اسلام آباد : ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی سستی ہونے کی دوہری خوشخبری آگئی ، اربوں روپے ریلیف کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو دو مختلف درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ اگر دونوں درخواستیں منظور ہو جاتی ہیں تو صارفین کو اربوں روپے کا ریلیف مل سکتا ہے۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ 1 روپے 75 پیسے کمی کی درخواست
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے نیپرا کو مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی کے لیے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 75 پیسے فی یونٹ کمی کی باقاعدہ درخواست جمع کرا دی ہے، نیپرا اس درخواست پر 4 اگست کو سماعت کرے گا۔
درخواست کی منظوری کی صورت میں صارفین کو 53 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد کا مجموعی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام سرکاری تقسیم کار کمپنیوں (DISCOs) پر ہوگا۔
مزید پڑھیں : 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلیے بڑی خبر، حکومت نے اہم فیصلہ کر لیا
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے لیے ایڈجسٹمنٹ بھی منظور ہوگئی تو فی یونٹ 2 روپے 10 پیسے تک کا مزید ریلیف ممکن ہے۔
فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 65 پیسے فی یونٹ کمی کی دوسری درخواست
نیپرا کو ایک اور درخواست جون 2024 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے، جس میں بجلی کی قیمت میں 65 پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی گئی ہے، اس درخواست پر نیپرا کل سماعت کرے گا۔
درخواست کے مطابق جون میں بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 7 روپے 68 پیسے رہی، جب کہ ریفرنس لاگت 8 روپے 33 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر جون میں 13 ارب 31 کروڑ یونٹس سے زائد بجلی پیدا کی گئی جبکہ پیداواری لاگت میں کمی کی وجہ پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہے، جو جون کے مہینے میں 39 فیصد رہی۔
اس کے علاوہ مقامی و درآمدی کوئلے سے 20 فیصد اور درآمدی RLNG سے 16 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔
تاہم نیپرا ان دونوں درخواستوں پر سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق حتمی فیصلہ جاری کرے گا۔
اگر دونوں درخواستیں منظور ہو جاتی ہیں تو عوام کو ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں نمایاں مالی ریلیف ملے گا، جو مہنگائی کے اس دور میں ایک بڑی سہولت ہو گی۔