Tag: بجٹ اجلاس

  • پیپلز پارٹی کی آج کے بجٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار

    پیپلز پارٹی کی آج کے بجٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے آج قومی اسمبلی بجٹ اجلاس میں علامتی شرکت کا فیصلہ کرتے ہوئے چار ایم این ایز نامزد کر دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے آج کے بجٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پی پی نے قومی اسمبلی بجٹ اجلاس میں علامتی شرکت کا فیصلہ کرلیا اور قومی اسمبلی اجلاس کیلئے چار ایم این ایز نامزد کر دیئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی کے چار اراکین آج اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے، آغا رفیع اللہ، قادر پٹیل، شبیر بجارانی اور اسد نیازی شریک ہوں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ پی پی کے ایم این ایز کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔

    بجٹ اجلاس میں مکمل شرکت کا فیصلہ وزیراعظم سے ملاقات سے مشروط کردیا گیا ہے ، وزیراعظم سے نتیجہ خیز ملاقات پر پی پی بجٹ اجلاس میں مکمل شرکت کرے گی۔

    پیپلزپارٹی نے بجٹ تقریر کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں علامتی شرکت کی تھی۔

  • آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اہم  اجلاس آج جاتی امرا میں طلب

    آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اہم اجلاس آج جاتی امرا میں طلب

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اجلاس آج جاتی امرا میں طلب کر لیا، جس میں شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ میں اقدامات کے احکامات دیئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اہم اجلاس آج طلب کرلیا، شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس جاتی عمرہ میں بلایا گیا ہے۔

    حکومتی معاشی ٹیم کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کردی گئی ہے ، اجلاس میں آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا، معاشی ٹیم وزیر اعظم کو بجٹ تجاویز پر بریفنگ دے گی۔

    وزیراعظم حکومتی معاشی ٹیم کو بجٹ سے متعلق اہم ہدایات جاری کریں گے، جس میں شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ میں اقدامات کے احکامات دیں گے۔

    اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب،وزیر پیٹرولیم مصدق ملک،وزیر پاور اویس لغاری اور وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ شرکت کریں گے جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی شرکت بھی متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ وزیرتجارت جام کمال اوروزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    یاد رہے آئی ایم ایف نے وفاقی بجٹ 2024-25 کے اہداف کا جائزہ لیا اور کہا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان کی درآمدات میں پانچ ارب اکیاون کروڑ سترلاکھ ڈالرزاضافےکا تخمینہ ہے اور برآمدات میں ایک ارب پینتیس کروڑ بیس لاکھ ڈالرزاضافےکا امکان ہے۔

    آئی ایم ایف نے نئے مالی سال درآمدات کاحجم ساٹھ ارب اڑتالیس کروڑ ڈالرز ، جبکہ برآمدات بتیس ارب چھپن کروڑ ڈالرز رہنے کا تخمینہ دیا ہے۔

    آئندہ بجٹ میں سنگل سیلز ٹیکس ریٹرن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ذرائع کے مطابق نان فائلر کاروباری افراد کی سپلائی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ ٹائلز سیکٹرمیں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے کی تجویز ہے اور پوائنٹ آف سیلزمیں ایف بی آرکی ہر رسید پر فیس بڑھانے کا امکان ہے۔

  • ایوان اقبال میں بجٹ اجلاس کرانے پر گورنر پنجاب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا

    ایوان اقبال میں بجٹ اجلاس کرانے پر گورنر پنجاب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا

    لاہور : ایوان اقبال میں بجٹ اجلاس کرانے پر گورنر پنجاب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا، نوٹس کی کاپی صدر مملکت کو بھی ارسال کرتے ہوئے گورنر کو عہدے سے ہٹانے کی استدعا کردی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب بلیغ الرحمان کے ایوان اقبال میں اسمبلی اجلاس کرانے کے معاملے پر تحریک انصاف ایم پی اے زنیب عمیر نے اظہرصدیق کی وساطت سے گورنرپنجاب کو قانونی نوٹس بھجوادیا۔

    پی ٹی آئی ایم پی اے نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب اسمبلی کااجلاس غیرقانونی طورپراورغیرآئینی طورپربلایاگیا، گورنرکےاس اقدام سےاسمبلی 2حصوں میں تقسیم ہوئی۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ گورنر نے آرڈینس جاری کرتےہوئےاپنےاختیارات کاتجاوز کرکےیہ احکامات جاری کیے، سپریم کورٹ کےفیصلے کےمطابق ایسےاحکام کی قانونی حیثیت نہیں تھی۔

    گورنر کی انتظامی اختیارات اورامورمیں مداخلت بھی غیرقانونی ہیں، گورنراپنےغیرآئینی احکامات واپس لیں۔

    صدر پاکستان عارف علوی کو نوٹس کی کاپی بھجوادی گئی ، جس میں صدرپاکستان سےگزارش کی گئی کہ گورنرپنجاب کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

  • پنجاب حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار،بجٹ اجلاس آئندہ ماہ تک ملتوی کرنےکی تجویز

    پنجاب حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار،بجٹ اجلاس آئندہ ماہ تک ملتوی کرنےکی تجویز

    لاہور : پنجاب حکومت اوراپوزیشن میں ڈیڈلاک کے بعد صوبائی وزرا نے بجٹ اجلاس آئندہ ماہ تک ملتوی کرنے کی تجویز دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس پر ڈیڈ لاک برقرار ہے ، صوبائی وزرا اور بیشتر لیگی رہنماؤں نے بجٹ اجلاس آئندہ ماہ تک ملتوی کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزرا اور لیگی ارکان نے بجٹ 20خالی نشستوں کےانتخاب کے بعد کرانے کی تجویز دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سے مشاورت میں آئی جی اور چیف سیکرٹری کوکسی صورت ایوان میں پیش نہ کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات خارج کرنے کے لیے تحقیقات پر کام بند کردیا گیا ہے ، ایڈووکیٹ جنرل ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے تحقیقات پر کام بند کیا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ اسپیکر افسران کا معاملہ استحقاق یا خصوصی کمیٹی میں لے جاناچاہیں تو حکومت حمایت کرے گی،حکومت کے پاس جولائی تک محکموں کو چلانے کےلیےوسائل موجود ہیں۔

    گذشتہ روز پنجاب کا بجٹ پیش کرنے سے پہلے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پنجاب اسملبی میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔

    تحریک انصاف نے مطالبہ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں اور رہنماؤں پر درج مقدمات واپس لیے جائیں جبکہ بجٹ سے قبل آئی جی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر معافی مانگیں اور اسمبلی اسٹاف پر درج مقدمات بھی واپس لیے جائیں۔

    تاہم وزیر اعلیٰ آفس نے اپوزیشن مطالبات کو مسترد کردیا تھا اور حکومتی ٹیم نے وزیراعلیٰ سے مشاورت کے بعد اپنی شرائط پیش کی تھیں۔

    حکومت کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی پر درج ہونے والے مقدمات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، تحقیقات ہونگی کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران کیا کچھ ہوا، تحقیقات کے بغیر کسی قسم کا معاہدہ قبول نہیں ہو گا۔

  • خیبر پختونخوا بجٹ اجلاس میں ایک ‘فرینڈلی ہاتھا پائی’ کی ویڈیو سامنے آ گئی

    خیبر پختونخوا بجٹ اجلاس میں ایک ‘فرینڈلی ہاتھا پائی’ کی ویڈیو سامنے آ گئی

    پشاور: خیبر پختونخوا بجٹ اجلاس میں ایک ‘فرینڈلی ہاتھا پائی’ کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز خیبر پختون خوا اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2022-23 کا بجٹ پیش کر دیا گیا ہے، دل چسپ امر یہ ہے کہ اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن ارکان کے مابین جھڑپ تو نہیں ہوئی لیکن حکومتی رکن کی اپنے ہی اتحادی کے ساتھ گھمسان کا رن پڑ گیا۔

    کے پی اسمبلی میں جب صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کر رہے تھے، عین اسی وقت ایز لابی جو کہ عموما حکومتی ارکان کے استعمال میں ہوتی ہے، وہاں 2 اراکین اسمبلی آپس میں الجھ پڑے۔

    ویڈیو کے مطابق اراکین ایسے الجھے کہ پھر وہاں موجود دیگر اراکین اسمبلی اور اسمبلی اسٹاف کے لیے انھیں چھڑانا مشکل ہو گیا۔

    خیبر پختونخواہ بجٹ: سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 16 فیصد اضافے کا اعلان

    ذرائع کے مطابق کے پی اسمبلی میں کوہستان سے تعلق رکھنے والے ق لیگ کے اکلوتے ممبر اور پارلیمانی لیڈر مفتی عبید الرحمٰن اپنے ہی اتحادی پی ٹی آئی کے رکن دیدار خان، جو کہ کولئی پالس سے تعلق رکھتے ہیں، کے ساتھ ضلع میں کلاس فور کی نوکری پر الجھے تھے۔

    بات بڑھتے بڑھتے باقاعدہ لڑائی تک پہنچ گئی تھی، جس میں لاتوں اور گھونسوں کے آزادانہ استعمال کے ساتھ ساتھ غیر پارلیمانی الفاظ کا بھی بھرپور استعمال کیا گیا۔

    لڑائی لابی کے اندر ہونے کی وجہ سے نہ تو ڈپٹی اسپیکر کو پتا چلا اور نہ ہی اس کا علم ایوان میں موجود وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کو ہوا، جب کہ اس وقت لابی میں موجود اسمبلی کے دیگر اراکین اور اسٹاف کوشش بسیار کے بعد دونوں اراکین کو قابو کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

  • پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ، اپوزیشن کی قیادت کون کرے گا؟

    پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ، اپوزیشن کی قیادت کون کرے گا؟

    لاہور : پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اپوزیشن لیڈر کے نام منظوری کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھجوادیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی پر رات گئے تک مشاورت جاری رہی ، اپوزیشن کی جانب سے طاقتوراپوزیشن لیڈر سامنے لانے پر مختلف ناموں پرغور کیا گیا۔

    اپوزیشن لیڈر کےلئےمیاں محمودالرشید،راجہ بشارت ، سبطین خان،میاں اسلم اقبال اورراجہ یاسرہمایوں کے ناموں پرغور ہوا، جس کے بعد ق لیگ کی جانب سے راجہ بشارت اور میاں محمودالرشید کے ناموں پر حمایت کی گئی۔

    میاں محمودالرشیدپنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کےاپوزیشن لیڈررہ چکےہیں جبکہ سبطین خان کو پی ٹی آئی کا پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرمقررکیا گیا ہے۔

    راجہ بشارت تحریک انصاف اور ق لیگ کے لئے قابل قبول اپوزیشن لیڈرکی حیثیت رکھتے ہیں۔

    پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے مضبوط اپوزیشن لیڈر کا مطالبہ کیا ، اپوزیشن لیڈر کے لئے نام منظوری کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھجوادیئے گئے ہیں۔

    پارلیمانی لیڈر سبطین خان نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا تعین بجٹ کے رواں اجلاس میں کرلیا جائے گا۔

  • بجٹ اجلاس :  پنجاب اسمبلی سمیت شہر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ

    بجٹ اجلاس : پنجاب اسمبلی سمیت شہر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ

    لاہور : سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پنجاب اسمبلی سمیت شہر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے بجٹ اجلاس کے پیش نظر پنجاب اسمبلی عمارت اوراطراف سخت سیکیورٹی کی ہدایت کردی ہے۔

    بلال صدیق کمیانہ نے پنجاب اسمبلی سمیت شہر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

    سربراہ لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ کسی کو شہر کا امن متاثر کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے،کسی غیرمتعلقہ شخص یاگاڑی کوپنجاب اسمبلی کےاحاطے میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔

    خیال رہے پنجاب کانئےمالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، سرداراویس لغاری بجٹ پیش کریں گے، بجٹ کی منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کا اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا۔

    بجٹ کا کل تخمینہ 2850 ارب روپے لگایا گیا ہے، پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جایا جائے گا جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 اور پنشن میں 5 فی صد اضافے کا امکان ہے۔

    بجٹ میں لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کرنے، اور کم آمدنی والوں کو سولر آلات دینے کی تجویز ہے، آٹا، گھی، چینی پر 200 ارب روپے سبسڈی دینے کا امکان ہے، بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لیے 683 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔

  • بجٹ اجلاس: حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان معاملات طے

    بجٹ اجلاس: حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان معاملات طے

    اسلام آباد: ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ اجلاس کے سلسلے میں حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر وفاقی وزرا نے جہانگیر ترین سے رابطہ کر کے جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ بجٹ اجلاس سے متعلق معاملات طے کر لیے۔

    ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین گروپ بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کرے گا، ہم خیال گروپ کے ارکان بجٹ میں حکومت کو ووٹ دیں گے، جب کہ جہانگیر ترین کے پنجاب حکومت سے متعلق اعتراضات دور کیے جائیں گے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے گروپ کے ارکان کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے، حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان جلد ملاقات کا بھی امکان ہے۔

    خیال رہے کہ ذرائع نے اس سے قبل خبر دی تھی کہ جہانگیر ترین گروپ کے ارکان میں اسمبلی میں الگ نشستوں پر بیٹھنے کی رائے تقسیم ہو گئی ہے، کچھ ارکان اپنی اپنی نشست پر بیٹھنے کے حق ہیں جب کہ کچھ ارکان کی رائے ہے کہ الگ بینچز پر بیٹھا جائے۔

    جہانگیر ترین گروپ کے ارکان کی رائے تقسیم ہونے لگی

    ذرائع کا کہنا تھا کہ چند ارکان ایوان نمبر کے حساب سے اپنی اپنی نشست پر بیٹھنے کے حق میں ہیں اور ارکان نے اسپیکر کو الگ بینچز کے لیے درخواست نہ دینے کی تجویز دی ہے، اور کہا کہ پارٹی میں تحفظات پر ایوان میں تقسیم نظر نہیں آنی چاہیے۔

    گزشتہ روز جہانگیر ترین کے حمایتی ارکان نے پنجاب اسمبلی میں الگ نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ پارلیمانی لیڈر سعید نوانی و دیگر ارکان الگ نشستوں کے لیے اسپیکر سے ملاقات کریں گے، سعید اکبر نوانی کو پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ کا پارلیمانی لیڈر بھی مقرر کیا گیا تھا۔

  • بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بجٹ اجلاس، کسی رکن کا کرونا ٹیسٹ نہیں ہوا

    بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بجٹ اجلاس، کسی رکن کا کرونا ٹیسٹ نہیں ہوا

    کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بجٹ اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا، اہم بیٹھک سے قبل کسی ممبر کا کروناٹیسٹ نہیں کرایا جاسکا، بلدیہ عظمیٰ کے کونسل اراکین کی تعداد309 ہے۔

    ذرایع کے مطابق بجٹ اجلاس سے قبل کرونا ٹیسٹ نہ ہونے سے ممبرز میں تشویش کی لہر ہے، کونسل روم میں اتنی جگہ نہیں کہ ممبرز سماجی فاصلے سے بیٹھ سکیں، جس کے باعث کرونا کی موجودگی اور پھیلاؤں کے خدشات بڑھ چکے ہیں۔

    میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کے پاس پیسے نہیں وہ ممبرز کے کرونا ٹیسٹ کراسکے، کے ایم سی مالی بحران کا شکار ہے، کے ایم سی ملازمین کی تنخواہیں اور واجبات کی ادائیگی مشکل ہورہی ہے۔

    مئیر نے بتایا کہ اوزیڈ ٹی کی مد میں فنڈز کو روک لیا گیا ہے، بجٹ بنانا مشکل ہے ٹیسٹ کہاں سے کراؤں؟ وفاقی اور صوبائی حکومت کو مسائل بتا کرتھک چکا ہوں کوئی ایکشن نہیں ہورہا۔

    یاد رہے کہ اپنے حالیہ بیان میں میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا بجٹ برائے سال 2020-2021ء، 29 جون کو پیش کیا جائے گا اور کونسل سے اس کی باقاعدہ منظوری لی جائے گی، حکومت سندھ کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کو بجٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ یہ بات انتہائی افسوس کن ہے کہ حکومت سندھ نے کے ایم سی کی جانب سے بھیجی گئی کسی بھی ترقیاتی اسکیم کو منظور نہیں کیا اور کراچی میں اگلے سال ترقیاتی کام نہیں ہوسکیں گے۔

  • غریب دوست بجٹ، احساس پروگرام کے تحت عمر رسیدہ افراد کو گھر دیے جائیں گے

    غریب دوست بجٹ، احساس پروگرام کے تحت عمر رسیدہ افراد کو گھر دیے جائیں گے

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے غریب دوست بجٹ میں احساس پروگرام کے تحت عمر رسیدہ افراد کو گھر اور مستحق افراد کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے پہلے سالانہ بجٹ پر ایک طرف اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے، لیکن دوسری طرف اسے غریب دوست بجٹ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

    حکومت نے احساس پروگرام کے تحت عمر رسیدہ افراد کو گھر دینے کا فیصلہ کیا ہے، بجٹ میں 57 لاکھ گھرانوں کا وظیفہ بڑھا کر ساڑھے پانچ ہزار روپے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    10 لاکھ مستحق افراد کے لیے راشن کارڈ اسکیم بھی لائی گئی ہے، 80 ہزار مستحق افراد کو ہر مہینے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بجٹ 2020 -2019: تحریک انصاف نے 70 کھرب 22 ارب کا بجٹ پیش کردیا

    پی ٹی آئی کے بجٹ میں مستحق خواتین کو بھی نظر انداز نہیں کیا گیا، 60 لاکھ خواتین کے اکاؤنٹ میں وظائف کی فراہمی اور موبائل فون تک رسائی ممکن بنائی جائے گی۔

    گریڈ سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فی صد اضافہ، جب کہ 17 سے 20 گریڈ تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5 فی صد اضافہ کیا گیا ہے۔

    تمام پنشنرز کی پنشن میں 10 فی صد اضافہ کیا جا رہا ہے، معذور افراد کے وظیفے میں 1000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال وفاقی بجٹ کا تخمینہ 7،022 ارب روپے رکھا گیا ہے جو کہ گزشتہ مالی سال سے تیس فیصد زیادہ ہے جبکہ وفاقی آمدنی کا تخمینہ 6،717 روپے ہے۔