Tag: بجلی کے تار

  • کےالیکٹرک کی بجلی کے تاروں کے قریب پتنگ بازی سے اجتناب کی اپیل

    کےالیکٹرک کی بجلی کے تاروں کے قریب پتنگ بازی سے اجتناب کی اپیل

    کراچی: کےالیکٹرک نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بجلی کے بنیادی ڈھانچے، خاص طور پر ہائی ٹینشن ٹرانسمیشن لائنز کے قریب پتنگ بازی سے گریز کریں۔

    کسی بھی ممکنہ حادثے اور بجلی کی فراہمی میں خلل سے بچنے کے لیے کے الیکٹرک نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کے تاروں کے قریب پتنگ بازی سے احتیاط برتیں، پتنگ بازی کے دوران اکثر دھات، کیمیکل یا شیشے سے بنی ڈور کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    اس طرح کی ڈوروں کا استعمال جان لیوا حادثات اور بجلی کے تعطل کا سبب بن سکتا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں بجلی کا انفراسٹرکچر موجود ہو۔

    کےالیکٹرک کے سینئر ڈائریکٹر کارپوریٹ کمیونیکیشنز عمران رانا نے کہا ہے کہ ہر تفریحی سرگرمی خوشی کا باعث ہونی چاہیے، نہ کہ حادثے یا پریشانی کا سبب۔ پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی دھاتی یا کیمیکل ڈور بجلی کو معطل کرتی ہے۔

    اگر یہ ہائی ٹینشن لائنز کے قریب موجود ہو تو بغیر کسی براہ راست رابطے کے بھی کرنٹ لگنے کا خطرہ رہتا ہے، جو سنگین چوٹ یا جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

    ہم شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ رمضان المبارک کی روح کو اپناتے ہوئے ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جو ان کی یا دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔

    کےالیکٹرک نے متعلقہ حکام، بشمول شہر کی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کمیونٹی رہنماؤں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ خاص طور پر بچوں میں اس خطرناک کھیل کی حوصلہ شکنی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

    بجلی کمپنی نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ اگر وہ بجلی کی لائنوں کے قریب خطرناک پتنگ بازی ہوتے دیکھیں تو فوراً کےالیکٹرک کی ہیلپ لائن 118، KE Live ایپ یا کےالیکٹرک کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اطلاع دیں۔

  • بجلی کے تاروں سے 3 بھینسوں کی ہلاکت، 4 واپڈا افسران واہلکاروں کو قید کی سزا

    بجلی کے تاروں سے 3 بھینسوں کی ہلاکت، 4 واپڈا افسران واہلکاروں کو قید کی سزا

    بجلی کے تار گرنے سے کرنٹ لگنے کے باعث 3 بھینسوں کی ہلاکت کے مقدمہ میں عدالت نے واپڈا کے چار اہلکاروں کو قید کی سزا سنا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹنڈو محمد خان میں سول جج کنزیومر پروٹیکشن نے بجلی کے تار گرنے اور کرنٹ لگنے کے سبب تین بھینسوں کی ہلاکت کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے واپڈا کے چار افسران اور اہلکاروں کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    سول جج کنزیومر پروٹیکشن حرا نے ایگزیکٹو انجیئنر جمن جمالی، ایس ڈی او عمران اعوان، لائن سپرنٹنڈنٹ امداد میمن اور لائن مین اختر میمن کو ایک سال قید اور ایک، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    سزا پانے والے واپڈا کے چاروں افسران اور اہلکاروں کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

    سال 2023 میں انور رند نامی شہری نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ مدعی کا کہنا تھا کہ واپڈا اہلکاروں کی غفلت سے اس کی تین بھینسوں پر بجلی کے تار گرے اور وہ کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گئی ہیں۔

  • 11 ہزار وولٹ کی تاروں سے جھولنے والے شخص کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    11 ہزار وولٹ کی تاروں سے جھولنے والے شخص کی دل دہلا دینے والی ویڈیو

    پیلی بھیت: بھارتی ریاست اُتر پردیش میں ایک شخص 11 ہزار وولٹ کی تاروں پر چڑھ کر جھولنے لگا، جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق اُتر پردیش کے پیلی بھیت ضلع کے امریہ قصبے میں ایک نوجوان کو ہائی وولٹیج کی تاروں پر خطرناک اسٹنٹ کرتے اور جھولتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

    یہ واقعہ 24 ستمبر کو پیش آیا، نوشاد نامی شہری نے ایک دکان کی چھت پر چڑھ کر بجلی کے تار پکڑے اور پھر ان پر جھولنا اور ایک تار سے دوسری تار پر اوپر چڑھنا شروع کر دیا۔

    بازار میں موجود لوگ یہ دیکھ کر سخت پریشانی میں مبتلا ہو گئے، واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوشاد اپنے آپ کو تاروں پر بیلنس کرتے ہوئے اوپر چڑھنے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے۔

    دوسری ویڈیو میں لوگ دکان کی چھت پر چڑھتے اور نوشاد تک پہنچتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، لوگوں کے قریب آنے کے بعد اسے نیچے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بارش کی وجہ سے اس وقت شہر میں بجلی نہیں تھی، جب لوگوں نے نوشاد کو تاروں سے لٹکتے ہوئے دیکھا تو انھوں نے بجلی کے محکمے سے رابطہ کر کے خبردار کیا۔

    معلوم ہوا کہ نوشاد امریہ مارکیٹ میں چوڑیاں بیچتا ہے، جب اس کے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے کہا کہ نوشاد اکثر عجیب و غریب سرگرمیوں میں ملوث رہتا ہے، کیوں کہ وہ کچھ دنوں سے ذہنی طور پر تندرست نہیں ہے۔

  • گورنر سندھ نے 8 سالہ بچے پر بجلی کے تار گرنے کا نوٹس لے لیا

    گورنر سندھ نے 8 سالہ بچے پر بجلی کے تار گرنے کا نوٹس لے لیا

    کراچی : نومنتخب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بچے پر تار گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق عمران اسماعیل نے گورنر سندھ منتخب ہونے کے بعد احسن آباد میں 8 برس کے بچے پر تار گرنے کا پہلا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعے وضاحت طلب کرلی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے 8 سالہ بچے عمر کے بازو ضائع ہونے پر کے الیکٹرک کے حکام سے تار گرنے کی وضاحت طلب کی ہے، جبکہ ساتھ ساتھ کمشنر کراچی سے واقعے کی وضاحت طلب کرتے ہوئے متاثرہ بچے کو علاج معالجے کی تمام سہولتیں فرام کرنے کی ہدایات جاری کردی۔

    یاد رہے کہ احسن آباد میں کے الیکٹرک کی لاپرواہی کے باعث بجلی کے تار گرنے سے  بچے کے دو نوں بازو ضائع ہوچکے ہیں جسے ڈاکٹرز نے آپریشن کے بعد کاٹ کر جسم سے علیحدہ کردیا ہے، بچے کے ساتھ المناک حادثہ پیش آنے کی وجہ سے والدین غم سے نڈھال ہیں۔

    برنس سینٹر کے انچارج ڈاکٹر احمر کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت کوشش کی لیکن عمر کے بازو نہ بچا سکے، عمر کے دونوں بازو بری طرح جھلس چکے تھے، جنہیں کاٹنے کے سوا کوئ چارہ نہ تھا۔

    متاثرہ بچے کے والدین کی جانب سے کے الیکٹرک کی لاپرواہی پر ادارے کے خلاف بھرپور قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان نے کنڈے کے تار سے 8 سالہ عمر کے بازو ضائع ہونے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے پر بے حد افسوس ہے، فیملی سے دلی ھمدردی رکھتے ہیں اور بچے کی صحتیابی کیلیے دعاگو کیے ہیں۔

    کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معماملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔

  • لاہور : فائربریگیڈ اہلکاربجلی کا تار گرنے سے جاں بحق

    لاہور : فائربریگیڈ اہلکاربجلی کا تار گرنے سے جاں بحق

    لاہور: لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاﺅن میں آگ بجھانے کیلئے جانے والا ریسکیو اہلکار کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ٹاﺅن کے رچنا بلاک میں آگ بجھانے کیلئے جانے والی ریسکیو ٹیم پر بجلی کے تار گر گئے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا اور دو جھلس کرزخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    بجلی کے تار گرنے کے بعد ریسکیو کی گاڑی کو بھی آگ لگ گئی دونوں زخمی اہلکار وں کو آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریسکو کو علامہ اقبال ٹائون کے علاقے میں عمارت کے اددر آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی جس کے لیے ریسکیو ٹیم جائے حادثہ کی جانب جا رہی تھی کہ رچنا بلاک کے قریب گاڑی پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گر گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بجلی کے تار گرنے سے ہلاک ہونے والے فائر بریگیڈ کے ملازم کا پوسٹ مارٹ کیا جا رہا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور غفلت برتنے والے شخص یا ادارے کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔