Tag: بجلی کے کھمبے

  • چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق

    چاغی: طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، لائن مین جاں بحق

    چاغی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے جہاں تباہی مچائی ہوئی ہے، وہاں دالبندین میں طوفانی ہوا سے رات میں بجلی کے 15 کھمبے بھی گر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے دالبندین اور یک مچ کے درمیان جمعرات کو طوفانی ہوا چلنے سے بجلی کے 15 کھمبے گر گئے، جس کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے، بجلی بحالی کے دوران واپڈا اہل کار جاں بحق ہو گیا۔

    دالبندین میں کیسکو کے لائن مین زاہد بجلی بحالی کا کام کرنے کے دوران کھمبے سے گر کر شدید زخمی ہوئے تھے، جنھیں تشویش ناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔

    کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے صوبے میں 140 بجلی کے کھمبے گر چکے ہیں۔

    کیچ مکران کے علاقے مند میں لگا بجلی کا کھمبا

     

    واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے کھمبے جمعرات کو طوفانی ہوا اور بارشوں کے باعث گرے، گرے ہوئے کھمبے خراب ہو چکے ہیں لگائے نہیں جا سکتے، نئے کھمبے آتے ہی کام شروع کر دیں گے۔

    واضح رہے کہ یک مچ شہر کو گزشتہ 3 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، دوسری جانب بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہی کی داستان رقم کر دی ہے اور سب کچھ اجڑ گیا ہے۔

    سیلاب کی وجہ سے متاثرین کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، جب کہ صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 127 ہوگئی ہے، 10 سے زائد اضلاع میں نظام زندگی معطل ہے، کوئٹہ، جھل مگسی، مستونگ اور چمن میں تباہی کے دردناک مناظر دیکھے جا رہے ہیں، اور درجنوں مکانات منہدم ہو چکے ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 7 ڈیم ٹوٹ چکے ہیں، توبہ اچکزئی میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں، سیلابی ریلا مال مویشی، کھڑی فصلیں، اور سیب کے باغات بہا کر لے گیا ہے۔

  • کراچی میں 10 ہزار نئے الیکٹرک پولز کی تنصیب

    کراچی میں 10 ہزار نئے الیکٹرک پولز کی تنصیب

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے 10 ہزار نئے الیکٹرک پولز کی تنصیب مکمل کرلی، ایک کھمبے کو ہٹانے کے دوران اس کے اندر سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں پرانے کھمبے ہٹا کر 10 ہزار نئے کھمبوں کی تنصیب مکمل کرلی۔

    کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صارفین کو محفوظ اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

    کمپنی نے اب تک اپنے پروگرام کے تحت 10 ہزار سے زیادہ کھمبے نصب کردیے ہیں جبکہ پرانے اور غیر استعمال شدہ کھمبوں کو ہٹانے کا عمل جاری ہے، اس کوشش میں کے الیکٹرک کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ کچھ عناصر ان کھمبوں کو غیر قانونی طور پر اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک نے صرف ایک دن میں 800 کھمبے ہٹائے، ایسی ایک کوشش کے دوران جب ایک کھمبے کو ہٹایا گیا تو کے الیکٹرک کی مقامی ٹیم کو اندر ایک پوشیدہ بندوق ملی جس کی اطلاع کے الیکٹرک کی ٹیم نے فوری طور پر پولیس کو دی۔

    کے الیکٹرک نے اپنے انفرا اسٹرکچر کے غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہری انتظامیہ سے اپیل کی کہ ادارے کی معاونت جاری رکھی جائے تاکہ کے الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔