے وزرا سے یہی کہہ رہے ہوں گے کہ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔

    ملک بھر کے شہروں میں مشتعل عوام سڑکوں پر

    ملک کے مختلف شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعویدار وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حلقے میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث مشتعل عوام سڑکوں پر آگئے۔ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان سرگودھا، پشاور اور دیگر شہروں و مضافات میں لوگوں کا سخت گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی سے برا حال ہے۔

    لاہور میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعویدار شہباز شریف کے حلقے میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، حکمرانوں کے شہر میں لوڈشیڈنگ کے باعث لاہور کے شہری شدید پریشان ہیں، لوڈشیڈنگ سے ستائے لاہوریوں نے ٹائر نذر آتش کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کئی کئی گھنٹے نہیں آتی، اگر آبھی جائے تو ہرگھنٹے بعد چلی جاتی ہے۔

    فیصل آباد میں عابد شیر علی کےحلقے میں بھی شہریوں کا پارہ ہائی ہوگیا، عابد شیر علی کا اپنا حلقہ بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کی زد میں ہے۔

    سرگودھا میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے شہریوں کا پارہ ہائی کر رکھا ہے، چارسدہ میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے واپڈا کا علامتی جنازہ نکالااور سڑکوں پرمارچ کیا۔

    گوجرانوالہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کادورانیہ 12گھنٹے سےتجاوز کرگیا، شدید گرمی میں بجلی کی بندش سےشہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔

    راولپنڈی میں گرمی کی شدت اورشارٹ فال بڑھنے سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا، راولپنڈی شہر اور ملحقہ علاقوں میں10سے12گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، صادق آباد، اقبال ٹاؤن، ڈھوک رتہ، گلستان کالونی، چکلالہ اسکیم3، ولایت ہومز، پشاور روڈ لائن نمبر4 میں بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    ملتان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف نواں شہرچوک پرتحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، ان کا کہنا تھا کہ چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں نے شارٹ فال مزید بڑھا دیا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ ہو نے پر شہبازشریف اپنا نام تبدیل کریں۔

    سکھرمیں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہر ی رل گئے۔ سول اسپتال کے ہیٹ اسٹروک سینٹر میں مریض ہاتھ سے پنکھا جھلنے پر مجبور ہیں کوئی پرسان حال نہیں، ملک بھر میں بڑھتی لوڈشیڈنگ کیخلاف ملک کی دوسری بڑی جماعت پیپلز پارٹی نے بھی سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

    کراچی میں کےالیکٹرک کےخلاف جماعت اسلامی کا دھرنا آج ہوگا، یہ دھرنا شفیق موڑ پر کےالیکٹرک کے دفترکے باہردیا جائے گا، دھرنےسےجماعت اسلامی کراچی کےامیرحافظ نعیم الرحمان خطاب کرینگے۔

  • گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ

    گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ

    لاہور: موسم گرما کا آغاز ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن قابو سے باہر ہوگیا، پاور ہاوسسز کو ایندھن کی فراہمی کم ہونے سے دو پاور ہاوس بند ہوگئے جس کے باعث بجلی مجموعی شارٹ فال چھ ہزار میگاواٹ ہوگیا ہے۔

    حکومت کے دعوے دعوے ہی رہ گئے، گرمیاں شروع ہوتے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے، واپڈا زرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی طلب چودہ ہزار میگاواٹ سے بڑھ گئی۔

    واپڈا ذرائع کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافے کا امکان ہے۔

    ملک کے مخلتف شہروں میں بجلی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دس اور دیہی علاقوں میں بارہ گھنٹے ہوگیا ہے، دوسری جانب ایندھن کی فراہمی کم ہونے کے باعث پنجاب میں متعدد پاور پلانٹس بند ہوگئے، ایندھن نہ ہونے سے اے ای ایس لال پیر اور پاک جان پاور ہاؤسز سے پیداوار مکمل طور پر بند گئی ہے۔

    پاک جن سے تین سو پینسٹھ میگا واٹ جبکہ لال پیر سے تین سو باسٹھ میگاواٹ بجلی حاصل کی جاتی ہے۔

    انڈسٹری زرائع کے مطابق ملک کے تمام پاور ہاؤسز کو تیس ہزارمیٹرک ٹن تیل کی ضرورت ہے جبکہ ان کو نو ہزار میٹرک تیل فراہم کیا جارہا ہے۔

    کراچی کے علاقے میں بلدیہ اتحاد ٹاون قائم خانی کالونی میں پانچ روز سے بجلی غائب ہونے کے باعث علاقہ مکین سراپہ احتجاج بن گئے مشتعل افراد کی قائم خانی چوک پرہنگامہ آرائی ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے۔

  • موسم گرما کا آغاز، بجلی کا شارٹ فال5 ہزار میگاواٹ  پہنچ گیا

    موسم گرما کا آغاز، بجلی کا شارٹ فال5 ہزار میگاواٹ پہنچ گیا

    اسلام آباد: حکومتی دعوؤں کی ایک بار پھر قلعی کھلنے لگی ہیں، موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں بجلی کا شار ٹ فال پانچ ہزار میگاواٹ تک جا پہنچا۔

    ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث شارٹ فال بڑھ کر پانچ ہزار میگاوٹ ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ کردیا گیا۔

    گزشتہ روز بھی دن کو مسلسل اور رات کو کم لوڈ شیڈنگ کی پالیسی اپنائی گئی، مرمت کے نام پر مختلف علاقوں میں فیڈرز آٹھ سےاٹھارہ گھنٹے کیلئے بند رکھے گئے۔

    پی ایس او کی جانب سے فرنس آئل میں کمی کے باعث پیداوار میں مزید کمی ہوئی اور پیداوار نو ہزار میگاواٹ سے بھی کم ہوگئی ہے، شہروں میں دس گھٹنے اور دیہی علاقوں میں پندرہ گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔

    انرجی مینجمنٹ سیل کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی مجموعی مانگ تیرہ ہزار میگاواٹ جبکہ پیداوار آٹھ ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ رہی۔