Tag: بجلی

  • لائٹ جاندی اے: سجاد علی کا گنگنا کر پریشانی کا اظہار

    لائٹ جاندی اے: سجاد علی کا گنگنا کر پریشانی کا اظہار

    ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے سب کو پریشان کر رکھا ہے اور فنکار بھی اس پریشانی سے آزاد نہیں، لیکن معروف گلوکار سجاد علی نے اس پریشانی کو بھی گانے کی شکل دے دی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سجاد علی نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی ٹیم کے ساتھ اسٹوڈیو میں موجود ہیں۔

    غالباً اس دوران انہیں بجلی کی آنکھ مچولی نے پریشان کر رکھا ہے، تبھی وہ پنجابی میں گانا شروع کرتے ہیں، لائٹ آندی اے، لائٹ جاندی اے۔

    اس کے ساتھ ہی ان کی ٹیم اس پر موسیقی بجانا شروع کردیتی ہے جس کے بعد یہ اچھے خاصے گانے کی شکل اختیار کرجاتا ہے۔

    سجاد علی کی اس ویڈیو پر مداح بہت لطف اندوز ہوئے، کئی لوگوں نے خود کو بھی اسی پریشانی کا شکار قرار دیا جبکہ کچھ نے سجاد علی کے گانے کی تعریف کی۔

  • سعودی عرب میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے

    سعودی عرب میں ماحول دوست بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے

    ریاض: سعودی عرب میں ماحول دوست قابل تجدید توانائی سے چلنے والے بجلی کے منصوبوں پر جلد کام شروع کردیا جائے گا، منصوبوں سے 33 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں تجدد پذیر توانائی (ری نیو ایبل انرجی) سے 33 سو میگا واٹ بجلی کے 5 منصوبوں کے ٹینڈر جاری کیے گئے ہیں۔

    سعودی کمپنی نے تجدد پذیر توانائی کے ذریعے بجلی کی پیداوار کے لیے جو نئے منصوبے پیش کیے ہیں ان کا تعلق وزارت توانائی کی نگرانی میں تجدد پذیر توانائی کے قومی پروگرام کے چوتھے مرحلے سے ہے۔

    5 میں سے 3 منصوبے ایسے ہیں جن کے تحت ہوا کے ذریعے جبکہ 2 منصوبوں کے تحت شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جائے گی۔

    ہوا کے ذریعے پراجیکٹس سے 18 سو میگا واٹ بجلی تیار ہوگی، ان میں سے ایک منصوبہ ینبع میں قائم کیا جائے گا جس سے 700 میگا واٹ بجلی پیداوار متوقع ہے۔

    الغاظ میں دوسرے منصوبے سے 600 میگا واٹ جبکہ وعد الشمال پروجیکٹ سے 500 میگا واٹ بجلی کی پیدوار ہوگی۔

    شمسی توانائی کے 2 منصوبوں سے کل 1500 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی، ان میں سے ایک منصوبہ الحناکیہ میں بنے گا جس کی پیداوار 11 سو میگا واٹ ہوگی جبکہ دوسرا منصوبہ طبرجل میں مکمل ہوگا جس سے بجلی کی پیداوار 400 میگا واٹ متوقع ہے۔

  • 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے خوشخبری

    300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے خوشخبری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ریلیف پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے، 300 اور اس سے کم یونٹ والے صارفین سے فیول چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم کے حکم پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارج کے ریلیف کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کم بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے ریلیف پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے، 300 اور اس سے کم یونٹ والے صارفین سے فیول چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بل کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کر دی گئی، جو شہری بل ادا کر چکے ہیں ان کے لیے آئندہ ماہ کے بلوں سے مطلوبہ رقم کم کر دی جائے گی۔

  • بلوچستان کے متعدد علاقوں میں 6 روز سے بجلی معطل

    بلوچستان کے متعدد علاقوں میں 6 روز سے بجلی معطل

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقوں دالبندین، نوکنڈی اور چاغی میں 6 دن سے بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی معطل ہے، انٹرنیٹ، موبائل فون سروس، اے ٹی ایم، نادرا اور دیگر سروسز بھی معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقوں دالبندین، نوکنڈی اور چاغی میں 6 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے، پینے کے پانی کی فراہمی بھی گزشتہ 8 دن سے متاثر ہے۔

    بلوچستان کے متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس، اے ٹی ایم، نادرا اور دیگر سروسز بھی معطل ہیں، بینک، اسپتال، پاسپورٹ آفس، سرکاری دفاتر اور کاروبار شدید متاثر ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں رواں برس 506 فیصد زائد بارشیں ہوئی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 14 جون سے اب تک بارشوں اور سیلاب سے ملک بھر میں 11 سو 36 افراد جاں بحق اور 16 سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، 10 لاکھ 51 ہزار مکانات، 162 پل، اور 34 ہزار 71 کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، جبکہ 7 لاکھ 35 ہزار سے زائد مویشی مر چکے ہیں۔

  • کراچی والے پھر تیار ہوجائیں! بجلی 14 روپے 53 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

    کراچی والے پھر تیار ہوجائیں! بجلی 14 روپے 53 پیسے مہنگی ہونے کا امکان

    اسلام آباد : کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں 14روپے 53پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے بجلی صارفین بھی ہوشیار ہوجائیں، کے الیکٹرک نے بجلی14روپے 53پیسےمہنگی کرنے کی درخواست کردی۔

    کے الیکٹرک نے اضافہ اپریل تاجون2022کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں مانگا ، نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر کل سماعت کرے گا۔

    ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی3.47 روپےسستی کرنےکی درخواست بھی کی گئی ہے ، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا6 ارب 25 کروڑ روپے کا ریلیف بنے گا۔

    نیپرا،کے الیکٹرک کی جولائی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست بھی غور کرے گا ، کےالیکٹرک نےسہ ماہی اورماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی الگ الگ درخواستیں دائر کیں۔

  • ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے بھی بڑھ گیا

    ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے بھی بڑھ گیا

    اسلام آباد: ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 251 میگا واٹ ہوگیا، ملک کے مختلف علاقوں میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 251 میگا واٹ ہوگیا، ملک میں بجلی کی کل طلب 28 ہزار میگا واٹ اور مجموعی پیداوار 21 ہزار 749 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی سے 7 ہزار 950 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، آئی پی پیز سے بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 700 میگا واٹ ہے، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 345 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سرکاری تھرمل پلانٹس 800 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، ونڈ پاور پلانٹس 730 میگا واٹ اور سولر پلانٹس سے پیداوار 142 ہے، بگاس پاور پلانٹس سے 82 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

  • بارشیں اور سیلاب: بلوچستان میں بجلی بحال ہونے میں ایک ہفتہ لگے گا

    بارشیں اور سیلاب: بلوچستان میں بجلی بحال ہونے میں ایک ہفتہ لگے گا

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 27 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے جس کی وجہ سے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بی بی نانی پل کے قریب این ٹی ڈی سی کے 10 اور پیر غائب کے علاقے میں کیسکو کے 132 کے وی کے 3 ٹاور گرے ہیں۔

    کیسکو کا کہنا ہے کہ 220 کے وی سبی، کوئٹہ، 132 کے وی سبی، کوئٹہ اور 220 کے وی دادو، خضدار ٹرانس میشن لائنوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    کیسکو کے مطابق مستونگ، نوشکی، چاغی، خاران اور دالبندین کے علاقوں کو بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے، مجموعی طور پر صوبے کے 27 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی تا حال معطل ہے۔

    کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو معمول پر آنے میں کم از کم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

  • حکومت کا بجلی اور گیس مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا بجلی اور گیس مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے مزید مشکل فیصلے کرنے کی تیاری کرلی، آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرنے کے لیے بجلی اور گیس مزید مہنگی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس مزید مہنگی کی جائے گی، اخراجات کم کیے جائیں گے اور ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سےنیپرا کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا، حکومت فیول ایڈجسٹمنٹ کے فیصلوں پر بلا تاخیر عمل درآمد کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق حکومت گورننس بہتر کرنے کے لیے اقدامات کرے گی، صوبائی اینٹی کرپشن کے محکموں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، حکومت بجٹ میں مختص کردہ سبسڈیز ہی استعمال کرے گی۔

    اکتوبر میں بجلی کی قیمت میں 91 پیسے فی یونٹ کا مزید اضافہ کیا جائے گا، پیٹرولیم لیوی مرحلہ وار 50 روپے فی لیٹر تک بڑھائی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس کل ہوگا جس میں پاکستان کے لیے 1 ارب 18 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری کا جائزہ لیا جائے گا، آئی ایم ایف پاکستان کے ساتویں اور آٹھویں جائزوں پر غور کرے گا۔

    پاکستان آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط پر عمل کر چکا ہے، آئی ایم ایف کو مزید اقدامات کی یقین دہانی کروائی جا چکی ہے۔

  • کے الیکٹرک خلاف پُرتشدد احتجاج، 5 مقدمات درج

    کے الیکٹرک خلاف پُرتشدد احتجاج، 5 مقدمات درج

    کراچی: کے الیکٹرک خلاف پُرتشدد احتجاج کے دوران املاک کو نقصان پہنچائے جانے پر 5 مقدمات درج کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے املاک کو نقصان پہنچانے پر شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 ایف آئی آر درج کرا دیں۔

    جمعرات کو کے الیکٹرک کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں پرتشدد احتجاج کی رپورٹس موصول ہوئیں، جس میں کے الیکٹرک کے عملے کو زد و کوب کیا گیا اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا، جس کی وجہ سے کے الیکٹرک کے لانڈھی اور کورنگی میں موجود آئی بی سیز عارضی طور پر بند رہیں گی۔

    کے الیکٹرک ترجمان نے کہا ہم شہریوں کے پرامن حق احتجاج کا احترام کرتے ہیں، تاہم جمعرات کو ہمارے کسٹمرز سے رابطہ قائم رکھنے والے دفاتر کو شدید نقصان اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

    کراچی: سائٹ ایریا میں کے الیکٹرک کے دفتر پر خواتین کا پتھراؤ

    ترجمان نے کہا کے الیکٹرک کی جانب سے پرتشدد احتجاج کے خلاف 5 ایف آئی آر درج کرائی گئی ہیں اور قانون شکنی کرنے والوں کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز قانون نافذ کرنے والے حکام کو فراہمی کر دی گئی ہیں۔

    ترجمان کے مطابق کمشنر کراچی نے بھی کے الیکٹرک کے املاک اور عملے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    ترجمان نے کہا موجودہ صورت حال میں شارٹ فال 24 گھنٹے برقرار رہتا ہے، اور لوڈشیڈنگ کرنا مجبوری ہے، تاہم جہاں بھی ممکن ہوتا ہے اور جب بھی شارٹ فال میں کمی آتی ہے، کے الیکٹرک فوری طور پر اپنے صارفین کو ریلیف فراہم کرتا ہے۔

    کے الیکٹرک کا تعارف

    کے الیکٹرک ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے، جس کا قیام پاکستان بننے سے قبل 1913 میں عمل میں آیا تھا، 2005 میں کمپنی کی نج کاری کی گئی۔ کے الیکٹرک پاکستان میں واحد عمودی طور پر مربوط یوٹیلیٹی ہے جو کراچی اور اس کے ملحقہ علاقوں سمیت 6500 مربع کلومیٹر علاقے میں بجلی فراہم کرتی ہے۔

    کمپنی کے 66.4 فی صد حصص کے الیکٹرک ایس پاور کی ملکیت میں ہیں، یہ سرمایہ کاروں کا ایک کنسورشیم ہے، جس میں سعودی عرب کی الجومعہ پاور لمیٹڈ، کویت کا نیشنل انڈسٹریز گروپ (ہولڈنگ) اور انفرا اسٹرکچر اینڈ گروتھ کیپٹل فنڈ (آئی جی سی ایف) شامل ہیں)۔

    کے الیکٹرک میں حکومت پاکستان کے 24.36 فی صد حصص ہیں۔

  • بارش کے موسم میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، شہری کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دینے پر مجبور

    بارش کے موسم میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، شہری کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دینے پر مجبور

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی میں رات گئے علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک آفس کے سامنے دھرنا دیا، قائد آباد، داؤد چورنگی اور ملیر معین آباد میں بھی بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

    کراچی میں بارش کے موسم میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے بجلی کے ستائے شہریوں کو دھرنا دینے پر مجبور کر دیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    قائد آباد داؤد چورنگی کے قریب بجلی کی بندش کے خلاف مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر ٹائر جلائے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ رات 11 سے صبح 5 بجے تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے، جس نے ہماری زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

    احتجاج کے دوران نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سی 2،3، سیکٹر الیون سی ون، ٹو میں لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی، لیاری، رامسوامی، لانڈھی، ملیر، معین آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد میں بھی بجلی بند رہی۔

    کورنگی، لیاقت آباد، پاک کالونی، پی ای سی ایچ ایس، کلفٹن، ڈی ایچ اے، قیوم آباد اور بھٹائی کالونی میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔