کراچی : شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، بارش کےکئی دن بعد بھی مختلف علاقوں کی بجلی بحال نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں حالیہ بارش کے کئی دن گزرنے کے باوجود کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام مکمل طور پر بحال نہ ہوسکا، شہر کے مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنے سے شہری شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔
ذرائع نے کہا ہے کہ نیپرا کو دی جانے والی یقین دہانی کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے اور متعدد فیڈر، پی ایم ٹیز اور زیر زمین کیبل فالٹس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، معین آباد، ماڈل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد، سرجانی، اسکیم 33 اور گڈاپ سمیت کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے۔
مزید پڑھیں : بجلی کی طویل بندش : شہریوں کا کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر ڈھول کی تھاپ پر رقص
ماڈل کالونی، معین آباد، امیرآباد اور صدیق آباد میں پانچ روز بعد بحال ہونے والی بجلی ایک بار پھر بند ہوگئی، شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بارہ بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جس سے معمولاتِ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔
ادھر اسکیم 33 کے میرٹھ سوسائٹی اور شادمان 14-B میں بھی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، شہریوں نے بجلی کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کے الیکٹرک اور انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔