اسلام آباد: شہر قائد کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر ہے، کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4.69 روپے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4.69 روپے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت 19 جون کو کرے گی۔
بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، اس کمی سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 17 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔
یاد رہے کہ عید سے دو روز قبل بھی نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ سستی کی تھی، یہ کمی مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی تھی، جس کا ریلیف کے الیکٹرک صارفین کو جون کے بجلی کے بلوں میں ملے گا۔
کراچی والوں کیلیے عید کا تحفہ، بجلی سستی کر دی گئی
کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ بجلی واقعی مہنگی ہے تاہم اس سے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے حکومت پر ذمہ داری عائد کر دی تھی۔
دوسری طرف یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ یکم جولائی سے بجلی کے بنیادی نرخ میں 25 فی صد اضافے کی تجویز ہے، جس کے تحت یکم جولائی سے بجلی 7 روپے 12 پیسے فی یونٹ مہنگی ہو جائے گی، تاہم ترجمان پاورڈویژن نے اس خبر کو غلط قرار دے دیا ہے۔