Tag: بجلی

  • بجلی کی قیمت بڑھنے سے 80 ارب روپے ملیں گے: وزیر توانائی

    بجلی کی قیمت بڑھنے سے 80 ارب روپے ملیں گے: وزیر توانائی

    اسلام آباد: وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ نیپرا نے بجلی کے نرخ میں 83 پیسے اضافے کی تجویز دی، 300 یونٹ کے صارفین پر اضافے کا کوئی بوجھ نہیں ڈال رہے، بجلی کی قیمت بڑھنے سے 80 ارب روپے ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر توانائی عمر ایوب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا گردشی قرضہ گزشتہ حکومت کے دور میں ہر ماہ 38 ارب بڑھتا تھا، اب اسے گزشتہ 3 ماہ میں 35 ارب روپے پر لے آئے ہیں، اس سے گردشی قرضہ 10 سے 12 ارب روپے پر آ گیا ہے۔

    بجلی نرخوں میں کمی سے متعلق انھوں نے کہا نرخوں میں کمی چوری پر قابو پانے سے ممکن ہو سکے گی، قابل تجدید توانائی کے ذریعے بھی نرخوں میں کمی ہو گی، بجلی نرخوں میں اضافہ ن لیگ حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے ہے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مہنگے پاور پلانٹس لگائے، ووٹ لینے کے لیے ن لیگ نے ڈیڑھ سال تک نرخ نہیں بڑھائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجلی کی قیمت میں مزید 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

    وزیر توانائی کا کہنا تھا 1400 فیڈرز پر چوری کے خاتمے کے لیے ہماری ٹیمیں کام کر رہی ہیں، بجلی کی قیمت بڑھنے سے 80 ارب روپے ملیں گے، سسٹم کی اپ گریڈیشن پر 25 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، قابل تجدید توانائی کو 2023 تک 42 ہزار میگا واٹ تک لے جانا چاہتے ہیں۔

    عمر ایوب نے کہا نیپرا آزاد ریگولیٹر ہے، ہمارا کسی ادارے پر کوئی دباؤ نہیں، قانون کے مطابق چلتے ہیں، بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہے، چور چور ہوتا ہے اس کی جنس کی حیثیت کا تعین کرنا ضروری نہیں۔

    انھوں نے کہا ہم وہ فیصلہ کریں گے جو ملک اور قوم کے حق میں ہوگا، چیپ پاپولیریٹی نہیں لینا چاہتے، بارودی سرنگیں نہیں بچھا کر جائیں گے، جن لوگوں کی حیثیت ہے ان پر ہی بوجھ ڈالا۔

  • بجلی کی قیمت میں مزید 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

    بجلی کی قیمت میں مزید 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

    اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں مزید 30 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی، اضافے کا اطلاق 300 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایکنک اجلاس میں بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافے کی منطوری دی گئی، تیس پیسے فی یونٹ اضافے کا اطلاق تین سو یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔

    اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایکنک نے کرتارپور راہ داری کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی ہے، داسو پن بجلی کے لیے 511 ارب روپے منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی، بی آر ڈی بی نہر لاہور کے ساتھ پانی کی صفائی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ

    اعلامیے کے مطابق پانی کی صفائی کے منصوبے پر 21ا رب ایک کروڑ لاگت آئے گی، گوادر میں مشرقی بے پر 19 کلو میٹر طویل ایکسپریس وے کی منظوری بھی دی گئی، جس پر 17 ارب 37 کروڑ کی لاگت آئے گی۔

    ایکنک اجلاس میں لانڈھی اور نمایش کے درمیان 21 کلو میٹر سڑک کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی۔

    واضح رہے قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کا اجلاس مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اربوں روپے مالیت کے مختلف بڑے منصوبوں کی منظوری دی گئی، جس میں ییلو بس ریپڈ ٹرانزٹ کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

  • کراچی میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی رخصت ہوگئی

    کراچی میں بارش شروع ہوتے ہی بجلی رخصت ہوگئی

    کراچی: شہر قائد میں ایک بار پھر بادل گرج چمک کے ساتھ برسے، بارش شروع ہوتے ہی کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی.

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیر کے روز شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جمعرت کی سہ پہر ہونے والے بارش کے بعد مختلف علاقے بجلی سے محروم ہوگئے.

    معین آباد، لاسی پاڑہ، عزیز آباد،غریب آباد، دست گیر، لیاقت آباد، ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن میں بجلی معطل ہوگئی.

    ادھر ایف بی ایریا بلاک ون میں تیز بارش سے درخت گرگیا، درخت کےساتھ بجلی کی تمام تاریں بھی ٹوٹ گئیں، جس کی وجہ سے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی.

    مزید پڑھیں: کراچی کا ساحل اور آبی حیات آلودگی کی زد میں، سیکڑوں مچھلیاں مر گئیں

    اس وقت بارش کےباعث 225 سے زائد فیڈرزبند ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے.

    کئی سڑکوں پر پانی کھڑا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی ہے. محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آیندہ چند روز تک جاری رہے گا.

  • شاہ بندر سندھ میں بجلی گرنے سے 3 مچھیرے جاں بحق

    شاہ بندر سندھ میں بجلی گرنے سے 3 مچھیرے جاں بحق

    سجاول: صوبہ سندھ کے ضلع سجاول کے علاقے شاہ بندر میں مچھیروں کے ٹینٹ پر بجلی گرنے کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق، جب کہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ شاہ بندر سندھ میں مچھیروں کے ٹینٹ پر بجلی گرنے کے بعد پاک بحریہ نے ریسکیو آپریشن کیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ بجلی گرنے سے 3 مچھیرے جاں بحق ہوئے جب کہ 3 زخمی ہوئے، جنھیں پاک میرینز کی کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔

    پاک بحریہ کے مطابق زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سجاول منتقل کیا جا چکا ہے، جب کہ جاں بحق افراد کی لاشیں مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق مچھیرے شاہ بندر پورٹ کے قریب مچھلیاں پکڑ رہے تھے کہ ان پر آسمانی بجلی گری، جاں بحق افراد میں عبد الرزاق، اسماعیل اور دھنی بخش شامل تھے۔

    ضرور پڑھیں:  کسی شخص پر آسمانی بجلی گر پڑے تو کیا ہوگا؟

    زخمی افراد کو چہار جمالی میں پاکستان نیوی کی ٹیم نے دیہی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا۔

    یاد رہے کہ جون میں گلگت بلتستان کے شہر اسکردو میں آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 7 سے زاید مکانات جل گئے تھے۔ اس سے چند دن قبل صوبہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں مون سون کا موسم جاری ہے اور مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو رہی ہیں، ایسے موسم میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آتے ہیں جس میں کئی افراد زخمی یا ہلاک ہو جاتے ہیں۔

  • 9 اور 10 محرم کے دن کے الیکٹرک کی صارفین کے لیے اہم ہدایات

    9 اور 10 محرم کے دن کے الیکٹرک کی صارفین کے لیے اہم ہدایات

    کراچی: کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 محرم کو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ بجلی کے عارضی انتظام سے متعلق، خطرناک کنڈوں اور ہینگر لائٹ بلب لگانے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 9 اور 10 محرم کو صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ یکم محرم سے امام بارگاہوں سمیت اہم مقامات پر بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ فیلڈ ٹیمز متحرک ہیں، بجلی سے متعلق شکایات کی درستگی کے لیے 24 گھنٹے موجود ہیں۔ کے الیکٹرک، شہری انتظامیہ، کمشنر آفس سمیت دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ بجلی کے عارضی انتظام سے متعلق، خطرناک کنڈوں اور ہینگر لائٹ بلب لگانے سے گریز کریں۔ شکایات کے لیے 118 کال سینٹر، 8119 پر ایس ایم ایس یا کے ای لائیو ایپ کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ کے الیکٹرک عیدوں، محرم اور ربیع الاول وغیرہ پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے اور ریلیف فراہم کرنے کے دعوے کرتی ہے تاہم دعووں کے برعکس ایسے مواقع پر بھی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

  • جولائی میں لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی فروخت میں اضافہ

    جولائی میں لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی فروخت میں اضافہ

    اسلام آباد: وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے ماہ میں لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی فروخت میں اضافہ ہوا، 19 ارب 95 کروڑ روپے کی اضافی ریکوری بھی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی نے جولائی کے مہینے کے اعداد و شمار جاری کردیے، رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے ماہ میں 19 ارب 95 کروڑ روپے کی اضافی ریکوری ہوئی۔

    جولائی میں لائن لاسز میں 1.46 فیصد کمی اور بجلی کی فروخت میں 3 فیصد اضافہ ہوا، اس ماہ پاور ڈویژن نے ریکارڈ وصولیاں اور لائن لاسز کم کیں۔

    وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ جولائی میں بلز کی بابت وصولیوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، جولائی 2019 کی مجموعی بجلی بلنگ 156 ارب روپے ہوئی۔ جولائی میں 136 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق بجلی کی ترسیل، پیداوار اور تقسیم میں بھی اضافہ ہوا ہے، تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کو 39 کروڑ 40 لاکھ سے زائد یونٹس دیے۔ جولائی 2019 میں بجلی چوری کے خلاف مہم میں بھی تیزی آئی۔

    ایک ماہ میں بجلی چوری کے 5 ہزار 146 کیسز پولیس کو بھجوائے گئے، بجلی چوری کی 1847 ایف آئی آر درج ہوئیں۔

  • کراچی: گرج چمک کے ساتھ بارش، کئی فیڈر ٹرپ، نجی اسکولز کا ادارے بند رکھنے کا اعلان

    کراچی: گرج چمک کے ساتھ بارش، کئی فیڈر ٹرپ، نجی اسکولز کا ادارے بند رکھنے کا اعلان

    کراچی: شہر قائد میں‌ رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی، جس سے کئی فیڈر ٹرپ کر گئے.

    تفصیلات کے مطابق دوپہر کی برسات کے بعد رات میں بھی کراچی میں بادل برسے،  طوفانی بارش کے باعث آل سندھ پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے کل بہ روز  جمعرات اسکولز  بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

    نارتھ کراچی، نیوکراچی، شادمان ٹاؤن، بفرزون، گلشن اقبال،گلستان جوہر، ملیر، گلزار ہجری میں تیز بارش ہوئی،  بارش کے ساتھ آندھی اور تیز  ہوائیں چلیں، ایئرپورٹ کے اطراف آندھی کے دوران ہوا کی رفتار 63 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی.

    صفورہ چورنگی، اورنگی ٹاؤن، جمشید ٹاؤن، سائٹ ایریا، ایف بی ایریا، ناظم آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی. بلدیہ ٹاؤن،اتحاد ٹاؤن میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے.

    تیزآندھی اوربارش کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے، کے الیکٹرک کے 417 فیڈر بند ہوگئے.

    مزید پڑھیں: بارش کی پہلی بوند کے ساتھ شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

    شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاؤن، گلشن اقبال، گلستان جوہر، اسٹار گیٹ، موریہ خان گوٹھ، وائر لیس گیٹ، الفلاح، ماڈل کالونی، کاظم آباد سوسائٹی، پی آئی اے سوسائٹی میں بجلی بند ہوگئی.

    نارتھ کراچی، بفرزون، شادمان ٹاؤن، گلبہاررضویہ سوسائٹی میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی اطلاعات ہیں.

     آل سندھ پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مطابق اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ شہر میں تیز بارش کے باعث کیا گیا، البتہ سرکاری اداروں کی جانب سے ابھی موقف سامنے نہیں آیا۔

  • نجی پاور پلانٹس کی اربوں روپے کی نا جائز منافع خوری کا انکشاف

    نجی پاور پلانٹس کی اربوں روپے کی نا جائز منافع خوری کا انکشاف

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے انکشاف کیا ہے کہ پرائیویٹ پاور پلانٹس اربوں روپے کی نا جائز منافع خوری کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا نے ایک روپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 5 آئی پی پیز نیپرا ٹارگٹ سے 65 فی صد تک زاید منافع کما رہے ہیں، ان پاور پلانٹس نے 2011 سے 2018 تک نا جائز 40 ارب روپے کمائے۔

    نیپرا کے جاری کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سب سے زیادہ 11 ارب روپے منافع اٹک جین نے کمایا، اٹک جین نے 5 ارب کے مقابلے میں 16 ارب روپے منافع کمایا۔

    دستاویز کے مطابق لبرٹی پاورکے منافع کا ہدف 7 ارب 80 کروڑ تھا لیکن پلانٹ نے نیٹ منافع 17 ارب کمایا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایک سال میں بجلی چوری سے 45 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا: نیپرا

    ایک اور آئی پی پی نشاط پاور نے 6 ارب 83 کروڑ کے مقابلے میں 14 ارب روپے منافع کمایا، نشاط چونیاں کے منافع کا ہدف 7 ارب تھا لیکن اس نے نیٹ منافع 14 ارب 80 کروڑ کمایا۔

    نیپرا دستاویز کے مطابق ایٹلس پاور نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور 8 ارب روپے کے مقابلے میں 12 ارب روپے کمائے۔

    یاد رہے کہ نیپرا نے گزشتہ ماہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ 18-2017 میں بجلی چوری اور نقصانات سے 45 ارب سے زاید کا نقصان پہنچا۔

    نیپرا کا کہنا تھا کہ تقسیم کار کمپنیاں 78 ارب کے بقایا جات کی وصولی میں ناکام رہیں، دوسری طرف کمپنیوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے اور کمپنیاں نیپرا کو لوڈ شیڈنگ کے غلط اعداد و شمار فراہم کر رہی ہیں۔

  • شمسی پینلز والی سڑک سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ناکام کیوں ہوا؟

    شمسی پینلز والی سڑک سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ناکام کیوں ہوا؟

    پیرس: فرانس میں 2 سال قبل دنیا کی پہلی سولر ہائی وے کا افتتاح کیا گیا تھا اور ماہرین کو امید تھی کہ یہ سڑک توانائی کے ذرائع میں اہم اضافہ ثابت ہوگی، تاہم اب اسے ایک ناکام ترین منصوبہ قرار دیا جارہا ہے۔

    2 ہزار 800 اسکوائر میٹر پر محیط یہ سڑک دسمبر 2016 میں تیار کی گئی تھی۔ اس منصوبے کو ایک ٹرائل کہا جارہا تھا اور ماہرین کا خیال تھا کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوجاتا ہے تو سڑکوں سے بجلی بنانے کا کام بڑے پیمانے پر شروع کردیا جائے گا۔

    تاہم اب 2 سال بعد سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق توقع کے برعکس نہ تو یہ سڑک منافع بخش ثابت ہوئی اور نہ ہی مؤثر، اور 2 سال بعد مکمل طور پر ناکام قرار دی جارہی ہے۔

    سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ اب یہ سڑک ٹوٹ پھوٹ چکی ہے اور اس کی مرمت بھی نہیں کی جاسکتی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سڑک پر نصب کئی شمسی پینلز اپنی جگہ سے ڈھیلے ہوگئے اور اسی وجہ سے ٹوٹ بھی گئے۔ اس سڑک سے یومیہ بنیادوں پر 790 کلو واٹ بجلی پیدا ہونے کا اندازہ لگایا گیا تھا، تاہم یہ صرف اس کے نصف ہی بجلی پیدا کرسکی۔

    بجلی پیدا کرنے کا یہ اندازہ اس بنیاد پر لگایا گیا تھا کہ اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو تو مستقبل میں اس سڑک کے آس پاس بسنے والے افراد کی بجلی کی ضروریات یہیں سے پوری کی جاسکیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ سڑک بہت پر شور بھی ثابت ہوئی جس کی وجہ سے یہاں پابندی عائد کرنی پڑی کہ اس سڑک پر صرف 70 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی جائے۔

    رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ امریکا میں بنائی جانے والی اسی طرز کی سڑک کا بھی یہی حال ہوا، البتہ نیدر لینڈز میں بنائی گئی ایسی سڑک کامیاب منصوبہ قرار دی گئی۔ نیدر لینڈز میں یہ سڑک سائیکلوں کے لیے بنائی گئی تھی اور اس سڑک سے توقعات سے زیادہ بجلی حاصل کی گئی۔

    اس منصوبے کی ناکامی کی وجوہات اور عوامل کے بارے میں تفصیلی غور کیا جارہا ہے، تاہم ابتدائی طور پر ماہرین کا اندازہ ہے کہ شمسی پینلز کو سورج سے توانائی حاصل کرنی ضروری ہے لیکن ایسے وقت میں یہ سڑک ٹریفک سے بھری ہوتی ہے، ممکن ہے کہ یہی وجہ اس سڑک کی ناکامی کا سبب بنی ہو۔

  • صارفین کی شکایات پر نیپرا کی ٹیم کا کے الیکٹرک ہیڈ آفس کا دورہ

    صارفین کی شکایات پر نیپرا کی ٹیم کا کے الیکٹرک ہیڈ آفس کا دورہ

    کراچی: شہر قائد میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی شکایات پر نیپرا کی ٹیم نے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صارفین کی شکایات موصول ہونے پر کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، اس موقع پر 5 رکنی ٹیم نے بارش کے دوران بجلی بندش کی تفصیلات حاصل کیں۔

    دورے کے دوران نیپرا کی ٹیم نے کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات کی بھی تفصیلات حاصل کیں۔ خیال رہے کہ کراچی میں دو دن کے دوران کرنٹ لگنے سے متعدد بچوں سمیت 16 سے زاید افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

    نیپرا کی ٹیم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کی ابتدائی رپورٹ سے متعلق بھی باز پرس کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجلی کمپنیاں صارفین سے آلات کے لیے رقم مانگنے کی مجاز نہیں: نیپرا

    نیپرا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک شکایتی مراکز صارفین کی فون کالز کا جواب نہیں دے رہے، اس لیے کے الیکٹرک کو بارش سے قبل احتیاطی اقدامات میں ناکامی کے حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ چار دن قبل نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق ایک واضح بیان جاری کرتے ہوئے تھا کہ صارفین سے ٹرانسفارمز اور دیگر آلات کے لیے وہ رقم نہیں مانگ سکتیں۔

    نیپرا نے کہا تھا کہ صارفین سے پیسے مانگنا کنزیومر سروس مینول اور نیپرا رولز کی خلاف ورزی ہے۔

    نیپرا نے ہدایت کی تھی کہ تقسیم کار کمپنیاں بجلی تقسیم کے خراب آلات کی مرمت یقینی بنائیں اور مرمت کے لیے پیسے طلب کرنے والے افسران اور اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔