حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے بعد اندورن سندھ کے دیگر شہروں کوٹری، جامشورو اور دیگر کی شاہراہیں اوررہائشی علاقے ڈوب گئے، حیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
طوفانی بارش کے باعث کئی مقامات پردرخت گر پڑے جبکہ جیسکو کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ ہوگئے جس حیدرآباد کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔
اس حوالے سے ترجمان حیسکوصادق اکبر نے میڈیا کو بتایا کہ بارش کے باعث حیسکو ریجن کے 650میں سے 350 فیڈرز بند ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تیز ہواؤں،بارش کے سبب 132 کے وی کے 11 ٹاورز بھی گرے ہیں، بجلی کے ٹاورز خان پور، سیہون، سلطان آباد سمیت مختلف مقامات پر گرے۔
ترجمان حیسکو کا مزید کہنا تھا کہ حیدرآباد کے 156میں سے 100 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے،
تکنیکی ٹیمیں اور فیلڈ اسٹاف بند فیڈرز کی جلد بحالی میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کی برسات کے بعد یونٹ نمبر دو سمیت لطیف آباد کے مختلف نشیبی علاقوں میں چار چار فٹ تک برساتی پانی جمع ہوا، حیدر چوک، قاضی عبدالقیوم روڈ، گاڑی کھاتہ، ٹھنڈی سڑک، سٹی کالج روڈ بھی دریا کا منظر پیش کرنے لگا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ صفائی نہ کرائے جانے کے باعث مختلف علاقوں میں سیوریج نالے بھی ابل پڑے ہیں، سیوریج نالوں سے نکلنے والا پانی قاضی عبدالقیوم روڈ اور سٹی کالج روڈ پرواقع مارکیٹوں کی کئی دکانوں میں داخل ہوا جس کی وجہ سے مال خراب ہوگیا۔