Tag: بحرین

  • پی آئی اے کا  بحرین کے لئے براہ راست پروازوں کا اعلان

    پی آئی اے کا بحرین کے لئے براہ راست پروازوں کا اعلان

    کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے لاہور سے بحرین کے لئے پروازوں کا اعلان کر دیا ، بحرین کے لئے ہفتہ وار 2 پروازیں چلائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) نے لاہور سے بحرین کے لئے پروازوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا
    5 مئی سے لاہور سے براہ راست بحرین آپریشن شروع کیا جائے گا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اےبحرین کےلئےہفتہ وار2پروازیں آپریٹ کرے گی، جس کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

    یاد رہے فروری مین پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن پی آئی اے نے وسطی اشیاء ممالک کیلئے پروازوں میں اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغانستان ، آذربائیجان اور ازبکستان کے لئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

    پی آئی اے پہلے مرحلے میں افغانستان کابل کیلئے اپنی پروازوں میں اضافہ کرتے ہوئے ہفتہ ‏وار 5پروازیں اور دوسرے مرحلے میں افغانستان کیلئے ‏روزانہ کی بنیاد پر ہفتہ وار 7پروازیں آپریٹ کرے گی۔ ‏

    پی آئی اے نے آذربائیجان کے شہر باکو کیلئے 14مارچ سے پروازوں کا اعلان کیا تھا جبکہ ازبکستان کے شہر تاشقند کیلئے 28مارچ سے اپنا فضائی آپریشن شروع کریں گے۔

  • بحرین میں شاپنگ سینٹر ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل

    بحرین میں شاپنگ سینٹر ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل

    مناما: بحرین میں ایک بڑے شاپنگ سینٹر کو ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے، بحرین میں 4 کرونا ویکسینز مفت لگائی جارہی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بحرین میں کرونا وائرس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر خالی ہونے والے شاپنگ مال کو ویکسی نیشن سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو وبا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاسکے۔

    بحرین کا ستارہ مال، سرکاری دفاتر تک رسائی کے لیے لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتا تھا لیکن عالمی وبا کی وجہ سے وہ آؤٹ لیٹس بند ہوگئے اور ان کی سروسز اب ورچوئلی دستیاب ہیں۔

    اس مال میں چند فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس اور ایک سپر مارکیٹ کھلی ہونے کی وجہ سے بحرین کے صحت حکام نے اس شاپنگ مال کو ویکسی نیشن حب میں تبدیل کردیا۔

    نئے ویکسین سینٹر میں عوامی صحت اور وبائی امراض کی ماہر بسمہ محمود نے کہا کہ ہر گھنٹے لوگوں کی بڑی تعداد یہاں آرہی ہے، اس سلسلے میں شاپنگ مال میں آنے والے افراد سماجی فاصلے کے ساتھ اپنی باری کا انتظار کرتے نظر آئے۔

    بسمہ محمود نے کہا کہ یہ ویکسی نیشن سینٹر بحرین کی 50 فیصد سے زائد آبادی کو مکمل طور پر کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے حصول میں مدد دے گا۔

    بحرین میں اس وقت کرونا وائرس سے بچاؤ کی 4 ویکسینز مفت دستیاب ہیں۔ ان میں فائزر، چین کی سائنو فارم، آکسفورڈ / ایسٹرا زینیکا ویکسین اور روس کی اسپٹنک ویکسین شامل ہیں۔

  • بحرین میں ڈرائیور لیس میٹرو کا منصوبہ

    بحرین میں ڈرائیور لیس میٹرو کا منصوبہ

    مناما: بحرین ایک مکمل خود کار، اسٹیٹ آف دی آرٹ اور ڈرائیور لیس پبلک میٹرو سسٹم کی تعمیر کا خواہاں ہے اور اس پراجیکٹ کے لیے نجی شراکت چاہتا ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بحرین کی وزارت ٹرانسپورٹ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشنز (ایم ٹی ٹی) نے ایک نئے پروکیورمنٹ پروسیس کا آغاز کیا ہے جس سے شہریوں کے لیے میٹرو نیٹ ورک بنانے کے منصوبوں کے لیے نجی شعبے کو راغب کیا جائے گا۔

    ایم ٹی ٹی ایک مکمل خود کار، اسٹیٹ آف دی آرٹ اور ڈرائیور لیس پبلک میٹرو سسٹم کی تعمیر کے لیے عوامی نجی شراکت کے حصے کے طور پر علاقائی اور عالمی کمپنیوں کی شراکت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    بحرینی حکام اس پروجیکٹ کو متعارف کروانے اور ممکنہ شراکت داروں کی دلچسپی کا اندازہ کرنے کے لیے مارچ کے پہلے ہفتے میں عالمی مارکیٹ ورچوئل ساؤنڈنگ فورم کی میزبانی کریں گے۔

    کنسلٹنسی فرم کے پی ایم جی اس منصوبے کے لیے مالی، تکنیکی اور قانونی مشیر ہوگی۔

    یہ منصوبہ 109 کلومیٹر ریل پر مبنی اربن ٹرانزٹ کے 4 لائنوں کے نیٹ ورک پر مشتمل ہے جو کہ مرحلہ وار بنائے جائیں گے۔

    پہلا مرحلہ 2 لائنوں پر مشتمل ہوگا جس کی تخمینہ لمبائی 28.6 کلومیٹر ہو گی اور اس میں 20 اسٹیشنز شامل ہوں گے جن میں 2 انٹر چینج ہوں گے، یہ دونوں لائنیں مرکزی مقامات جیسے بحرین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے بڑے رہائشی، تجارتی اور اسکول کے مقامات کو مربوط کریں گی۔

    بحرین کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشنز انجنئیر کمال بن احمد محمد نے کہا کہ وزارت جدت کی حوصلہ افزائی، افادیت پیدا کرنے اور اس منصوبے کے لیے پیسہ کی بہترین قیمت فراہم کرنے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ عوامی نجی شراکت داری کی بنیاد پر تعاون کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ نقطہ نظر حکومت کی سہولت کار اور ریگولیٹر کی حیثیت سے کام کرنے کے ساتھ معیشت میں نجی شعبے کی فعال شرکت کو قابل بنائے جانے کی ہماری قیادت کے عزم کا عکاس ہے۔

    بحرین کا میٹرو پروجیکٹ ملک کے 32 بلین ڈالر کے بڑے اسکیل انفراسٹرکچر منصوبوں میں تازہ ترین منصوبہ ہے۔

  • بحرین: دہشت گردوں کا 2 اے ٹی ایمز کو بم سے اڑانے کا منصوبہ ناکام

    بحرین: دہشت گردوں کا 2 اے ٹی ایمز کو بم سے اڑانے کا منصوبہ ناکام

    منامہ: مشرق وسطیٰ کے ملک بحرین میں دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو بحرینی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بحرین میں 2 اے ٹی ایمز کو بم سے اڑانے کا منصوبہ بنا لیا تھا جسےبدھ کو سیکورٹی فورسز نے بر وقت ناکام بنا دیا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے شبے میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق متعلقہ سیکورٹی حکام نے نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے تعاون سے نُعیم اور جِد حفص میں نیشنل بینک کے اے ٹی ایمز اڑانے کا منصوبہ ناکام بنایا۔

    بحرین 2023 میں کہاں کھڑا ہوگا؟ ‘خلیجی ممالک سے مدد کی ضرورت’

    وزارت داخلہ نے بتایا کہ دونوں اے ٹی ایمز میں بدھ کی صبح کو مختلف اوقات میں بم نصب کیے گئے تھے۔ پولیس نے مشبہ افراد کو گرفتار کر کے کیس پبلک پراسیکیوٹر کو بھیج دیا ہے۔

     

  • بحرین: زندہ نومولود بچوں کو مردہ قرار دینے پر ڈاکٹر کو قید کی سزا

    بحرین: زندہ نومولود بچوں کو مردہ قرار دینے پر ڈاکٹر کو قید کی سزا

    مناما: بحرین میں ایک مقامی عدالت نے ایک ڈاکٹر کو زندہ نومولود بچوں کو مردہ قرار دینے پر 3 سال قید کی سزا سنا دی، بچوں کے والد نے تدفین کے وقت انہیں زندہ پایا تھا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بچوں کی موت کا سبب بننے والے مذکورہ ڈاکٹر اور اسپتال کے عملے کے دیگر 2 افراد کو غفلت اور لاپرواہی ثابت ہوجانے پر بالترتیب 3 اور 1، 1 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    مجرمان پر 1 ہزار بحرینی دینار کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ کیس میں نامزد ایک نرس کو عدالت نے بری کردیا۔

    یہ کیس نومولود جڑواں بچوں کے والد نے مقامی عدالت میں سلیمانیہ میڈیکل کمپلیکس کے خلاف دائر کیا تھا، جہاں کے عملے نے ان کے نومولود جڑواں بچوں کو مردہ قرار دے کر آخری رسومات کے لیے ان کے حوالے کردیا تھا۔

    تاہم تدفین کے وقت والد نے بچوں کی سانس چلتی ہوئی محسوس کی جس کے بعد وہ انہیں واپس اسپتال لے کر بھاگا۔ اسپتال میں اسے بتایا گیا کہ ایک بچہ زندہ ہے، مذکورہ بچے کو داخل کر کے طبی امداد دی جانے لگی تاہم کچھ دیر بعد وہ بھی دم توڑ گیا۔

    واقعے کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے تفتیش کا آغاز کردیا، واقعے کی فرانزک رپورٹ کے مطابق دونوں بچے قبل از وقت پیدا ہوئے تھے اور بہت مشکل سے سانس لے پارہے تھے۔ ان کی حالت اس بات کی متقاضی تھی کہ انہیں فوری طور پر انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا جاتا۔

    تاہم اسپتال کا عملہ معمولی انداز سے بچوں کو طبی امداد دیتا رہا۔ فرانزک رپورٹ میں کہا گیا کہ اگر دونوں بچوں کو فوری طور پر آئی سی یو منتقل کردیا جاتا تو بچوں کی جان بچائی جا سکتی تھی۔

    عدالت نے فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد کی بنا پر ڈاکٹر اور دیگر عملے کو قصوروار قرار دے کر انہیں سزا سنا دی۔

  • بحرین کے شاہ حماد کو کرونا وائرس کی ویکسین لگا دی گئی

    بحرین کے شاہ حماد کو کرونا وائرس کی ویکسین لگا دی گئی

    مناما: بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کو کرونا وائرس کی ویکسین لگا دی گئی، انہوں نے بحرین کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بحرین کے فرمانروا شاہ حماد کو بدھ کے روز کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکیسن لگا دی گئی۔

    بحرین میں حکومت قومی سطح پر کرونا وائرس کی ویکسی نیشن شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

    بحرین نیوز ایجنسی کے مطابق شاہ حماد نے بحرین کے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اور نیشنل میڈیکل ٹیم کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

    اس سے قبل بحرین نے اعلان کیا تھا کہ حکومت جلد ملک میں قومی ویکسی نیشن مہم پر عملدر آمد کرنے جارہی ہے۔

  • بحرین نے فائزر کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

    بحرین نے فائزر کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

    مناما: بحرین فائزر کی ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا، بحرین نیشنل ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق کووڈ 19 ویکسین کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر گروپس کے لیے استعمال ہوگی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بحرین، امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر اور جرمن شراکت دار بائیو این ٹیک کی بنائی جانے والی ویکسین کو منظور کرنے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا، مذکورہ ویکسین کو سب سے پہلے برطانیہ نے استعمال کے لیے منظور کیا تھا۔

    بحرین کا کہنا ہے کہ اس نے فائزر کی تیار کردہ کررونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔

    بحرین کی نیشنل ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی (این ایچ آر اے) کا کہنا ہے کہ فائزر کی کووڈ 19 ویکسین کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر گروپس کے لیے استعمال ہوگی۔

    بحرین نے یہ نہیں بتایا کہ اس نے کتنی ویکسینز خریدی ہیں اور عملی طور پر اس ویکسین کی کب شروعات ہوگی۔

    بحرین کے لیے فوری چیلنج وہ شرائط ہوں گی جن میں یہ ویکسین رکھنا ضروری ہے، ماہرین کے مطابق ویکسین کو محفوظ رکھنے اور کئی دن تک قابل استعمال بنانے کے لیے تقریباً منفی 70 ڈگری سینٹی گریڈ کے انتہائی سرد درجہ حرارت میں رکھنا ہوگا۔

    بحرین مشرق وسطیٰ کا ایسا ملک ہے جہاں موسم گرما میں تقریباً 40 ڈگری سینٹی گریڈ (104 ڈگری فارن ہائیٹ) سے زائد درجہ حرارت ریکارڈ کیا جاتا ہے۔

  • 49 برس تک بحرین کے وزیر اعظم رہنے والے شہزادے انتقال کر گئے

    49 برس تک بحرین کے وزیر اعظم رہنے والے شہزادے انتقال کر گئے

    مناما: بحرین کے وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ 49 برس تک وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق بحرین کے وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ انتقال کر گئے، شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کی عمر 84 سال تھی۔

    بحرین کی شاہی کورٹ نے ان کی رحلت کا اعلان کیا۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق شہزادہ خلیفہ سب سے طویل عرصہ کسی ملک کے وزیر اعظم رہنے والے رہنما تھے، انہوں نے سنہ 1971 میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا تھا اور 49 برس اس عہدے پر فائز رہے۔

    وزیر اعظم کے انتقال کے بعد ملک بھر میں ایک ہفتے تک سوگ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم کی تدفین کب اور کہاں کی جائے گی اس حوالے سے اب تک کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

  • بحرین: خلیجی ممالک کے شہریوں کی آمد پر پابندی ختم

    بحرین: خلیجی ممالک کے شہریوں کی آمد پر پابندی ختم

    مناما: بحرین نے خلیجی شہریوں کی آمد پر پابندی ختم کردی، بحرین پہنچنے والے تمام افراد کو کرونا وائرس ٹیسٹ کا رزلٹ آنے تک ہاؤس آئسولیشن میں رہنا ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بحرین نے جی سی سی (گلف کوآپریشن کونسل) کے شہریوں اور ای ویزا ہولڈرز کی آمد پر سے پابندی اٹھالی ہے اور اس پر جمعے سے عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔

    بحرینی ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ 4 ستمبر سے جی سی سی ممالک کے شہریوں اور ای ویزا ہولڈرز کو بحرین آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    حکام کے مطابق ایسے ملکوں کے شہری بھی بحرین آسکیں گے جنہیں ایئر پورٹ، بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی پہنچنے پر ویزے جاری کیے جاتے رہے ہیں۔

    بحرینی ہوائی اڈے کے حکام نے ٹوہٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ بحرین آنے والے مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ ان کے خرچ پر ہوگا، بحرین پہنچنے والوں کو کرونا وائرس ٹیسٹ کا رزلٹ آنے تک ہاؤس آئسولیشن میں رہنا ہوگا اور اس کی پابندی ہر ایک کو کرنا ہوگی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بحرین میں آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی تھی جو کئی ماہ سے جاری تھی۔

  • بحرین جانے والے سعودیوں کے لیے کرونا ٹیسٹ فیس مقرر

    بحرین جانے والے سعودیوں کے لیے کرونا ٹیسٹ فیس مقرر

    ریاض: سعودی ایئر لائن سے بحرین جانے والے سعودی شہریوں کے لیے کرونا ٹیسٹ فیس مقرر کر دی گئی ہے جو انہیں سفر سے قبل ادا کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی’السعودیہ‘ کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ بحرینی حکام کے مطابق مسافروں سے کرونا ٹیسٹ کی فیس 30 بحرینی دینا وصول کیے جائیں گے۔

    سعودی فضائی کمپنی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ فرنطینہ کا دورانیہ ختم ہونے پر فائنل ٹیسٹ ہوگا اور اس کی فیس علیحدہ وصول کی جائے گی جو 30 دینار مقرر کی گئی ہے۔

    بحرینی حکام نے ایک پابندی یہ لگائی ہے کہ بحرین آنے والوں کو دس دن تک قرنطینہ میں رکھا جائےگا۔

    کرونا ٹیسٹ فیس ’بی ای اے ڈبلیو اے آر ای‘ ایپ یا ایئرپورٹ پر موجود خود کار وصولی مشینوں کے ذریعے لی جائے گی۔