Tag: بجلی

  • بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

    بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

    اسلام آباد: بجلی 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، سی پی پی اے نے نیپرا میں‌ درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے کہ جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی مزید مہنگی کی جائے۔

    نیپرا اتھارٹی 31 اگست کو اس درخواست پر سماعت کرے گی، اضافے سے صارفین پر 65 ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

    سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ جولائی میں پانی سے 35.17 فی صد، کوئلے سے 12.74 فی صد، ڈیزل سے 1.46 فی صد، فرنس آئل سے 6.42 فی صد بجلی پیدا کی گئی۔

    سی پی پی اے کے مطابق ڈیزل سے پیدا بجلی کی لاگت 27 روپے 88 پیسے فی یونٹ رہی، فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 10.36 اور درآمدی ایل این جی سے 14.98 فی صد بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے پیدا بجلی کی لاگت 28 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔

    جوہری ایندھن سے 14.20 فی صد بجلی پیدا کی گئی، جس کی لاگت 1 روپے فی یونٹ رہی۔

    سی پی پی اے نے بتایا کہ جولائی کے لیے ریفرنس لاگت 6 روپے 28 پیسے فی یونٹ مقرر تھی، بجلی کی پیداواری لاگت 10 روپے 98 پیسے فی یونٹ رہی، اس طرح جولائی میں کل 13 ارب 76 کروڑ یونٹس بجلی پیدا کی گئی۔

  • بن قاسم پاور پلانٹ بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں‌ بڑی کمی، لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع

    بن قاسم پاور پلانٹ بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں‌ بڑی کمی، لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع

    کراچی: بن قاسم کا نیا کمیشن ہونے والا پاور پلانٹ 3 بند ہونے سے 450 میگا واٹ بجلی کی کمی ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بن قاسم کے نئے پاور پلانٹ تھری کی بندش سے 450 میگا واٹ بجلی کی کمی کی وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ پاور پلانٹ کے ٹربائن کی مرمت میں 2 سے 3 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے، اس کے لیے پرزے بیرون ملک سے منگوائے جائیں گے۔

    بن قاسم ون پاور پلانٹ پرانا ہونے کی وجہ سے صرف 250 سے 300 میگا واٹ بجلی بنا رہا ہے۔

    کےالیکٹرک کی گیس ٹربائن غیر فعال ، 450 میگاواٹ بجلی کی فراہمی بند

    بجلی کی کمی کی وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، شہر کے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جہاں تین بار ڈیڑھ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہونے لگی ہے۔

    شہر کے دیگر مختلف علاقوں میں 10 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس ٹربائن بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہو گئی ہے، بن قاسم کے پرانے گیس سے چلنے والے 2 یونٹس سے فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار شروع کی گئی ہے۔

    دوسری طرف ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں اضافی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں کراچی کے علاقوں کورنگی، لانڈھی، بھینس کالونی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، بلدیہ، کیماڑی، لیاقت آباد، سائٹ، اولڈ سٹی ایریا، ملیر، شاہ فیصل کالونی، یوسف گوٹھ، تیسر ٹاؤن، گڈاپ، کاٹھور، اسکیم 33، رزاق آباد، گلشن حدید، شاہ لطیف ٹاؤن، ماریپور، لیاری میں لوڈ شیڈنگ دورانیے میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

  • ملک بھر میں بجلی کی پیداوار کے ساتھ شارٹ فال میں بھی اضافہ

    ملک بھر میں بجلی کی پیداوار کے ساتھ شارٹ فال میں بھی اضافہ

    اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگا واٹ ہوگیا، ملک بھر میں کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال مزید بڑھ گیا، بجلی کی طلب 29 ہزار میگا واٹ ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی مجموعی پیداوار 22 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ شارٹ فال بڑھ کر 7 ہزار میگا واٹ ہوچکا ہے۔

    ملک بھر میں 4 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، لیسکو کا شارٹ فال 400 میگا واٹ ہوگیا ہے۔

  • موسلا دھار بارشیں: شہر کے 60 سے زائد فیڈر بند

    موسلا دھار بارشیں: شہر کے 60 سے زائد فیڈر بند

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہے، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد شہر کے 60 فیڈر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بند ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد شہر کے 60 فیڈر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بند ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیموں سے کلیئرنس ملنے کے بعد مختلف علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔

    شہر کے مختلف علاقوں ناظم آباد نمبر 3، گلشن اقبال، ویسٹ وارف لیاری، پی ای سی ایچ ایس بلاک 6، گلشن کنیز فاطمہ اور شانتی نگر سمیت متعدد علاقوں کی بجلی بحال کی جاچکی ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے اب تک 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث پورے شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال ہے۔

    متعدد سڑکوں پر کئی فٹ پانی کھڑا ہے جبکہ کئی علاقوں میں گھروں میں بھی پانی داخل ہوچکا ہے۔

    بارش کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوچکی ہے اور اکثر علاقوں میں کئی گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

  • بجلی کی پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا؟ نیپرا

    بجلی کی پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا؟ نیپرا

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداواری لاگت میں 16 گنا اضافہ ہوا ہے، اگر یہ قیمت صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کردہ ملک میں بجلی کے بنیادی یکساں ٹیرف کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے سماعت کی صدارت کی۔

    وفاقی حکومت نے نیپرا کو بجلی کی قیمت میں 7 روپے 91 پیسے اضافے کی درخواست دی ہے، سماعت کے بعد نیپرا اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوائے گی۔

    سماعت کے دوران ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن محفوظ بھٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیپرا 4 جون کو بجلی 7.91 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے چکی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ صارفین پر ایک ساتھ بوجھ نہ ڈالا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اضافے کے باوجود حکومت بجلی ٹیرف پر 220 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، قیمت میں اضافے سے تقریباً 50 فیصد صارفین پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا، حکومت چاہتی ہے کہ تمام ملک میں یکساں بجلی ٹیرف لاگو کیا جائے۔

    چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ عالمی منڈی میں فیول پرائسز بڑھ رہی ہیں، 3 سال پہلے درآمدی کوئلہ 50 ڈالر فی ٹن تھا آج 400 ڈالر ہے، فیول لاگت میں 8 گنا اضافہ ہو چکا ہے، روپے کے مقابلے میں ڈالر بھی ڈبل ہو چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداواری لاگت میں 16 گنا اضافہ ہوا ہے، اگر یہ قیمت صارف ادا نہیں کرے گا تو کون کرے گا۔ صورتحال ہمارے اندازے سے بہت آگے بڑھ چکی ہے۔

    چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ نیپرا کا عالمی قیمتیں اور ڈالر کنٹرول کرنے میں کوئی اختیار نہیں، ہمارا اندازہ تھا کہ ڈالر 200 روپے سے اوپر نہیں جائے گا، اب ڈالر 222 روپے سے بھی اوپر جا چکا ہے۔

    بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل ہوگئی، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

    خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی دائر کردہ درخواست میں کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے لیے بنیادی ٹیرف بڑھانے کی تجویز ہے، حکومت بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھائے گی۔

    رواں ماہ جولائی سے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز ہے، اگست میں بجلی کی قیمت میں مزید 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے گا جبکہ اکتوبر میں بجلی 91 پیسے فی یونٹ مزید بڑھائی جائے گی۔

  • آئی ایم ایف کی شرط: بجلی مزید مہنگی کرنے کی تجویز

    آئی ایم ایف کی شرط: بجلی مزید مہنگی کرنے کی تجویز

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر عمل درآمد کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے بجلی کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 91 پیسے بڑھانے کی درخواست نیپرا میں بھجوا دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر عمل درآمد مکمل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں، بجلی کا بنیادی ٹیرف 7 روپے 91 پیسے بڑھانے کی درخواست نیپرا میں دائر کردی گئی۔

    وفاقی حکومت نے یکساں ٹیرف کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کروائی ہے، نیپرا کی جانب سے وفاقی حکومت کی درخواست پر کل سماعت ہوگی، سماعت کے بعد فیصلہ نوٹی فکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے گا۔

    درخواست میں کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے لیے بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کا بجلی کا بنیادی ٹیرف مرحلہ وار بڑھانے کا ارادہ ہے، جولائی سے بجلی 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز ہے، اگست میں بجلی مزید 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کی جائے گی۔

    بعد ازاں اکتوبر سے بجلی کا بنیادی ٹیرف 91 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی تجویز ہے۔

  • بجلی کی طلب اور رسد میں فرق مزید بڑھ گیا

    بجلی کی طلب اور رسد میں فرق مزید بڑھ گیا

    لاہور: ملک بھر میں بجلی کا بحران جاری ہے، بجلی کے تقسیم کار اداروں کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے طے کردہ شیڈول کے علاوہ بھی بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار 500 میگا واٹ ہوگیا، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب 29 ہزار اور پیداوار 21 ہزار 500 میگا واٹ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کو تقریباً 800 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، لیسکو کی طرف سے ساڑھے 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

    تاہم سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور ٹرپنگ بھی جاری ہے، لوڈ میں کمی بیشی کی وجہ سے ٹرانسفارمرز اور میٹر جلنے کی سینکڑوں شکایات موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قصبوں، دیہات اور ہائی لاسز فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے۔

  • سستی بجلی کی جانب بڑا قدم، نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کا مسودہ تیار

    سستی بجلی کی جانب بڑا قدم، نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کا مسودہ تیار

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہریوں کے لیے سستی بجلی کی جانب بڑا قدم اٹھاتے ہوئے، سندھ حکومت نے نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کا قانونی مسودہ تیار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے نیپرا کے مقابلے میں سیپرا کے قیام کی تیاری کے سلسلے میں سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا۔

    مجوزہ قانون کے مطابق سندھ میں سیپرا بجلی کے ٹیرف کا تعین کرے گی، پاور جنریشن اور لائسنسنگ کو ریگولیٹ کرے گی، اور صوبے میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مانیٹرنگ کرے گی۔

    سندھ کابینہ کے 5 جولائی کے اجلاس میں اتھارٹی کے قیام پر غور اور فیصلہ ہوگا، بتایا جا رہا ہے کہ اس کے بعد سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اس مسودے کی منظوری دے کر اسے قانونی صورت دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ وفاق میں پہلے ہی اس حوالے سے ایک اتھارٹی موجود ہے، تاہم اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ بجلی کی تقسیم اور اس کا ٹیرف مقرر کرے۔

    اس وقت تھر کوئلہ اور ونڈ سے پیدا ہونے والی بجلی سندھ حکومت کی اپنی ہے، لہٰذا صوبائی حکومت اس سلسلے میں سندھ کے شہریوں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے یہ قانون سازی کر رہی ہے۔

  • کے الیکٹرک نے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی

    کے الیکٹرک نے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی

    کراچی: کے الیکٹرک نے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی الیکٹرک نے کمشنر کراچی اور عوامی نمائندوں کو پورے شہر میں رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔

    کراچی میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کے سنگین ہوتے مسئلے پر بدھ کی شام کو کمشنر کراچی کے نوٹس کے بعد کمشنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بلایا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی آصف خان، ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ڈپٹی کمشنر کیماڑی، اور کراچی الیکٹرک کے سی ڈی او عامر ضیا نے شرکت کی۔

    اجلاس میں شہر میں بجلی کی علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کے بحران پر قابو پانے کی تجاویز پیش کی گئیں، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مسئلے کے حل کے لیے عوامی نمائندوں، اہل علاقہ اور KE کے افسران کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر کےالیکٹرک کا مؤقف

    کے ای انتظامیہ کے مطابق تیل اور گیس کے بحران کی وجہ سے کراچی الیکٹرک کے 2 فیڈرز بند ہیں، جس کے باعث کراچی الیکٹرک شہر کی بجلی کی کھپت کو پورا کرنے سے قاصر ہے۔

    کے الیکٹرک نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں شہر بھر کے رہائشی علاقوں سے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے۔

    کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہا بجلی کے بحران کو ہر قیمت پر حل کرنا ہوگا، شہریوں کو ان کی بنیادی سہولیات پہنچانے کے لیے کراچی انتظامیہ ہمہ وقت تیار ہے، میں وزیر اعلیٰ سند ھ کی ہدایت کی روشنی میں اس مسلئے کے حل کے لیے ہر قسم کی کوشش کروں گا۔

  • ملک بھر میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی

    ملک بھر میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی

    کراچی: ملک بھر میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے، کراچی اور لاہور میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

    کراچی میں ماڑی پور روڈ پر لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج 16 گھنٹے سے جاری ہے، احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ کے دونوں ٹریک بند ہیں، جناح برج، نیٹی جیٹی اور اطراف میں گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں، ایم ٹی خان روڈ، مائی کلاچی روڈ، بوٹ بیسن سے پنجاب چورنگی تک ٹرک اور ٹریلرز کی قطاریں لگ گئی ہیں، لانڈھی فیوچر موڑ اور لیاقت آباد، تین ہٹی پل پر شہریوں نے رات گئے احتجاج کیا۔

    وزیراعظم نےجولائی میں لوڈشیڈنگ مزید بڑھنےکا عندیہ دیدیا

    گزشتہ روز لاہور شہر میں ایک درجن سے زائد مقامات پر شہریوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا، لاہور کے علاقے سبزہ زار میں گزشتہ شام سے بجلی بند ہے، شہریوں نے لیسکو آفس کے سامنے احتجاج کیا۔

    ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے جولائی میں لوڈ شیڈنگ مزید بڑھنے کا عندیہ دے دیا ہے، وزیر اعظم نے ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے خطاب میں کہا آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے جا رہا ہے، اس نے کڑی شرائط رکھی ہیں۔

    پٹرول،گیس اور بجلی مہنگی کرنے کے باوجود وزیر اعظم کی ڈھٹائی برقرار رہی ہے، انھوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ دوسری طرف پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایل این جی کے 4 کارگو کی ضرورت ہے، لیکن یہ حکومت ایک بھی نہ خرید سکی، یہ ایسا کوئی کام نہیں کرتے جس سے عوام کو فائدہ ہو، یہ پیٹرول کی قیمت مزید بڑھانے جا رہے ہیں۔