Tag: بجلی کی قیمت

  • وزیراعظم نے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا

    وزیراعظم نے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا

    پشاور : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مکمل پُرسکون بنائے اور رحم کرے تاکہ ملک ترقی کرسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پشاور میں بشیر بلور کے بیٹے عثمان بلور کے انتقال پرتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نےبجلی کی قیمت میں فی یونٹ دو روپے چونتیس  پیسے کمی کی ہے،عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے، برآمدات میں اضافہ بھی بجلی کی قیمت میں کمی سے ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 1997 میں ملک میں اضافی بجلی تھی، موجودہ حالات میں بجلی  کی چوری ایک بڑا مسئلہ ہے، ہم بہت جلد بدعنوانی کا  خاتمہ کر دیں گے،ان کا کہنا تھا کہ ہم جب بھی آّئے ترقی لیکر آئے،نواز شریف نے ملک میں توانائی کے بحران کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹ لگائے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر دھرنوں کی سیاست نہ ہوتی تو ملک میں مزید کارخانے لگائے جاتے،جس سے بیروزگاری میں مزید کمی ہوتی، انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ مجھ سے دھرنوں کا نہ پوچھیں  مجھ سے صرف کارخانوں اور ترقیاتی کاموں کا پوچھیں۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ آنیوالے وقتوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی،میں خیبر پختونخواہ میں نیا پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں، پشاور سے ایران تک دیس پائپ لائن بچھائی جائے گی۔

  • بجلی کی قیمت میں 2.5 روپے فی یونٹ کمی کا امکان

    بجلی کی قیمت میں 2.5 روپے فی یونٹ کمی کا امکان

    اسلام آباد: وزارتِ پانی و بجلی نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ڈھائی روپے کی کمی کی درخواست دے دی ہے۔

    وزارتِ پانی و بجلی زرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی خام تیل اور فرنس آئل کی قیمت میں کمی کے باعث کی جائے گی، نپیرا کی جانب سے درخواست کی سماعت کے بعد کمی کا فیصلہ کیا جائے گا، انڈسٹری تجزیہ کاروں کے مطابق یکم جولائی سے یکم دسمبر کے درمیان فرنس آئل کی قیمت پچیس فیصد سے زائد کمی کے بعد چھپن ہزار پانچ سو اکسٹھ روپے فی ٹن ہوگئی ہے ۔

    ماہرین کے مطابق ملک میں ماہانہ ساٹھ ارب روپے مالیت کی بجلی فرنس آئل سے بنتی ہے اور خام تیل کی قیمتیں موجودہ سطح پر رہنے سے بجلی کی پیداواری لاگت میں سالانہ سو ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے۔

  • بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ کی کمی منظور

    بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ کی کمی منظور

    اسلام آباد: حکومت کی سفارش پر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اڑتالیس پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔

    نپیرا نے بجلی کے نرخوں میں اڑتالیس پیسے کمی کا اعلان کیا ہے، نیپرا کے مطابق کمی ماہانہ فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں کی گئی ہے۔کمی کا اطلاق دسمبر کے بلوں میں کیا جائے گا جب کہ کے الیکٹرک کے صارفین پر اس کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    نپیرا کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمیں کمی ہونے سے بجلی کی پیداواری لاگت میں سات ارب روپے کی کمی ہوئی ہے ۔

    اکتوبر کے مہینے میں بجلی کی فی یونٹ لاگت سات روپے سات پیسے رہی۔

  • فرنس آئل کی قیمت میں خاطر خواہ کمی

    فرنس آئل کی قیمت میں خاطر خواہ کمی

    اسلام آباد: عرب لائٹ کروڈ آئل اور فرنس آئل کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں صرف چھیالیس پیسے کمی کی شفارش کی گئی ہے۔

    گزشتہ تمام حکومتوں کی طرح موجود حکومت بھی قیمتوں میں اضافہ تو عوام کو منتقل کر دیتی ہے مگر کمی پر قیمتیں کم نہیں کرتی، عالمی منڈی میں عرب لائٹ کروڈ آئل کی قیمتوں میں گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔مگر بجلی کی قیمتوں میں صرف چھیالیس پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

    فرنس آئل کی قیمت چھہتر ہزار روپے فی میٹرک ٹن سے کم ہوکر تریسٹھ ہزار روپے ہوگئی ہے ۔

    معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق فرنس آئل کی قیمت میں کمی کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت چھ روپے تیس پیسے تک کمی ہوئی ہے مگر حکومت اب بھی عوام سے سولہ روپے فی یونٹ وصول کر رہی ہے۔

  • بجلی کی قیمت میں 46 پیسے فی یونٹ کمی کی تجویز

    بجلی کی قیمت میں 46 پیسے فی یونٹ کمی کی تجویز

    اسلام آباد: وزارتِ پانی وبجلی نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں چھیالیس پیسے کمی کی درخواست دے دی ہے۔

    وزارتِ پانی و بجلی نے وزیرِاعظم کی ہدایات پر نیپرا کو اکتوبر کے مہینے میں بنائی گئی بجلی زرائع کی رپورٹ نپیرا کو دیدی ہے، وزارتِ پانی وبجلی نے اکتوبر کے مہینے میں بجلی کی قیمت میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں چھیالیس پیسے فی یونٹ کمی کی تجویز دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں ہائیڈل ذرائع سےاڑتیس اعشاریہ چار فیصد، گیس سے اٹھارہ اعشاریہ تین فیصد،ڈیزل سے دو اعشاریہ نو اور نیوکلیئر ذرائع سے چار اعشاریہ آٹھ فیصد بجلی حاصل کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق نپیرا اس درخواست کی عوامی سماعت نہیں کرے گی ،صرف نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

  • نیپرا نےبجلی فی یونٹ52پیسےمہنگی کردی

    نیپرا نےبجلی فی یونٹ52پیسےمہنگی کردی

       اسلام آباد: مہنگائی کے مارے عوام پرحکومت نے ایک بار پھربجلی گرا دی، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں باون پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

    نپیرا نے بجلی کے نرخوں میں باون پیسے کا اضافہ کردیا، نیپرا کے مطابق اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں کیا گیا ہے، نیپرا کے مطابق اضافے کی وصولی کیلئے نوٹفیکشن بعد میں جاری کیا جائے گا، بجلی تقسیم کرنے والی تمام کمپنیوں پراس اضافے کا اطلاق ہوگا۔

  • دو سال میں بجلی کی قیمت میں 4روپے تک کا ہوشربا اضافہ

    دو سال میں بجلی کی قیمت میں 4روپے تک کا ہوشربا اضافہ

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی اور نوازلیگ کی حکومتوں نے جنوری دوہزاربارہ سے اب تک بجلی کی فی یونٹ قیمت میں چار روپے تک کا ہوشربا اضافہ کیا۔

    وفاقی حکومتوں کے کارناموں کی فہرست تو طویل ہے مگرصرف بجلی کی قیمت میں اضافے کے بارے میں بات کی جائے تو گزشتہ دوسال آٹھ ماہ کے دوران بجلی کی فی یونٹ قیمت میں چار روپے نو پیسے کا اضافہ کیا گیا ۔

    وازرت پانی اوربجلی کی دستاویزات کے مطابق یکم جنوری دو ہزار بارہ کو بجلی کی زیادہ سے زیادہ فی یونٹ قیمت سات روپے اٹھاون پیسے تھی، جو اکتوبردو ہزارچودہ میں بڑھ کرگیارہ روپے سرسٹھ پیسے ہوگئی۔

    دوسری جانب موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کو رام کرنے کیلئے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کا وعدہ بھی کررکھا ہے ۔

  • وزیرِاعظم نے بجلی کی قیمت میں کیا گیا اضافہ واپس لے لیا

    وزیرِاعظم نے بجلی کی قیمت میں کیا گیا اضافہ واپس لے لیا

    اسلام آباد: دھرنوں اور عوامی احتجاج کے خوف نے حکومت کو یوٹرن لینے پر مجبور کردیا،  چپکے سے بجلی کی قیمت میں کیا گیا اضافہ خاموشی سے واپس لےلیا گیا ہے۔

    پہلے وفاقی حکومت نےعوام پر چپکےسے بجلی کا بم گرایا، ایکولائیزر چارجزکے نام پر عوام کی کمر پر ایک اور مالی بوجھ لاد دیا گیا، نیپرا نے پھرتی دکھائی اور29پیسےفی یونٹ سرچارج کی وصولی کانوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    جس کا عمران خان نے دھرنے میں بھانڈا پھوڑا اور اس کےخلاف ملک گیر احتجاج کی دھمکی بھی دے ڈالی، جس کے بعد آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے اور قرضہ لینے کیلئے بےتاب حکومت سوچ میں پٰڑگئی ۔

    اڑتالیس گھنٹے بعد وزیرِاعظم نواز شریف کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا، جس میں سرکاری ٹی وی کے مطابق بجلی کے نرخ نہ بڑھا نےکی ہدایت کی گئی ہے اور وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے بجلی کےموجود ہ نرخ برقرار رکھےجائیں گے جبکہ گھریلو اور زرعی صارفین پر سبسڈی بھی برقرار رکھی جائےگی

  • بجلی کی قیمت میں43پیسےفی یونٹ اضافہ

    بجلی کی قیمت میں43پیسےفی یونٹ اضافہ

    اسلام آباد: وزارتِ پانی وبجلی نے آئی ایم ایف کو رام کرنے کیلئے بجلی صارفین پر تینتالیس پیسے فی یونٹ کا اضافہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق بجلی کے نرخ بڑھانے سے وزارتِ پانی وبجلی کو ایک سو سینتالیس ارب روپے کی آمدنی ہوگی اور آئی ایم ایف سے مذاکرات میں مدد ملے گی، یہ اضافہ آئندہ ماہ کے بل میں عوام سے وصول کیا جائے گا اور سولہ اکتوبر سے اس کا اطلاق ہوچکا ہے، اس اضافے کا اثر کے الیکٹرک کے علاوہ تمام ترسیلی کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا۔

    حکومت نےاضافہ سرچارج کی مد میں کیا ہے کیونکہ نیپرا نے بنیادی نرخوں میں اضافہ مسترد کردیا تھا، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اگست میں ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے، جس کی وجہ سے ستمبر میں پچپن کروڑ ڈالر کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔

    امریکا کی حمایت کے بعدآئی ایم ایف بات چیت پر رضامند ہوا تو آئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے حکومت نے اس بار ترسیلی کمپنیوں کو بھی نہیں چھوڑا، ایسی ترسیلی کمپنیاں جن کی ریکوری لیٹ ہے، ان پر تیس پیسے فی یونٹ سرچارج لگایا گیا لیکن اس اضافے کا اطلاق صارفین پر نہیں ہوگا۔

  • نپیراکی جانب سے بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکشن جاری

    نپیراکی جانب سے بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکشن جاری

    اسلام آباد: نیپرا کی جانب سے فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں انتیس پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔

    نپیرا نے ماہانہ فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں انتیس پیسے کمی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے، نیپرا کے مطابق اضافہ اگست کے مہینے کیلئے فیول ایڈجسٹ منٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

    یہ کمی اکتوبر کے مہینے میں ایڈ جسٹ کی جائے گی، نیپرا کے مطابق پچاس یونٹ استعمال کرنے والے اور کے الیکٹرک کے صارفین پراس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔