Tag: بجلی

  • اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    نئی دہلی:نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ نے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت کرنے کا اعلان کر دیا، کیجریوال کا کہنا ہے کہ وی آئی پی شخصیات کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘201 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو نصف قیمت ادا کرنی ہوگی کیونکہ دہلی حکومت انہیں 50 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی۔

    انہوں نے اس فیصلے کو عام آدمی کے لیے تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں سب سے سستی بجلی دہلی میں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر وی آئی پی شخصیات اور بڑے سیاستدانوں کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟ کیا میں نے یہ قدم اٹھا کر غلط کی؟

    اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ اس اسکیم سے دارالحکومت کے 33 فیصد صارفین کو فائدہ ہوگا جو گرمی میں 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ سردیوں میں تقریباً 70 فیصد افراد کا بجلی کا استعمال 200 یونٹ سے کم ہوجاتا ہے۔

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کے نائب مَنیش سِسوڈیا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات کی طرح گھروں میں لائٹ اور پنکھے چلانے جتنی بجلی بھی عوام کے لیے ضروری ہے۔

    دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس اعلان کو الیکشن اسٹریٹیجی قرار دیا۔

    سربراہ بی جے پی دہلی مَنوج تیواری نے کہا کہ یہ اروند کیجریوال کی پارٹی کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ یہ بی جے پی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اسے دو زاویوں سے دیکھ سکتے ہیں، یہ انتخابات سے قبل عوام کو متوجہ کرنے کی اسٹریٹیجی ہے، انہوں نے دہلی کے عوام سے 7 ہزار کروڑ لوٹے، عوام کو وہ یہ پیسے کب واپس کر رہے ہیں؟

  • کمرشل بجلی استعمال کرنے والے نان فائلرز کا ڈیٹا ایف بی آر کے حوالے

    کمرشل بجلی استعمال کرنے والے نان فائلرز کا ڈیٹا ایف بی آر کے حوالے

    لاہور: سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریکارڈ میں بجلی کے 32 لاکھ 60 ہزار صارفین کے نام موجود ہی نہیں، کمرشل سطح پر توانائی حاصل کرنے والے 25 لاکھ 20 ہزار صارفین غیر رجسٹرڈ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے جون تک انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس میں اندراج نہ رکھنے والے صارفین کی ایک فہرست تیار کی ہے جو ایف بی آر کو فراہم بھی کی جاچکی ہے تاہم اس فہرست میں کراچی الیکٹرک کے صارفین کی معلومات شامل نہیں ہیں۔

    اس حوالے سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 2 لاکھ 67 ہزار 426 غیر رجسٹرڈ صنعتی صارفین ہیں جو نہ تو ٹیکس رول میں موجود ہیں نہ ہی انہوں نے نیشنل ٹیکس نمبر حاصل کیا اور نہ ہی سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر حاصل کیا ہے۔

    اس وقت ملک میں محض 26 ہزار 512 صنعتی صارفین نے ایس ٹی آر این حاصل کیا ہوا ہے جبکہ انکم ٹیکس میں صنعتوں کا اندراج انتہائی حوصلہ شکن ہے اور صرف 25 ہزار 871 صنعتی صارفین نے این ٹی این حاصل کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ملک میں کمرشل سطح پر توانائی حاصل کرنے والے 25 لاکھ 20 ہزار صارفین غیر رجسٹرڈ ہیں۔ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 14 کے تحت پاکستان میں قابل ٹیکس فراہمی سے منسلک ہر شخص رجسٹرڈ ہونے اور ایس ٹی آر این حاصل کرنے کا مجاز ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق ملک کے مجموعی کمرشل صارفین کے محض 1.45 فیصد یعنی 36 ہزار 732 صارفین نے اب تک ایس ٹی آر این حاصل کیا ہے۔ اس ضمن میں عہدیدار نے بتایا کہ ہم چھوٹے کاروباروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے 2 نئی اسکیمز متعارف کروا رہے ہیں جس کے لیے ایک سے 2 روز میں فکسڈ ٹیکس کا اعلان کیا جائے گا۔

    دوسری جانب انکم ٹیکس کے حوالے سے بھی کمرشل صارفین کی تعداد بہت کم ہے اور ملک میں موجود کمرشل صارفین کی مجموعی تعداد میں سے صرف 1.47 فیصد یعنی 37 ہزار 146 صارفین نے این ٹی این حاصل کررکھا ہے۔

  • کے الیکٹرک نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، آدھے شہر کی بجلی بند ہونے کا خدشہ

    کے الیکٹرک نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، آدھے شہر کی بجلی بند ہونے کا خدشہ

    کراچی: میڈیا میں کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کی خبروں کے بعد کے الیکٹرک نے کراچی والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر کے ڈی اے 220 گرڈ اسٹیشن اسکیم 33 کے قریب سیلابی صورت حال کے باعث کے ای ترجمان نے کہا ہے کہ یہ گرڈ اسٹیشن بند کرنا پڑے گا، جس کے بعد بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کا خدشہ ہو سکتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ہائی وے پر سیلابی ریلا کے ڈی اے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوا تو آدھے شہر کی بجلی بند ہو جائے گی۔

    کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ پانی کے بہاؤ کو نہ روکا گیا تو گرڈ اسٹیشن بند کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے شہری انتظامیہ اور دیگر اداروں سے مدد طلب کر لی گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ کے ڈی اے گرڈ بند ہوا تو 40 سے 50 فی صد شہر متاثر ہو سکتا ہے، شہر کے دونوں بڑے صنعتی علاقے لانڈھی اور کورنگی بھی بند ہو جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  2 روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

    کے ای کے مطابق گڈاپ، کاٹھور، ملیر، لانڈھی، کھوکھرا پار، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، کورنگی، لانڈھی صنعتی ایریا، اسکیم 33، گلشن معمار، عزیز آباد، لیاقت آباد، سرجانی، احسن آباد اور دیگر علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ موسلا دھار بارش میں شہری و صوبائی حکومت کی طرف سے انتظامی اقدامات نہ ہونے سے کراچی پانی پانی ہو چکا ہے، اس دوران 2 روز میں کرنٹ لگنے سے 15 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    ادھر شہر قائد میں بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت متحرک ہو گئی ہے، حالات کو بہتر کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے پاک فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔

  • بجلی کمپنیاں صارفین سے آلات کے لیے رقم مانگنے کی مجاز نہیں: نیپرا

    بجلی کمپنیاں صارفین سے آلات کے لیے رقم مانگنے کی مجاز نہیں: نیپرا

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کہا ہے کہ بجلی کمپنیاں صارفین سے ٹرانسفارمر اور دیگر آلات کے لیے رقم مانگنے کی مجاز نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیپرا نے ایک حکم جاری کرتے ہوئے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صارفین سے خراب آلات کی مرمت کے لیے رقم مانگنے سے روک دیا ہے۔

    نیپرا نے کہا ہے کہ صارفین سے پیسے مانگنا کنزیومر سروس مینول اور نیپرا رولز کی خلاف ورزی ہے۔

    نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ تقسیم کار کمپنیاں بجلی تقسیم کے خراب آلات کی مرمت یقینی بنائیں اور مرمت کے لیے پیسے طلب کرنے والے افسران اور اہل کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  2 روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی

    نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ناکارہ ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور مرمت کی بھی ہدایت کی ہے۔

    نیپرا کا کہنا تھا کہ تقسیم کار کمپنیاں ناکارہ ٹرانسفارمرز کی تبدیلی اور مرمت میں تاخیر کرتی ہیں، برقی آلات کی بر وقت تبدیلی نہ ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ نیپرا نے تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ ان کمپنیوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے لیکن یہ نیپرا کو لوڈ شیڈنگ کے غلط اعداد و شمار فراہم کر رہی ہیں۔

    اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایک سال میں تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں بہتری نہیں آئی، مرمتی کاموں کے دوران 152 خطرناک حادثات رپورٹ ہوئے۔

  • قبائلی اضلاع میں 55 فیصد اسکول بجلی سے محروم

    قبائلی اضلاع میں 55 فیصد اسکول بجلی سے محروم

    پشاور: حال ہی میں آزادانہ ذرائع سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں 5 ہزار 7 سو 88 اسکولوں میں 18 فیصد اساتذہ اور 62 فیصد طلبہ غیر حاضر، جبکہ 55 فیصد اسکول بجلی اور 51 فیصد پانی سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قبائلی اضلاع کے اسکولوں کی حالت زار پر مانیٹرنگ رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 5 ہزار 7 سو 88 اسکولوں میں 18 فیصد اساتذہ اور 62 فیصد طلبہ غیر حاضر ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 55 فیصد اسکولوں میں بجلی اور 51 فیصد میں پانی موجود نہیں۔ 30 فیصد اسکول بیت الخلا اور 18 فیصد باؤنڈری وال سے محروم ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پختونخواہ کے مشیر تعلیم ضیا اللہ کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع کے اسکولز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ قبائلی اضلاع کے تعلیمی شعبے کے لیے 36 ارب فنڈ مختص کیے گئے ہیں۔

    چند روز قبل اقوام متحدہ کی ایجوکیشن، سائنٹفک اور کلچرل آرگنائزیشن (یونیسکو) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سنہ 2030 تک 4 میں سے ایک پاکستانی بچہ پرائمری اسکول مکمل نہیں کر پائے گا۔

    یونیسکو کے مطابق پاکستان ’12 سالہ تعلیم سب کے لیے‘ ہدف کا بھی نصف حصہ ہی حاصل کرسکے گا جبکہ موجودہ شرح میں اب بھی 50 فیصد نوجوان سیکنڈری سے آگے تعلیم حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔

  • داسو ڈیم سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ

    داسو ڈیم سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ

    اسلام آباد: ایکنک نے داسو ڈیم کی پیداواری لاگت میں اضافے کی منظوری دے دی، داسو سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس منعقد ہوا جس میں داسو ڈیم کی پیداواری لاگت میں اضافے کی منظوری دی گئی۔

    منصوبے کی مالیت میں اضافے کے بعد اس کی مالیت 90 ارب 83 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

    اجلاس میں داسو ڈیم کے لیے زمین کی خریداری کے لیے بھی مالیت میں اضافے کی مشروط منظوری دی گئی، زمین اور تعمیرات میں لاگت پر اضافہ وزارت قانون کے مشورے سے مشروط کیا گیا ہے۔

    اجلاس نے بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے 85 ارب 91 کروڑ کی منظوری دی، قصور اور جھنگ کے کمبائنڈ پاور پروجیکٹ کی بھی منظوری دے دی گئی، خیبر پختون خوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے 17 ارب کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وفاقی حکومت نے 4,300 میگاواٹ پر مبنی داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے تاخیر کا شکار زمین کے حصول کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اضافی 18 ارب روپے تک لاگت برداشت کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ دو سال قبل داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے 180 ارب کے دو ٹھیکے چینی کمپنی کو دیے تھے، ٹھیکوں میں ڈیم کے ڈھانچے سے متعلق سامان کی تیاری اور ہائیڈرالک اسٹیل اسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ زیر زمین پاور کمپلیکس تیار کرنے، سرنگیں بنانے اور ہائیڈرالک اسٹرکچر (ایم ڈبلیو 02) کے منصوبے شامل تھے۔

    چینی کمپنی سے کیے جانے والے معاہدے کے تحت منصوبے کا پہلا مرحلہ 2021 میں مکمل ہونا تھا، جس کے تحت 2160 میگا واٹ بجلی پیدا ہونی تھی۔

  • ایک سال میں بجلی چوری سے 45 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا: نیپرا

    ایک سال میں بجلی چوری سے 45 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا: نیپرا

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ سنہ 18-2017 میں بجلی چوری اور نقصانات سے 45 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے تقسیم کار کمپنیوں کے بارے میں رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق سنہ 18-2017 میں بجلی چوری اور نقصانات سے 45 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ تقسیم کار کمپنیاں 78 ارب کے بقایا جات کی وصولی میں ناکام رہیں، کمپنیوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور کمپنیاں نیپرا کو لوڈ شیڈنگ کے غلط اعداد و شمار فراہم کر رہی ہیں۔

    رپورٹ میں مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک سال میں پیسکو، سیپکو، حیسکو اور کیسکو کی کارکردگی میں بہتری نہیں آئی۔ مرمتی کاموں کے دوران 152 خطرناک حادثات رپورٹ ہوئے۔

    نیپرا کے مطابق نئے کنکشن کی فراہمی میں پیسکو، لیسکو، فیسکو، کیسکو اور کےالیکٹرک کی کارکردگی بہتر رہی، بجلی کی تقسیم و ترسیل کے نقصانات کم ترین سطح 20.4 فیصد پر آگئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پیسکو، کیسکو اور کے الیکٹرک کا فالٹ ریٹ سب سے بہتر رہا۔ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی آئی ہے۔

  • 300 یونٹ کے 75 فی صد گھریلو صارفین پر بجلی کی اضافی قیمتوں کا بوجھ نہیں آئے گا: عمر ایوب

    300 یونٹ کے 75 فی صد گھریلو صارفین پر بجلی کی اضافی قیمتوں کا بوجھ نہیں آئے گا: عمر ایوب

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ 300 یونٹ کے 75 فی صد گھریلو صارفین پر بوجھ نہیں آئے گا، 300 سے زائد یونٹ والے صارفین پر 50 فی صد بوجھ پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بجلی قیمتوں میں اضافے کی وجوہ سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔

    عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے توانائی کے شعبے میں بارودی سرنگیں نصب کیں۔

    وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ وہ گھریلو صارفین جو تین سو یونٹ استعمال کرتے ہیں، ان میں پچھتر فی صد صارفین پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہیں پڑے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ تین سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر پچاس فی صد اضافی بوجھ پڑے گا، جب کہ حکومت کی جانب سے 75 فی صد صارفین کو 217 ارب کی سبسڈی دی جائے گی۔

    عمر ایوب نے بتایا کہ ٹیوب ویلز کے صارفین کے لیے 54 فی صد ریلیف فراہم کر رہے ہیں، کمرشل سیکٹر کے 95 فی صد صارفین کے لیے قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ 80 فی صد فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ زیرو ہے، چھوٹی دکانوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، ہم وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر سارے کام کر رہے ہیں۔

  • گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار بڑھ گئی: ترجمان واپڈا

    گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار بڑھ گئی: ترجمان واپڈا

    لاہور: واپڈا کے ترجمان نے کہا ہے کہ گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار بڑھ گئی ہے، پراجیکٹ سے 108 میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان واپڈا نے کہا ہے کہ گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو گیا ہے اور بجلی کے اس منصوبے سے ایک سو آٹھ میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی ہے۔

    واپڈا کا کہنا ہے کہ پاور پراجیکٹ کے 3 پیداواری یونٹس ہیں، اور ہر یونٹ 36 میگا واٹ کا ہے، گولن گول پراجیکٹ سے ہر سال 43 کروڑ 60 لاکھ یونٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  مہمند ڈیم کی تعمیر68 ماہ میں مکمل ہوجائے گی، چیئرمین واپڈا

    ترجمان نے کہا کہ گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے سالانہ 3 ارب 70 کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔

    خیال رہے کہ اس منصوبے کا گزشتہ سال فروری میں افتتاح ہوا تھا، اس وقت کے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد چترال میں کبھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

    تاہم بجلی گھر کے افتتاح کے بعد 35 میگا واٹ بجلی پیدا ہونے کے باوجود علاقے میں مستقل پانچ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری رہی، جب کہ پورے چترال میں بجلی کی طلب کل 17 میگا واٹ ہے۔

  • 5 منٹ میں بجلی کے بغیر کپڑے دھونے والی مشین

    5 منٹ میں بجلی کے بغیر کپڑے دھونے والی مشین

    کپڑے دھونا ایک محنت طلب کام ہے جس میں خاصا وقت لگتا ہے، علاوہ ازیں اس میں پانی اور بجلی بھی خرچ ہوتی ہے، تاہم اب ایسی واشنگ مشین بنا لی گئی ہے جو بغیر بجلی کے آپ کے کپڑے دھو سکتی ہے۔

    جینٹل واشر نامی یہ مشین پورٹیبل واشنگ یونٹ ہے جو صرف 5 منٹ میں آپ کے کپڑے دھو سکتی ہے۔ یہ مشین بغیر بجلی کے کام کرتی ہے جس سے بجلی کی بہت ساری بچت ممکن ہے۔

    اس مشین کو عام واشنگ مشین کی طرح ہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دھونے سے قبل کپڑے الگ کرنا، مشین میں پانی اور ڈیٹرجنٹ شامل کرنا تمام مرحلے ویسے ہی ہیں۔

    البتہ اس مشین کو مینوئلی استعمال کرنا ہوگا، مشین میں دیا گیا ہینڈل ہاتھ سے چلانے کے بعد ہی کپڑے دھونا ممکن ہوسکے گا۔