Tag: بحران

  • پاکستان کی 100 ٹن امدادی سامان کی کھیپ فلسطین روانہ کردی گئی

    پاکستان کی 100 ٹن امدادی سامان کی کھیپ فلسطین روانہ کردی گئی

    لاہور: غزہ میں خوراک کے شدید بحران کے شکار فلسطینی خاندانوں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے 100 ٹن امدادی سامان کی 28 ویں کھیپ اسلام آباد سے روانہ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امدادی سامان کی نئی کھیپ این ڈی ایم اے اور حکومت پاکستان کے تعاون سے روانہ کی گئی۔ خصوصی طیارے میں امداد ی سامان، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن، این ڈی ایم اے حکام نے روانہ کیا، جو اسلام آباد سے اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے گا اور پھر غزہ کے بے گھر فلسطینی بہن بھائیوں اور بچوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے الخدمت فاؤنڈیشن کے کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، انہوں نے غزہ میں جاری امدادی آپریشن پر الخدمت کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

    صدر الخدمت ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے بہن بھائیوں کے لیے بھیجی گئی امداد میں 65 ٹن کین فوڈ، بچوں کے لیے 20 ٹن خشک دودھ، 5 ٹن بسکٹ اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔

    الخدمت گزشتہ 22 مہینوں سے ہر ممکن ذرائع سے مسلسل غزہ کے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک ہزاروں ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کیلئے روانہ کرچکی ہے۔

    جن میں غذائی اجناس، تیارکھانا، گوشت، ادویات، خیموں سمیت دیگر امدادی سامان بھیجا گیا۔24 امدادی کھیپ بذریعہ ائیر کارگو جبکہ چار امدادی کھیپ بحری جہاز کے ذریعے غزہ متاثرین کیلیے روانہ کی گئیں۔

    مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں الخدمت کا کیمپ آفس مسلسل ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے غزہ کیاندر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں تیار کھانا، صاف پانی کی فراہمی سمیت امدادی سامان متاثرین کوفراہم کیا جارہاہے، الخدمت اردن، لبنان میں بھی غزہ متاثرین کیلیے امدادی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے الخدمت، امدادی سامان کی فراہمی کاسلسلہ جاری رکھے گی اور ہرممکن طریقے سے غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کے ریلیف کیلئے اقدامات کرے گی۔

    اٹلی سے غزہ کے مظلوم بچوں کیلئے امدادی سامان لیکر جہاز روانہ

    انھوں نے کہا کہ اس سے قبل الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے سٹوڈنٹس کو پاکستان لایا جو یہاں زیرتعلیم ہیں، اگلے مراحل میں مریضوں بالخصوص کینسر جیسے مرض کا شکار غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کو پاکستان لائیں گے الخدمت فاؤنڈیشن ان کی میزبانی کرتے ہوئے ان کے علاج کے تمام ترانتظامات کرے گی۔

  • چینی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا، دکانداروں نے فروخت بند کر دی

    چینی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا، دکانداروں نے فروخت بند کر دی

    اسلام آباد(26 جولائی 2025): ملک میں چینی کی قلت کا بحران شدت اختیار کرگیا چھاپوں کے بعد دکانداروں نے چینی فروخت بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اب تک  6000 سے زائد دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، چینی کی سرکاری ریٹ سے زائد ریٹ پر فروخت پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا ریٹ 170 سے 176 روپے کلو ہے، دکاندار 176 روپے چینی خرید کر 170 میں کیسے فروخت کرسکتے ہیں۔

    ملک میں مہنگائی بڑھی، چینی مگر 8 روپے کلو سستی ہو گئی! سرکاری ادارے کی رپورٹ

    دوسری جانب پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین نے  اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی  165 روپے فراہم کر رہے ہیں اور ریٹیل مارکیٹ میں 176 روپے کے ریٹ کی خبروں میں صداقت نہیں۔

     پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن سابق چیئرمین نے مزید بتایا کہ مسلسل نقصان کی وجہ سے  ملک کی  13  شوگر ملیں بند پڑی ہیں، جس میں 9 شوگر ملز پنجاب کی ہیں، ملک میں  4 شوگر ملز برائے فروخت ہیں، کسی کو منافع نظر آتا ہے تو فوری خرید لے۔

    واضح رہے کہ ملک میں 25 نومبر تک چینی کا اسٹاک موجود ہے لیکن صارفین چینی کی عدم دستیابی کا شکار ہیں۔

  • ’ملک میں بہت بڑا بحران آنے والا ہے‘

    ’ملک میں بہت بڑا بحران آنے والا ہے‘

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ ملک میں بہت بڑا بحران آنے والا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اب تک گندم کی سپورٹ پرائس کا اعلان نہیں کیا۔ گزشتہ سال بھی اعلان کے باوجود گندم نہیں خریدی گئی تھی۔ ملک میں بہت بڑا بحران آنے والا ہے۔ مطالبہ ہے حکومت گندم کی سپورٹنگ پرائس مقرر کرے اور امدادی قیمت پانچ ہزار روپے رکھی جائے۔ اگر حکومت نے اعلان نہ کیا تو کسان بڑی تعداد میں باہر نکلیں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کا کسان پالیسی سے متعلق فیصلہ کسان دشمنی ہے جو ملک دشمنی کے برابر ہے۔ ایک صنعتکار پنجاب کی وزیر اعلیٰ بن گئی اس لیے اب سب کچھ صنعت کو دیا جا رہا ہے۔ کسان کو تو بیج تک ادھار لینے پڑتے ہیں جب کہ گندم خریدنے والا کوئی نہیں۔ یہ لوگ کسان کو پاکستانی سمجھتے بھی ہیں یا نہیں؟

    انہوں نے مزید کہا کہ حکمران آئی ایم ایف سے ڈیل کرتے اور اس کا بوجھ کسان پر ڈالتے ہیں۔ گندم کی امدادی قیمت کی پالیسی آئی ایم ایف کی شرط پر ختم کر دی۔ پنجاب اسمبلی میں 5 سے 45 فیصد زرعی ٹیکس عائد کیا گیا۔ اب 60 لاکھ کی آمدنی پر کسان کو 45 فیصد ٹیکس دینا پڑے گا۔ چیئرمین پی اے سی سے درخواست ہے گندم اسکینڈل کا معاملہ اٹھائے۔

    شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بنیادی حقوق نہیں دیے جا رہے ہیں۔ جیل میں فیملی سے ملاقات کرنا قیدی کا بنیادی حق ہے، لیکن بانی  کے وکیل تک کو ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا، عدالت کے احکامات کو جیل انتظامیہ نے ہوا میں اڑا دیا ہے۔ عمران خان کی ان کے بچوں سے بات کرانے اور کتابوں کی فراہمی سے متعلق درخواست دائر کر دی ہے۔

    پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا کے بچوں کو ابھی تک عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ ان بچوں کے اکاؤنٹس کو فیک اکاؤنٹس کے ساتھ منسلک کر دیا گیا۔ ان کا کوئی جرم نہیں، اگر کوئی جرم ہے تو انہیں عدالت میں پیش کریں اور ایف آئی آر دیں۔

    انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالے جانے والے معاملےکے خلاف تمام جماعتیں احتجاج کر رہی ہیں۔ اس مسئلے پر بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • ایندھن کی فراہمی کا بحران: پی آئی اے کی مزید 27 پروازیں منسوخ

    ایندھن کی فراہمی کا بحران: پی آئی اے کی مزید 27 پروازیں منسوخ

    قومی ایئر لائن پی ائی اے کو ایندھن کی فراہمی کا معاملہ حل نہیں ہو سکا، فیول کی محدود پیمانے پر فراہمی کی وجہ سے قومی ایئر لائن کی مزید 27 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن پی آئی اے کا انتظامی بحران سنگین ہو گیا ہے جس کی وجہ سے کئی روز سے اندرون ملک اور بین الاقوامی  پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ متعدد قومی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی سے لاہور، رحیم یار خان اور پشاور کی دو طرفہ 7 پروازیں اور  کراچی سے ملتان، دبئی اور اسلام آباد کی 6 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

    جبکہ ملتان سے جدہ اور القسیم سے ملتان کی 2 پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں اس کے علاوہ لاہور سے شارجہ، دبئی اور جدہ سے لاہور کی 4 پروازیں بھی منسوخ ہوئی ہیں۔

    اسلام آباد سے دبئی، ابوظہبی، دمام، مدینہ، جدہ اور کوئٹہ کی 7 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ دبئی سے پشاور کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

  • ٹیکسٹائل سیکٹر کا بحران شدت اختیار کر گیا

    ٹیکسٹائل سیکٹر کا بحران شدت اختیار کر گیا

    اسلام آباد: ٹیکسٹائل سیکٹر کا بحران شدت اختیار کر گیا، بجلی اور گیس کے رعایتی نرخ بحال نہ کرنے کے سبب ٹیکسٹائل سیکٹر کے 50 فیصد ملز غیر فعال کردیا گیا۔

    چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق روئی کی قیمتوں میں گزشتہ 3 روز کے دوران ایک ہزار روپے تک فی من کمی ہوچکی ہے، جس سے پنجاب میں روئی کی قیمتیں 19 ہزار 500، سندھ میں 18 ہزار 500 روپے فی من تک گر گئیں۔

    چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے کہا کہ سبسڈائزڈ بجلی و گیس کے نرخوں کی بحالی نہیں ہوئی تو صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔

    واضح رہے کہ اپٹما نے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں حکومت کو یکم جولائی سے ملز  بند کرنے کا الٹی میٹم دے رکھا ہے۔

  • پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے تعلیم و صحت کی 1 فیصد سے بھی کم سہولیات

    پاکستان میں پیدا ہونے والے ہر بچے کے لیے تعلیم و صحت کی 1 فیصد سے بھی کم سہولیات

    اسلام آباد: حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے بچے کو تعلیم و صحت کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا امکان 1 فیصد سے بھی کم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان میں انسانی سرمائے کے بحران کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی، ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی سرمائے کے شدید بحران کا سامنا ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو انسانی ترقی پر سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافے کی ضرورت ہے، تعلیم اور صحت کے مسائل پر قابو پانے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے۔

    رپورٹ کے مطابق پاکستان وسطی آمدنی کے سطح تک پہنچ گیا ہے، پاکستان نے گزشتہ 2 دہائیوں میں غربت میں کمی لانے پر کارکردگی دکھائی، پاکستان میں پیدا ہونے والا بچہ مکمل تعلیم و صحت سے 0.41 فیصد استفادہ کر سکتا ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان انسانی سرمائے کے حوالے سے جنوبی ایشیا میں سب سے کم ہے، انسانی سرمائے کے نتائج کے مطابق پاکستان افریقہ کے مقابلے میں بہتر ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ انسانی سرمائے کے بحران کی وجہ خواتین لیبر فورس کی کمی ہے، ملک میں 2 کروڑ بچے پاکستان میں اسکول سے باہر ہیں۔

    ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں بچوں کو بڑے پیمانے پر غذائی قلت کا سامنا ہے، انسانی ترقی کے لیے پاکستان کو پائیدار اور طویل مدتی انسانی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

  • شام کے بحران پر عرب ممالک کا اجلاس

    شام کے بحران پر عرب ممالک کا اجلاس

    اومان: شام کے بحران پر اردن میں عرب ممالک کا اجلاس شروع ہوگیا ہے، مذکورہ ممالک شام کے مسئلے کے سیاسی حل کی تجویز پر بات چیت کے خواہاں ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق شام کے بحران پر عرب خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس سوموار کو اردن میں شروع ہوگیا ہے۔

    خطے کے رہنما شام کی عرب لیگ میں واپسی اور شام کے بحران کے حل کے لیے اردن کی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز پر غور کر رہے ہیں۔

    اجلاس میں اردن، شام، سعودی عرب، عراق اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کر رہے ہیں۔

    خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل اردن کے وزیر خارجہ ایمن صدفی اور شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد کے درمیان ملاقات ہوئی۔

    اردن کے وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس گزشتہ مہینے خلیجی عرب ممالک بشمول اردن، عراق اور مصر کے سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات کا تسلسل ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ ممالک شام کی حکومت کے ساتھ روابط کو مزید بڑھانے اور اردن کی جانب سے شام کے مسئلے کے سیاسی حل کی تجویز پر بات چیت کے خواہاں ہیں۔

    صدر بشار الاسد کی جانب سے 2011 کی بغاوت کو کچلنے کے لیے طاقت کے ظالمانہ استعمال کے بعد عرب ممالک نے شام کے ساتھ تعلقات ختم کیے تھے۔

    تاہم حالیہ دنوں کے اندر صدر بشار الاسد نے ملک کے اکثر علاقوں پر اپنی گرفت مضبوط کی جس کے بعد پڑوسی ممالک شام کے ساتھ صلح کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    صلح کی کوششیں اس وقت تیز ہوگئیں جب شام اور ترکیہ میں تباہ کن زلزلہ آیا اور چین کی جانب سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کا معاہدہ کروایا گیا۔

    گزشہ مہینے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ایک دہائی قبل شام کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم ہونے کے بعد پہلی مرتبہ دمشق کا دورہ کیا تھا۔

  • کراچی میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے لگا

    کراچی میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے لگا

    کراچی: فلارملز ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک سندھ کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا جس سے کراچی میں آٹے کا بحران سر اٹھانے لگا ہے۔

    چیئرمین فلار ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کراچی کی 70 فیصد فلار ملز پر گندم ختم ہوچکی ہے، سندھ حکومت سے تاحال ہم سے کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے، 30 فیصد فلار ملز کے پاس صرف 3 سے 4 ہزار بوری گندم موجود ہے اتنی بوریاں شہر کی 5 فیصد بھی ڈیمانڈ پوری نہیں کر سکتیں۔

    فلارملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ منگل تک تقریباً تمام فلارملز پر گندم ختم ہوجائے گی، کل سے شہر کی تمام فلار ملز گندم نہ ہونے پر بند ہوجائیں گی، گندم ملنے تک فلار ملز بند رہیں گی۔

    سندھ فلازملز کے چیئرمین کا  کہنا ہے کہ گندم نہ ملنے کے سبب کراچی میں آٹے کا بحران پیدا ہورہا ہے، سندھ حکومت نے گندم کی خریداری کا ہدف 1.4ملین ٹن رکھا ہے، مارچ سے خریداری کے باوجود گندم کی خریداری کا ہدف مکمل نہیں ہوا، پنجاب حکومت 40 فیصدگندم کی خریداری مکمل کر چکی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آٹے کی فی کلو قیمت 200 روپے تک پہنچ سکتی ہے، فلار ملز اپنے آئندہ کے عمل کا اعلان کل کریں گی، شہر میں کل سے آٹے کی سپلائی صرف 10 فیصد ہو سکےگی، آج بھی گندم کی عدم فراہمی کی وجہ سے تمام فلار ملز بند رکھی گئیں۔

  • سندھ میں گندم، آٹے کا  کوئی بحران نہیں،وزیر خوراک سندھ

    سندھ میں گندم، آٹے کا کوئی بحران نہیں،وزیر خوراک سندھ

    کراچی: وزیر خوراک سندھ ہری رام کا کہنا ہے کہ سندھ میں مافیا کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک ہری رام نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سوا 12 لاکھ ٹن سے زائدگندم خرید رکھی ہے،صوبے میں گندم آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے۔

    وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ فلور ملز مالکان کو اس بار وقت سے پہلےگندم ریلیز کی جائےگی،گندم ریلیزکرنے کے لیے سندھ کابینہ سے منظوری لی جائےگی۔

    صوبائی وزیر ہری رام کا کہنا تھا کہ سندھ میں مافیا کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    آٹے کی قیمت کو ہر صورت کنٹرول کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت گندم کی صورت حال پر اجلاس ہوا جس میں وزیر خوراک ہری رام نے بتایا تھا کہ 100 کلوگندم کے کراچی میں مارکیٹ پرائس جون 2019 میں 3475 روپے تھے، 100کلو گندم کی جون 2020 میں قیمت 4400 روپے سے4450 رہی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صوبے میں گندم کی نقل وحمل پر پابند عائد کر دی تھی۔انہوں نے وزرا کو ہدایت دی تھی کہ ہر صورت آٹے کی قیمت کو کنٹرول کیا جائے۔

  • آٹا، چینی بحران میں ملوث کسی شخص کو معافی نہیں ملے گی: وزیر اعظم

    آٹا، چینی بحران میں ملوث کسی شخص کو معافی نہیں ملے گی: وزیر اعظم

    اسلام آباد: گندم ،آٹے اور چینی کے بحران کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کا دو ٹوک مؤقف سامنے آ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے قریبی رفقا کو گندم، آٹے اور چینی کے بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ جلد منظر عام پر لانے سے آگاہ کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ بحران میں ملوث کسی بھی شخص کو معافی نہیں ملے گی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ گندم، چینی بحران کے باعث حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا، صرف رپورٹ ہی سامنے نہیں لائیں گے بلکہ ذمہ داروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچائیں گے، حکومتی پالیسی شفاف گورننس ہے، کسی کو بحران پیدا کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے نہیں بچ سکیں گے، رپورٹ کے مندرجات سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا، اور ذمہ دار افراد کو معافی نہیں ملے گی۔

    وزیراعظم کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوا دی گئی

    یاد رہے کہ 25 جنوری کو وزیر اعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوائی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا۔ 21 صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ سیکورٹی اداروں کی جانب سے تیار کی گئی ہے، رپورٹ کے مطابق بحران پیدا کرنے میں افسران اور بعض سیاسی شخصیات ملوث تھے۔ رپورٹ میں آٹا بحران کے ذمہ دار بیوروکریٹس، سیاسی شخصیات کی نشان دہی بھی کی گئی ہے۔

    بتایا گیا تھا کہ محکمہ خوراک پر سیاسی دباؤ اور انتظامی نا اہلی سے آٹا بحران پیدا ہوا، 1550 فی من فروخت ہونے والی گندم 1950 روپے تک منصوبہ بندی سے پہنچایا گیا۔