Tag: بحث

  • جرمن چانسلر کی خرابی صحت بارے حکمران پارٹی کے اعلی حلقوں میں بحث شروع

    جرمن چانسلر کی خرابی صحت بارے حکمران پارٹی کے اعلی حلقوں میں بحث شروع

    برلن:جرمن چانسلر انجیلا میرکل کی مبینہ خرابی صحت کے باعث حکمران پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے اعلی حلقوں میں یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا انہیں 2021میں اپنے طے شدہ وقت سے قبل ہی اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق 64سالہ میرکل متعدد مرتبہ عوامی تقریبات میں کانپتی ہوئی دیکھی گئی ہیں، جس کے بعد ان کے صحت کے بارے میں شکوک بڑھ گئے ہیں۔ تاہم میرکل نے کہا کہ وہ بالکل تندرست ہیں۔ 2005سے جرمنی کی چانسلر میرکل کہہ چکی ہیں کہ وہ آئندہ مدت کے لیے چانسلر شپ کی امیدوار نہیں ہوں گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 64 سالہ جرمن چانسلر انجیلا مرکل ایک ماہ میں تیسری بار کپکپاہٹ کا شکار ہوگئیں، وہ فن لینڈ کے وزیراعظم کے ساتھ برلن میں فوجی تقریب میں شریک تھیں۔

    واضح رہے کہ 27 جون کو بھی برلن میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران مرکل کی طبیعت خراب ہوئی تھی اور وہ بری طرح سے کانپنے لگی تھیں جس کے بعد ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔

    مزید پڑھیں: جرمن چانسلر انجیلا مرکل ایک بار پھر کانپنے لگیں

    قبل ازیں 19 جون کو یوکرینی صدر کی استقبالیہ تقریب میں بھی اسی طرح کا واقعہ دیکھنے میں آیا تھا۔ دوسری جانب جرمن چانسلر کی ترجمان اسٹیفنی کا کہنا تھا کہ انجیلا بالکل صحت مند ہیں اور وہ کسی عارضے یا بیماری میں مبتلا نہیں ہیں۔

  • راولپنڈی کینٹ کے علاقے ویسٹریج میں غیر قانونی اسکول بند کرنے کا فیصلہ

    راولپنڈی کینٹ کے علاقے ویسٹریج میں غیر قانونی اسکول بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں راولپنڈی کینٹ کے علاقے ویسٹریج میں غیر قانونی اسکول بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس سینیٹر صلاح الدین ترمذی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں کنٹونمنٹس امور اور لورالائی میں 34 مقامی افراد کو کنٹونمنٹ ایریا سے بے دخل کرنے کے معاملہ پر بحث ہوئی۔

    سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اسٹیشن کمانڈر کسی کو اس کی ملکیت سے بے دخل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ زمینیں دفاعی مقاصد کے لیے دی گئی تھیں مگر وہاں گالف کورس بنا دیے گئے ہیں۔

    سینیٹر عطا الرحمٰن نے کنٹونمنٹس کے معاملات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سارے اداروں کا احتساب ہونا چاہیئے۔ سب عوام کو جوابدہ ہیں۔

    سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ضمیر الحسن شاہ نے سخت آرا پر جذباتی ہو کر کہا کہ جو قومیں افواج کوعزت نہیں دیتیں وہ مٹ جاتی ہیں۔ لیز پر بنائے گئے رہائشی مکانات میں غیر قانونی طور پر اسکول قائم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ کے علاقے ویسٹریج میں غیر قانونی اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ویسٹریج میں 32 نجی اسکولوں کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔ اگر اسکول جون تک خالی نہ کیے گئے تو سیل کردیے جائیں گے۔

    سینیٹر الیاس بلور نے معاملے کو رفع دفع کرنے کے لیے کہا کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے کے بجائے مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیئے۔ انہوں ‌نے کہا کہ کسی کو بھی غیر معمولی اختیارات نہیں دیے جا سکتے۔

    سینیٹر صلاح الدین ترمذی نے کہا کہ مسئلے کے حل کے لیے سب کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو 60 روز میں رپورٹ جمع کروائے گی۔