Tag: بجلی

  • کے الیکٹرک کو 150 میگا واٹ بجلی کی سپلائی کا معاہدہ طے ہو گیا: این ٹی ڈی سی

    کے الیکٹرک کو 150 میگا واٹ بجلی کی سپلائی کا معاہدہ طے ہو گیا: این ٹی ڈی سی

    کراچی: نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی الیکٹرک کے ساتھ 150 میگا واٹ بجلی کی سپلائی کا معاہدہ طے ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو پاور ڈویژن نے 150 میگا واٹ بجلی مہیا کر دی ہے، کے ای کو بجلی معاہدہ طے ہونے کے بعد مہیا کی گئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ کے الیکٹرک کو 150 میگا واٹ بجلی کی سپلائی کا معاہدہ طے ہوا ہے، جب کہ قومی گرڈ سے پہلے ہی 650 میگا واٹ بجلی کے الیکٹرک کو دی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی الیکٹرک کا بجلی کی تقسیم کار کمپنی سے 22 سالہ معاہدہ ختم ہونے کے بعد شہر قائد کی نصف آبادی کو بجلی کی فراہمی بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی کی نصف آبادی کی بجلی معطل ہونے کا خدشہ

    کے الیکٹرک کا گزشتہ روز 19 جون 2019 کو تقسیم کار کمپنی سے 22 سالہ معاہدہ ختم ہو گیا ہے، معاہدہ ختم ہونے کے بعد شہر میں 123 میگا واٹ بجلی کی فراہمی معطل ہو جانی تھی۔

    ذرایع کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک بالکل مفت بجلی حاصل کر کے شہر قائد کے عوام سے ماہانہ کروڑوں روپے وصول کرتی ہے۔

    کے الیکٹرک نے تا حال فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار شروع نہیں کی ہے، مقامی کمپنی سے معاہدہ ختم ہونے سے متعلق نیپرا نے پاور ڈویژن کو خط ارسال کر کے صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔

  • امریکا کی عراق کو ایران سے بجلی کی خریداری کی مہلت میں توسیع

    امریکا کی عراق کو ایران سے بجلی کی خریداری کی مہلت میں توسیع

    واشنگٹن : امریکا نے عراق کو ایران سے بجلی درآمد کرنے کی مہلت میں توسیع کرتے ہوئے مزید 120 دن تک ایران سے بجلی کی خریداری کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا نے عراق کو ایران سے بجلی درآمد کرنے کی مہلت میں توسیع کرتے ہوئے مزید 120 دن تک ایران سے بجلی کی خریداری کی اجازت دی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں عراق نے جنرل الیکٹرک اور سیمنس کمپنیوں کے ساتھ پانچ سالہ روڈ میپ معاہدے کی منظوری دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت بغداد بجلی سپلائی لائنوں کی مرمت، قدرتی گیس کے وسائل کو جمع کرنے کے لیے آلات اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 14 ارب ڈالر کابجٹ صرف کرےگا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ رواں سال اپریل میں سیمنس کمپنی نے عراق کو ایران سے تیل کی خریداری کی محدود اجازت دی تھی۔ اس وقت عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے کہا تھا کہ جرمن کمپنی مستقبل میں بڑے سمجھوتوں کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

    خبر رساں ایجنسی ‘رائیٹرز’ نےتینوں فریقوں سے رابطے کے ذریعے بتایا کہ امریکی دباؤ کے بعد عراق نے جنرل الیکٹرک اور سیمنس کو کنٹریکٹ کے لیے ٹینڈر داخل کرنے پر زور دیا۔ توقع ہے کہ بغداد حکومت دونوں کمپنیوں کو کنٹریکٹ دے دے گا۔

  • کراچی: غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہری گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال

    کراچی: غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہری گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال

    کراچی: شہرِ قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا بد ترین سلسلہ آج بھی جاری رہا، شہری شدید گرمی اور پانی کی قلت سے بے حال رہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، لوڈ شیڈنگ کا یہ سلسلہ گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی شروع ہوا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق لیاری، میراں ناکہ، چاکیواڑہ، بہار کالونی میں 6 گھنٹے سے بجلی غائب ہے۔

    اورنگی ٹاؤن، قصبہ کالونی، پہاڑ گنج میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، نارتھ ناظم آباد، حسرت موہانی سوسائٹی، گلستان جوہر میں بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

    گلشن اقبال، عائشہ منزل، صفورہ گوٹھ میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی نے علاقہ مکینوں کو بے حال کر دیا ہے، کاٹھور، احسن آباد، گڈاپ، اسکیم 33 اور ابوالحسن اصفحانی روڈ پر بھی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے: وزیر توانائی

    ادھر شہر میں مسلسل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث واٹر بورڈ تنصیبات بھی متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کے الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔

    تاہم ایس ایس جی سی اور وفاقی وزیر توانائی نے کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ کے ای کو طلب سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

    دریں اثنا، وزیر بلدیات سعید غنی اور ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسد اللہ خان نے شدید گرم موسم میں شہر بھر میں ٹھنڈے پانی کے کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں، ان کیمپوں پر شہریوں کو ٹھنڈا پانی اور شربت پلایا جا رہا ہے۔

    یہ کیمپ نارتھ ناظم آباد، لانڈھی، نیپا، صفورا، منگھوپیر، بنارس سمیت 16 مقامات پر لگائے گئے ہیں، ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہائیڈرنٹس اور ٹینکرز سیل کو مزید کیمپ قائم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

  • کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے: وزیر توانائی

    کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے: وزیر توانائی

    اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ ایس ایس جی سی کے الیکٹرک کو ضرورت سے زائد گیس فراہم کر رہی ہے، کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کے دوران غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنے پر کے ای نے گیس کے کم پریشر کا بہانہ بنایا تھا، جس پر ایس ایس جی سی نے تردیدی بیان جاری کر دیا تھا۔

    آج وفاقی وزیر توانائی نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کے الیکٹرک کو ضرورت سے زیادہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔

    عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک کو ایس ایس جی سی کی جانب سے 210 مکعب فٹ گیس فراہم کی جا رہی ہے، کے الیکٹرک کا کم گیس پریشر کا دعویٰ غلط ور ریکارڈ کے منافی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: شدید گرمی میں 8 سے 15 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، کے الیکٹرک کی بے رحمی، شہریوں کا احتجاج

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے لیے اضافی 150 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کی منظوری دے دی ہے، لیکن کے الیکٹر ک میں مطلوبہ نظام نہ ہونے سے اضافی بجلی کی ترسیل ممکن نہیں، کے الیکٹرک ایک نجی کمپنی ہے جسے ترسیلی نظام اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کے الیکٹرک کے ترجمان نے کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر جاری بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی سے کچھ پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کچھ جگہوں پر جزوی طور پر لوڈ مینجمنٹ ہو رہی ہے۔

    جس پر ایس ایس جی سی ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کی 190 ایم ایم سی ایف ڈی ڈیمانڈ ہے، جب کہ انھیں طلب سے زیادہ گیس دی جا رہی ہے۔

  • فنی خرابی کے باعث بجلی کی معطلی، سعودی وزیر کی عوام سے معذرت

    فنی خرابی کے باعث بجلی کی معطلی، سعودی وزیر کی عوام سے معذرت

    ریاض : انجینئر خالد الفالح کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں زیادہ تر کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے،بریک ڈاﺅن کی تحقیقات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی، صنعت و قدرتی وسائل انجینئر خالد الفالح نے ملک کے جنوبی علاقوں میں فنی خرابی کے باعث بجلی کے عارضی تعطل پر ذاتی طور پر عوام سے معذرت کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں انجینئر الفالح نے کہا کہ فنی خرابی کے باعث ملک کے جنوبی علاقوں میں کچھ دیر بجلی کا بریک ڈاﺅن ہوا جس پر وہ متاثرہ علاقے کی عوام سے معذرت خواہ ہیں۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ میں اور میری پوری ٹیم نے ہنگامی بنیادوں پرمتاثرہ علاقوں میںبجلی کی بحالی کے لیے کوششیں کیں، متاثرہ علاقوں میں زیادہ تر کو بجلی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے جب باقی کچھ علاقوں کو بھی جلد ازجلد بجلی بحال کردی جائے گی۔

    سعودی وزیر نے کہا کہ بجلی بریک ڈاﺅن کے اور اس کی بحالی میں تاخیرکے اسباب کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ غفلت برتنے والے حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • کراچی والوں کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ

    کراچی والوں کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ

    کراچی: کے الیکٹرک نے صارفین کا ٹیرف پورے ملک کے برابر کردیا، بجلی کے نرخوں میں 3 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نےکراچی والوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں 2.15 سے 3.37 روپے تک کا اضافہ کردیا۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر قائد کے مکینوں کو اضافی بل اگلے ماہ سے ادا کرنا ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پیک اور آف پیک آورز کا نظام بھی متعارف کروا دیا گیا ہے، پیک آورز کے نرخ بڑھا دیے گئے ہیں۔ صارفین سے بینک چارجز اور میٹر رینٹ کی مد میں علیحدہ رقم نہیں لی جائے گی۔

    پیک آورز کا نظام 5 کلو واٹ اور اس سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔ 300 سے 700 یونٹ ماہانہ استعمال کے نرخ 17 روپے 33 پیسے مقرر کیے گئے ہیں جبکہ 700 یونٹ سے زائد کے استعمال پر 20.70 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کمرشل صارفین کے نرخ بھی بڑھائے گئے ہیں۔ کے الیکٹرک نے عدالت سے اسٹے آرڈر واپس لیے جانے کے بعد بجلی کے نرخ بڑھائے ہیں۔ کے الیکٹرک نے سنہ 2018 میں نیپرا کے مقرر کردہ نرخ کو چیلنج کیا تھا، 2018 میں دائر درخواست اپریل 2019 میں واپس لے لی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز نیپرا نے بجلی 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی تھی جس سے صارفین پر 5 ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا، اضافہ اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

  • چائنا پاور حب جنریشن کے کوئلے سے چلنے والے 2 یونٹس فعال، بجلی کی پیداوار شروع

    چائنا پاور حب جنریشن کے کوئلے سے چلنے والے 2 یونٹس فعال، بجلی کی پیداوار شروع

    کراچی: چائنا پاور حب جنریشن کے کوئلے سے چلنے والے 2 یونٹس فعال ہو گئے، یونٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کی پیداوار کے ایک اور منصوبے نے کام شروع کر دیا ہے، چائنا پاور حب جنریشن کے کوئلے سے چلنے والے 2 یونٹس فعال ہو گئے۔

    دونوں پاور پلانٹس سے 660 میگا واٹ بجلی حاصل ہوتی ہے، گزشتہ روز دونوں یونٹس کو نیشنل گریڈ سے منسلک کر دیا گیا تھا۔

    دونوں یونٹس سے بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جا رہی ہے، چائنا پاور حب جنریشن سی پیک کے تحت ترجیحی منصوبوں میں شامل ہے۔

    اس منصوبے کی مالیت 2 ارب ڈالر ہے، دو بلین ڈالر کے اس منصوبے میں دو پاور پلانٹ اور ایک کوئلے کی جیٹی شامل ہیں۔

    دونوں یونٹس سے حاصل ہونے والی بجلی سے 40 لاکھ گھروں کی بجلی کی ضرورت پوری کی جا سکے گی، خیال رہے کہ جنوری میں چائنا پاور حب جنریشن کمپنی نے اپنے 1320 میگا واٹ کے کول پاور پراجیکٹ کی 660 میگا واٹ کے پہلے یونٹ کو کام یابی کے ساتھ نیشنل گرڈ کے ساتھ منسلک کیا تھا۔

    چائنا پاور حب جنریشن کمپنی پرائیوٹ لمیٹڈ (ایس پی آئی سی) چائنا کی جانب سے پہلا غیر ملکی تھر مل پاور پراجیکٹ ہے جو کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔

  • کہروڑپکا: بجلی کی تار گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    کہروڑپکا: بجلی کی تار گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    لودھراں: کہروڑ پکا میں بجلی کی ہائی ٹینشن تار گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لودھراں کی تحصیل کہروڑ پکا کے علاقے حاصل والا کے رہائشی بیوی اور بچوں کے ہمراہ کھیتوں پر کام کے لیے جا رہے تھے کہ بجلی کی ہائی ٹینشن تار ٹوٹ کر بیل گاڑی پر گرگئی۔

    افسوس ناک حادثے میں غلام یاسین اس کی بیوی صغراں بی بی، بیٹی اور بیٹا جان کی بازی ہار گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق چاروں افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب بجلی کی مرمت کے لیے متعلقہ حکام بھی پہنچ گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو میں بجلی کی تار گرنے کے باعث گنے کی فصل میں آگ لگ گئی تھی جس سے 2 نوجوان جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ 16 ستمبر 2018 کو کراچی کے علاقے قائد آباد میں بجلی کی زمین پر پڑے تار کو چھونے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • کراچی میں پہلی سحری پرشہرکے مختلف علاقوں میں بجلی غائب

    کراچی میں پہلی سحری پرشہرکے مختلف علاقوں میں بجلی غائب

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے روز بجلی غائب رہی جس کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، موسیٰ کالونی، شاہ فیصل کالونی، شادمان، بفرزون، نارتھ کراچی، نصرت بھٹو کالونی، کاٹھور اور گڈاپ ناگوری سوسائٹی سمیت شہر کے مختلف علاقے بجلی نہ ہونے کے باعث اندھیرے میں ڈوبے رہے جہاں شہریوں نے اندھیرے میں رمضان المبارک کی پہلی سحری کی۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آغاز پر کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق آج شہر قائد کے درجہ حرارت میں مزید 2 ڈگری کمی کی توقع ہے، درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں یکم مئی 2019 سال کا گرم ترین دن تھا اور درجہ حرارت 42 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

  • نیلم جہلم پن بجلی گھرسے  پیداوارایک ہزارمیگاواٹ سے تجاوزکرگئی 

    نیلم جہلم پن بجلی گھرسے  پیداوارایک ہزارمیگاواٹ سے تجاوزکرگئی 

    اسلام آباد:نیلم جہلم پن بجلی گھر نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ،بجلی کی پیداوار ایک ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ۔منگل کو ترجمان واپڈا کے مطابق نیلم جہلم سے ایک ہزار40میگاواٹ تک بجلی پیدا ہوئی ۔

    ترجمان واپڈا نے بتایا کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کی پیداواری استعداد 969 میگاواٹ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ  استعداد سے زیادہ بجلی کی پیداوار پاور پلانٹ کے اعلیٰ معیار کی عکاس ہے ۔چیئرمین واپڈا نے اس اہم پیشہ ورانہ کامیابی پر نیلم جہلم پراجیکٹ انتظامیہ خصوصاً انجینئرز کو مبارکباد دی ۔

     ترجمان واپڈا نے کہاکہ توقع ہے پراجیکٹ رواں سال میں 4 ارب 60 کروڑ یونٹ سالانہ بجلی کی پیداوار کا ہدف حاصل کر لے گا ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ رواں موسم میں نیلم جہلم پراجیکٹ نے اپنی پوری پیداواری استعداد 29مارچ کو حاصل کی تھی۔

     منصوبے کے چاروں پیداواری یونٹس چلانے کےلئے 280 مکعب میٹر فی سیکنڈ (کیومکس) پانی کا بہاؤدرکار ہوتا ہے ، جو دریائے نیلم میں ہائی فلو سیزن کی وجہ سے اِن دِنوں دستیاب ہے۔ دریائے نیلم میں ہائی فلو سیزن عام طور پر مارچ سے اگست تک جاری رہتا ہے۔

    اپریل 2018 ءمیں پہلے یونٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہونے سے اب تک نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نیشنل گرڈ کو دو ارب 35 کروڑ یونٹ ماحول دوست پن بجلی فراہم کر چکا ہے.

    آج کل منصوبہ روزانہ اوسطاً دوکروڑ یونٹ سے زائد بجلی مہیا کررہا ہے۔ توقع ہے کہ رواں سال یہ منصوبہ 4 ارب 60کروڑ یونٹ بجلی مہیا کرنے کا سالانہ ہدف حاصل کرلے گا۔